Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 28 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آغاز۔
٭ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان تاریخی آزاد تجارتی معاہدہ۔
٭ ریاستی کابینہ نے صنعتی تربیتی اداروں کی جدید اری کی خاطر پی ایم سیتو اسکیم نافذ کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں ضلع پریشد انتخابی حلقوں میں 311 اور پنچایت سمیتی حلقوں میں 570 امیدوار میدان میں۔
اور۔۔۔٭ گیارہویں اجنٹا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی آج سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں شروعات؛ سینئر موسیقار اِلائے راجہ کو پدم پانی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج صدرِ جمہوریہ کے خطاب کے ساتھ آغاز ہوگا۔ مالی سال 2026-27 کا مرکزی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا مرحلہ 9 مارچ تا 2 اپریل کے دوران چلے گا۔ اسی بیچ کل نئی دہلی میں ایک کُل جماعتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اہم قومی اُمور پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے اس کُل جماعتی اجلاس کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں بی جے پی‘ کانگریس’ڈی ایم کے‘ ترنمول کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے قائدین نے شرکت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان کل ایک تاریخی آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ نریندر مودی نے نئی دہلی میں یوروپین کاؤنسل کے صدر انٹونیو کوسٹا اور یوروپین کمیشن کی سربراہ اُرسلا وان دیئرلین کے ساتھ بات چیت کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ یوروپین یونین کے تمام 27 ممالک کے ساتھ کیے گئے اس تاریخی معاہدے سے بھارتی کسانوں‘ چھوٹی صنعتوں‘ پیداواری اور خدمات کے شعبوں میں نئے مواقع کھلیں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مراٹھواڑہ ایگریکلچر اینڈ اسمال اسکیل انڈسٹریز (ماسیا) کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے صدر ارجن گائیکواڑ نے کہا ہے کہ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان تاریخی آزاد تجارتی معاہدہ بھارت کیلئے ہر لحاظ سے فائدہ مند ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے صنعتی تربیتی اداروں میں پی ایم سیتو اسکیم نافذکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اسکیم ہنرمند افرادی قوت کی طلب اور فراہمی کے درمیان کے فرق کو ختم کرنے کیلئے ہے اور اس کے پہلے مرحلے میں ناگپور‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پونے میں ITI's کو جدید بنایا جائے گا۔ کابینہ نے آئندہ برس‘ مرحلہ وار پی ایم سیتو اسکیم کے نفاذ کو منظوری دی ہے۔ اس اسکیم کیلئے پچاس فیصد فنڈ مرکزی حکومت‘ 33 فیصد ریاستی حکومت اور بقیہ 17 فیصد صنعت کے شعبے سے فراہم کیا جائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت پیٹھن‘ خلدآباد‘ گنگاپور اور پھلمبری کے صنعتی تربیتی ادارے (ITI's) کو جدید بنایا جائے گا۔
کابینہ نے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی طیران گاہ کو نئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جوڑنے والی میٹرو لائن 8 کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ ریاستی کابینہ نے محکمہئ تعمیراتِ عامہ سے متعلق مائیکرو‘ چھوٹے اور درمیانی درجے کے ٹھیکے داروں کے زیرِ التواء بلوں کی ادائیگی کی خاطر پلیٹ فارم بنانے‘ دھولیہ میں جواہر شیتکری کوآپریٹیو اسپیننگ مل کی بحالی کیلئے سفارش کرنے اور مختلف مقاصد کیلئے دی گئی سرکاری زمینات کی لیز کی مدت میں توسیع کرنے کے فیصلے کل منعقدہ اجلاس میں کیے۔
***** ***** *****
بھاری صنعتوں کے مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا ہے کہ ایک پائیدار اور محفوظ ٹرانسپورٹ نظام کیلئے اختراعی تحقیق کی ضرورت ہے۔ وزیرِ موصوف کل پونے میں گاڑیوں کی ٹکنالوجی پر بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد بول رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے تحقیق کاروں اور کاروباریوں سے ”آتم نربھر بھارت“ مہم کی کامیابی کیلئے جدید ٹکنالوجی وضع کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ متبادل ایندھن‘ الیکٹرک گاڑیوں اور گاڑیوں میں حفاظتی سہولیات کی فراہمی کے شعبوں میں خود انحصاری کا ہدف مقرر کیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کیلئے نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ کل ختم ہوگئی۔ 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کیلئے رائے دہی آئندہ 5 فروری کو ہوگی‘ جبکہ ووٹوں کی گنتی 7 فروری کو ہوگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے 63 ضلع پریشد حلقوں میں کُل 311 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 126 پنچایت سمیتی حلقوں میں کُل 570 امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔
***** ***** *****
ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے پس منظر میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈویژنل دفتر میں پارٹی مبصرین کی ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں ریاستی وزیر اتل ساوے او رپارٹی ضلع صدر کشور شیتوڑے نے رہنمائی کی۔
***** ***** *****
تمام قومی و سرکاری شعبوں کے بینک ملازمین نے کام کے ہفتے کو پانچ روز کیے جانے کے مطالبے پر کل یک روزہ ہڑتال منائی۔ بینک ملازمین گذشتہ کئی برسوں سے یہ مطالبہ کررہے ہیں۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ بار بار کے مطالبات کے باوجود انھیں نظر انداز کیا گیا اس لیے انھیں ہڑتال کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ چند بینکوں کے ملازمین نے مطالبے کے حق میں اپنی شاخوں کے روبرو مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ نہ مانے جانے کی صورت میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے کا بھی انتباہ دیا۔
دھاراشیو میں بینک ملازمین نے اپنے مطالبات کو لے کر مظاہرہ کیا۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اسٹاف یونین کے رہنماء گورکھ ناتھ لوٹے نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر غیر معینہ ہڑتال پر جانے کی بات کہی۔ وہیں لاتور شہر میں بھی ملازمین نے اسٹیٹ بینک کے روبرو احتجاج کیا جس میں شہر اور آس پاس کے دو سو سے زائد بینک ملازمین نے شرکت کی۔
***** ***** *****
گیارہواں اجنتا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول آج سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں شروع ہورہا ہے۔ اس میلے کا افتتاح شام چھ بجے ایم جی ایم یونیورسٹی کے رُکمنی آڈیٹوریم میں ثقافتی اُمور کے محکمے کے سیکریٹری ڈاکٹر کرن کلکرنی کریں گے۔ اس پروگرام میں سینئر موسیقار اور پدم وِبھوشن الائے راجہ کو پدم پانی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر، پدم شری رَسُل پکٹی موجود رہیں گے۔ ہسپانوی فلم ”سیریٹ“ کی نمائش سے اس فیسٹیول کا آغازہوگا۔ یکم فروری تک جاری رہنے والے اس میلے میں فلم شائقین کو مختلف قومی اور بین الاقوامی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے تقریباً ایک لاکھ 85ہزار طلبہ نے ایک ساتھ مل کر مہاراشٹر گیت گایا ہے۔ طلبہ کی اس کاوش کو ایشیاء بک آف ورلڈ ریکارڈ اور انڈیا بک آف ورلڈر ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔ طلبہ کے ذہنوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کی خاطر ”دش سوتری پروگرام“ کے تحت اس پہل پر مؤثر طریقے سے عمل کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈویژنل کمشنر جتندر پاپلکر، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی‘ اور ضلع پریشد کے سی ای او انکت موجود تھے۔ اس موقع پر عالمی ریکارڈ درج کیے جانے کا صداقت نامہ معززین کے حوالے کیا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے تلجاپور تعلقے کے کیم واڑی کے رہائشیوں نے ساورگاؤں تا گلواڑی جیسی اہم سڑک کی خستہ حالی کے سبب آئندہ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ ناراض دیہاتیوں کے مطابق گذشتہ 10 تا 15 برسوں سے اس راستے کی تعمیر کے مطالبے کو انتظامیہ نظر انداز کررہی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر سے ملاقات کرکے میمورنڈم پیش کیا گیا ہے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اگر آئندہ 5 فروری تک کوئی ٹھوس فیصلہ اس سلسلے میں نہیں لیا گیا تو گاؤں کے دو ہزار 200 رائے دہندگان ووٹ دینے کے عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔
***** ***** *****
بھارت نے کل بلاواؤ میں منعقدہ 19برس سے کم عمر کے عالمی کپ کرکٹ کے میچ میں زمبابوبے کو 204 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے وِہان ملہوترا کے ناقابلِ شکست 109 رنوں کی مدد سے مقررہ اوورز میں 352 رنز بنائے، جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 148 رنوں پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آج سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آغاز۔
٭ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان تاریخی آزاد تجارتی معاہدہ۔
٭ ریاستی کابینہ نے صنعتی تربیتی اداروں کی جدید اری کی خاطر پی ایم سیتو اسکیم نافذ کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں ضلع پریشد انتخابی حلقوں میں 311 اور پنچایت سمیتی حلقوں میں 570 امیدوار میدان میں۔
اور۔۔۔٭ گیارہویں اجنٹا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی آج سے سمبھاجی نگر میں شروعات؛ سینئر موسیقار اِلائے راجہ کو پدم پانی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment