Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 31 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی تحقیقات CID کے سپرد۔
٭ رُکنِ پارلیمان سُنیترا پوار کی آج نائب وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری کا قوی امکان۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کیلئے راشٹروادی کانگریس کے فیصلے کی مکمل حمایت کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ریاست میں میئر انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج آخری میچ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی تحقیقات مہاراشٹر جرائم تحقیقاتی محکمے یعنی (CID) کے حوالے کردی گئی ہے۔ محکمے نے اس اطلاع کی تصدیق کردی ہے۔ گذشتہ بدھ کو بارامتی طیران گاہ پر دورانِ لینڈنگ اس طیارے کو حادثے پیش آیا تھا۔ جس میں اجیت پوار سمیت پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس طیارہ حادثے کی مکمل اور تیز رفتار جانچ کیلئے تعاون کرنے کی اپیل مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی کے رام موہن نائیڈو نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے کی ہے۔ طیارہ حادثات کی جانچ بیورو کی جانب سے تفتیش میں جائے حادثہ پر درکار تعاون کی درخواست بھی انھوں نے وزیرِ اعلیٰ سے کی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ آنجہانی اجیت پوار کی اہلیہ رکنِ پارلیمان سُنیترا پوار کے آج نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔ خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کی خبروں میں اس امکان کا اظہا رکیا گیا ہے۔ راشٹروادی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا آج اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ این سی پی رہنماء چھگن بھجبل نے بتایا ہے کہ اس اجلاس میں لیجسلیچر پارٹی قائد سے متعلق تبادلہئ خیال ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی انتظام و انصرام کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس موضوع کو ترجیح دی جارہی ہے۔ بھجبل کے ساتھ پارٹی رہنماؤں پرفل پٹیل‘ سنیل تٹکرے اور سابق وزیر دھننجئے منڈے نے کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ناگہانی موت کے باعث پیدا شدہ سیاسی صورتحال پر گفت و شنید کیلئے یہ ملاقات کی گئی تھی۔
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ این سی پی لیجسلیچر پارٹی قائد کے معاملے پر پارٹی جو بھی فیصلہ کرتی ہے اس کی ہم مکمل حمایت کریں گے۔ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے جو فیصلہ پارٹی کرے گی وہ ہمیں اور بی جے پی کو منظور ہوگا۔
دریں اثناء‘ کل ودھان بھون میں افسران و ملازمین نے کل اجیت پوار کی شبیہ پر پھول چڑھاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 78 ویں برسی پر ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیرِ اعظم نرریندر مودی نے راج گھاٹ پر واقع گاندھی جی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور راج گھاٹ پر تمام مذاہب کی دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ ملک کی آزادی و یکجہتی کیلئے قربانیاں دینے والے تمام مجاہدین ِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اسے شہید دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
گورنر آچاریہ دیو وَرَت‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ممبئی کے ودھان بھون میں موجود مہاتما گاندھی کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
معذور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشیل انٹلیجنس اب محض ایک جدید تکنیکی تصور نہیں بلکہ یہ ان کی روز مرہ کی زندگی کی دشواریوں کو دور کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکریٹری راجیش اگروال نے کیا۔ وہ کل‘ ممبئی کے انٹرکونئینٹیل ہوٹل میں منعقدہ پری سمٹ راؤنڈ ٹیبل اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس کاموضوع ”معذور افراد کی شمولیت اور استحکام کیلئے مصنوعی ذہانت کی صلاحیت“ تھا۔ اس اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ بصارت‘ سماعت‘ جسمانی اور ذہنی معذوری کے شکار افراد کیلئے AI ٹکنالوجی کے ذریعے سہل خدمات فراہم کرکے معذور افراد کو خود کفیل بنانا ضروری ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ کے سُکما ضلعے میں کل چار نکسلائٹس نے خودسپردگی کردی۔ ان میں دو خواتین شامل ہیں۔ ان چاروں پر مجموعی طور پر آٹھ لاکھ روپئے کا انعام مقرر تھا۔ بستر کے پولس انسپکٹر جنرل سندر راج پی اور سُکما کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس کرن چوہان کے سامنے ان عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈال دئیے۔ یہ تمام نکسلائٹس گولاپلّی‘ کونٹا اور کستا رام علاقوں میں عسکری سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے دیہی مقامی خودمختار اداروں اور پنچایتی راج اداروں کیلئے مالی سال 2025-26 کیلئے مالیاتی کمیشن کے غیر منصوبہ بند فنڈ کی دوسری قسط جاری کردی ہے۔ اس دوسری قسط کے تحت مہاراشٹر کیلئے 714 کروڑ 32 لاکھ روپئے منظور کیے گئے۔ اس فنڈ کا فائدہ ریاست کی 26 ہزار 407 اہل گرام پنچایتوں‘ 15 اہل پنچایت سمیتیوں اور دو بلدیہ جات کو ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کے بعد میئر کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ آکولہ میونسپل کارپوریشن میں کل میئر کا انتخاب ہوا۔ بی جے پی کی حمایت یافتہ شہر سدھار آگھاڑی نے اپنی عددی قوت ثابت کرتے ہوئے میئر اور نائب میئر دونوں عہدے حاصل کرلیے۔ بی جے پی کی شاردا کھیڑکر 45 ووٹ حاصل کرکے میئر منتخب ہوئیں‘ جبکہ نائب میئر کے عہدے کیلئے آگھاڑی کے امیدوار امول گھوگے منتخب ہوئے۔ ایم آئی ایم کے کارپوریٹرز اس انتخاب میں غیر جانبدار رہے اور آزاد امیدوار نے شہر سدھار آگھاڑی کی حمایت کی۔
نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں میئر کیلئے 5 فروری کو انتخاب ہوگا۔ پہلے ڈھائی برسوں کی مدت کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے خصوصی جنرل باڈی میٹنگ منعقد ہوگی۔ اس بار میئر کا عہدہ کھلے زمرے کی خاتون امیدوار کیلئے مختص ہے۔
تھانہ میونسپل کارپوریشن میں شیوسینا کی شرمیلا پمپڑولکر نے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں درخواست ِ نامزدگی کل داخل کی‘ جبکہ بی جے پی کے کرشنا پاٹل نے ڈپٹی میئر کیلئے اپنا پرچہئ نامزدگی داخل کیا۔ ان دونوں کے سوا کسی نے بھی کاغذات داخل نہیں کیے اس لیے ان کا بلامقابلہ انتخاب تقریباً طئے ہے۔ اس انتخاب کا باقاعدہ اعلان 3 فروری کو کیا جائے گا۔
ناگپور میونسپل کارپوریشن کے میئر انتخاب کیلئے گفت و شنید کی غرض سے کل مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ملاقات ہوئی۔ ناگپور میں آئندہ 6 فروری کو میئر کا انتخاب ہوگا۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی اور کانگریس کے ارکان نے میئر انتخاب کیلئے آپس میں اتحاد کرلیا ہے۔ دونوں پارٹیوں نے ایک نیا گروپ تشکیل دیا۔
لاتور میونسپل کارپوریشن کے بی جے پی کے گروپ لیڈر کے طورپر ماہرِ قانون دیپک مٹھ پتی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کل اس انتخاب کا باقاعدہ عمل مکمل ہوا۔
***** ***** *****
ریاست میں سرِ دست سات کروڑ 77 لاکھ 14 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گنے کی کشید مکمل ہوچکی ہے، جبکہ 9 اعشاریہ ایک فیصد ریکوری کے حساب سے 71 لاکھ میٹرک ٹن شکر کی پیداوار ہوئی ہے۔ ریاست کے 206 شکر کارخانوں میں یومیہ دس لاکھ 43 ہزار 550 میٹرک ٹن گنے کی کشید جاری ہے۔ اس بار کا کشید ہنگام فروری کے اواخر یا 10 مارچ تک جاری رہنے کا امکان شکر کمشنریٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہیش جھینڈے نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے موقع پر کرتویہ پتھ پر منعد پریڈ میں مہاراشٹر کی جھانکی کو پہلا انعام ملا ہے۔ جو کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِمملکت برائے دفاع سنجئے شیٹھ کے ہاتھوں دیا گیا۔ ریاست کی ثقافت اور روایات کی شاندار عکاسی کرنے والی یہ جھانکی ”گنیش اُتسو- خودانحصاری کی علامت“ کے تصور پر مبنی تھی۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین رواں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کاپانچواں اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔ ترواننت پورم میں شام سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ اس سیریز یں بھارت نے تین- ایک سے سبقت حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی تحقیقات CID کے سپرد۔
٭ رُکنِ پارلیمان سُنیترا پوار کی آج نائب وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری کا قوی امکان۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کیلئے راشٹروادی کانگریس کے فیصلے کی مکمل حمایت کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ریاست میں میئر انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج آخری میچ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment