Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 01.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم فروری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ پارلیمنٹ میں آج ہوگا بجٹ پیش؛ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ ڈیجیٹل طریقے سے پیش ہوگا۔
٭ دنیا بھر میں سب سے تیز ہے بھارت کی کورونا ٹیکہ اندوزی مہم کی رفتار؛ وزیرِ اعظم مودی کا بیان۔
٭ ملک میں کل چلائی گئی پلس پولیو مہم؛ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو خوراک یقینی بنانے پر ہے حکومت کا زور۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد‘ جالنہ اور پربھنی ضلعوں میں کل ہوئی ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت؛ 115 نئے معاملوں کا انکشاف۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ میں آج مالی سال 2021-22 کا بجٹ پیش کیا جائیگا۔ وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن آج صبح گیارہ بجے بجٹ پیش کریں گی۔بھارت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بجٹ پیش کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بجٹ کا ایک موبائل ایپ بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں عوام کیلئے ساری بجٹ تفصیلات دستیاب ہوں گی۔ یہ تفصیلات بجٹ کے بعد اَیپ پر مہیا کروائی جائیں گی۔ کورونا وائرس کے بحران کے پسِ منظر میں بجٹ میں کی جانے والی تفویضات پر سبھی کی نظریں لگی ہیں۔ وزیرِ مالیات بجٹ پیش کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے نارتھ بلاک پہنچ گئی ہیں۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آج سے سینما گھر اپنی پوری گنجائش کے ساتھ شروع ہورہے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جائوڑیکر نے یہ جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ فلموںکی آن لائن ٹکٹ بکنگ کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ جائوڑیکر نے مزید کہا کہ فلموں کے دوران دو انٹرویل ہوں گے اور ساتھ ہی کورونا وائرس سے بچائو کے سبھی طریقوں پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کی کورونا مخالف ٹیکہ اندوزی مہم دنیا کیلئے ایک مثال بن رہی ہے اور بھارت میں ٹیکہ اندوزی مہم کی رفتار دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ وزیرِ اعظم مودی کل آکاشوانی سے نشر ہوئے ماہانہ پروگرام ’’من کی بات‘‘ کی 73 ویں قسط میں بول رہے تھے۔ مودی نے کہا کہ بھارت کی کورونا ٹیکہ اندوزی مہم نہ صرف ملک کے خود کفیل ہونے کا ثبوت ہے بلکہ یہ بھارت کی خودداری کی بھی علامت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ جہاں 30 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکہ لگانے میں امریکہ کو 18 اور برطانیہ کو 36 دِن لگے تھے تو وہیں بھارت نے صرف 15 دِنوں میں یہ ہندسہ پار کرلیا ہے۔
اس دوران وزیرِ اعظم مودی نے جالنہ کے ڈاکٹر سوپنل منتری کا بھی ذکر کیا، جنھوںنے وزیرِ اعظم سے ’’روڈ سیفٹی‘‘ کے موضوع پر بولنے کی گذارش کی تھی۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے اس گذارش کو قبول کیے جانے کے بعد ڈاکٹر منتری نے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ وزیرِ اعظم مودی نے نوجوانوں سے اپیل کی ہیکہ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر وہ اپنے اپنے علاقوںکے مجاہدینِ آزادی کے جدوجہدِ آزادی سے متعلق واقعات کو قلمبند کریں۔ 26 جنوری کو دلّی میں ہوئے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے اِسے ترنگے کی توہین قرار دیا۔ من کی بات میں وزیرِ اعظم نے زراعت‘ کھیل‘ صنعت‘ تعلیم اور پدم انعامات سمیت کئی موضوعات کا احاطہ کیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے نئے زرعی قوانین کی حمایت کرتے ہوئے شیتکری سنگھٹنا نے کہا ہیکہ نئے قوانین‘ زرعی بازار اصلاحات اور گلوبلائزیشن کی راہ ہموار کرنے والے ہیں۔ شیتکری سنگھٹنا کے کارگذار صدر گووند جوشی‘ للت بہالے اور دنیش شرما نے کل اورنگ آباد میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ نجی خریداری پر کم از کم بنیادی قیمت کے ذریعے زرعی اشیاء خریدنے کی پابندی سے لین دین پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شیتکری سنگھٹنا کا کہنا تھا کہ بازار کھول دینے سے ہونے والی مسابقہ آرائی سے زرعی اشیاء کو بہتر دام مل سکیں گے۔ سنگھٹنا نے نئے زرعی قوانین کی مخالفت کرنے والوں سے ان پہلوئوں پر بھی غور کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں کل پلس پولیو مہم چلائی گئی۔ جالنہ ضلعے میں کل دِن بھر میں 2 لاکھ 19 ہزار 447 بچوں کو پولیو کی خوراک پلائی گئی۔ اس کام کیلئے ضلعے میں 1747 بوتھس قائم کیے گئے تھے۔ ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کل صبح جالنہ ضلعے کے گھن ساونگی دیہی اسپتال میں ایک بچے کو پولیو ڈوز پلاکر اس مہم کی شروعات کی۔ یہ مہم اگلے چار دِنوں تک جاری رہے گی۔
اس دوران ٹوپے نے کہا کہ محکمۂ صحت اس بات کی جانب خاص توجہ دے کہ جالنہ ضلعے میں پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو ڈوز پانے سے محروم نہ رہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں بھی اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سڈکو N-8 اسپتال میں پولیو مہم کی شروعات کی گئی۔ اس دوران محکمۂ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جی ایم گائیکواڑ بھی موجود تھے۔ اورنگ آباد شہر میں پولیو مہم کا 81% نشانہ حاصل کرلیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے کہا ہیکہ باقی رہ گئے بچوں کو اگلے چار دِنوں کے دوران گھر گھر جاکر پولیو ڈوز دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل دِن بھر میں 1670 لوگ کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے۔ اس طرح ریاست میں اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی اب تک کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 29 ہزار پانچ تک جاپہنچی ہے۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کی ریاستی شرح بھی بہتر ہوکر 95% تک جاپہنچی ہے۔ دوسری جانب کل ریاست بھر میں 2585 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 26 ہزار 399 ہوگئی ہے۔
ریاست میں کل ایک دِن میں 40 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اس طرح ریاست میں اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک مرنے والوں کی کُل تعداد 51 ہزار 82 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی ریاستی شرح قریب 3 فیصد ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ تعداد 45 ہزار 71 ہے جو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں گذشتہ روز کل تین کورونا مریضوںکی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں اورنگ آباد‘ جالنہ اور پربھنی ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ وہیں مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 115 نئے کورونا پازیٹیو مریض سامنے آئے۔ لاتور میں کل سب سے زیادہ 37 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ ناندیڑ میں 35 کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اورنگ آباد میں 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسی طرح بیڑ ضلعے میں 33‘ جالنہ میں 29‘ پربھنی میں 12 اور ہنگولی میں 4 نئے کورونا معاملے سامنے آئے۔ عثمان آباد ضلعے میں 12 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
خواتین کے قومی کمیشن کا یومِ تاسیس کل نئی دلّی میں منایا گیا۔ اس دوران مختلف شعبو ںمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو قومی انعامات سے نوازا گیا۔ ان میں اورنگ آباد کی پولس سپرنٹنڈنٹ موکشدا پاٹل بھی شامل ہیں، جنہیں کورونا وائرس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر کے ہاتھوں انعام دیا گیا۔ موکشدا پاٹل کی کووِڈ 19- کے دوران اورنگ آباد ضلعے کے دیہی علاقوں کو محفوظ رکھنے اور بہتر تال میل برقرار رکھنے پر ستائش کی گئی۔ تقریب کے دوران پربھنی ضلعے کی پولس سپرنٹنڈنٹ نیتی ٹھاکر‘ امراوتی کی پولس کمشنر آرتی سنگھ اور شولاپور کی پولس سپرنٹنڈنٹ تیجسوی ساتپوتے کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنواچکے صحافیوں کو حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپئوں کی امداد دی جائے اور اس کام کیلئے مراٹھی پترکار پریشد لگاتار کوشش کررہی ہے۔ ممبئی مراٹھی پترکار پریشد کے ایس ایم دیشمکھ نے یہ بات کہی۔ وہ بیڑ ضلعے کے امبہ جوگائی میں ایک تقریب کے دوران بول رہے تھے۔ دیشمکھ نے اعلان کیا کہ صحافیوںکے مسائل حل کرنے کیلئے مراٹھی پترکار پریشد ریاست کے ہر تعلقے میں اپنی شاخ شروع کرے گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع پریشد کے صدر کے چنائو کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت پوری ہوچکی ہے۔ ضلع پریشد کی سابق صدر دیویانی ڈونگائونکر نے ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ میں یہ عرضی داخل کی ہے۔ واضح ہو کہ اس مرتبہ انتخابات کے دوران دونوں امیدواروں کو برابربرابر ووٹ ملے تھے۔جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے قرعہ اندازی کے ذریعے جیتنے والے امیدوار کا تعین کیا تھا۔ قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے کے بعد دیویانی ڈونگائونکر نے اس پورے عمل کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے کے تلجا پور تعلقے کے اَندور میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کل اَندُور میں بند منایا گیا۔ اس دوران جلوس نکالا گیا۔ پولس نے اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ گائوں والوں کا مطالبہ ہیکہ تیسرے ملزم کو بھی جلد سے جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے بسمت‘ کلمنوری اور اونڈھا ناگناتھ سمیت 40 گائووں میں سنیچر کی آدھی رات زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان جھٹکوں کو ریختر اسکیل پر 2.2 ماپا گیا۔ ان جھٹکوں سے ضلعے میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ پارلیمنٹ میں آج ہوگا بجٹ پیش؛ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ ڈیجیٹل طریقے سے پیش ہوگا۔
٭ دنیا بھر میں سب سے تیز ہے بھارت کی کورونا ٹیکہ اندوزی مہم کی رفتار؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا بیان۔
٭ ملک میں کل چلائی گئی پلس پولیو مہم؛ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو خوراک یقینی بنانے پر ہے حکومت کا زور۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد‘ جالنہ اور پربھنی ضلعوں میں کل ہوئی ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت؛ 115 نئے معاملوں کا انکشاف۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment