Sunday, 2 October 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: 02 اکتوبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 ::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 5-G خدمات کے افتتاح کے ساتھ ہی بھارت نئے دَور میں داخل: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
٭ نکسل سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوںمیں برسرِکار پولس اہلکاروں کو دیڑھ گنا تنخواہ دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست کی تمام قومی شاہراہوں سے ٹول ٹیکس ختم کرنے کا مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کا مطالبہ۔
٭ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور آنجہانی وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کو ملک خراجِ عقیدت پیش کررہا ہے۔
٭ ریاست کی 34 ضلع پریشدوں کے صدور کا ڈھائی برسوں کیلئے ریزرویشن کا اعلان۔
اور۔۔٭ خواتین کے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت کی سری لنکا کے خلاف فتح۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹوئنٹی مقابلہ آج۔اب خبریں تفصیل سے: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 5-G خدمات کے افتتاح کے ساتھ ہی بھارت ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ کل نئی دہلی میں 5-G انٹرنیٹ خدمات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ٹکنالوجی کے باعث بھارت کے دور دراز علاقوں میں بھی انقلاب آئیگا اور یہ دِن ملک کی تاریخ میں درج ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں موبائل کے استعمال میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہا ہے اور ایک لاکھ 75 ہزار گرام پنچایتوں تک آپٹیکل فائبر پہنچ چکا ہے۔ 5-G خدمات پہلے مرحلے میں 13 شہروں تک اور آئندہ برس مارچ میں ملک بھر میں دستیاب ہوں گی۔ پہلے مرحلے میں ملک کے جن شہروں میں 5-G خدمات کا آغاز ہورہا ہے ان میں ممبئی‘ پونہ، دہلی، بنگلورو‘ حیدرآباد‘ کولکتہ، احمد آباد‘ وارانسی‘ چنئی‘ لکھنؤ، چنڈی گڑھ‘ گاندھی نگر‘ گروگرام اور جام نگر شامل ہے۔ اس پروگرام میں ورچول کلاس روم کیلئے ریاست کے پنویل کے ساوتری بائی پھلے اسکول کے طلبہ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ان طلبہ سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے ٹکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ 5-G ٹکنالوجی کی بدولت تعلیم‘ زراعت‘ صحت اور بینکنگ سمیت تمام شعبوں میں انقلاب آئے گا اور اسکول کی جماعتیں اب اسمارٹ کلاس میں تبدیل ہوجائیں گی۔صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے کہا ہے کہ کہ عوامی اعانت سے صفائی کا جو تجربہ اندور شہر نے کیا ہے کہ اُسے ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلایا جانا چاہیے۔ 2022 کے صفائی سروے ایوارڈز کل نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ ایک لاکھ سے زائد نفری آبادی والے شہروں کے زمرے میں اندور نے مسلسل چھٹی بار سرِفہرست رہنے کا اعزاز حاصل کیا، جس پر صدرِ جمہوریہ نے اندور کے شہریوں کی ستائش کی۔ اس زمرے میں نئی ممبئی نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ ایک لاکھ سے کم آبادی والے شہروں میں پنچ گنی نے پہلا اور کراڑ شہر نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ چھوٹی صاف ستھری ریاستوںمیں تریپورہ اور بڑی ریاستوں میں مدھیہ پردیش سرِفہرست رہے۔قومی اغذیہ سلامتی قانون اور دیگر اسکیموں کیلئے اناج کی ضرورت پوری کرنے کیلئے قومی اغذیہ کارپوریشن کے پاس اناج کا ذخیرہ موجود ہے۔ متعلقہ محکمے کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق کارپوریشن کے پاس سرِدست 232 لاکھ میٹرک ٹن گندم اور 2009 لاکھ میٹرک ٹن چاول کا ذخیرہ ہے۔نکسلائٹ سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے پولس اہلکارں کو دیڑھ گنا تنخواہ دینے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ و وزیرِ داخلہ دیویندر پھڑنویس نے کل گڈچرولی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ اس سلسلے میں سرکاری مکتوب کل پیر کو جاری کیا جائیگا۔ ریاست کے گڈچرولی میں نو منظور شدہ میڈیکل کالج اور گونڈوانا یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے زمین ایکوائر کرنے کی ہدایت بھی پھڑنویس نے ضلع کلکٹر کو دی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مرکزی وزیر برائے حمل و نقل نتن گڈکری سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کی تمام قومی شاہراہوں پر موجود ٹول ٹیکس وصولی کے ناکے بند کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ڈیزل اور پیٹرول خریدنے والے صارفین سے روڈ انفراسٹرکچر چارج اور زرعی سرچارج پہلے ہی وصول کرچکی ہوتی ہے۔ اس طرح سڑکوں پر سفر کرنے والے افراد سے ٹول اور پیٹرول و ڈیزل سرچارج کے نام پر دوہرا ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ وزیرِ حمل و نقل کے نام ارسال کردہ مکتوب میں پٹولے نے مطالبہ کیا کہ گاڑی مالکان سے قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی فوری بند کی جائے۔بابائے قوم مہاتماگاندھی کا 153 واں یومِ پیدائش اور ملک کے دوسرے وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کی 118 ویں جینتی آج منائی جارہی ہے۔ اس خصوص میں آج ملک بھر میں مختلف پروگراموں کے ذریعے ان دونوں شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ ریاست میں آج ’’ہیلو نہیں- وندے ماترم‘‘ کے عنوان سے ایک مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج وردھا میں اس مہم کا افتتاح کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ قیادت یہ مہم ریاست بھر میں کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار ثقافتی اُمور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار نے کیا ہے۔ریاست کی 34 ضلع پریشدوں کے صدور کیلئے آئندہ ڈھائی برسوں تک کیلئے ریزرویشن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ریاست کی 14 ضلع پریشدوں کا صدارتی عہدہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ ان میں مراٹھواڑہ کے ہنگولی‘ لاتور اور عثمان آباد ضلع پریشد شامل ہیں۔ مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد وہ واحد نشست ہے جہاںکی ضلع پریشد کا صدر کھلے زمرے سے آئے گا۔ بیڑ، پربھنی درجِ فہرست ذاتوں اور ناندیڑ اور جالنہ ضلع پریشد دیگر پسماندہ طبقات کیلئے مختص ہے۔قانون ساز کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے ہدایت کی ہے کہ گنا کٹائی مزدوروں اور خواتین کے مسائل باہمی رابطوں کے ذریعے حل کیے جائیں۔ کل بیڑ ضلع کلکٹر دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں انھوں نے متعلقہ شعبوں کیلئے یہ ہدایات جاری کیں۔ گنا کٹائی پر مامور مزدوروں کے اندراج‘ ان کے بچوں کی تعلیم‘ خوراک اور اقامت کی سہولیات اور خواتین کے مسائل سے متعلق اس اجلاس میں نیلم گورہے نے جائزہ لیا۔احمدآباد میں جاری قومی کھیلوں میں ٹینس کے مقابلوں میں مہاراشٹر کی مردوں کی ٹیم نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے جبکہ خواتین کی ٹیم نقرئی تمغہ حاصل کرسکی۔ فائنل میں مہاراشٹر کی مردوں کی ٹیم نے مسلح افواج کی ٹیم کو دو۔صفر سے شکست دی۔ خواتین کی ٹیم کو گجرات کی ٹیم کے ہاتھوں 2-1 سے شکست ہوئی۔ خواتین کی کبڈی ٹیم کو بھی ہماچل پردیش کے ہاتھوں شکست کے بعد نقرئی تمغے پر اکتفاء کڑنا پڑا۔بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری رواں سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج گوہاٹی میں کھیلا جائیگا۔ پہلا میچ جیت کر بھارت اس سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کیے ہوئے ہے۔خواتین کے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل بھارت کی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 41 رنوں سے فتح حاصل کی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں 6 وِکٹ کے نقصان پر 150 رَن بنائے‘ سری لنکا کی پوری ٹیم جواب میں 19 ویں اوور میں 109 رَن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش میں جاری اس ٹورنامنٹ میں بھارت‘ پاکستان‘ سری لنکا‘ تھائی لینڈ‘ ملیشیاء اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ 5-G خدمات کے افتتاح کے ساتھ ہی بھارت نئے دَور میں داخل: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
٭ نکسل سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوںمیں برسرِکار پولس اہلکاروں کو دیڑھ گنا تنخواہ دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست کی تمام قومی شاہراہوں سے ٹول ٹیکس ختم کرنے کا مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کا مطالبہ۔
٭ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور آنجہانی وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کو ملک خراجِ عقیدت پیش کررہا ہے۔
٭ ریاست کی 34 ضلع پریشدوں کے صدور کا ڈھائی برسوں کیلئے ریزرویشن کا اعلان۔
اور۔۔٭ خواتین کے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت کی سری لنکا کے خلاف فتح۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹوئنٹی مقابلہ آج۔

No comments: