Friday, 3 March 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 مارچ 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 03 March-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ: ۳/مارچ  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ شمال مشرقی بھارت کی دو ریاستوں میں BJP اور اتحادی جماعتوں کو اکثریت؛ جبکہ میگھالیہ میں نیشنل پیوپلز پارٹی کو سب سے زیادہ 26 نشستیں۔

٭ پونے کے کسبا پیٹھ سے کانگریس اور چنچوڑ سے BJP اُمیدوار کامیاب۔

٭ مرکزی انتخابی کمیشن میں کمشنرس کی نامزدگی کیلئے انتخابی کمیٹی تشکیل دینے کی سپریم کورٹ کی ہدایت۔

٭ حزبِ اختلاف کے قائدین کو ملک دشمن نہیں کہا؛ وزیرِ اعلیٰ کی قانون ساز کاؤنسل میں وضاحت۔

٭ بازار کمیٹیوں میں پیاز خریدی مراکز شروع کرنے کی ہدایت دینے کا نائب وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔

٭ ریاست میں جونیئر کالجس کے اساتذہ کی جانب سے بارہویں جماعت کے جوابی پرچوں کی جانچ کا بائیکاٹ لیا گیا واپس۔

اور۔۔ ٭ آسٹریلیاء کے خلاف تیسرے ٹسٹ کرکٹ مقابلے میں بھارت ہا رنے کی کگار پر۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

شمال مشرقی بھارت کی تین ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں سے تریپورہ اور ناگا لینڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے اکثریت حاصل کرلی ہے؛ وہیں میگھالیہ میں برسرِاقتدار جماعت نیشنل پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ 26 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 60 نشستوں والی تریپورہ اسمبلی میں BJP کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ اُس کے 32 نمائندے کامیاب ہوئے ہیں‘ جبکہ تریپورہ موٹھا پارٹی کو 13‘ مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی 11‘ اور کانگریس پارٹی کو 3 نشستیں ملی ہیں۔ ناگالینڈ کی 60 نشستوں میں نیشنل ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی نے 25‘ بی جے پی 12‘ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی نے 7 سیٹوں پر بازی ماری۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر رام داس آٹھولے کی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے 2  امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ 59 ممبران پر مشتمل میگھالیہ قانون ساز اسمبلی میں برسرِاقتدار نیشنل پیوپلز پارٹی کے سب سے زیادہ 26 امیدواروں نے جیت درج کی۔ اسی کے ساتھ یونائٹیڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے 11 نشستیں حاصل کیں۔ کانگریس اور ترنمول کانگریس نے فی کس 5حلقوں میں‘ جبکہ BJP نے 2 مقامات پر کامیابی درج کی۔

پونے کے 2  اسمبلی حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کسبا پیٹھ سے کانگریس کے رویندر دھنگیکر اور چنچوڑ سے BJP کی اشونی جگتاپ نے کامیابی حاصل کی۔ دھنگیکر 11 ہزار 40 ووٹوں سے جبکہ اشونی جگتاپ 36 ہزار ووٹوں سے چن کر آئی ہیں۔ کسبا پیٹھ انتخابی حلقے سے کانگریس کے دھنگیکر کو 73 ہزار 309‘ جبکہ ان کے مخالف امیدوار BJPکے ہیمنت راسنے کو 62 ہزار 394 ووٹ ملے۔ چنچوڑ میں اشونی جگتاپ کو ایک لاکھ 35 ہزار 603 ووٹ ڈالے گئے، جبکہ ان کے مخالف امیدوار نانا کاٹے نے 99 ہزار 435 ووٹ حاصل کیے‘ ساتھ ہی آزاد امیدوار راہل کلاٹے کے حق میں 44ہزار 112  افراد نے رائے دہی کی۔

***** ***** *****

سپریم کورٹ نے مرکزی انتخابی کمیشن میں کمشنرس کی نامزدگی کیلئے انتخابی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں داخل درخواست پر کل عدالت نے یہ ہدایت دی۔ اس کمیٹی میں وزیرِ اعظم‘ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس شامل ہیں۔ عدالت ِعظمیٰ نے انتخابی کمشنرس کی نامزدگی کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ جب تک اس خصوص میں قانون وضع نہیں کیا جاتا تب تک انتخابی کمیٹی کے ذریعے انتخابی کمشنرس کی نامزدگی عمل میں آئیگی۔ عدالت کے اس فیصلے کا ریاست کے سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے ممبئی میں کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ملک میں جمہوریت کو زندہ رکھنے والا ہے۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل قانون ساز کاؤنسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے اور دیگر مخالف اراکین کی جانب سے ان کے خلاف حق تلفی کی تجویز پر اپنے پہلو کی وضاحت کی۔ اس سے قبل انیل پرب اور دانوے نے وزیرِ اعلیٰ کے بیان دینے پر اعتراض کیا اور مطالبہ کیا کہ اس تجویز کو فیصلے کیلئے حق تلفی سے متعلق کمیٹی کو سونپا جائے۔ تاہم ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے اس اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ کو اپنا مؤقف پیش کرنے کی اجازت دی۔ جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے وضاحت کی کہ انھوں نے حزبِ اختلاف کے رہنماء سمیت مخالف اراکین کو ملک دشمن نہیں کہا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ انھوں نے نواب ملک کو غدار کہا ہے جن کے داؤد ابراہیم سے تعلقات ثابت ہوچکے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ اجیت پوار کو انھوں نے ملک دشمن نہیں کہا۔

***** ***** *****

قانون ساز کاؤنسل میں کل بھارتیہ جنتا پارٹی کے گروپ لیڈر پروین دریکر نے حزبِ اختلاف کے رہنماؤں کی جانب سے ریاستی حکومت کو مہاراشٹر دشمن کہنے پر اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار اور کاؤنسل میں مخالف جماعتوں کے رہنماء امبا داس دانو ے کے خلاف حق تلفی کی تجویز پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کی جانب سے اس قسم کی بیان بازی نامناسب ہے۔

***** ***** *****

بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائد رام شندے نے قانون ساز کاؤنسل میں کل راجیہ سبھا کے رُکن سنجے راؤت کے ذریعے دیئے گئے اسمبلی سے متعلق متنازعہ بیان پر حق تلفی کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے کہا کہ اس تعلق سے تحقیقات کرکے سچائی جاننا ضروری ہے، اس لیے تجویز کو حق تلفی سے متعلق کمیٹی کو بھیجی جائیگی اور اندرونِ ہفتہ راؤت سے تحریری خلاصہ طلب کیا جائیگا۔ گورہے نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ کسی پارلیمنٹ کے خلاف حق تلفی کی تجویز داخل کیے جانے کے بعد اسے ایوان کے چیئرمین کو بھیجنے کا رواج ہے۔

***** ***** *****

نیشنل ایگریکلچر کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن (نافیڈ) نے تین کسان کمپنیوں کے ذریعے ریاست میں 10 مقامات پر پیاز کی خریدی شروع کی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ اگر ان کمپنیوں نے بازار کمیٹی میں پیاز کی خریدی کا مرکز شروع نہیں کیا ہے تو ہم انھیں ایسا کرنے کا حکم دیں گے۔ چھگن بھجبل کے ذریعے اسمبلی میں اٹھائے گئے اس مسئلے کا نائب وزیرِ اعلیٰ جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ NAFED کی معرفت اب تک 18 ہزار 743 کوئنٹل پیاز خریدی جاچکی ہے۔ اسی دوران اسمبلی میں ممبئی سمیت ریاست کی دیگر میونسپل کارپوریشنز میں منظور شدہ اراکین کی تعداد پانچ سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 10 کرنے کا بل منظور کرلیا گیا۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس کے قومی صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کی اُمید تھی کہ ٹھاکرے گروپ کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے راؤت کے خلاف حق تلفی کی کارروائی سے متعلق ازسرِ نو تشکیل دی گئی کمیٹی آزاد اور غیر جانبدار ہوگی۔ پوار نے کہا کہ رکنِ پارلیمان راؤت کی جانب سے دیا گیا بیان ایک خصوصی گروپ پر تبصرہ تھا، جس کے معنی واضح تھے۔ انھوں نے اس خصوص میں سوشل میڈیا پر کل اپنا ردِعمل ظاہر کیا۔ پوار نے کہا کہ حق تلفی کیے جانے کی شکایت پر کارروائی کا مطالبہ کرنے والوں کو ہی اس خصوصی کمیٹی میں شامل کرنا ایسا ہی ہے جیسے شکایت کنندہ کو جج بنادینا۔ انھوں نے سوال کیا کہ اب انصاف کی اُمید کیسے کی جائے؟

***** ***** *****

ریاست میں اقتدار کی رسّہ کشی سے متعلق سپریم کورٹ میں داخل درخواست پر کل مسلسل تیسرے دِن بھی سماعت کی گئی۔ اس مقدمے میں آئندہ سنوائی 14 مارچ کو ہوگی۔ کل شندے گروپ کی جانب سے نیرج کول اور سینئر وکیل ہریش سالوے نے بحث میں حصہ لیا۔ 14 مارچ کو سالوے دوبارہ عدالت میں اپنا مؤقف رکھیں گے‘ وہیں شندے گروپ کی جانب سے مہیش جیٹھ ملانی اور منندر سنگھ بحث میں حصہ لیں گے۔ گورنر کی جانب سے اس کیس میں ایڈوکیٹ جنرل دلائل دیں گے۔ اس کے بعد کپل سبل مخالف وکلاء کی بحث کا جواب دیں گے۔

***** ***** *****

اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دیپک کیسرکر نے بتایا کہ ریاست کے جونیئر کالجس کے اساتذہ کے مختلف مطالبات پر مثبت بات چیت کے بعد انھوں نے بارہویں جماعت کے جوابی پرچوں کی جانچ کا بائیکاٹ واپس لے لیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ بارہویں جماعتوں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان وقت پر کیا جائیگا۔

***** ***** *****

پیداواری محصول یعنی ایکسائز کے ریاستی وزیرِ مملکت شمبھو راج دیسائی نے کل قانون ساز کاؤنسل کو بتایا کہ ہنگولی ضلع میں غیر قانونی شراب سازی‘ اس کی فروخت اور حمل و نقل کی روک تھام کی خاطر خصوصی فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیکر سخت کارروائی کی جائیگی۔ کاؤنسل کی رُکن ڈاکٹر پرگیا ساتو کی جانب سے اس خصوص میں پوچھے گئے سوال کا وزیرِ موصوف جواب دے رہے تھے۔ 

***** ***** *****

بارڈر-گاوسکر کپ سیریز کے تحت اندور میں جاری تیسرے ٹسٹ کرکٹ مقابلے میں بھارت ہارنے کی کگار پر ہے۔ کل دوسرے دِن بھارت کی اننگ 163 رنوں پر سمٹ گئی، جس کے بعد آسٹریلیاء کو یہ میچ جیتنے کیلئے صرف 76 رن درکار ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ شمال مشرقی بھارت کی دو ریاستوں میں BJP اور اتحادی جماعتوں کو اکثریت؛ جبکہ میگھالیہ میں نیشنل پیوپلز پارٹی کو سب سے زیادہ 26 نشستیں۔

٭ پونے کے کسبا پیٹھ سے کانگریس اور چنچوڑ سے BJP اُمیدوار کامیاب۔

٭ مرکزی انتخابی کمیشن میں کمشنرس کی نامزدگی کیلئے انتخابی کمیٹی تشکیل دینے کی سپریم کورٹ کی ہدایت۔

٭ حزبِ اختلاف کے قائدین کو ملک دشمن نہیں کہا؛ وزیرِ اعلیٰ کی قانون ساز کاؤنسل میں وضاحت۔

اور۔۔ ٭ آسٹریلیاء کے خلاف تیسرے ٹسٹ کرکٹ مقابلے میں بھارت ہا رنے کی کگار پر۔

***** ***** *****

No comments: