Thursday, 1 July 2021

 Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 01.07.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 July-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم جولائی  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔
ملک بھر میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کووِڈ 19- کے تدارک کیلئے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ یہ ٹیکے ضرور لگوائیں اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی میں مدد کریں۔ کورونا کا خطرہ ہنوز برقرار ہے‘ اس لیے احتیاط اب بھی لازمی ہے۔ سامعین سے گذارش ہے کہ نہایت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ناک اور منہ پر ماسک اچھی طرح لگائیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں اور ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔
کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے 011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ خود کفیل بھارت اسکیم کے 6 لاکھ 28 ہزار کروڑ روپئے کے پیکیج کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ کووِڈ 19- کے باعث جان گنوانے والے افراد کے ورثاء کو معاوضہ ادا کرنے کیلئے رہنماء اُصول مرتب کرنے عدالت ِ عظمیٰ کا حکم۔
٭ ریاست میں 9 ہزار 771 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 15مریضوں کی موت۔
٭ قائد ِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس کی جانب سے اُٹھائے گئے 3 موضوعات پر کاروائی کرنے کی گورنر کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کو ہدایت۔
اور۔۔ ٭ جالنہ کے کیمیاوی ٹکنالوجی ادارے کے ذیلی مرکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے 165 کروڑ روپئے منظور کیے جائیں گے: اُدئے سامنت۔
***** ***** *****
اَب خبریں تفصیل سے۔۔
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن کی جانب سے خود کفیل بھارت اسکیم کیلئے معلّنہ 6 لاکھ 28 ہزار کروڑ روپئے کے پیکیج کو کل مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی۔ نئی دہلی میں مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیرِ اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی۔ اس پیکیج میں کووِڈ سے متاثرہ علاقوں کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار کروڑ اور ہنگامی حالات کیلئے دیڑھ لاکھ کروڑ روپئے کے ڈپازٹ ضمانتی اسکیم کیلئے 2 لاکھ 60 ہزار کروڑ روپئے کی امداد شامل ہے۔
***** ***** *****
کووِڈ 19- کے باعث جان گنوانے والے افراد کے اہلِ خانہ کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے رہنما اُصول تیار کرنے کا حکم عدالت ِ عظمیٰ نے ہنگامی انتظامی ادارے کو دیا ہے۔ جسٹس اشوک بھوشن کی زیرِ صدارت تین ججوں پر مشتمل بینچ نے اندرونِ 8 ہفتے یہ رقم طئے کرنے کا حکم دیا۔ کورونا کے باعث فوت ہونے والے افراد کو 4 لاکھ روپئے دئیے جانے کی استدعا پر مبنی ایک درخواست عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کی گئی ہے۔ اس درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے کل یہ احکامات جاری کیے۔ عدالت نے یہ وضاحت بھی کی کہ کورونا کو قومی آفت قرار دئیے جانے کے سبب اس وباء کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کو معاوضہ دینا لازمی ہے۔
***** ***** *****
حکومت کی جانب سے ریاست میں 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور مکمل طور پر معذور افراد کو اُن کے گھروں پر ہی کورونا ویکسین دی جائیگی۔ ریاست کے سالیسٹر جنرل آشوتوش کمبھ کونی نے کل ممبئی عدالت ِ عالیہ میں ایک عرضداشت پر سماعت کے دوران بتایا کہ اس فیصلے پر مرکزی حکومت کی اجازت حاصل کرنے کیلئے انتظار نہیں کیا جائیگا۔ بزرگ اور معذور شہریوں کی اُن کے مقامات پر ہی ٹیکہ اندازی کا آغاز پونا سے کیا جائیگا۔ کل اس سماعت کے دوران حکومت نے اس خصوص میں ایک حلف نامہ بھی عدالت میں جمع کروایا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 9ہزار 771 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 60 لاکھ 61 ہزار 404 ہوگئی ہے۔ کل 141  افراد کی دورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ اس طرح اب تک اس وباء کے باعث ریاست میں فوت ہونے والے مریضوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 949 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 16 ہزار 364 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں 407 مریضوں کی کورونا جانچ کل مثبت پائی گئی‘ جبکہ ڈویژن میں 15  افراد دورانِ علاج چل بسے۔ ان میں جالنہ ضلع کے 6‘ بیڑ 5‘ ناندیڑ 2‘ اور اورنگ آباد اور پربھنی ضلع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ کل بیڑ ضلع میں 173 نئے مریض پائے گئے، جبکہ اورنگ آباد 90‘ عثمان آباد 66‘ لاتور 35‘ پربھنی 19‘ جالنہ 14‘ ناندیڑ 9  اور ہنگولی ضلع میں ایک مریض کورونا سے متاثر پایا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
درجِ فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے جن خاندانوں کے سرپرست کی کووِڈ 19- کے باعث موت واقع ہوئی ہے ان خاندانوں کی بازآباد کاری کیلئے تجارتی قرض کی فراہمی کی اسکیم‘ مہاتما پھلے پسماندہ ترقیاتی بورڈ کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ایک تا 5لاکھ روپئے قرض حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے متاثرہ خاندانوں کو بورڈ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
قائد ِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس کی جانب سے اُٹھائے گئے 3 موضوعات پر کاروائی کرنے کی ہدایت گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو دی ہے۔ اسمبلی کے مانسون اجلاس‘ اسمبلی اسپیکر کے انتخاب اور دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کے مسئلے پر مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات ملتوی کرنے جیسے موضوعات پر دیویندر پھڑنویس نے گورنر کو ایک محضر ارسال کیا تھا۔ گورنر نے وزیرِ اعلیٰ کو تحریر کردہ مکتوب میں ان موضوعات پر کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی اتل ساوے نے الزام عائد کیا ہے کہ عدالت کی جانب سے بار بار مدت دئیے جانے کے باوجود حکومت OBC سے متعلق امپریکل ڈیٹا پیش نہیں کرسکی۔ اس لیے دیگر پسماندہ طبقات کا سیاسی ریزرویشن منسوخ ہوا ہے۔ کل اورنگ آباد میں جاری کردہ ایک صحافتی بیان میں اتل ساوے نے ریاست کی مہا وِکاس آگھاڑی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
وَنچت بہوجن آگھاڑی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے OBC کا امپریکل ڈیٹا عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا ہے تو آگھاڑی کے کارکن سڑکوں پر اُتر کر تحریک چلائیں گے۔ وَنچت بہوجن آگھاڑی کے ترجمان ڈاکٹر دھرم راج چوہان نے کل اورنگ آباد میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
ریاستی سرکاری ملازمین کو یکم جولائی 2020 کو واجب الادا ساتویں اجرتی کمیشن کے واجبات کی دوسری قسط ادا کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ محکمۂ خزانہ نے کل اس خصوص میں ایک حکمنامہ جاری کیا۔ اس مکتوب کے مطابق تنخواہ دار افراد اور وظیفہ خواروں کو بھی ان کے بقایہ جات کی دوسری قسط ادا کی جائیگی۔ تاہم تیسری قسط کی ادائیگی کو فی الحال ملتوی رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ کے کیمیاوی ٹکنالوجی ادارے کے ذیلی مرکزی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے 165 کروڑ روپئے فنڈ مہیا کیا جائیگا۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کل یہ اطلاع دی۔ وہ کل اس ذیلی مرکز کے دورے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس ذیلی مرکز کیلئے منظور شدہ 203 ایکڑ قطعۂ اراضی کا قبضہ لینے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے تمام عوامی نمائندوں کو ساتھ لیکر رپورٹ تیار کرنے کا حکم انھوں نے ضلع انتظامیہ کو دیا۔
کوکن کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر تکنیکی یونیورسٹی کا شعبہ جاتی مرکز اورنگ آباد کے سرکاری انجینئرنگ کالج میں شروع کرنے کا اعلان بھی اُدئے سامنت نے کیا۔ وہ کل اورنگ آباد میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پیٹھن میں سنت پیٹھ آئندہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع کرنے کا اعلان بھی وزیرِ موصوف نے کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ خود کفیل بھارت اسکیم کے 6 لاکھ 28 ہزار کروڑ روپئے کے پیکیج کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ کووِڈ 19- کے باعث جان گنوانے والے افراد کے ورثاء کو معاوضہ ادا کرنے کیلئے رہنماء اُصول مرتب کرنے عدالت ِ عظمیٰ کا حکم۔
٭ ریاست میں 9 ہزار 771 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 15مریضوں کی موت۔
٭ قائد ِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس کی جانب سے اُٹھائے گئے 3 موضوعات پر کاروائی کرنے کی گورنر کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کو ہدایت۔
اور۔۔ ٭ جالنہ کے کیمیاوی ٹکنالوجی ادارے کے ذیلی مرکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے 165 کروڑ روپئے منظور کیے جائیں گے: اُدئے سامنت۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...