Tuesday, 3 August 2021

 Urdu Regional News Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 03.August.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 August-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ اگست  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔
ملک بھر میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کووِڈ 19- کے تدارک کیلئے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ یہ ٹیکے ضرور لگوائیں اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی میں مدد کریں۔ کورونا کا خطرہ ہنوز برقرار ہے‘ اس لیے احتیاط اب بھی لازمی ہے۔ سامعین سے گذارش ہے کہ نہایت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ناک اور منہ پر ماسک اچھی طرح لگائیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں اور ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔
کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے 011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروںکی سرخیاں۔
٭ بیڑ سمیت 11  اضلاع کو چھوڑ کر ریاست میں کووِڈ پابندیو ںمیں جزوی رعایت؛ تمام دُکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
٭ ریاست میں 4 ہزار 879 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 4مریضوں کی موت۔
٭ ڈیجیٹل معاشی کاروبار کیلئے ای۔ روپی سہولت کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ریاست میں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کیلئے ریاستی کمیشن برائے پسماندہ طبقات کی قرارداد۔
٭ بارہویں جماعت کے نتائج کا آج سہ پہر 4 بجے اعلان کیا جائیگا۔
اور۔۔٭ اولمکپس کھیلو ںمیں قومی ہاکی ٹیم کو بلجیم کے ہاتھوں 5کے مقابلے 2 سے گول سے شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست میں کووِڈ سے شدید متاثرہ 11  اضلاع کو چھوڑ کر ریاست کے دیگر اضلاع میں عائد پابندیوں میں جزوی رعایت دی گئی ہے۔ اس خصوص میں کل محکمۂ صحت عامہ نے بریک دی چین کے تحت احکامات جاری کیے۔ جن اضلاع میں پابندیاں بدستور برقرار کھی گئی ہیں اُن میں مراٹھواڑہ کے بیڑ ضلع سمیت احمد نگر‘ پونا‘ کولہا پور‘ سانگلی‘ ساتارا‘ رتنا گری‘ سندھو دُرگ‘ شولا پور‘ رائے گڑھ اور پال گھر اضلاع شامل ہیں۔ ممبئی‘ ممبئی مضافات اور تھانہ اضلاع میں پابندیوں کو برقرار رکھنے یا رعایت دینے سے متعلق فیصلہ مقامی ادارے کریں گے۔
مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد‘ ناندیڑ‘ لاتور‘ جالنہ، پربھنی‘ ہنگولی اور عثمان آباد اضلاع میں پابندیوں میں جزوی رعایت دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں اب دُکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ تاہم سنیچر کو دُکاندار صرف 3 بجے تک کاروبار کھلا رکھ سکیں گے۔ اتوارکو ضروری اشیاء کے سوا تمام کاروبار بند رہیں گے۔ ورزش اور چہل قدمی کیلئے عوامی مقامات اور گارڈن وغیرہ میں اجازت ہوگی۔ جم‘ یوگا مراکز‘ بیوٹی پارلرز اور سلون کو بھی رات 8 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تمام ہوٹلس 50 فیصد گنجائش کے ساتھ شام 4 بجے تک کھلی رکھی جاسکیں گی۔ تمام سرکاری و خانگی دفاترمکمل طور پر کھلے رہیں گے۔ زرعی کام کاج‘ تعمیرات‘ مال برداری اور صنعتیں پوری طرح کھلی رہیں گی۔ تاہم سینما گھر‘ ڈرامہ ہالز‘ مالز میں موجود ملٹی پلیکس اور تمام عبادت گاہیں بدستور بند رہیں گی۔ اسکول اور کالجوں سے متعلق فیصلہ اسکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے محکمے کریں گے۔ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نہایت ضروری وجوہات کے سوا گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 4 ہزار 879 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 63 لاکھ 15ہزار 63 ہوگئی ہے۔ کل 90  افراد کی دورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ جس کے بعد ریاست میں اس وباء سے جان گنوانے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 38 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 75 ہزار 303  افراد زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 321 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 4  افراد انتقال کرگئے۔ ان میں اورنگ آباد کے 3  اور بیڑ ضلع کا ایک شخص شامل ہے۔ کل بیڑ ضلع میں 167نئے کورونا مریضوں کی موجودگی سامنے آئی‘ جبکہ عثمان آباد 96‘ اورنگ آباد 20‘ لاتور 18‘ جالنہ 11‘ ناندیڑ 7‘ اور پربھنی میں 2 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ ہنگولی ضلع میں کل ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
ای روپی سہولت کا کل وزیرِ اعظم نریندرمودی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ سب سے پہلے ممبئی کے ایک خانگی اسپتال میں کووِڈ کا ٹیکہ لینے کیلئے ایک شہری نے اس سہولت کا استعمال کیا۔ ای۔ روپی ایک ڈیجیٹل معاشی لین دین کی سہولت ہے، جس میں راست رابطہ اور نقد لین دین سے بچا جاسکتا ہے۔ قومی پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا‘ صحت و خاندانی بہبود کی وزارت اور اقتصادی خدمات محکمے کے اشتراک سے یو پی آئی پلیٹ فارم پر ای روپی خدمات مہیا کی گئی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس سہولت کی بدولت ڈیجیٹل کاروبار کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے سوال اٹھایا ہے کہ طلبہ کیلئے دوردرشن پر طلبہ کیلئے علیحدہ تعلیمی چینل کیوں نہیں ہے۔ معذوروں کیلئے کام کرنے والی نیب اور انام پریم نامی تنظیموں کی جانب سے اس ضمن میں دائر کردہ مفادِ عامہ کی ایک عرضداشت پر سماعت کے دوران عدالت نے سوال اٹھایا کہ سینما کیلئے سینکڑوں چینل موجود ہیں، لیکن طلبہ کیلئے 24 گھنٹے چلنے والا کوئی چینل موجود کیوں نہیں ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا چینلوں کی طرز پر تعلیم کیلئے بھی ایک چینل کی ضرورت پر عدالت نے زور دیا اور ہدایت کی کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات سے تبادلۂ خیال کرکے جمعرات تک وضاحت داخل کی جائے۔
***** ***** *****
کمیشن برائے پسماندہ طبقات نے ریاست میں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائے جانے سے متعلق قرارداد منظور کی ہے۔ دیگر پسماندہ طبقات کیلئے سیاسی ریزرویشن دوبارہ حاصل کرنے کی غرض سے ضروری امپریکل ڈاٹا جمع کرنے سے متعلق کل پونا میں ہوئے اجلاس میں یہ قرارداد لائی گئی۔ اس اجلاس میں کمیشن کے سربراہ جسٹس آنند نِرگوڑے سمیت 10  ارکان شریک تھے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کے پاس امپریکل ڈاٹا کی عدم موجودگی کے باعث ذات کی بنیاد پر مردم شماری ضروری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا سماج کے طلبہ کیلئے ریاست میں 23 مقامات پر اقامت گاہیں قائم کی جائیں گی۔ ان میں سے 14 مقامات پر ہوسٹل کی عمارتیں تیار ہیں۔ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے کہا کہ ان ہوسٹلز کے بہت جلد افتتاح کی ہدایت کی جائیگی۔ کل اس خصوص میں ممبئی میں مراٹھا ریزرویشن ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ بیڑ اور لاتور سمیت 10  اضلاع میں ایک۔ ایک اور اورنگ آباد و ناسک میں 2-2 ہوسٹلز قائم کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت بارہویں کے نتائج کا آج اعلان کیا جائیگا۔ سہ پہر 4 بجے یہ نتائج آن لائن ظاہر کیے جائیں گے۔ یہ اطلاع بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں دی گئی۔ اس بار بارہویں کے امتحانات منسوخ کردئیے گئے تھے۔ تاہم طلبہ کے دسویں اور گیارہویں کے نشانات اور بارہویں جماعت کے زبانی عملی اور داخلی امتحانات کی بنیاد پر یہ نتائج تیار کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ٹوکیو اولمپک کھیلو ںمیں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کو سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن بلجیم کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں 5 گول سے شکست ہوئی۔ اب سے کچھ دیر قبل ہوئے اس میچ میں بلجیم کی ٹیم نے آخری کوارٹر میں تین گول اسکور کیے۔ تین کوارٹر تک دونوں ٹیمیں دو۔ دو گول سے برابری پر تھیں، بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ اور مندیپ سنگھ نے پہلے کوارٹر میں گول کیے۔
***** ***** *****
کل خواتین کی قومی ہاکی ٹیم نے آسٹریلیاء کی ٹیم کو ایک۔ صفر سے شکست دیکر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ کل سیمی فائنل میں خواتین کی ٹیم کا مقابلہ ارجنٹائنا سے ہوگا۔ بھارت کے فواد مرزا گھوڑ سواری مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں داخل ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسکس تھرو کے آخری مرحلے میں بھارت کی کمل پریت کور کو چھٹج مقام ملا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں مجوزہ بین الاقوامی اسپورٹس یونیورسٹی ‘پونا کی بجائے اورنگ آباد ہی میں قائم کی جائے اور ا س کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے اس مطالبے پر ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر کو ایک محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ بیڑ سمیت 11  اضلاع کو چھوڑ کر ریاست میں کووِڈ پابندیو ںمیں جزوی رعایت؛ تمام دُکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
٭ ریاست میں 4 ہزار 879 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 4مریضوں کی موت۔
٭ ڈیجیٹل معاشی کاروبار کیلئے ای۔ روپی سہولت کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ بارہویں جماعت کے نتائج کا آج سہ پہر 4 بجے اعلان کیا جائیگا۔
اور۔۔٭ اولمکپس کھیلو ںمیں قومی ہاکی ٹیم کو بلجیم کے ہاتھوں 5کے مقابلے 2 سے گول سے شکست۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘
اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔

No comments: