Sunday, 25 January 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 جنوری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ جنوری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ روزگار میلوں میں تفویض کردہ تقرر نامے ملک کے تعمیری کاموں میں شرکت کا عہد ہیں – وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ 77 ویں یومِ جمہوریہ کے موقعے پر آج صدرِ جمہوریہ کریں گی قوم سے خطاب۔
٭ ملک کے نوجوانوں سے کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کی وزیرِ دفاع کی این سی سی کیمپ میں اپیل۔
٭ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج ناندیڑ میں ”ہند دی چادر“ تقاریب میں ہوں گے شریک۔ گرو گرنتھ صاحب نگر کیرتن سے تقاریب کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی معرفت چلائی جا رہی رائے دہندگان بیداری مہم کی ریاستی انتخابی کمشنر نے کی ستائش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ روزگار میلے میں تفویض کردہ تقررنامے ملک کی تعمیر کے کام میں حصہ لینے کے عہد نامے ہیں۔ وزیرِ اعظم‘ کل نئی دہلی میں منعقدہ اٹھارہویں روزگار میلے کے دوران مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں 61 ہزارنو مقررہ ملازمین کو ورچول طریقے سے تقررات نامہ تقسیم کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ روزگار میلے کی معرفت اب تک 11 لاکھ نوجوانوں میں تقررنامے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے مزیدکہا کہ بھارتی معیشت تیزی سے ترقی کر نے کے سبب براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت‘ ڈیجیٹل انڈیا، بااختیار خواتین،اورباصلاحیت کامگاروں کیلئے بین الاقوامی معاہدوں اور اصلاحاتی سرمایہ کاری کے ذریعے ”ریفارم ایکسپریس“ کی راہ پر گامزن ہے۔ اس موقعے پر نو تقرر شدہ ملازمین سے انتظامیہ میں چھوٹی اصلاحات کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔
روزگار میلے کے تحت پونے میں مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ کے ہاتھوں تقررنامے تقسیم کیے گئے، جبکہ ناگپور کے سی آر پی ایف گروپ سینٹر ہنگنا میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل انیل کمار کے ہاتھوں ملازمت ناموں کی تقسیم عمل میں آئی۔
***** ***** *****
اسی بیچ‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام میں اہلِ وطن سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس پروگرام کی 130 ویں قسط ہوگی۔ یہ پروگرام صبح گیارہ بجے آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
77ویں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے صدر ِ مملکت دروپدی مُرمو آج شام سات بجے قوم سے خطاب کریں گی۔ یہ خطاب آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز پر ہندی زبان میں نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ یومِ جمہوریہ کے موقعے پر نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر کل منعقد ہونے والی پریڈ کے ثقافتی پروگرام کی عملی مشق گذشتہ روز کی گئی۔ اس مشق میں تقریباً ڈھائی ہزار فنکاروں نے شرکت کی۔ وندے ماترم ترانے کی صد سالہ گولڈن جوبلی‘پریڈ کا مرکزی موضوع ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دنیا غیر یقینی کے دور سے گزر رہی ہے، لہٰذا‘ ملک کے نوجوان کسی بھی صورتِ حال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔ وہ گزشتہ روز نئی دہلی میں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے منعقدہ نیشنل کیڈٹ کور کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ دفاع نے کہا کہ این سی سی خود کو بہتر بنانے کا ورکشاپ ہے اور این سی سی کیڈیٹس ملک کے عکاس ہیں۔ این سی سی کیڈیٹس کی جانب سے وزیرِ دفاع کو اعزاز پیش کیا گیا۔ اس دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈیٹس کو وزیر دفاع کے ہاتھوں اعزازات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ درست فہرست رائے دہندگان جمہوریت کی بنیاد ہے۔ وہ آج منائے جا رہے سولہویں قومی یومِ رائے دہندگان کی مناسبت سے بول رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر فہرست پر خصوصی نظرثانی کا کام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ہر اہل رائے دہندے کا نام فہرست میں شامل کرنا اور غلط ناموں کو خارج کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل دور کی ضرورت کے پیشِ نظر انتخابی کمیشن نے اپنی تمام خدمات کو ECI نیٹ ایپ کی معرفت ایک پلیٹ فارم پر دستیاب کرایا ہے۔ گیانیش کمار نے نوجوان رائے دہندوں سے ووٹ دینے اور غلط اور گمراہ کن معلومات کے خلاف مزاحمت کی قیادت کرنے کی بھی اپیل کی۔
***** ***** *****
دریں اثناء، قومی یوم رائے دہندگان کی مناسبت سے انتخابی کمیشن کی مرکزی تقریب صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کی موجودگی میں نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ اس سال کے قومی یوم رائے دہندگان کا تصور ”میرا بھارت، میرا ووٹ“ ہے، اور اس سال کے یومِ رائے دہندگان کا نصب العین ”بھارتی جمہوریت کے محور شہری“ ہے۔ تقریب کے دوران صدر ِ جمہوریہ نئے اورنوجوان رائے دہندگان کو تصاویر والے ووٹر شناختی کارڈ تفویض کریں گی اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، انتخابی انتظامات، ووٹر بیداری کی سرگرمیوں اور ذرائع ابلاغ سمیت مختلف زمروں میں خصوصی ایوارڈز بھی پیش کریں گی۔
***** ***** *****
چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا ہے کہ عدالت ِ عالیہ نظامِ انصاف کے نگراں ادارے ہیں‘ لہٰذا‘ انہیں زیادہ فعال طور پر کام کرنا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں پھلی نریمن یادگاری لیکچر سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف فراہمی میں تاخیر کا مطلب اسے مسترد کر نا نہیں، بلکہ انصاف کو ختم کردینا ہے۔
دریں اثناء‘ چیف جسٹس سوریہ کانت کو کل ممبئی میں ریاستی حکومت کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔ اس موقعے پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار موجود تھے۔ شندے نے اس موقعے پر کہا کہ جب تک انصاف پسند لوگ ملک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، آئین اور جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مہاراشٹر میں سزا کی شرح اب 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اسے 60 فیصد تک لے جانے کا یقین انہوں نے ظاہر کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ پوار نے کہا کہ جسٹس سوریہ کانت کا ہریانہ کے ایک سادہ کسان خاندان سے عدالت ِ عظمیٰ کے جج تک کا سفر بہت متاثر کن ہے۔ جسٹس سوریہ کانت نے اس اعزاز پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ آج ناندیڑ میں سکھ مذہب کے گرو تیغ بہادر جی کے350 ویں یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ ”ہند دی چادر“ تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس تقریب کیلئے52 ایکڑ کے رقبے پر عقیدت مندوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس پر گرودوارے کی ایک عظیم الشان علامت، مہا لنگر کی سہولت، نمائشی مرکز، 350 سے زائد اسٹالز، خصوصی طبّی جانچ کیمپ کے ساتھ منصوبہ بند پارکنگ اور ٹریفک کے انتظامات شامل ہیں۔
کل سے شروع ہوئے اس تاریخی تقریب کا آغاز گرو گرنتھ صاحب نگر کیرتن سے ہوا۔ اس موقع پر ’بولے سو نہال‘ کے نعرے کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھولوں کی بارش کی گئی۔ اس تقریب میں سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان، وزیر گریش مہاجن اور کئی دیگر شخصیات موجود تھیں۔ اس موقعے پر گرو تیغ بہادر کی قربانی، عقیدت اور انسانیت کے پیغام کو یاد کیا جا رہا ہے۔
دریں اثناء‘ اس پروگرام کیلئے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے گردوارہ گرو سنگھ سبھا سے250 عقیدت مندوں کا پہلا جتھا ناندیڑ کیلئے روانہ ہوا۔
ہنگولی شہر میں کل ”ہند دی چادر“ کی مناسبت سے ضلع پریشد کے محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کی انسانی زنجیر بناکر گرو تیغ بہادر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر ہنگولی کے ضلع کلکٹر راہل گپتا اور سی ای او ویویک گائیکواڑ موجود تھے۔ اس جلوس میں مختلف اسکولوں کے تقریباً 550 طلباء نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمشنر دِنیش واگھمارے نے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی معرفت چلائی جارہی ووٹر بیداری سرگرمیوں کی ستائش کی ہے۔ واگھمارے نے کل ضلع کلکٹردفتر کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی، لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر انتخابی کمشنر نے ووٹر بیداری تصویری گاڑی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ دریں اثناء‘ کمشنر واگھمارے نے رائے دہندگان میں زیادہ سے زیادہ بیداری پھیلانے اور ان سے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرکے انتخابی مشنری کو رائے دہی فیصد میں اضافہ کرنے کیلئے کوششیں کرنے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتیوں کے عام انتخابات کیلئے داخل کردہ امیدواری عریضے واپس لینے کی آخری مہلت 27 جنوری ہے۔ دھاراشیو ضلعے میں، 55 ضلع پریشد گروپوں کیلئے داخل کردہ کُل درخواستوں میں سے 13 اور پنچایت سمیتی گنوں کیلئے جمع کی گئی مجموعی درخواستوں میں سے 20 امیدواروں نے کل اپنی درخواستیں واپس لے لیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ روزگار میلوں میں تفویض کردہ تقرر نامے ملک کے تعمیری کاموں میں شرکت کا عہد ہیں – وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ 77 ویں یومِ جمہوریہ کے موقعے پر آج صدرِ جمہوریہ کریں گی قوم سے خطاب۔
٭ ملک کے نوجوانوں سے کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کی وزیرِ دفاع کی این سی سی کیمپ میں اپیل۔
٭ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج ناندیڑ میں ”ہند دی چادر“ تقاریب میں ہوں گے شریک۔ گرو گرنتھ صاحب نگر کیرتن سے تقاریب کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ کی معرفت چلائی جا رہی رائے دہندگان بیداری مہم کی ریاستی انتخابی کمشنر نے کی ستائش۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 05.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 05 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...