Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 July-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم جولائی ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں کل پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 43 افراد ہلاک۔
٭ ریاستی کابینہ میں رواں مہینے توسیع کیے جانے کا نائب وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اشارہ۔
٭ اورنگ آباد ضلع کے گنگاپور-خلدآباد آبرسانی منصوبے کا افتتاح۔
٭ رائے گڑھ ضلع کے راتوڑ میں چرم سازی صنعت کے کلسٹر کو منظوری؛ 125 کروڑ روپؤں کے فنڈ کا اعلان۔
٭ زرعی دِن کے موقع پر ریاست میں مختلف تقاریب کا انعقاد۔
٭ محکمہئ موسمیات نے جولائی مہینے میں اوسط بارش ہونے کی‘ کی پیش گوئی۔
اور۔۔ ٭ بھارت نے ایران کو شکست دیکر جیتی ایشیائی کبڈی چمپئن شپ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں کل مختلف سڑک حادثات میں 43 افراد ہلاک ہوگئے۔ سمردّھی شاہراہ پر آج آدھی رات پیش آئے خانگی بس حادثے میں 28 مسافروں کی جان چلی گئی اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ بلڈانہ ضلع کے سندھ کھیڑ راجہ تعلقے کے پمپل کھوٹا میں یہ حادثہ پیش آیا۔ بس‘ ڈیوائیڈر سے ٹکرا جانے کے بعد شعلہ پوش ہوگئی۔ اس خصوص میں موصولہ خبروں کے مطابق مسافر جلنے کے سبب ہلاک ہوگئے۔ ودربھ ٹراویلس کی یہ بس ناگپور سے پونے کی جانب جارہی تھی۔
بلڈانہ میں پیش آئے اس حادثے پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو فی کس پانچ لاکھ روپؤں کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
اسی طرح احمدنگر ضلع میں سمردّھی شاہراہ پر پیش آئے ایک دوسرے حادثے میں تین افراد کی جان گئی، جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔ کوپر گاؤں تعلقے کے کوکمٹھان جنگل میں ٹیمپو کو کروزر جیپ نے ٹکر دی۔ اس حادثے میں منٹھا تعلقے کے پانگری گوساوی کے رہائشی سنتوش اور ورشا راٹھوڑ سمیت ان کا 18 مہینوں کا بیٹا ہلاک ہوگئے۔
اورنگ آباد- شولا پور ہائی وے پر کنتھل گری پر پیش آئے ایک تیسرے حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد کی جان گئی۔ اورنگ آباد تعلقے کے کوبیر گیورائی کے وکرم کوبیر اور مرم کھیڑا کے وٹھل دابھاڑے پنڈھرپور کی جانب جارہے تھے۔ ایک نامعلوم گاڑی کے ساتھ تصادم میں یہ حادثہ پیش آیا۔
وہیں پنڈھرپور سے واپسی کے دوران اَکّل کوٹ تعلقے میں عقیدت مندوں کی گاڑی کوحادثہ پیش آیا‘ جس میں چھ افراد کی موت جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ جیپ میں سوار عقیدت مندوں کی مال بردار ٹرک سے تصادم کے سبب یہ واقعہ ہوا۔ مرنے والوں میں پانچ خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے اَکّل کوٹ کے ابتدائی طبّی مرکز میں داخل کیا گیا ہے۔
ناسک ضلع کے وانی- ساپوتارہ روڈپر موٹر کار اور خانگی جیپ کے درمیان آمنے سامنے ٹکراؤ کے سبب حادثہ ہوا، جس میں چار افراد ہلاک اور نو شدید زخمی ہوگئے۔ کل شام یہ واقعہ پیش آیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے رواں مہینے میں ریاستی کابینہ کی توسیع کا اشارہ دیا ہے۔ اورنگ آباد طیران گاہ پر کل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اس معاملے میں آخری فیصلہ کریں گے۔ پھڑنویس نے توسیع کی تاریخ اور تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ہماری حکومت تیز رفتار ہے۔ ہم نے ایک برس میں 35 اسکیمات کو سرکاری منظوری دی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل ”ہر گھر نل سے جل“ مہم کے تحت اورنگ آباد ضلع کے گنگاپور میں ایک ہزار کروڑ روپؤں کے خرچ سے گنگاپور-خلدآباد آبرسانی منصوبے کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ دعویٰ کیا۔ اس منصوبے کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پھڑنویس نے مرکز کی مودی حکومت کی نو برسوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران مرکزی حکومت نے انتہائی سرعت کے ساتھ کورونا مدافعتی ٹیکے تیار کرکے اس کی تین خوراکیں شہریان کو مفت فراہم کی‘ جس کے سبب کورونا ملک میں کورونا ختم ہوگیا۔ مودی حکومت نے مہاراشٹر کو 25 لاکھ مکانات تعمیر کرکے دئیے، جس سے سوا لاکھ لوگوں کو ذاتی مکانات ملے۔ پھڑنویس نے مرکز کی مودی حکومت کی کامیابیوں کو گناتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے 71 لاکھ لوگوں کو علاج معالجے کی خدمات فراہم کررہی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے رائے گڑھ ضلع کے راتوڑ میں چرم سازی صنعت کے کلسٹر کو منظوری دی ہے اور اس کی خاطر 125 کروڑ روپؤں کا فنڈ فراہم کیا ہے۔ یہ کلسٹر چمڑے کی صنعت کیلئے مربوط سہولیات فراہم کرے گا۔ اس اسکیم کو منظوری دئیے جانے پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 323 کروڑ روپؤں کے اس منصوبے کو ریاستی حکومت بنیادی سہولیات فراہم کرے گی‘ جس کے فنڈ کیلئے ریاستی حکومت نے منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت کم و بیش 25 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت عبدالستار نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 100 ملی میٹر بارش کے بعد ہی تخم ریزی کریں۔ وزیرِ موصوف کل جالنہ میں خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں نقلی بیج فروخت کیے جانے کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے خلاف محکمہئ زراعت کارروائی کررہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کل سے پولس‘ محصول، زراعت اور دیہی ترقی کے محکمے اجتماعی طور پر اس سلسلے میں کارروائی کریں گے۔ عبدالستار نے بتایا کہ جن مقامات پر نقلی یا مہنگے داموں میں بیج فروخت ہوتے ہوئے پائے گئے تو وہاں ان چار محکموں کے ملازمین خود حکومت کی جانب سے طئے شدہ داموں میں کسانوں کو بیج فروخت کریں گے۔
***** ***** *****
صنعت و حرفت کے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے کہا ہے کہ ٹریلین ڈالر معیشت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کیمیائی صنعتوں کا اہم کردار رہے گا۔ اس لیے کیمیائی صنعت کاروں کو پائیدار ترقی کیلئے سبز صنعتوں کے قیام کی کوشش کرنی چاہیے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں ”پائیدار بھارت کیلئے انقلاب“ اس عنوان پر منعقدہ کیمیائی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ساونت نے اصرار کیا کہ صنعتکاروں کو آلودگی سے پاک صنعتیں قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تعلیم صرف سکھانے کا نہیں بلکہ سیکھنے کا بھی عمل ہے۔ وزیرِ اعظم کل دلّی یونیورسٹی کی 100 سالہ تقاریب کے اختتامی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اتنے برسوں تک طلبہ کو ہمیں کیا سکھانا ہے اسی پر تعلیمی پالیسی مرکوز تھی تاہم اب طلبہ کو کیا سیکھنا ہے اس جانب ہم مُڑ گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اب نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق طلبہ اپنی مرضی کے مطابق مضمون کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ بھارتی یونیورسٹیوں کو مستقبل پر توجہ دینے والی پالیسیوں اور فیصلوں کے سبب عالمی سطح پر مقبولیت مل رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ 2014 میں بھارت کی صرف 12 یونیورسٹیاں عالمی درجہ بندی فہرست میں شامل تھیں۔ آج یہ تعداد بڑھ ہر 45ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں کئی نئے کالجس اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ مودی نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں ملک میں IIT, IIM اور NIT جیسے تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کی ترقی میں یہ ادارے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے دہلی یونیورسٹی کے تین شعبہ جات کی نئی عمارتوں کا سنگ ِبنیاد رکھا۔ دہلی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کیلئے وزیرِ اعظم نے دلّی میٹرو سے سفر کیا اور طلبہ سے گفت و شنید کی۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کی زرعی شعبے میں نمایاں خدمات کے باعث آج ان کے یومِ پیدائش کو ریاست میں زرعی دِن کے طور پر منایا جارہا ہے۔ ناندیڑ میں آج ضلع پریشد کے محکمہ زراعت کی جانب سے اس خصوص میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔جس کی صدارت سی ای او ورشا ٹھاکر گھوگے کریں گی۔ اس تقریب میں زرعی شعبے میں نمایاں کام کرنے والی خواتین وار ریاستی سطح پر ایوارڈ حاصل کرنے والے کسانوں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر زرعی سائنسدانوں کے رہنمائی لیکچرس کا انعقاد کیا جائے گااور کیڑے مار دوا چھڑکنے کے دوران استعمال کی جانے والی حفاظتی کٹس بھی تقسیم کی جائیں گی۔
یومِ زراعت کے موقع پر اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے بھی آج ایک تقریب کا اہتمام کیا ہے، جس میں زرعی شعبے کے ماہر اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک ڈھون کا لیکچر ہوگا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ماہِ جون میں ملک میں اوسط سے دس فیصد کم بارش ہوئی۔ وہیں مراٹھواڑہ میں اوسط سے 69% فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ودربھ‘ شمال وسطی اور مغربی مہاراشٹر میں اوسط سے 50% کم برسات ہوئی۔ کوکن میں اوسط سے 28% کم بارش ہوئی۔ محکمہئ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ماہِ جولائی میں ملک میں کم و بیش اوسط بارش ہوگی۔
***** ***** *****
بھارت کے نیزہ باز نیرج چوپڑہ نے سوئزر لینڈ کے لاؤسان میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ مقابلہ جیت لیا ہے۔ چند ساعتوں قبل ہوئے اس مقابلے میں 87.66میٹر دوری پر نیزہ پھینک کر خطاب اپنے نام کیا۔ وہیں دوسری جانب ایشیائی کبڈی چمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں کل بھارت نے ایران کو 42-72 سے شکست دیکر خطاب اپنے نام کرلیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں کل پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 43 افراد ہلاک۔
٭ ریاستی کابینہ میں رواں مہینے توسیع کیے جانے کا نائب وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اشارہ۔
٭ اورنگ آباد ضلع کے گنگاپور-خلدآباد آبرسانی منصوبے کا افتتاح۔
٭ رائے گڑھ ضلع کے راتوڑ میں چرم سازی صنعت کے کلسٹر کو منظوری؛ 125 کروڑ روپؤں کے فنڈ کا اعلان۔
٭ زرعی دِن کے موقع پر ریاست میں مختلف تقاریب کا انعقاد۔
٭ محکمہئ موسمیات نے جولائی مہینے میں اوسط بارش ہونے کی‘ کی پیش گوئی۔
اور۔۔ ٭ بھارت نے ایران کو شکست دیکر جیتی ایشیائی کبڈی چمپئن شپ۔
***** ***** *****
आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
Saturday, 1 July 2023
Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جولائی 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10
Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 02 October-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبر...
-
Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 04 March 2025 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...
-
Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 02 March 2025 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती संभ...
No comments:
Post a Comment