Monday, 2 September 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02/ ستمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲/ ستمبر  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر بارش کا زور جاری؛ جائیکواڑی پشتے کی آبی سطح 87 فیصد کے پار؛ پانی کا اخراج شروع۔
    ٭    مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ؛ ناندیڑ، بیڑ، ہنگولی اضلاع کے ساحلی علاقوں کے ساکنان کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
    ٭    صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو آج سے تین دِنوں کے مہاراشٹر دورے پر۔
    ٭    قانون و انصاف محکمہ میں خواتین کی حصہ داری مضبوط نظامِ عدل کی علامت: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا بیان۔
اور۔۔۔٭    پیرس پیرالمپک مقابلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کو اب تک سات تمغے حاصل؛ خواتین بیڈمنٹن مقابلے میں آج سونے کا تمغہ حاصل کرنے کا موقع۔
***** ***** *****
    اب خبریں تفصیل سے:
     مراٹھواڑہ اور ودربھ سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع میں کل زوردار بارش ہوئی۔ شہری علاقے میں کل رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعے کا جائیکواڑی آبی پشتے کی سطح 87 فیصد تک جاپہنچی ہے اور ڈیم کے کیچمنٹ ایئریا میں بارش جاری ہونے کی وجہ سے اس میں اضافہ کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے جائیکواڑی سے گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے۔محکمہئ آبپاشی نے ندی کے کنارے واقع گاؤں کے ساکنان کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ ویجاپور اور گنگاپور کیلئے ناندور-مدھمیشور نہر سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
    پربھنی ضلعے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ندی نالے بہہ رہے ہیں۔ مُودرَل باندھ کے دو دروازے کھولے گئے ہیں۔ زیرو پھاٹہ- پورناکے درمیان ماٹے گاؤں پُل پر سے پانی بہنے سے ناندیڑ-پربھنی راستہ بند کیا گیا ہے، جبکہ مَلا سوننا‘ دَیٹھنا کے پُل پر پانی آنے سے آٹھ گاؤں سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔ دَیٹھنا گاؤں میں بارش کی وجہ سے مکانات منہدم ہوگئے، جبکہ جنتور تعلقے کے ندی نالے اُبل کر بہہ رہے ہیں اور کھیتوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔ گنگاکھیڑ تعلقہ کا ماسوڑی آبی منصوبہ مکمل بھرچکا ہے۔
    سب ڈویژنل افسر جیوراج ڈاپکر نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
    ہنگولی ضلعے میں کل مسلسل دوسرے دِن بھر زوردار بارش ہونے سے نظامِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ طوفانی ہواؤں سمیت بارش ہونے سے کیادُھو ندی سمیت دیگر ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور مکانات میں پانی دَر آیا ہے۔خصوصی طورپر ہنگولی شہر کے کئی تجارتی علاقوں میں پانی دَر آنے سے بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں۔
    ضلعے کے سِدّھیشور آبی پشتے کے 14 دروازے کھول کر 27 ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پورنا ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے‘ جس کے باعث ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ ندی کے قریب واقع آبادیوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
    بیڑ شہر سمیت ضلع بھر میں کل دِن بھر بارش جاری رہی، جس کی وجہ سے ندی نالے بہنے لگے۔ بیڑ شہر اور کھیتوں کو پانی فراہم کرنے والے بندوسرا آبی منصوبہ مکمل بھرچکا ہے۔ کل اُس مقام پر کسانوں اور مقامی افراد کی موجودگی میں رُکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر کے ہاتھوں پانی کی پوجا کی گئی۔ ضلعے کے 143 درمیانی اور 36 چھوٹے آبی منصوبے مکمل بھرچکے ہیں اور پانی کی سطح 21 فیصد سے اوپر جاچکی ہے۔
    بِندوسرا منصوبہ سے پانی چھوڑا جارہا ہے اور ندی کے کنارے آباد ساکنان کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پرلی- بیڑ راستہ پر واقع پانگری کا متبادل پُل زیرِ آب آچکا ہے، جس کی وجہ سے انتظامیہ نے متبادل راستے کا استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
    ضلعے میں بارش کا زور بڑھ چکا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کیلئے ضلع انتظامیہ سے محتاط رہنے کی اپیل رکنِ پارلیمانی بجرنگ سونونے نے کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بارش میں کسان اپنے جانوروں کا خصوصی خیال رکھیں اور فصل نقصان ہونے پر متعلقہ کسان فوری اپنے نقصانات کی اطلاع بیمہ کمپنی کو دیں۔ ضلع کے رابطہ وزیر دھننجئے منڈے نے ندی کے کنارے رہنے والے ساکنان سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
    ناندیڑ ضلعے میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔ ضلعے کی گوداوری‘ مانجرا‘ پین گنگا‘ آسنا‘ لینڈی‘ سیتا ندیوں میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ ضلع میں بچاؤ کام کیلئے مقامی دستوں سمیت قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے دو دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے فصلوں کا کافی نقصان ہوا ہے‘ کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں جبکہ بارہ جانوروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
    ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت نے عوام سے ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے باہر نکلنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بارش رُکتے ہی نقصانات کے پنچنامے کیے جائیں گے۔
    جالنہ شہر سمیت ضلع بھر میں زوردار بارش جاری ہے۔ منٹھا تعلقے کے پاٹودہ‘ ساونگی، پیوا، ترتونڈی‘ ماڑتونڈی، دیوٹھانہ گاؤں میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ پانگری خُورد گاؤں کا پاجھر تالاب مکمل بھرجانے سے عوام کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ گھن ساونگی تعلقے کے تیرتھ پوری، رامَس گاؤں‘ شیوتہ، بانے گاؤں، سوندل گاؤں‘ منگرول مقامات پر زوردار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
    دھاراشیو ضلعے میں کل دِن بھر بارش جاری تھی، جس کی وجہ سے سویابین فصل کا نقصان ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
    ضلع کے 40 آبی منصوبے لبالب بھر چکے ہیں لیکن عمرگہ، لوہارا تعلقوں کا ایک بھی منصوبہ نہیں بھرا ہے۔ لاتور شہر سمیت ضلع میں بارش کا زور بڑھ گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
    آئندہ دو دِنوں میں ریاست کے اکثر و بیشتر مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے تین دِنوں کے دورہ پر آرہی ہیں۔ آج کولہاپور کے وارنا نگر میں وارنا خواتین کوآپریٹیو گروپ کے گولڈن جبلی پروگرام میں موجود رہیں گی۔ کل پونا کے سِمبایوسِس بین الاقوامی یونیورسٹی کی اکیسویں تقسیمِ اسناد پروگرام میں شرکت کریں گی، جبکہ چار تاریخ کو لاتور ضلعے کے اودگیر میں بدھ وِہار کا افتتاح کریں گی۔ اُودگیر میں مہاراشٹر حکومت کی ”شاسن آپلیا داری“ اور وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے مستفیدین کے پروگرام سے خطاب کریں گی۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ قانون و انصاف محکموں میں خواتین کا اضافہ خوش آئند ہے اور یہ ایک مضبوط عدلیہ کی علامت بھی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے مہاراشٹر نیشنل لاء یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل کے افتتاح کے موقعے پر وہ مخاطب تھے۔
    پھڑنویس نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ کار ہمارے ملک میں آنے کیلئے بے تاب ہیں کیونکہ اس یقین کے ساتھ کہ اچھے نظامِ انصاف کی وجہ سے سرمایہ کاری کا عمل قانونی طور پر ہوگا جس کے نتیجے میں ہم دنیا کی بہترین معیشت بننے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
***** ***** *****
    پیرس پیرالمپک مقابلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کا زور قائم ہے۔ نشاد کمار نے لانگ جمپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا‘ جبکہ خواتین کی دوسو میٹر کے مقابلے میں پریتی پال نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ ان تمغوں کی وجہ سے بھارت کے تمغوں کی تعداد سات ہوچکی ہے۔
    آج خواتین کے بیڈمنٹن مقابلوں میں تلسی مَتی مُروگُسین سونے کے تمغے کیلئے جبکہ منیشا رام داس کانسے کے تمغے کیلئے کھیلیں گے۔
***** ***** *****
    کوکن کے سندھودُرگ ضلع کے مالون کے راجکوٹ کے چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ گرنے کے خلاف مہاوِکاس آگھاڑی نے کل ممبئی میں احتجاج کیا۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے گروپ کے صدر اُدّھو ٹھاکرے، راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار گروپ کے صدر رکنِ پارلیمان شرد پوار، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے سمیت مہا وِکاس آگھاڑی کے دیگر قائدین نے شہید چوک پر جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
    ناندیڑ میں بھی قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کی سربراہی میں احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تنقیدکی ہے کہ مخالفین کے قدموں کے نیچے سے زمین کھسک گئی ہے اور انھیں اپنی شکست نظر آرہی ہے۔ وہ کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ مہاوِکاس آگھاڑی کا احتجاج مکمل طور پر سیاسی ہے۔
    دریں اثناء مہا وِکاس آگھاڑی کے احتجاج کے جواب میں بی جے پی نے بھی ریاست کے کئی مقامات پر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
    بیل پولا آج منایا جارہا ہے۔ اس دِن کسان کی محنت میں ساتھ دینے والے بیلوں کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔ آج دیہی علاقوں میں کئی جگہوں پر بیلوں کو سجایا جاتا ہے اور انکی پوجا کی جاتی ہے۔
***** ***** *****
     دھاراشیو کے پرانڈا کے بی جے پی کے ودھان پریشد کے سابق رُکن سجیت سنگھ ٹھاکر کو دولت ِ مشترکہ پارلیمانی بورڈ کے ذریعہ بہترین مقرر کے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ گریجویٹ حلقے کے رُکنِ اسمبلی ستیش چوہان کو بہترین پارلیمنٹرین کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ کل ممبئی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں یہ انعامات دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
    ریاست سمیت ملک بھر میں بارش کی وجہ سے کئی ٹرینیں منسوخ جبکہ کئی ٹرینوں کے روٹ تبدیل کیے گئے ہیں۔ کل لِنگم پلّی سے ممبئی جانے والی دیوگری ایکسپریس منسوخ کی گئی، جس کی وجہ سے آج ممبئی سے لنگم پلّی آنے والی ٹرین بھی منسوخ کردی گئی۔ اس کے ساتھ آج ممبئی- سکندرآباد دیوگری ایکسپریس‘ ناندیڑ- سمبل پور ایکسپریس‘ تروپتی- عادل آباد کرشنا ایکسپریس‘ کاکی ناڑا- سائی نگر شرڈی ایکسپریس جبکہ کل تین تاریخ کو عادل آباد- تروپتی کرشنا ایکسپریس‘ شرڈی- کاکی ناڑا ایکسپریس منسوخ کی گئی ہے۔ آج نرساپور سے چلنے والی نرساپور- نگرسول اس ٹرین کے کھمم تا قاضی پیٹ کے تمام اسٹاپ منسوخ کیے گئے ہیں اور یہ ٹرین وجئے واڑہ سے گنٹور- پاگی ڈی پلّی راستے سے سکندرآباد جائے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر بارش کا زور جاری؛ جائیکواڑی پشتے کی آبی سطح 87 فیصد کے پار؛ پانی کا اخراج شروع۔
    ٭    مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ؛ ناندیڑ، بیڑ، ہنگولی اضلاع کے ساحلی علاقوں کے ساکنان کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
    ٭    صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو آج سے تین دِنوں کے مہاراشٹر دورے پر۔
    ٭    قانون و انصاف محکمہ میں خواتین کی حصہ داری مضبوط نظامِ عدل کی علامت: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا بیان۔
اور۔۔۔٭    پیرس پیرالمپک مقابلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کو اب تک سات تمغے حاصل؛ خواتین بیڈمنٹن مقابلے میں آج سونے کا تمغہ حاصل کرنے کا موقع۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 12.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 12 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...