Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ اگست ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔
ملک بھر میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کووِڈ 19- کے تدارک کیلئے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ یہ ٹیکے ضرور لگوائیں اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی میں مدد کریں۔ کورونا کا خطرہ ہنوز برقرار ہے‘ اس لیے احتیاط اب بھی لازمی ہے۔ سامعین سے گذارش ہے کہ نہایت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ناک اور منہ پر ماسک اچھی طرح لگائیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں اور ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔
کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے 011-23 97 80 46 یا 1075 پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروںکی سرخیاں۔
٭ ریاستی پبلک سروس کمیشن کی معرفت مختلف آسامیاں پُر کرنے کیلئے ریاستی حکومت کا حکم نامہ جاری۔
٭ آزادیِ ہند کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ریاستی کانگریس کی ’’ویرتھ نہ ہو بلیدان‘‘ مہم۔
٭ ریاست میں 6 ہزار 479 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 4مریضوں کی موت۔
٭ ٹوکیو اولمپکس میں ٹینس کھلاڑی پی وی سندھو کو کانسے کا تمغہ۔
اور۔۔٭ 49 برس بعد ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اولمپکس کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاستی پبلک سروس کمیشن کی معرفت مختلف محکموں کی خالی آسامیوں میں سے ذیلی کمیٹیوں کی منظور شدہ نشستوں اور اعلیٰ سطحی سیکریٹری کمیٹی کی منظور کردہ آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے فیصلہ جاری کردیا ہے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس خصوص میں فہرست تیار کرکے 30 ستمبر تک MPSC کو ارسال کریں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی زیرِ صدارت 30 جولائی کو منعقدہ اجلاس کے بعد شعبۂ مالیات نے اس خصوص میں مکتوب جاری کیا۔ کورونا کی صورتحال کے باعث صرف صحتِ عامہ اور طبّی تعلیم کے شعبوں کے سوا تمام شعبو ںمیں بھرتی پر پابندی تھی‘ تاہم اب ان میں سے کچھ آسامیوں کے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اسمبلی اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ ریاست میں ساڑھے پندرہ ہزار خالی آسامیاں پُر کی جائیں گی۔ اب حکومت کے اس فیصلے کے باعث عمل کا آغاز ہوجائیگا۔
***** ***** *****
کل سے کمپیوٹرائزڈ سات بارہ نئی شکل میں دیا جارہا ہے۔ پونا کے ضلع کلکٹر دفتر میں کل وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات کے ہاتھوں اس سہولت کا افتتاح عمل میں آیا۔ مملکتی وزیر عبدالستار نے بذریعہ ویڈیو لنک اس پروگرام میں شرکت کی۔ ڈیجیٹل دستخط، تبادلۂ اراضی، ترمیم شدہ فارمیٹ میں سات بارہ اور اسے آن لائن رجسٹری کے عمل سے جوڑنے کی سہولت کا کل افتتاح عمل میں آیا۔
***** ***** *****
آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ریاستی کانگریس کی جانب سے ’’وِیرتھ نہ ہو بلیدان‘‘ مہم کے تحت سال بھر مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ پونا کے تلک واڑہ سے کل اس مہم کا آغاز ہوا۔ اس مہم کے ذریعے جدوجہدِ آزادی میں کانگریس کا حصہ اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیر میں کانگریس کی خدمات کو نئی نسل کے سامنے لایا جائیگا۔ یہ اطلاع پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ نانا پٹولے نے دی۔
***** ***** *****
کوکن اور مغربی مہاراشٹر کی آفت زدہ عوام کیلئے اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو مختلف مطالبات ارسال کیے ہیں۔ جن میں ہنگامی امدادی اسکیموں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان مطالبات میں دُکانوں اور مکانوں سے پانی و تلچھٹ نکالنے اور فصلوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کیلئے نقد یا بینک کھاتوںمیں رقومات جمع کروانے‘ موبائل سے کی گئی عکس بندی کو پنچ نامے کیلئے قابلِ قبول تصور کرنے‘ مویشی مالکوں‘ ماہی گیروں‘ خوانچہ فروشوں اور چھوٹے دُکانداروں کو امداد دینے اور سیلاب زدہ کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 6ہزار 479 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 63 لاکھ 10 ہزار 194 ہوگئی ہے۔ کل 175 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ ریاست میں اس عارضے کے باعث اب تک ایک لاکھ 32ہزار 948 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 78 ہزار 962 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 376 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 4 افراد انتقال کرگئے۔ جن میں بیڑ ضلع کے 2 اور پربھنی اور اورنگ آباد اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ بیڑ ضلع میں کل کورونا کے 200 نئے مریض پائے گئے، جبکہ عثمان آباد 83‘ اورنگ آباد 36‘ لاتور 27‘ جالنہ 24‘ پربھنی 5 اور ہنگولی ضلع میں کورونا کا ایک نیا مریض پایا گیا۔ ناندیڑ ضلع میں کل ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کی برسی اور لوک شاہیر انا بھائو ساٹھے کی جینتی کے حوالے سے کل انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اورنگ آباد ضلع کلکٹر دفتر سے قریب انا بھائو ساٹھے کے مجسّمے پر مختلف سیاسی جماعتوںاور سماجی تنظیموں نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اورنگ آباد شہر و ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے انا بھائو ساٹھے اور لوک مانیہ تلک کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے اسٹڈی سینٹر کی جانب سے بھی کل ایک آن لائن پروگرام منعقد کیا گیا۔
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل کے خصوصی فنڈ سے تعمیر کیے گئے لوک شاہیر انا بھائو ساٹھے ہال کا افتتاح کل امتیاز جلیل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
پربھنی کے ضلع کلکٹر راجیش کاٹکر نے انا بھائو ساٹھے کی شبیہ پر پھول چڑھا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لاتور کے رابطہ وزیر امیت دیشمکھ نے انا بھائو ساٹھے کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ انا بھائو ساٹھے کے نام سے سرکاری ایوارڈ یا فیلو شپ دینے کیلئے سرکاری سطح پر کوشش کریں گے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع کے تلجا پور کے سابق رکنِ اسمبلی اور ماہرِ تعلیم ایس این آلورے آج صبح قلبی حملے کے باعث چل بسے۔ وہ 90 برس کے تھے۔ وہ 1980 میں تلجا پور حلقے سے اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ ان کی آخری رسومات آج سہ پہر 3 بجے ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ٹوکیو اولمپک میںکل بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ کل شام ہوئے مقابلے میں سندھو نے چین کی ہی بنگ جیو کو 21-13 اور 21-15 سے راست سیٹوں میں شکست دی۔ ریو اولمپک میں سندھو نے نقرئی تمغہ حاصل کیا تھا۔ مسلسل دو اولمپک کھیلوں میں تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو بھارت کی پہلی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پی وی سندھو کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم 49 برس کے بعد اولمپک کھیلوں کے سیمی فائنل میں داخل ہوگئی ہے۔ کل سیمی فائنل میں قومی ٹیم دفاعی چمپئن بلجیم سے ٹکرائے گی۔ خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کا آسٹریلیاء کی ٹیم کے ساتھ کوارٹر فائنل ابھی جاری ہے۔ ڈسکس تھرو میں کمل پریت کور آج فائنل مقابلے میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔
باکسر ستیش کمار کل سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک اُزبکستان کے باکسر بخودیر جالولو سے 5-0 سے ہار گئے۔ کوارٹر فائنل میں شدید زخمی ہوجانے کے باوجود سیمی فائنل میں حصہ لینے پر ستیش کمار کی ستائش کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاستی پبلک سروس کمیشن کی معرفت مختلف آسامیاں پُر کرنے کیلئے ریاستی حکومت کا حکم نامہ جاری۔
٭ آزادیِ ہند کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ریاستی کانگریس کی ’’ویرتھ نہ ہو بلیدان‘‘ مہم۔
٭ ریاست میں 6 ہزار 479 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 4مریضوں کی موت۔
٭ ٹوکیو اولمپکس میں ٹینس کھلاڑی پی وی سندھو کو کانسے کا تمغہ۔
اور۔۔٭ 49 برس بعد ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اولمپکس کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔
No comments:
Post a Comment