Tuesday, 28 May 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 مئی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 28 May-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۸؍مئی  ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭             دہم جما عت کے نتائج کا آن لائن اعلان؛ ریاست بھر میں   95 اعشا ریہ 81فیصد طلبہ ہوئے کامیاب۔

                ٭             پونے کے پورشے کار حادثے کے معاملے میں سسون اسپتال کے دو ڈاکٹروں سمیت تین افراد گرفتار۔

                ٭             چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل۔

اور۔۔۔٭     اس سال جون سے ستمبر کے درمیان ملک میں 106 فیصد بارش ہونے کی پیش گوئی۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے کل مارچ میں منعقدہ دسویں جماعت کے امتحان کے نتائج ظاہر کردئیے گئے۔ گذشتہ سال کے مقابلے اس سال نتائج میں تقریباً دو فیصد کا اضافہ ہوا ہےاو ر  95 اعشاریہ 81 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نے ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ معلومات دی۔ کوکن ڈویژن کا نتیجہ سب سے زیادہ یعنی 99 اعشاریہ ایک فیصد رہا، جبکہ ناگپور ڈویژن کا نتیجہ سب سے کم یعنی 94 اعشاریہ 75 فیصد رہا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 95 اعشاریہ 19 فیصد طلباء کامیاب ہوئے ‘ جبکہ لاتور ڈویژن سے 95 اعشا ریہ 27 فیصد طلباء اور پونےڈو یژن میں 96 اعشاریہ 44 فیصد، کولہاپورڈویژن میں 97 اعشا ر یہ 45، امراوتی 95 اعشاریہ 58، ناسک 95 اعشا ریہ 28 جبکہ ممبئی ڈویژن میں 95 اعشاریہ 83 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔

                چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں بیڑ ضلع میں سب سے زیادہ 97   اعشاریہ 40 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں‘ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعےمیں 95 اعشاریہ 51، جالنہ ضلعے میں 94 اعشاریہ 99، پربھنی ضلعے کے 93 اعشاریہ 03 اور ہنگولی ضلع کا نتیجہ 92 اعشاریہ 22 فیصد رہا۔

                لاتور ڈویژن میں لاتور ضلعےکا سب سے زیادہ نتیجہ یعنی 96اعشاریہ 46 فیصد،جبکہ دھاراشیو ضلعے کا 95 اعشا ریہ  88فیصد‘ اسی طرح ناندیڑ ضلعے کا   93 اعشاریہ 99 فیصد نتیجہ رہا۔

                اس سال کے نتائج میں بھی ہر سا ل کی طرح لڑکیاں سرفہرست رہیں اور لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 97 اعشاریہ 21 فیصد ‘جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 94 اعشاریہ 56 فیصد ہے۔

                وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلی دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار نے امتحانات میں کامیاب تمام طلباء کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں وزیرِ اعلیٰ شندے نے کامیاب طلبہ کو ان کے تابناک مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کیں‘ جبکہ دیگر طلبہ کو نئی امید اور عزم کے ساتھ دوبارہ شروعات کرنے کا مشو رہ بھی دیا۔

                دریں اثنا، اس نتیجہ کے سلسلے میں نشانات کی دوبارہ جانچ اور جوابی بیاضوںکی فوٹو کاپی کیلئے آج سےآئندہ  11 جون تک آن لائن درخواستیں کی جا سکتی ہیں‘ جبکہ جو ابی بیاض کی فوٹو کاپی حاصل ہونے کے بعداندرونِ پانچ یوم نشانات کی دوبارہ جانچ کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔

***** ***** *****

                چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے مٹمٹہ اور یشودھرا کالونی کے ثانوی اسکولوں کے دسویں جماعت کے نتائج صد فیصد ر ہے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت نے سبھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

                لاتور میونسپل کارپوریشن کے پی ایم شری ساوتری بائی پھلے اسکول نمبر 9 کے  بھی تمام طلبہ نے دہم جماعت کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ۔ میونسپل کمشنر بابا صاحب منوہرے نے کامیابی حاصل کرنے والے سبھی طلبہ کو مبارکباد د یتے ہوئے نیک خو اہشات پیش کیں۔

***** ***** *****

                پونے کے پورشے کار حادثے کے معاملے میں پونے پولس نے سسون اسپتال کے ڈاکٹر اجے تاورے اور ڈاکٹر شری ہری ہرنوڑسمیت اسپتال کے ملازم اتل گھٹ کامبڑے کو گرفتار کیا ہے۔ نابالغ لڑکے کے خون کے نمونے کو تبدیل کرنے کا ان پرالزام ہے۔ ان تینوں کو کل عدالت میں پیش کیے جانے پر انہیں 30 مئی تک پولس تحویل میں بھیج دیا گیا۔ 19 مئی کی رات ملزم کے شراب کے نشے میں تیز رفتار گاڑی چلانے سے ہوئے حادثے میں کار کی ٹکر سے دو نوجوان انجینئروں کی موت واقع ہو گئی تھی۔

***** ***** *****

                 کوکن ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ انتخاب کیلئے مہاراشٹر نونرمان سینا نے ابھیجیت پانسے کو امیدواری دی ہے۔ ایم این ایس کے جنرل سکریٹری شِریش ساونت نے یہ اعلان کیا۔ قانون ساز کونسل کی چار نشستوں کیلئےآئندہ 26 جون کو چنا ئو ہوگا۔

***** ***** *****

                انڈین آئل کمپنی نے کل ہندوستانی فوج کو ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی جدید بس فراہم کی۔ فوج کے سربراہ منوج پانڈے اور انڈین آئل کمپنی کے چیئرمین ایس ایم ویدیہ کی موجودگی میں دہلی میں انڈیا گیٹ پر واقع قومی جنگی یادگار کے قریب منعقدہ ایک تقریب میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر جنرل منوج پانڈے نے کہا کہ فوج ماحولیاتی تحفظ پر توجہ دیتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پُرعزم ہے۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشو انی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں

***** ***** *****

                پارلیمنٹ کے عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آئندہ  4 جون کو کی جائےگی۔ اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے بیڑبائے پاس علاقے میں واقع ایم آئی ٹی کالج کی عمارت میں ہوگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر اور انتخابی فیصلہ افسر دلیپ سوامی نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ کلکٹر سوامی نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کا ا ٓغاز صبح آٹھ بجے پوسٹل ووٹوں کی گنتی سے کیا جائےگا۔ رائے شماری مرکز پر حفاظتی انتظامات کیلئے انتظامیہ نے تین سطحی حفاظتی نظام بنایا ہے ا ور گنتی مرکز پر 70 پولس افسران، 500 پولس اہلکاروں سمیت مرکزی اور ریاستی حفاظتی دستوںکے اہلکار تعینات رہیں گے۔ سوامی نے بتایا کہ اس دن ایم آئی ٹی کالج عمارت کے قریب ٹریفک نظام میں تبدیلی کی جائے گی اور ووٹوں کی گنتی سے ایک دِن پہلےیعنی  3 جون کو ووٹوں کی گنتی کی عملی مشق کی جائے گی۔

***** ***** *****

                لاتور ضلعے میں جل جیون مشن منصوبے کے کا موں میں تیزی لانےکے احکامات متعلقہ محکمو ں کو ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے دئیے ہیں۔ پانی کی قلّت سے نمٹنے اور جل جیون مشن کے کاموں کے جائزاتی اجلاس کے د وران بذریعۂ ویڈیو کانفرنسنگ وہ مخاطب تھیں۔ انھوں نے تکمیل کے قریب کاموں کو آئندہ سات دِنوں میںمکمل کرلینے کے احکامات دیتے ہوئے اس منصوبے کے کا موں کا یومیہ جائزہ لینے کا اعلان بھی کیا۔ ضلع کلکٹر نے پانی کی قلت کے پیش نظر کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

***** ***** *****

                امسال موسمِ باراں میں جون سے ستمبر کے درمیان ملک میں 106 فیصد بارش ہونے کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نےکی ہے ۔ محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے مہاپاترا نے کل جنوب مغربی مانسون کے دوسرے مرحلے کی پیشن گوئی کا اعلان کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ مہا پاترا نے اندازہ ظاہر کیا کہ جنوب مغربی مانسون کی بارش وسطی اور جنوبی جزیرہ نما علاقوں میں معمول سے زیادہ ا ور شمال مغرب و شمال مشرقی حصوں میں معمول سے کم ہوگی۔ انہوں نے ماہِ جون میں معمول کے مطابق برسات ہونے کا قیاس بھی ظاہر کیا ہے۔

***** ***** *****

                دریں اثنا‘ کل ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ وِدربھ اور مراٹھو اڑہ کے کچھ مقامات پر درجۂ حرارت میں خاصا اضافہ درج کیا گیا، جبکہ وسطی مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں درجۂ حرارت میں کمی آئی۔ ریاست میں کل سب سے زیادہ 47   اعشا ریہ ایک درجۂ حرارت برہمپوری میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی او ر بیڑ میں 41‘ ناندیڑ 40 اعشاریہ ا ٓٹھ، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھا راشیو میں 37 ڈگری درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ مراٹھو اڑہ کے کچھ مقاما ت پر آج بارش ہونے کے امکانات ہیں۔

***** ***** *****

                ناندیڑ ضلعے کی پین گنگا ندی میں غرقا ب ہوکر کل تین خواتین کی موت ہوگئی۔ کِنوٹ تعلقے میں کل د وپہر یہ حادثہ پیش آیا۔ دریں اثنا‘ مدکھیڑ تعلقے میںٹریکٹر ٹرالی پُل سے گرنے کے سبب پیش آئے حادثے میں ایک 13 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا، جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پارڈی۔ راجواڑی پُل پر پیش آیا۔

***** ***** *****

                قحط سالی سے متعلق امداد کی فراہمی کے مطالبے پر ہنگولی ضلعے کے موضع تاکتوڑا کے کاشتکاروں نے کل موبائل ٹاور پر چڑھ کر احتجاج کیا۔ خشک سالی سے متاثرہ عوام کو امداد فراہم کرنے اور بارش سے ہوئے نقصانات کے معاوضے دینے سے متعلق انتظامیہ کی جانب سے مثبت تیقن دئیے جانے تک احتجاج جا ری رکھنے کا انتباہ مظاہرین نے دیا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭             دہم جما عت کے نتائج کا آن لائن اعلان؛ ریاست بھر میں   95 اعشا ریہ 81فیصد طلبہ ہوئے کامیاب۔

                ٭             پونے کے پورشے کار حادثے کے معاملے میں سسون اسپتال کے دو ڈاکٹروں سمیت تین افراد گرفتار۔

                ٭             چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل۔

اور۔۔۔٭     اس سال جون سے ستمبر کے درمیان ملک میں 106 فیصد بارش ہونے کی پیش گوئی۔

***** ***** *****


No comments:

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 14 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...