Saturday, 2 April 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں تاریخ: 02 اپریل 2022 وقت: صبح 09:00-09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 April-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ اپریل  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں:
٭ طلبہ سے بے خوف ہوکر خود اعتمادی کے ساتھ امتحان دینے کی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اپیل؛ کہا والدین اپنی ادھوری خواہشات کا بوجھ بچوں پر نہ ڈالیں۔
٭ کانگریس رہنماء نانا پٹولے کے وکیل کو ED نے کیا گرفتار؛ وکیل اُوکے نے سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے خلاف درج کیا تھا کیس۔
٭ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے کیا ٹول ٹیکس میں اضافہ‘ دس روپئوں سے 65 روپئوں تک کی گئی ٹول ٹیکس میں بڑھوتری۔
اور
٭ گڑی پاڑواکے ساتھ آج سے ہورہا ہے نئے مراٹھی سال کا آغاز؛ تو وہیں آج شام چاند نظر آنے کے بعد شروع ہوجائیگا مقدس ماہِ رمضان المبارک۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
طلباء سے بے خوف ہوکر خود اعتمادی کے ساتھ امتحان دینے کی اپیل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کی۔ وزیرِ اعظم نے کل نئی دلّی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ’’پریکشا پے چرچا‘‘ پروگرام میں طلبہ‘ ان کے سرپرستوں اور اساتذہ سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے یہ بات کہی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں کئی تہوار آتے ہیں اور ٹھیک اسی دوران امتحانات بھی ہوتے ہیں۔ اس لیے طلبہ امتحانات کو ہی تہواروں کی طرح منائیں اور کسی بھی طرح کے دبائو میں نہ آتے ہوئے امتحانات کا سامنا کریں۔ مودی نے کہا کہ زندگی میں کھِلنے کیلئے کھیلنا بے حد ضروری ہے اور نئی قومی تعلیمی پالیسی میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انھیں تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بچے امتحانات کو زندگی کے چھوٹے پڑائو کی طرح لیں اور ہر امتحان سے حاصل ہونے والے تجربے سے اپنی ہمت بڑھائیں۔ مودی نے کہا کہ طلبہ اپنے سابقہ تجربوں کو اہمیت دیں اور ہر امتحان میں ان کا بھرپور استعمال کریں۔ طلباء کے سرپرستوں سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ وہ بچوں پر اپنی ادھوری خواہشات کا بوجھ نہ ڈالیں اور بچوں سے وہ بننے کی توقع نہ کریں جو وہ خود زندگی میں نہیں بن پائے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے سرپرستوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی کارکردگی کا موازنہ دوسروں سے نہ کریں کیونکہ ہر بچہ اپنے آپ میں مختلف صلاحیت اور خصوصیات رکھتا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے بھی ممبئی میں راج بھون میں طلباء کے ساتھ ’’پریکشا پے چرچا‘‘ پروگرام دیکھا۔
عثمان آباد ضلعے کے تلجا پور کے جواہر نودیہ وِدّیالیہ کے 442 طلباء نے بھی دوردرشن پر یہ پروگرام دیکھا۔ اس پروگرام میں اسکول کے 40  اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے حصہ لیا تھا۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر کے مختلف ضلعوں کے اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی وزیرِ اعظم کے خیالات سنے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ شیوسینا‘ ریاستی وزیرِ داخلہ سے ناراض ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انھیں اپنے معاونین پر پورا بھروسہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سکریٹریٹ نے کل ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے اس طر ح کی خبروں کی تردید کی تھی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ داخلہ بہتر کام کررہے ہیں اور اس بارے میں ذرائع ابلاغ میں چل رہی خبریں بے بنیاد ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ سرکار میں شامل سبھی لوگ ایک دوسرے کو اعتماد میں لے کر ہی کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے خلاف کیس درج کرنے والے کانگریس رہنماء نانا پٹولے کے ناگپور کے وکیل ستیش اُوکے کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ ED عدالت نے 6  اپریل تک کسٹڈی میں بھیج دیا ہے۔ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں ED نے کل اُوکے اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا تھا۔ ED نے اُوکے پر ہتھیار دکھا کر زمین ہتھیالینے کا الزام عائد کیا ہے۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ پر لگائے گئے الزامات کی جانچ‘ عدالت کی خصوصی کمیٹی کے زیرِ نگرانی کروانے کا مطالبہ کرنے والی ریاستی حکومت کی درخواست کو کل سپریم کورٹ نے خارج کردیا۔ واضح ہو کہ ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے یہ عرضی مسترد کیے جانے کے بعد ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ممبئی کے سابق پولس کمشنر پرم بیر سنگھ نے انیل دیشمکھ پر ماہانہ سو کروڑ روپئوں کی ہفتہ وصولی کرنے سمیت کئی الزامات لگائے تھے۔
***** ***** *****
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا‘ NHAI نے ملک بھر کے ٹول ناکوں پر وصول کیے جارہے ٹول ٹیکس میں گذشتہ کل سے 10سے 65 روپئوں تک کا اضافہ کردیا ہے۔ خانگی موٹر کار کے ٹول ٹیکس میں10 روپئے اور تجارتی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں 65 روپئوں تک کی برھوتری کی گئی ہے۔ مہاراشٹر میں قومی شاہراہوں پر NHAI کے 32 ٹول ناکے چل رہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 123 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے‘ جس کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 78 لاکھ 74 ہزار 147 ہوگئی ہے۔ وہیں کل ریاست بھر میں 2 کورونا مریضوں کی موت ہوئی۔ ان اموات کو ملاکر مہاراشٹر میں اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک جان گنوانے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 785 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات لگ بھگ دو فیصد رہی۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے 112 کورونا مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو رُخصت ہوئے۔ اس طرح مہاراشٹر میں اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی کُل تعداد 77 لاکھ 25 ہزار 451 تک جاپہنچی ہے۔ کووِڈ19- سے ٹھیک ہونے والوں کا ریاستی تناسب 98% ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد گھٹ کر 911 رہ گئی ہے اور یہ سبھی مریض ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 3 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ ان میں اورنگ آباد‘ جالنہ اور بیڑ ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ مراٹھواڑہ کے دوسرے ضلعوں میں لاتور‘ ناندیڑ‘ پربھنی‘ عثمان آباد اور ہنگولی میں کل کورونا وائرس کا ایک بھی معاملہ نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں گاڑیوں میں ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والی CNG‘ اور پکوان کیلئے استعمال ہونے والے PNG گیس پر لگنے والے VAT میں تین فیصدکی کٹوتی کرنے کا فیصلہ گیس کمپنیوں نے کیا ہے۔ اس فیصلے پر کل سے عمل درآمد شروع بھی ہوچکا ہے۔ اس فیصلے کے بعد گاڑیوں کے CNG اور گھروں میں پائپ لائن کے ذریعے پہنچنے والی گیس کی قیمتوںمیں کمی آئی ہے۔ نئے داموں کے مطابق اورنگ آباد میں CNG کی قیمت گھٹ کر اب 75 روپئے 95 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ ان ایندھنوں پر لگنے والے VAT میں کٹوتی کرنے کا اعلان نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بجٹ کے دوران کیا تھا۔ دوسری جانب تجارتی استعمال کے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں سرکاری تیل کمپنیوں نے ڈھائی سو روپئوں کا اضافہ کردیا ہے۔ اس اضافے سے ہوٹل کاروباری‘ حلوائی اور کھانے پینے کی چیزیں تیار کرنے والوں کے شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
***** ***** *****
آج گڑی پاڑوا ہے۔ گڑی پاڑوا کے ساتھ نئے مراٹھی سال کا آغاز ہوتا ہے۔ اس موقعے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنی نیک خواہشات میں گورنر نے سبھی کی زندگیوں میں نئے سال میں خوشحالی‘ صحت اور اطمینان کی خواہش ظاہر کی۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ نیا سال سبھی کی زندگیوں میں اُمیدیں اور خوشحالی لائے گا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بھی گڑی پاڑوا کے موقعے پر عوام کو نئے مراٹھی سال کی مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
گڑی پاڑوا کی چھٹی کی وجہ سے گھاٹی اسپتال کی OPD آج بند رہے گی۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ آج کی چھٹی کی وجہ سے کل اتوار کو OPD کھلی رہے گی۔
***** ***** *****
آج شام چاند نظر آنے کے بعد سے مقدس ماہِ رمضان المبارک کا آغاز ہوجائے گا۔ رمضان کے مہینے میں مسلمان طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں اور خود کو ہر طرح کی برائیوں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ چاند نظر آنے کے بعد آج سے تراویح کی نماز شروع ہوجائے گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے کل بذاتِ خود غیر قانونی طریقے سے ندیوں سے ریت نکالنے والوں پر کارروائی کی۔ ضلع کلکٹر نے اورنگ آباد ضلع کے پیٹھن تعلقے کے پاٹے گائوں میں آدھی رات کو ہوئی کاروائی کی قیادت کی۔ اس دوران بناء نمبر پلیٹ کے دو ٹریکٹر‘ وائر روپ اور کرین کو غیر قانونی طریقے سے ندی سے ریت نکالتے ہوئے پایا گیا۔ مستقبل میں ان سامانوں کا اس طرح کی کاروائی میں استعمال روکنے کیلئے انھیں آگ لگاکر ضائع کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران قریب 150 براس ریت کا ذخیرہ ضبط کیا گیا جسے پاٹے گائوں کے تلاٹھی کی تحویل میں دے دیا گیا۔
اسی طرح سلوڑ تعلقے کے بور گائوں کاساری میں بھی کل پورنا ندی سے غیر قانونی طریقے سے ریت نکالنے والوں پر کاروائی کرتے ہوئے محکمۂ محصول نے 560 براس ریت کا ذخیرہ ضبط کیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ہائوزنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘ مہاڈا نے 31 جنوری سے 9 فروری کے درمیان ہوئے امتحانات کے نتیجوں کا اعلان کردیا۔ ریاست کے مختلف ضلعوں کے امتحانی مراکز پر ہوئے آن لائن امتحانات کے نمبرات مہاڈا کی ویب سائٹ www.mhada.gov.in پر جاری کردئیے گئے ہیں۔ مہاڈا کے سیکریٹری راج کمار ساگر نے یہ جانکاری دی۔
***** ***** *****
بڑھتی مہنگائی کے خلاف اورنگ آباد شہر کانگریس کی جانب سے کل شہر کے پٹرول پمپوں پر مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں روزمرہ کے استعمال کی چیزوں‘ پٹرول‘ ڈیزل اور گھریلو گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں دن بہ دِن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس موقعے پر کارکنوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
***** ***** *****
اگلے دو دِنوں میں وسطی مہاراشٹر اور وِدربھ کے کچھ علاقوںمیں گرمی کی شدید لہر چلنے کی پیشن گوئی محکمۂ موسمیات نے کی ہے۔ وسطی مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں اوسط کے مقابلے کافی اضافہ درج کیا جارہاہے۔ ودربھ کے بیشتر مقامات‘ مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات اور کوکن کے کچھ حصوں میں دِن کے درجۂ حرارت میں قابلِ لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ عوام سے احتیاط برتنے اور ضروری نہ ہونے پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے:
٭ طلبہ سے بے خوف ہوکر خود اعتمادی کے ساتھ امتحان دینے کی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اپیل؛ کہا والدین اپنی ادھوری خواہشات کا بوجھ بچوں پر نہ ڈالیں۔
٭ کانگریس رہنماء نانا پٹولے کے وکیل کو ED نے کیا گرفتار؛ وکیل اُوکے نے سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے خلاف درج کیا تھا کیس۔
٭ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے کیا ٹول ٹیکس میں اضافہ‘ دس روپئوں سے 65 روپئوں تک کی گئی ٹول ٹیکس میں بڑھوتری۔
اور
٭ گڑی پاڑواکے ساتھ آج سے ہورہا ہے نئے مراٹھی سال کا آغاز؛ تو وہیں آج شام چاند نظر آنے کے بعد شروع ہوجائیگا مقدس ماہِ رمضان المبارک۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 03.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 03 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...