Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ رواں مالی سال GDP کی شرحِ نمو 7.4 فیصد رہنے کا امکان؛ اقتصادی سروے رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
٭ بیٹنگ رِٹریٹ تقریب کے ساتھ یومِ جمہوریہ کے پروگرامس کا اختتام۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے شیڈیول میں تبدیلی؛ اب 7 فروری کو ہوگی ووٹنگ۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو سوگوار ماحول میں دی گئی وداعی۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ”ایک گھنٹہ طلبہ کیلئے“ نامی خصوصی مہم کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کل پارلیمنٹ میں سال 2025-26 کا اقتصادی سروے پیش کیا۔ اس جائزے کے مطابق رواں مالی برس میں ملک کی یعنی GDP کی شرحِ نمو 7.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ بھارت مسلسل چوتھے برس دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت رہے گا۔ رواں برس فی کس آمدنی دو لاکھ پانچ ہزار روپؤں سے بڑھ کر دو لاکھ 20 ہزار روپئے ہونے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں اقتصادی ترقی کی شرح 6.8 فیصد اور 7.2 فیصد کے درمیان رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ برس تک‘ GST میں کی گئی اصلاحات کے مثبت اثرات ظاہر ہوں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں ملک نے اپنی درآمد سے زیادہ خدمات برآمد کی ہیں تاہم اس سے روپئے کی قیمت مستحکم کرنے میں کوئی خاص مدد نہ مل سکی۔ اقتصادی رپورٹ میں یہ پیشن گوئی کی گئی ہے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آنے والے وقت میں اضافہ جاری رہے گا۔
***** ***** *****
اقتصادی سروے رپورٹ ملک میں ہونے والی معاشی اصلاحات کی ایک جامع تصویر فراہم کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ غیر یقینی عالمی صورتحال کے باوجود یہ ملک کی مسلسل ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ رپورٹ میں کسانوں‘ مائیکرو‘ چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کیلئے عوامی بہبود پر خصوصی توجہ کے ساتھ جامع ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے پروگرامس کے اختتام پر کل دلّی کے وجئے چوک پر شاندار Beating Retreat تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ‘ آرمی چیف انل چوہان اور تینوں افواج کے سربراہان موجود تھے۔ اس موقع پر بھارتی فوج بحریہ اور ہوائی فوج کی حب الوطنی سے معمور دھنیں بجائی گئیں۔ تقریب کو روایتی فوجی نظم و ضبط، موسیقی اور روشنی کی خوبصورتی نے خاص بنادیا تھا۔ ملک کی فوجی روایت اور ثقافتی ورثے کی نمائش کرنے والی یہ تقریب شہریان کیلئے باعث ِ فخر تھی۔
اس تقریب کے ساتھ ہی یومِ جمہوریہ کے پروگرامس کا اختتام عمل میں آیا۔ پیش ہے اس تقریب میں بجائی گئی حب الوطنی سے معمور ایک دھن:
Beating Retreat
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے موقع پر دلّی کے کرتویہ پتھ پر منعقدہ عظیم الشان پریڈ میں تمام ریاستوں کی جھانکیوں میں مہاراشٹر نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ”گنیش اُتسو: خود انحصاری کی علامت“ پر منحصر اس جھانکی نے مہاراشٹر کی عوامی تہذیب‘ گنیش اُتسو کے سماجی ورثے‘ روزگار اور معاشی خودانحصاری کو موثر طریقے سے پیش کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیت انتخابات کے شیڈیول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ رائے دہی اب 5 کی بجائے 7 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 9 فروری کو کی جائیگی۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے بتایا کہ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی موت پر ریاست میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ ان انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے‘ جانچ اور امیدواروں کی حتمی فہرست تیار کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ نظرِ ثانی شدہ انتخابی پروگرام کا نوٹیفکیشن متعلقہ ضلع کلکٹرس31 جنوری کو شائع کریں گے۔ تشہیری مہم 5 فروری رات دس بجے ختم ہوگی۔
***** ***** *****
ضلع پریشد کی 731 نشستوں کیلئے کُل سات ہزار 886 پرچے داخل کیے گئے ہیں، جن میں سے 230 درخواستیں جانچ کے بعد غیر آئینی قرار دی گئیں، جبکہ تین ہزار 607 امیدواروں نے اپنے نام واپس لیے ہیں۔ اس انتخابی میدان میں اب کُل دو ہزار 624 امیدوار ہیں۔
ایک ہزار 462 پنچایت سمیتی نشستوں کیلئے موصول ہونے والے کُل 13 ہزار 27 کاغذاتِ نامزدگی میں سے 405 درخواستیں غیر آئینی پائی گئیں‘ جبکہ چھ ہزار 118 امیدواروں نے انتخابات سے دستبرداری اختیار کی۔ ان پنچایت سمیتی انتخابات میں فی الحال چار ہزار 814 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کل ان اعداد و شمار کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو کل سرکاری اعزاز کے ساتھ سوگوار ماحول میں آخری وداعی دی گئی۔ بارامتی کے وِدّیا پرتشٹھان علاقے میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین‘ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ‘ مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت اور ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اجیت پوار کے جسد ِ خاکی پر گل دائرے رکھ کر خراج ِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر‘ مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے، ریاستی کابینہ کے دیگر وزراء‘ اراکینِ پارلیمان‘ ریاست بھر کے اراکینِ اسمبلی‘ مختلف محکمہ جات کے سینئر افسران‘ سیاسی‘ سماجی اور انتظامی شعبوں کے معززین اور عام شہری اپنے قائد کو الوداع کہنے کیلئے کثیر تعداد میں موجود تھے۔ ریاست کے چیف سیکریٹری راجیش اگروال نے انتظامیہ کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آنجہانی اجیت پوار کے دیدار کیلئے صبح سویرے ہی سے بارامتی کے وِدّیا پرتشٹھان میں جمِ غفیر اُمڈ پڑا تھا۔ اجیت پوار کی پرسوں 28 جنوری کو ہوائی حادثے میں موت ہوگئی تھی۔ وہ 66 برس کے تھے۔
اسی دوران شہری ہوا بازی کی وزارت نے بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس حاصل کرلیا گیا ہے۔ وزات نے بتایا کہ اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کو مقررہ مدت میں پورا کرنا ان کی اوّلین ترجیح ہے۔
***** ***** *****
اجیت پوار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے کل جالنہ شہر اور ضلع میں بند کا اہتمام کیا گیا۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر میں بی جے پی کے ڈویژنل دفتر میں نائب وزیرِ اعلیٰ پوار کی تصویر کو پھولوں کے ہار پہناکر عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
اسی طرح بیڑ ضلع کلکٹر دفتر میں تمام افسران و ملازمین کے ساتھ ساتھ ناندیڑ کی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں آنجہانی اجیت پوار کو خراج پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
گھریلو سیاحت کو فروغ دینے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر میں سیاحت کی صنعت سے منسلک افراد کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کا انعقاد مرکزی وزارتِ سیاحت اور کرناٹک ٹوریزم سوسائٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس اجلاس میں کرناٹک کے مقامی سیاحتی مقامات‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے تاریخی ورثے کے مقامات سمیت مشہور عالمی ثقافتی مقامات پر گھریلو سیاحوں کی تعداد میں اضافے پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے کلکٹر دلیپ سوامی کے نظریے کے مطابق کل شہر میں ایک گھنٹہ طلبہ کیلئے“ نامی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس مہم کے تحت ڈاکٹرس‘ شہر کے مختفلف اسکولوں کا دورہ کررہے ہیں اور طلبہ سے گفتگو کی جارہی ہے۔ براہِ راست بات چیت کے علاوہ سمینارز وغیرہ کے ذریعے صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں رہنمائی کی جارہی ہے اور اسے اپنانے کیلئے طلبہ سے عہد لیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں انکم ٹیکس دفترکے TDSمحکمے نے دو مقامات پر کارروائی کی۔ سڑک کی تعمیر کرنے والی ایک کمپنی سے ایک کروڑ 73 لاکھ روپئے، جبکہ پولیمر مینوفیکچرنگ شعبے کی ایک کمپنی سے 50 لاکھ روپؤں کے بقایہ جات کی وصولی کی گئی۔ انکم ٹیکس افسر راہل مورے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ رواں مالی سال GDP کی شرحِ نمو 7.4 فیصد رہنے کا امکان؛ اقتصادی سروے رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
٭ بیٹنگ رِٹریٹ تقریب کے ساتھ یومِ جمہوریہ کے پروگرامس کا اختتام۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے شیڈیول میں تبدیلی؛ اب 7 فروری کو ہوگی ووٹنگ۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو سوگوار ماحول میں دی گئی وداعی۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ”ایک گھنٹہ طلبہ کیلئے“ نامی خصوصی مہم کا آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment