Saturday, 6 February 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 06.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶؍ فروری  ۲۰۲۱ئ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ عوامی ضروریات کو پیشِ نظر رکھ کر سرکاری منصوبے شروع کرنے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ مرکزی حکومت‘ مراٹھا ریزرویشن کیلئے آئینی اقدامات کرے‘ اشوک چوہان کا مطالبہ۔
٭ کانگریس کے ریاستی صدر کی حیثیت سے سابق اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے کی نامزدگی۔
٭ ریاست میں کوروناکے 2 ہزار 628 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 158 مریضوں کی جانچ مثبت۔
اور۔۔٭ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شیوسینا کے اور بجلی بل معاف کرنے کیلئے بی جے پی کے ریاست بھر میں مظاہرے۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ہدایت کی ہیکہ عوام کی ضروریات اور مفادات کو پیشِ نظر رکھ کر سرکاری منصوبے شروع کیے جائیں۔ وہ کل اورنگ آباد میں ضلع کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو حکم دیا کہ ضلع کے ترقیاتی کاموں کی ترجیح طئے کرکے تجاویز ارسال کریں۔ اس اجلاس میں ریاست کے وزیرِ صنعت اور ضلع کے رابطہ وزیر سبھاش دیسائی‘ روزگار ضمانتی اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے‘ مملکتی وزیرِ محصول عبدالستار‘ مملکتی وزیرِ ماحولیات سنجے بنسوڑے سمیت متعدد اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے کووِڈ تدارک اور ٹیکہ اندازی مہم‘ زرعی پمپوںکو جوڑنے اور آبرسانی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ا نھوں نے کہا کہ اورنگ آباد کی طرز پر ’’ماجھے کٹمب ماجھے پریوار‘‘ اسکیم سے متعلق بیداری مہم ہر ضلع میں چلائی جانی چاہیے۔ اجلاس سے قبل وزیرِ اعلیٰ نے شہر آبرسانی اسکیم کے تحت پائپ لائن اور پانی کی ٹنکیوں کے تعمیری کام کا معائنہ کیا اور کہا کہ ان کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ بار بار اورنگ آباد کا دورہ کریں گے۔
قبل ازیں اُدّھو ٹھاکرے نے بلڈانہ ضلع کے ’’لونار تالاب‘‘ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوںنے کہا کہ لونار سروور کی ترقی کیلئے منصوبہ تیار کرکے اس پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کیا جاتا ہے تو یہ تالاب سیاحت کیلئے نئی جہت اختیار کرجائیگا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ذیلی کابینی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے ترغیب دی ے کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق مرکزی حکومت مثبت کردار ادا کرے۔ اس خصوص میں کل عدالت ِ عظمیٰ میں ہوئی سماعت کے بعد وہ اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ مراٹھا ریزرویشن کی سماعت اب عدالت ِ عظمیٰ میں 8 تا 18مارچ کے دوران ہوگی۔ کل سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ معاشی طورپر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن سے متعلق 18 مارچ کو اپنا مؤقف پیش کریں۔ اشوک چوہان نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کی طرز پر ہی مرکزی حکومت مراٹھا ریزرویشن کیلئے رواں پارلیمانی اجلاس میں ہی آئین سازی کرے۔
دریں اثناء مراٹھا ریزرویشن کے درخواست گذار ونود پاٹل نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت منصوبہ بند پالیسی کے ساتھ عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرے۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال مراٹھا ریزرویشن کیلئے مظاہرے ریاستی حکومت کی عدم کارکردگی کے خلاف کیے جارہے ہیں اور مطالبات کی تکمیل تک یہ مظاہرے جاری رہیں گے۔
***** ***** *****
کوی کُل گرو کالی داس سنسکرت یونیورسٹی کے ریاست میں 4 ذیلی مراکز شروع کرنے کیلئے کابینی اجلاس میں تجویز پیش کی جائیگی۔ یہ اعلان اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کیا۔ وہ کل ناگپور کے رام ٹیک میں کوی کُل گرو کالی داس یونیورسٹی کی ماتو شری اقامت گاہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں آئندہ تعمیر کیے جانے والے لڑکیوں کے تمام ہاسٹلز کو بھی ماتوشری نام ہی دیا جائیگا۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدے کے سابق اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے کو نامزد کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع کل پارٹی کی مجلس عاملہ کی جانب سے دی گئی۔ پٹولے سمیت 6 کارگذار ریاستی صدور کی بھی نامزدگی عمل میں آئی ۔ جن میں شیواجی رائو موگھے‘ بسو راج پاٹل‘ عارف نسیم خان‘ کنال پاٹل‘ چندر کانت ہنڈورے اور پرنیتی شندے شامل ہیں۔ نائب صدر کے عہدے پر 10  افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلارہے کسان مورچہ نے آج ملک بھر میں تین گھنٹے طویل ’’چکّا جام ‘‘ مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کی اس تحریک کی حمایت کرتی ہے۔ وہ کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی اس تحریک کو دنیا بھر سے پذیرائی مل رہی ہے اور تحریک کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے۔
***** ***** *****
اسکول کی فیس میں کمی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو قانونی اُمور کا جائزہ لیکر اپنی رپورٹ حکومت کو ارسال کریگی۔ یہ اطلاع اسکولی تعلیم  محکمے کے ذرائع نے دی۔ فی الحال یہ معاملہ عدالت ِ عالیہ کے زیرِ سماعت ہے۔ اس لیے حکومت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت کا مؤقف پُرزور انداز میں پیش کرکے 8 مئی 2020 کے حکومتی فیصلے پر عدالت ِ عالیہ کے حکمِ التواء کو ختم کرانے کی کوشش کی جائیگی۔ چند تعلیمی اداروں کی جانب سے حکومتی احکامات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جس کے بعد یہ عبوری حکمِ التواء جاری کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا نے رواں مالی سال کے آخری دو ماہ کیلئے کریڈٹ پالیسی کا کل اعلان کیا۔ جس میں ریپو ریٹ 4 فیصد اور ریورس ریپو ریٹ تین اعشاریہ تین پانچ فیصد قائم رکھا گیا ہے۔ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں شرحِ نمو ساڑھے دس فیصد رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 2 ہزار 628 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں کووِڈ سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 20 لاکھ 38ہزار 630 ہوگئی ہے۔ کل اس مرض کے باعث 40  افراد کی موت واقع ہوئی۔ جس کے بعد کورونا مہلوکین کی مجموعی تعداد 51 ہزار 255 ہوگئی۔ ر یاست میں اب تک 19 لاکھ 52ہزار 187  افراد اس مرض سے شفاء پاچکے ہیں، لیکن 33 ہزار 936 مریض ہنوز زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 5 کورونا مریضوں کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ ڈویژن میں 158 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ مہلوکین میں لاتور کے 2‘ اورنگ آباد‘ بیڑ اور ناندیڑ اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ تعلیم میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور درجۂ چہارم کے ملازمین کی کووِڈ ٹیکہ اندازی کا کل سے آغاز ہوا۔ چکل تھانہ صنعتی علاقے میں واقع اسپتال میں یہ ٹیکہ اندازی جاری ہے۔
***** ***** *****
پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کیخلاف کل شیوسینا کی جانب سے ریاست بھر میں مرکزی حکومت کیخلاف مظاہرے کیے گئے۔ اورنگ آباد میں ضلع صدر اور رکنِ اسمبلی امبا داس دانوے اور رکنِ اسمبلی اُدئے سنگھ راجپوت کی زیرِ قیادت اور جالنہ میں سابق مملکتی وزیر ارجن کھوتکر کی زیرِ قیادت شیوسینا کارکنوں نے مظاہرے کیے۔ ناندیڑ‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ لاتور اور عثمان آباد میں بھی شیوسینا رہنمائوں کی قیادت میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہرے کیے گئے۔
دوسری جانب کورونا وباء کے دوران دئیے گئے بجلی بلوں کو معاف کرنے کیلئے بی جے پی کی جانب سے ریاستی حکومت کیخلاف ریاست بھر میں مظاہرے ہوئے۔ اورنگ آباد میں ضلع صدر سنجے کینیکر کی زیرِ قیادت اور عثمان آباد میں ضلع صدر نتن کاڑے کی زیر قیاد ت مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مختلف اضلاع میں ان مظاہروں کے دوران بجلی ترسیل کار کمپنی کے دفاتر کو مقفل کردیا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کی دیوالیہ ویڈیوکان کمپنی کے ملازمین کی بقایہ تنخواہوں سے متعلق ایک نمائندہ وفد نے کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو ایک محضر پیش کیا۔ اس خصوص میں وفد کو وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے تیقن دیا گیا کہ شیوسینا کے رکنِ پارلیمان راج کمار دھوت ملازمین کی شکایات سنیں گے اور وزیرِ اعلیٰ خود بھی اس معاملے میں توجہ دیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھرسن لیجیے ۔۔
٭ عوامی ضروریات کو پیشِ نظر رکھ کر سرکاری منصوبے شروع کرنے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ مرکزی حکومت‘ مراٹھا ریزرویشن کیلئے آئینی اقدامات کرے‘ اشوک چوہان کا مطالبہ۔
٭ کانگریس کے ریاستی صدر کی حیثیت سے سابق اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے کی نامزدگی۔
٭ ریاست میں کوروناکے 2 ہزار 628 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 158 مریضوں کی جانچ مثبت۔
اور۔۔٭ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شیوسینا کے اور بجلی بل معاف کرنے کیلئے بی جے پی کے ریاست بھر میں مظاہرے۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 19.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 19 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...