Tuesday, 1 December 2020

Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Dated : 01.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM 

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم  دسمبر ۔۲۰۲۰؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ گریجویٹ حلقۂ انتخاب کیلئے آج مراٹھواڑہ کے سبھی 8 ضلعوں میں رائے دہی شروع؛ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ووٹنگ۔
٭ سبھی رائے دہندگان سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی انتخابی کمیشن کی اپیل۔
٭ کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیلئے وزیرِ اعظم مودی 4 دسمبر کو کریں گے سبھی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال۔
اور
٭ جنوب وسطی ریلوے نے کئی ٹرینیں دوبارہ شروع کرنے کا کیا اعلان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
گریجویٹ حلقۂ انتخاب کیلئے آج مراٹھواڑہ کے سبھی 8 ضلعوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ رائے دہی کا عمل صبح 8 بجے سے شروع ہوچکا ہے۔ گریجویٹ حلقۂ انتخاب کیلئے کُل 35  اُمیدوار میدان میں ہیں۔ اس دوران ڈویژن میں 3 لاکھ 73 ہزار 166 گریجویٹ ووٹرس اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ رائے دہی کیلئے مراٹھواڑہ بھر میں 813 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
اورنگ آباد ضلعے میں ایک لاکھ 63 ہزار 79 ووٹروں کیلئے 206 رائے دہی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح مراٹھواڑہ کے ہر ضلعے میں گریجویٹ حلقۂ انتخاب کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سبھی پولنگ مراکز پر بیلیٹ پیپر اور دیگر سبھی ضروری سازوسامان کل ہی پہنچ گیا تھا۔ کورونا وائرس کے پسِ منظر میں سبھی پولنگ مراکز کو Sanitise کیا گیا ہے اور سبھی حفاظتی طریقۂ کار اپنائے جارہے ہیں۔ رائے دہی شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ کووِڈ پازیٹیو مریض آخری دو گھنٹوں میں ووٹ ڈال سکیںگے۔
***** ***** *****
اس بیچ انتخابی کمیشن نے رائے دہی کے ضمن میں رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے ووٹروں سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ انتخابی افسران نے بتایا کہ رائے دہی کیلئے پولنگ مرکز پر دیا گیا جامنی رنگ کا ہی پین استعمال کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ اُمیدوار کے نام کے سامنے ’’ایک‘‘ کا ہندسہ لکھنا ہوگا۔ باقی ماندہ امیدواروں کو اپنی پسند کے مطابق 2‘ 3  یا  4  قرار دینا اختیاری ہوگا۔ رائے دہندگان سے کہا گیا ہیکہ وہ بیلیٹ پیپر پر کچھ نہ لکھیں اور نہ ہی کسی طرح کا کوئی نشان بنائیں۔
***** ***** *****
گریجویٹ رائے دہندگان کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے آج ان کی رُخصت منظور کرنے کی ہدایت ڈویژنل کمشنر دفتر نے جاری کی ہے۔ خانگی دفتروں سے بھی کہا گیا ہیکہ وہ اپنے گریجویٹ ملازمین کو ووٹ ڈالنے کیلئے کام کے اوقات میں رعایت دیں۔ وہیں انتخابی کمیشن نے واضح کیا کہ گریجویٹ حلقۂ انتخاب میں ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹنگ کارڈ‘ آدھار کارڈ‘ ڈرائیونگ لائسنس‘ پین کارڈ‘ پاسپورٹ‘ سرکاری یا نجی دفتر کی جانب سے جاری شناختی کارڈ‘ تعلیمی اداروں کا شناختی کارڈ‘ ڈگری سرٹیفکیٹ یا جسمانی معذوری کے سرٹیفکیٹ میں سے کسی بھی دستاویز کو قابلِ قبول سمجھا جائے گا۔ گریجویٹ حلقہ انتخاب کیلئے ہورہی رائے دہی پر نظر رکھنے کیلئے مرٹھواڑہ ڈویژن میں 937 مائیکرو آبزرورس کونامزد کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں مراٹھواڑہ کے علاوہ پونے اور ناگپور گریجویٹ انتخابی حلقوں میں اور پونے اور امراوتی ٹیچرس انتخابی حلقوں میں بھی آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان سبھی پانچ انتخابی حلقوں کے نتیجوں کا اعلان 3 دسمبر کو کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیلئے وزیرِ اعظم نریندرمودی 4 دسمبر کو سبھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ خبر میں کہا گیا ہیکہ راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے اراکین بھی اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ فی الحال بھارت میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 94 لاکھ 31 ہزار 692 ہے‘ جس میں 88 لاکھ 47 ہزار 600 مریض اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کی قومی شرح قریب 94% ہے‘ جبکہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی قومی شرح کا تناسب 1.45% ہے۔
***** ***** *****
اس دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے ٹیکے پر کام کررہی تین سائنسی ٹیموں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ ان میں پونے کی Genova Biopharma‘ حیدرآباد کی Biological E  اور ڈاکٹر ریڈی جیسے ادارے شامل ہیں۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر نے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ کم از کم عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے باہر نکلیں۔ نلنگیکر کل عثمان آباد کے تلجاپور میں تلجا بھوانی دیوی کے درشن کے بعد بول رہے تھے۔ نلنگیکر نے کہا کہ انھوں نے ریاستی حکومت کیلئے فہم و فراست کی تلجا بھوانی سے خواہش کی ہے۔ دریں اثناء نلنگیکر نے کہا کہ وہ مرٹھواڑہ شکشن پرسارک منڈل کی جانچ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ اس سے پہلے صنعت کار مان سنگھ پوار نے کل نلنگیکر سے ملاقات کی‘ جس کے بعد نلنگیکر نے یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
مہاروگی سیوا سمیتی کی CEO ڈاکٹر شیتل آمٹے کو کل صبح مردہ پایا گیا۔ چندر پور ضلعے کے آنند وَن میں ان کے ذریعے خودکشی کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔ ڈاکٹر شیتل آمٹے‘ معروف سماجی خدمت گار بابا آمٹے کی پوتی اور ڈاکٹر وِکاس آمٹے کی بیٹی تھیں۔ ڈاکٹر شیتل آمٹے کو سال 2016 میں ورلڈ اکانامک فورم کی جانب سے ’’ینگ گلوبل لیڈر‘‘ کے انعام سے نوازا گیا تھا۔ کہا جارہا ہیکہ شیتل آمٹے گذشتہ کئی دِنوں سے ذہنی تنائو کا شکار تھیں۔ اس دوران انھوں نے آنندوَن کے کارکنوں اور آمٹے خاندان کے لوگوں پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ جس کے بعد آمٹے خاندان کے افراد کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے شیتل آمٹے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔ اس دوران ڈاکٹر شیتل آمٹے کی آخری رسومات کل شام آنندوَن میں ادا کردی گئیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 3837 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 18 لاکھ23 ہزار 896 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل 80 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ مہاراشٹر میں کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کا تناسب 2.59% ہے۔
دوسری جانب کل ریاست میں 4196 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ریاست کے مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں مجموعی طور پر 16 لاکھ 85 ہزار 122  افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی صحت یابی کی شرح 92% تک جاپہنچی ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ تعداد 90 ہزار 557 ہے، جن کا ریاست کے مختلف اسپتالوں میں علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 9 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 316 نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ جالنہ، پربھنی اور عثمان آباد ضلعوں میں کل 2-2  کورونا مریض ہلاک ہوگئے جبکہ اورنگ آباد ضلعے میں 3 مریضوں کی موت درج کی گئی۔ گذشتہ کل اورنگ آباد میں 78‘ جالنہ میں 68‘ بیڑ میں 45‘ لاتور میں 39‘ پربھنی میں 30‘ ناندیڑ میں 28‘ عثمان آباد میں 22‘ اور ہنگولی میں 6 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو کی جینتی کل مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بابا گرونانک کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گرونانک جینتی کے ضمن میں مختلف مقامات پر گرودواروں میں مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس دوران کورونا وائرس سے بچائو کے سبھی طریقوں پر عمل آوری کا خاص خیال رکھا گیا۔ آکاشوانی کے جالنہ کے نمائندے نے بتایا کہ جالنہ میں سکھ مذہب کے پیروکاروں نے عوامی جلوس نہ نکالتے ہوئے سماجی خدمت انجام دی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر BJP کی نائب صدر اور رکنِ پارلیمنٹ پریتم منڈے نے مہاراشٹر حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر اُسے ہر محاذ پر ناکام قرار دیا۔ پریتم منڈے نے کل جالنہ میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی مہا وِکاس آگھاڑی حکومت کا ایک سال عوام کیلئے مایوسیوں بھرا رہا۔ پریتم منڈے نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر میں جلد ہی BJP اقتدارمیں واپس آئیگی۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے نے کئی ٹرینیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ان میں آج سے سکندرآباد۔ منماڑ۔ سکندر آباد اجنتا ایکسپریس اور 3 دسمبر سے ناندیڑ۔ ممبئی راجیہ رانی ایکسپریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 5 دسمبر سے سکندر آباد۔ ناندیڑ۔ ممبئی دیوگری ایکسپریس بھی شروع کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ گریجویٹ حلقۂ انتخاب کیلئے آج مراٹھواڑہ کے سبھی 8 ضلعوں میں رائے دہی شروع؛ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ووٹنگ۔
٭ سبھی رائے دہندگان سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی انتخابی کمیشن کی اپیل۔
٭ کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیلئے وزیرِ اعظم مودی 4 دسمبر کو کریں گے سبھی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال۔
اور
٭ جنوب وسطی ریلوے نے کئی ٹرینیں دوبارہ شروع کرنے کا کیا اعلان۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...