Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 May-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم؍ مئی ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں:
٭ ریاست ِ مہاراشٹر آج منارہی ہے اپنا 62 واں یومِ تاسیس۔ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ نے عوام کو دی مبارکباد۔
٭ مہاراشٹر میں آپسی بھائی چارے اور اتحاد کے ماحول کو بگاڑنے والوں کو عوام دیں گے منہ توڑ جواب؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو یقین۔
٭ ملک کے سامنے درپیش مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسئلوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مذہبی معاملات کو دی جارہی ہے ہوا: NCP صدر شرد پوار کی تنقید۔
اور
٭ جنرل منوج پانڈے نے سنبھالا برّی فوج کے سربراہ کا عہدہ؛ انجینئرنگ کورسے اس اعلیٰ عہدے پر پہنچنے والے بنے پہلے افسر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست ِ مہاراشٹر آج اپنا 62 واں یومِ تاسیس منارہی ہے۔ آج ہی کے دِن ایک مئی 1960 کو اُس وقت کی بامبے ریاست کو تحلیل کرکے لسانی بنیادوں پر مہاراشٹر کا قیام عمل میں آیا تھا۔ بامبے ریاست میں مراٹھی اور گجراتی بولنے والوں کی تعداد کی بناء پر مہاراشٹر اور گجرات ریاستیں وجود میں آئی تھیں۔
***** ***** *****
ریاست میں آپسی بھائی چارے اور اتحاد کے ماحول کو بگاڑنے کی ہر کوشش کو عوام منہ توڑ جواب دیں گے۔ اس یقین کا اظہار مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے آج منائے جارہے مہاراشٹر دِن کے موقعے پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اس دوران انھوں نے یہ بات کہی۔ اس دوران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ڈھائی سال کے دوران انتظامیہ نے قدرتی آفات اور وبائی حالات کا ڈَٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر نے صحت‘ انتظامیہ، ماحولیات اور شہری ترقیات جیسے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور قومی اور عالمی سطح پر اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپوزیشن جماعتوں سمیت سبھی سے اپیل کی کہ وہ مہاراشٹر کو بھارت سمیت عالمی سطح پر آگے لے جانے میں مل جل کر کام کریں۔ دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ نے آج صبح ممبئی کے ہتاتما اسمارک جاکر شہروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر دِن کے موقعے پر آج مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اورنگ آباد میں پولس کمشنر دفتر کے میدان پر ریاستی وزیر اور اورنگ آباد کے نگراں وزیر سبھاش دیسائی کے ہاتھوں صبح آٹھ بجے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے مہاراشٹر دِن کے موقعے پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اجیت پوار نے متحدہ مہاراشٹر کے قیام کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے تئیں اظہارِ تشکر بھی کیا‘ ساتھ ہی نائب وزیرِ اعلیٰ نے کورونا وائرس کیخلاف لڑائی میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لڑنے والے کورونا جانبازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ انھیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اس بیچ اجیت پوار نے طلبہ کو عملی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم دینے اور ان میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ شولاپور ضلعے کے موحول تعلقے کے پاپری ضلع پریشد اسکول کے دورہ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پوار نے مزید کہا کہ اساتذہ آنے والے کل کی نسلوں کو پروان چڑھانے کا کام کرتے ہیں۔ لہٰذا وہ اس بات کی بھرپور کوشش کریں کہ طلبہ کے ذہنوں میں توہم پرستی کو جگہ نہ ملے اور وہ معیاری تعلیم پر پورا زور لگائیں۔
***** ***** *****
ملک کے سامنے درپیش مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسئلوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مذہب اور ذات جیسے معاملوں پر تنازعات کھڑے کرکے مہاراشٹر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس خیال کا اظہار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے کیا۔ وہ ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں بول رہے تھے۔ پوار نے کہا کہ فی الحال عوام سے جڑے معاملوں کو میڈیا میں بھی جگہ نہیں دی جارہی ہے اور ہنومان چالیسہ اور لائوڈ اسپیکر جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کی ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے قیام کو آج 60 سال مکمل ہورہے ہیں۔ 60 ویں یومِ تاسیس پر ضلع پریشدوں کو اپنی ڈائمنڈ جوبلی منانے کی ہدایت ریاستی حکومت نے جاری کی ہے۔ اس کے مطابق ناندیڑ ضلع پریشد میں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ ناندیڑ ضلع پریشد کی CEO اور ایڈمنسٹریٹر ورشا ٹھاکر گُھگے نے یہ اطلاع دی۔ اس موقعے پر ناندیڑ کے نگراں وزیر اشوک چوہان مختلف پروگراموں کا افتتاح کریں گے۔
***** ***** *****
جنرل منوج پانڈے نے کل بھارت کی برّی فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا۔ منوج پانڈے ملک کے 29 ویں آرمی چیف ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ انجینئرنگ کور سے اس اعلیٰ ترین عہدے پر پہنچنے والے پہلے افسر بھی بن گئے ہیں۔ برّی فوج کے سبکدوش ہورہے سربراہ‘ جنرل منوج نرونے کو کل نئی دہلی میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ اس دوران وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ جنرل منوج نرونے کی خدمات سے ملک کی فوجی طاقت اور دفاعی تیاریوں میں بہتری آئی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر کے ڈھولیشور علاقے میں پولس نے کل راجوریشورکلینک پر چھاپہ مارا جہاں غیر قانونی طریقے سے حمل میں پَل رہے بچے کی جنس کا پتہ لگایا جارہا تھا۔ چھاپے کے دوران محکمہ صحت کے اہلکار بھی موجود تھے۔ پولس نے خفیہ اطلاع ملنے پر یہ کاروائی انجام دی۔ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس کلینک میں کئی دِنوں سے یہ کام انجام دیا جارہا تھا۔ اس معاملے میں ضلع سول سرجن ڈاکٹر اَرچنا بھوسلے کی شکایت پر کلینک چلانے والے بوگس ڈاکٹر سندیپ گوارے اور ان کے چار ساتھیوں پر کیس درج کرلیا گیا ہے۔ چھاپے کے دوران پولس عملے نے اسقاطِ حمل کی گولیاں‘ سونو گرافی مشینیں اور دیگر سازو سامان ضبط کرلیا اور کلینک کو سیٖل کردیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے کھیل اور نوجوانوں کی اُمور کی وزارت کے کھیلو انڈیا منصوبے کے تحت اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں Synthetic ایتھلیٹک ٹریک بنایا جائیگا۔ اس کام کیلئے 7 کروڑ روپئوں کے فنڈز کو انتظامی منظوری ملنے کا خط یونیورسٹی کو موصول ہوگیا ہے۔ وائس چانسلر پرمود ییولے نے ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ Synthetic Athletic Track کیلئے جگہ کا انتخاب‘ ٹینڈر جاری کرنے اور کام کرنے والے ایجنسی چننے جیسی کاروائیاں مکمل کرنے اور اس بارے میں کھیلوں کی وزارت کو رپورٹ بھیجنے کیلئے تین مہینوں کا وقت دیا گیا ہے۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ کھیلو انڈیا منصوبے کے تحت مہاراشٹر سے کُل 38 تجویزیں بھیجی گئی تھیں جن میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی تجویز بھی شامل تھی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر دِن کے موقعے پر بیڑ ضلع اسپتال میں آج سے کیموتھیراپی مرکز شروع کیا جارہا ہے۔ دو سال پہلے منظور کیا گیا یہ سینٹر کورونا وائرس کی وجہ سے شروع نہیں ہوسکا تھا۔ ضلع سول سرجن ڈاکٹر سریش سابلے کی خصوصی کوششوں سے شروع ہورہے کینسر کیمو تھیراپی سینٹر میں خدمات انجام دینے کیلئے ڈاکٹروں اور نرسوں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
فِلِپنس کی راجدھانی منیلا میں جاری ایشیائی اوپن بیڈمنٹن مقابلوں کے خواتین کے سنگلز میں بھارت کی پی وی سندھو کو کانسے کے تمغے پر اکتفاء کرنا پڑا۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل میں جاپان کی یاما گُچی نے سندھو کو 19-21, 21-13 اور 16-21 کے سیٹوں میں شکست دی۔
***** ***** *****
اس مرتبہ مئی کے مہینے میں مہاراشٹر میں درجۂ حرارت معمول کے مطابق رہے گا اور بارش اوسط سے زیادہ ہوگی۔ محکمۂ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔ مہاراشٹر میں کل چندر پور میں سب سے زیادہ cْ46.6 سیلسی اَس درجۂ حرارت درج کیا گیا۔ یہ اس مرتبہ کی گرمیوں کا اب تک کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت ہے۔
دریں اثناء اگلے دو دِنوں میں ریاست بھر میں موسم خشک رہے گا‘ ساتھ ہی وِدربھ کے کچھ حصوں میں گرمی کی لہر آسکتی ہے۔ پونے دفترِ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے:
٭ ریاست ِ مہاراشٹر آج منارہی ہے اپنا 62 واں یومِ تاسیس۔ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ نے عوام کو دی مبارکباد۔
٭ مہاراشٹر میں آپسی بھائی چارے اور اتحاد کے ماحول کو بگاڑنے والوں کو عوام دیں گے منہ توڑ جواب؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو یقین۔
٭ ملک کے سامنے درپیش مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسئلوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مذہبی معاملات کو دی جارہی ہے ہوا: NCP صدر شرد پوار کی تنقید۔
اور
٭ جنرل منوج پانڈے نے سنبھالا برّی فوج کے سربراہ کا عہدہ؛ انجینئرنگ کورسے اس اعلیٰ عہدے پر پہنچنے والے بنے پہلے افسر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment