Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 May-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/ مئی ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سڑکوں کی معیاری درستی کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ؛ کچرے کی پروسیسنگ کیلئے ICT پر مبنی پروجیکٹ شروع کیا جائیگا۔
٭ انیمیشن‘ گیمنگ اور VFX کو اسکولی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ۔
٭ دی کیرالا اسٹوری فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ سپریم کورٹ کی جانب سے مسترد۔
٭ رجسٹرار دفاتر ہفتے اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔
اور۔۔ ٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں ممبئی انڈینس کی پنجاب کنگس کے خلاف چھ وِکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں سڑکوں کی معیاری اور تیز رفتار درستی کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کو ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ اس کارپوریشن کا بنیادی سرمایہ 100 کروڑ روپئے رہے گا۔ جس میں سے 51 فیصد سرکاری حصہ مرحلہ وار فراہم کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام مقامی بلدیاتی اداروں میں کچرے کی پروسیسنگ کیلئے اطلاعات و کمیونکیشن ٹکنالوجی ICT پر مبنی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اس کیلئے 578 کروڑ 63 لاکھ روپئے منظور کیے گئے۔ کچرا اُٹھانے والی تمام گاڑیوں پر نظر رکھنے کیلئے GPS یا ICT پر مبنی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا۔ متعلقہ کمشنر یا چیف ایگزیکٹیو کے ذریعے سوچھ بھارت مشن کی معرفت یہ پروجیکٹ چلائے جائیں گے۔
***** ***** *****
جنگلات اور سمندری حیات مضامین پر عالمی سطح کی بہترین یونیورسٹیوں میں جاکر تحقیق کرنے کیلئے 75 طلبہ و ریسرچ اسکالرز کو تین برس کیلئے اسکالرشپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کل ہوئے کابینی اجلاس میں اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔ ان میں سے 30 فیصد نشستیں طالبات کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ فیصلے کے مطابق ماسٹرز ڈگری کیلئے 15‘ اور پی ایچ ڈی کیلئے 10‘ اس طرح مجموعی طور پر 25 طلبہ کو تین سال کیلئے یہ اسکالر شپ دی جائیگی۔ ماسٹرز ڈگری اسکالرشپ کیلئے طلبہ کی عمر کی حد 35 برس اور پی ایچ ڈی کیلئے 40 برس رکھی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے کولہاپور ضلع کے شیروڑ تعلقے کے اُود گاؤں میں 350 پلنگ پر مشتمل نفسیاتی امراض کے اسپتال کے قیام کو منظوری دی ہے۔ کل منعقدہ اجلاس میں کابینہ نے اس اسپتال کیلئے 146 کروڑ 22 لاکھ روپئے کا فنڈ بھی منظور کیا۔
***** ***** *****
حکومت عنقریب انیمیشن‘ گیمنگ اور VFX کو اسکولی نصاب میں شامل کرے گی۔ مرکزی اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سیکریٹری اپوروا چندرا نے یہ اطلاع دی۔ کل ممبئی میں فیڈریشن آف انڈین کامرس اینڈ انڈسٹریز ”فِکّی“ کے ایک پروگرام سے وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو انیمیشن‘ VFX اور گیمنگ کے شعبوں میں عالمی سطح پر رابطے کی ضرورت ہے اور تیقن دیا کہ اس صنعت کیلئے ضروری افرادی قوت اُبھارنے کیلئے حکومت مدد کرے گی۔ چندرا نے اعلان کیا کہ ممبئی کے گورے گاؤں فلم سٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جائیگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ فلم شائقین اپنی پسند کی فیچر فلموں کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اب فنڈ جمع کرسکیں گے۔ حکومت عنقریب فلمی صنعت کا ورثہ سمجھے جانے والی فلموں کی ایک فہرست جاری کریگی اور شائقین اس فہرست سے اپنی پسند کی فلموں کو ڈیجیٹلائزیشن کیلئے منتخب کرسکیں گی۔ حکومت نے اس کیلئے پانچ ہزار فیچر اور دستاویزی فلموں کا ہدف مقرر کیا ہے۔ جن میں سے ڈھائی ہزار فلموں کو ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی نہایت اہم عمارتوں‘ اسپتالوں‘ پانچ ستارہ ہوٹلوں‘ اسکولوں اور عبادت گاہوں پر انسانی تخلیق کردہ آفتوں اور انتہاء پسند حملوں سے تحفظ کیلئے اقدامات تجویز کرنے سے متعلق رپورٹ‘ ماہرین کی ایک کمیٹی نے وزیرِ اعلیٰ کے حوالے کی ہے۔ اس رپورٹ میں بڑی عوامی اور نہایت اونچی عمارتوں کے تحفظ سے متعلق تجزیہ کیا گیا ہے اور ان پر انتہاء پسندوں کے حملوں کو روکنے کیلئے تجاویز بھی دی گئیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے زراعت کیلئے شمسی توانائی پر چلنے والے پمپ اور دیہی علاقوں کے اسپتالوں میں شمسی توانائی مہیا کرنے کیلئے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ایشیائی بینک کے ایک وفد نے کل وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اگر یہ پروجیکٹ شروع ہوجاتے ہیں تو کسانوں کو سبز توانائی فراہم کرنے والی مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہوگی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے وضاحت کی ہے کہ انھوں نے اپنے کسی بھی عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔ تاہم پارٹی کے جنرل سیکریٹری جتندر آہواڑ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں آہواڑ نے کہا کہ تھانہ کے تمام پارٹی عہدیداروں نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دریں اثناء رکنِ پارلیمان شرد پوار نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی نے صدر کے عہدے کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی ہے وہ جمعہ کو اجلاس منعقد کرے۔ اس اجلاس میں جو بھی فیصلہ کیا جائیگا اُسے وہ تسلیم کریں گے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سرکردہ قائد پرفل پٹیل نے کہا ہے کہ پارٹی نے شرد پوار سے درخواست کی ہے کہ وہ پارٹی صدارت چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں‘ اس لیے نیا صدر منتخب کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر شرد پوار اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہیں تب بھی وہ ہی پارٹی کے سپریمو‘ پارٹی کی شناخت اور پارٹی کا چہرہ رہیں گے۔ وہ جو کوئی بھی فیصلہ کرلیں لیکن عوامی زندگی میں ہمیشہ فعال رہیں گے۔ اس لیے ریاست میں مہا وِکاس آگھاڑی کو کوئی دھچکا نہیں لگے گا۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ سنجے راؤت کانگریس کے معاملات سے متعلق گمراہ کن بیانات نہ دیں۔ وہ کانگریس کے ترجمان نہیں ہیں۔ سنجے راؤت کے کانگریس سے متعلق بیان پر نانا پٹولے کل ناگپور میں اپنا ردّ عمل دے رہے تھے۔ راؤت نے کہا تھا کہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے ہیں لیکن قطعی فیصلے راہل گاندھی کے ہی ہوتے ہیں۔ اس پر نانا پٹولے نے کہا کہ راوت‘ ملک ارجن کھرگے کی اہلیت اور گاندھی خاندان سے متعلق کوئی بیان بازی نہ کریں۔ انھوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر راشٹروادی کانگریس‘ بی جے پی کے ساتھ جاتی ہے تب بھی کانگریس پارٹی بی جے پی کیخلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔
***** ***** *****
دی کیرالا اسٹوری فلم پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کو عدالت ِ عظمیٰ نے مسترد کردیا ہے۔ کیرالا میں بائیں جمہوری اتحاد اور کانگریس نے فلم پر شرانگیز تقریر کو فروغ دینے کا الزام لگایا ہے۔ اس خصوص میں داخل کردہ ایک درخواست کی فوری سماعت کا مطالبہ بھی عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سینسر بورڈ نے فلم کو منظوری دے دی ہے اور عدالت اس پر کوئی قدغن نہیں لگاسکتی۔ اگر فلم کی نمائش کے فیصلے کو چیلنج کرنا ہے تو درست پلیٹ فارم پر اسے چیلنج کیا جائے۔
***** ***** *****
ضلعی صدر دفتر اور میونسپل علاقوں میں رجسٹرار دفتر کے کام کاج ہفتے اور اتوار کو چھٹی کے دِن بھی جاری رہے گا۔ وزیرِ محصول رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس میں عوام کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے تعطیل کے دِن بھی شہری اپنے دستاویز کی رجسٹری کرسکیں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے یہ سہولت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل موہالی میں کھیلے گئے ایک میچ میں ممبئی انڈینس نے پنجاب کنگز کو 6 وِکٹ سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پنجاب ٹیم کا 215 رن کا ہدف ممبئی انڈینس نے 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اس سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس اور چنئی سپر کنگس کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سڑکوں کی معیاری درستی کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ؛ کچرے کی پروسیسنگ کیلئے ICT پر مبنی پروجیکٹ شروع کیا جائیگا۔
٭ انیمیشن‘ گیمنگ اور VFX کو اسکولی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ۔
٭ دی کیرالا اسٹوری فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ سپریم کورٹ کی جانب سے مسترد۔
٭ رجسٹرار دفاتر ہفتے اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔
اور۔۔ ٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں ممبئی انڈینس کی پنجاب کنگس کے خلاف چھ وِکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment