Saturday, 13 February 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 13.February.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 13 February -2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳؍ فروری  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ اس مرتبہ کا بجٹ خود کفیل بھارت کی جانب اہم قدم: مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن۔
٭ بجٹ اجلاس میں راجیہ سبھا کا پہلا مرحلہ 8مارچ تک ملتوی کردیا گیا۔
٭ ریاست میں Principals  اور  Professors کے خالی عہدے پُرکرنے کا عمل جلد شروع کیا جائیگا۔
٭ نومنتخب سرپنچوں‘ نائب سرپنچوں اور گرام پنچایت اراکین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد۔
٭ لاتور میونسپل کارپوریشن شہر میں 5 میگا واٹ کا شمسی توانائی پروجیکٹ شروع کرے گی۔
اور۔۔٭ جالنہ ضلع میں تیز رفتار کار کے کنوئیں میں گرنے سے 2 کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
راجیہ سبھا کی کاروائی آئندہ 8 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔ بجٹ اجلاس کے پہلا مرحلے کا کام کاج آئندہ پیر کو ملتوی کیا جانا تھا، تاہم کل دوپہر تین بجے یہ کاروائی اختتام پذیر ہوگئی۔ دریں اثناء اس سے قبل مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن نے کل راجیہ سبھا میں بجٹ پر ہوئی بحث کا جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ کا بجٹ خود کفیل بھارت کی جانب اہم قدم ہے۔ وزیرِ مالیات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ بجٹ Lockdown کے سبب مالی مدد کے مستحق افراد کو راحت دے گا اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے حکومت کی کاوشوں میں مددگار بنے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے کہا ہے کہ ملک کا کوئی بھی آکاشوانی مرکز بند نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی کسی مرکز کا درجہ کم کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف کل لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلائو کا آکاشوانی کے کام کاج پر اثر ضرور ہوا ہے تاہم آکاشوانی نے کورونا سے متعلق عوامی بیداری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل راجیہ سبھا میں وقفۂ سوالات کے دوران منماڑ سے پربھنی ریلوے لائن کو Double Track  کرنے کا معاملہ اُٹھایا۔ انھوں نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ اورنگ آباد میں ریلوے کی پٹ لائن کا جائزہ مکمل ہوچکا ہے تاہم یہ کام ابھی تک زیرِ التواء ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کہا ہے کہ ریاست کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں Principals اور Professors  کے خالی عہدے جلد پُر کیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف کل شولاپور کی پنیہ شلوک اہلیہ دیوی یونیورسٹی میں ہوئے پروگرام کے بعد صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوںنے کہا کہ ریاستی حکومت کی مالی حالت خستہ ہے اس لیے کئی خالی آسامیاں پُر کرنے کا عمل زیرِ التواء ہے۔ تاہم تعلیمی نقطۂ نظر سے Principals اورProfessors  کی خالی نشستیں پُر کرنا ضروری ہے۔ اسی لیے کالجوں اور Universities کو خالی عہدوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی نے کہا ہے کہ آئندہ چند دِنوں میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی طلب میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے کل ممبئی کے گوریگائوں میں Indian Auto Show کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیسائی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوںکیلئے ایک آزاد پالیسی وضع کی ہے جس کے ذریعے بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کیا جائیگا۔ اس سہ روزہ نمائش میں ملک کی متعدد بڑی Automobile کمپنیوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ریاست میں حال ہی میں منتخب کیے گئے سرپنچوں‘ نائب سرپنچوں اور گرام پنچایت کے اراکین کو دیہی ترقی سے متعلق مختلف امور کی تربیت دی جائیگی۔ دیہی ترقی کے ریاستی وزیر حسن مشرف نے کل یہ اعلان کیا۔ پنچایت راج تربیتی مراکز اور پنچایت سمیتیوں کے BDO's کے ذریعے ریاست کے مختلف علاقوں میں تربیتی پروگرام کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اراکین کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب یہ تربیت مرحلہ وار دی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں 77 ہزار 500  افرادکو تربیت دی جائیگی۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیرِ توانائی چندر شیکھر باون کُڑے نے مہا وکاس آگھاڑی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بجلی بل معافی کے اپنے تیقن پر عمل نہ کرتے ہوئے بقایہ داروں پر کاروائی کررہی ہے۔ انھوں نے اس کے خلاف احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ باون کُڑے کل ناگپور میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت نے عوام سے 100 یونٹ تک کا بجلی بل معاف کرنے کا تیقن دیا تھا تاہم اب بجلی کنکشن جوڑنے کا کام معطل کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
شکر کے کمشنر شیکھر گائیکواڑ نے شکر کارخانوں کو ضمانتی قیمت سے کم قیمت میں شکر فروخت کرنے اور کھلے بازار میں شکر فروخت کرنے کی ماہانہ حد کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ اس خصوص میں قواعد پر عمل نہ کرنے والے شکر کارخانوں پر فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔ مرکزی حکومت نے شکر کی کم از کم قیمت 3100 روپئے فی کوئنٹل طئے کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 3ہزار 670 نئے کورونا کے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ جس کے بعد ریاست میں اس وباء کے متاثرین کی کُل تعداد 20 لاکھ 56 ہزار 575 ہوچکی ہے۔ کل 36 مریض کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔ ریاست میں اب تک اس بیماری سے 51ہزار 451 مریضوں کی موت واقع ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 2 ہزار 422 افراد کورونا سے شفا یاب بھی ہوئے۔ ریاست میں اب تک 19 لاکھ 72 ہزار 475 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ریاست میں اس بیماری سے شفاء یابی کی شرح 95.91 فیصد ہوچکی ہے۔ سرِدست 31 ہزار 474 مریضوں کا ریاست میں علاج کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء کل ریاست بھر میں 40 ہزار افرادکو کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا۔ ریاست میں اب تک 6 لاکھ 48ہزار 573  افراد کی کورونا ٹیکہ اندازی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے ہنگولی اور جالنہ اضلاع میں کل ایک۔ ایک کورونا مریض ی موت ہوگئی۔ ساتھ ہی ڈویژن میں کل کورونا کے 220 نئے معاملے درج کیے گئے۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے 71 نئے مریض سامنے آئے۔ جالنہ ضلع میں 45‘ لاتور 35‘ ناندیڑ 20‘ بیڑ 16‘ عثمان آباد 12‘ پربھنی 11  اور ہنگولی میں کل کورونا کے 10 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے میں واقع اسول واڑی میں ایک کسان کی 300 مرغیاں گذشتہ دو دِنوں میں مردہ پائی گئیں۔ ان مرغیوں کے نمونے جانچ کیلئے پونا اور بھوپال کی تجزیہ گاہوں کو روانہ کیے گئے ہیں۔ کلمنوری تعلقے کے دھانڈے پمپری اور کرشنا پور برڈ فلو سے متاثرہ ہزاروں مرغیوں کو تلف کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
گذشتہ سوا مہینے کے دوران 50 کسان ریلوے نے جنوب وسطی ریلوے کے نگر سول اسٹیشن سے ملک کے مختلف حصوں میں پیاز کی باربرداری کی ہے۔ ملک بھر میں اس کسان ریلوے کے ذریعے تقریباً 19 ہزار 318 ٹن پیاز پہنچائی گئی ہے۔ آئندہ مارچ اخیر تک مزید 50 کسان ریلوے ملک کے مختلف حصوں میں روانہ کی جائیگی۔ اب تک ملک کے مختلف علاقوں سے 90 کسان ریلوے کی طلب کا اندراج کیا گیا ہے۔ ڈویژنل ریلوے مینیجر اُپندر سنگھ نے کسانوں اور تاجروں سے اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن نے 5 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے کے قیام کی منظوری دی ہے۔ لاتور کے میئر وکرانت گوجمگنڈے نے بتایا کہ کل کارپوریشن کے عام اجلاس میں اس بجلی پروجیکٹ سمیت 34 مختلف اُمور کو منظوری دی گئی۔ عام اجلاس میں اس منصوبے کیلئے درکار اراضی کی خریدی کیلئے ایک کروڑ اور کارپوریشن کے حصے کے طور پر 4 کروڑ روپئے فراہم کرنے کو بھی منظوری دی گئی۔ اس بجلی منصوبے کے قیام کے بعد لاتور شہر بجلی کے معاملے میں خود کفیل ہوجائے گا۔ اسی بیچ تواتر کے ساتھ املاک ٹیکس ادا کرنے والے شہریان کو کارپوریشن ٹیکس میں 12 فیصد سہولت دے گی۔ ساتھ ہی عام اجلاس میں وظیفہ یاب فوجیوں اور ان کی بیوائوں کو املاک ٹیکس معاف کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا یووا مورچہ عثمان آباد شاخ نے ضلع کلکٹر سے چھترپتی شیواجی مہاراج کی سالگرہ بغیر کسی شرط کے منانے کی اجازت طلب کی ہے۔ یووا مورچہ کے عثمان آباد ضلع صدر راج سنگھ راجے نمباڑکر نے کل اپنے کارکنان سمیت ایک مطالباتی محضر ضلع کلکٹر کو پیش کیا۔ شیوجینتی کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی شرطوں کی انھوں نے مذمت کی۔
اسی دوران ریاستی حکومت نے شیوجینتی منانے کیلئے رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ کسی بھی طرح کے جلوس او رموٹر سائیکل ریلی نکالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ شیوجینتی کے موقع پر منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ 100  افراد ہی شریک ہوسکتے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے جام واڑی علاقے میں کل رات ایک تیز رفتار کار کنوئیں میں گرگئی۔ اس حادثے میں 2  افراد ہلاک ہوگئے۔ کار دیول گائوں راجہ کی طرف جارہی تھی کہ بے قابو کار راستے کے قریب واقع کنوئیں میں جاگری۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد بیڑ کے رہائشی تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ اس مرتبہ کا بجٹ خود کفیل بھارت کی جانب اہم قدم: مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن۔
٭ بجٹ اجلاس میں راجیہ سبھا کا پہلا مرحلہ 8مارچ تک ملتوی کردیا گیا۔
٭ ریاست میں Principals اور Professors کے خالی عہدے پُرکرنے کا عمل جلد شروع کیا جائیگا۔
٭ نومنتخب سرپنچوں‘ نائب سرپنچوں اور گرام پنچایت اراکین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد۔
٭ لاتور میونسپل کارپوریشن شہر میں 5 میگا واٹ کا شمسی توانائی پروجیکٹ شروع کرے گی۔
اور۔۔٭ جالنہ ضلع میں تیز رفتار کار کے کنوئیں میں گرنے سے 2 کی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.05.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 May 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती...