Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 10 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/ ستمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کینسر کی ادویہ پر جی ایس ٹی میں سات فیصد تخفیف؛ منکی پاکس عارضے کی تمام مشتبہ اقسام کی جانچ کا مرکزی حکومت کا حکم۔
٭ ریاست میں آج سے مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن خاندان سے ملاقات کی مہم۔
٭ مہاوِترن‘ مہاپاریشن اور مہانِرمتی کمپنیوں کے کانٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 11 فیصد اضافہ۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے 12 دروازوں سے چھ ہزار 288 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
کینسر کی ادویہ پر اشیاء و خدمات ٹیکس یعنی GST‘ 12 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کرنے کا فیصلہ جی ایس ٹی کونسل نے کیا ہے۔ کل نئی دہلی میں کونسل کے اجلاس کے بعد وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ فرسان اور دیگر اشیاء پر اب 18 فیصد کی بجائے 12 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں طبّی بیمے پر موجودہ 18 فیصد جی ایس ٹی میں تخفیف کا معاملہ متعلقہ وزراء گروپ کے پاس بھیج دیا گیا ہے اور انھیں اکتوبر تک اس سلسلے میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد نومبر میں مجوزہ اجلاس میں اس پر فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو منکی پاکس کے تمام مشتبہ اقسام کے امراض کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ اس عارضے سے متعلق عوام میں موجود ابہام اور شکوک و شبہات دورکرنے کیلئے اور عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے اقدامات کی مرکز نے ریاستوں کو ہدایت کی ہے۔ وزارتِ صحت کے سیکریٹری اَپوروا چندر نے کہا ہے کہ مرکزی وزارتِ صحت مجموعی صورتحال پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور اس ضمن میں تمام ریاستوں کو ہر ضروری مدد دی جائیگی۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق نظرِ ثانی کی درخواست پر کل عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ہوگی۔ نظرِ ثانی عرضداشت کے درخواست دہندہ اور مراٹھا کنوینر وِنود پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ 2019 میں سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندگی کی بنیاد پر مراٹھوں کو دئیے گئے ریزرویشن کو عدالت ِ عالیہ نے درست قرار دیا تھا۔ تاہم عدالت ِ عظمیٰ نے یہ ریزرویشن کالعدم قرار دے دیا تھا۔ وِنود پاٹل نے عدالت ِ عظمیٰ کے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کیلئے یہ درخواست داخل کی ہے۔
***** ***** *****
اسکولوں‘ اسکول کے احاطوں اور اسکول کیلئے آمد و رفت کے دوران طلبہ کے تحفظ سے متعلق اقدامات تجویز کرنے کیلئے ممبئی عدالت ِ عالیہ نے ایک سات رُکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی قیادت سبکدوش جج جسٹس سادھنا جادھو اور جسٹس شالنی پھنسڑکر جوشی کریں گی۔ بدلاپور نابالغ جنسی زیادتی جیسے افسوسناک واقعات کو روکنے کیلئے اس کمیٹی کو 29 اکتوبر تک اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی عدالت نے کی ہے۔
***** ***** *****
حکومت کی 10‘ اہم اسکیموں کے معلومات گھر گھر پہنچانے کیلئے ریاست میں آج سے مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن خاندان سے ملاقات مہم شروع کی جارہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے 15 خاندانوں سے ملاقات کرکے اس مہم کا آغاز کریں گے۔ کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس مہم کے دوران شیوسینک روزانہ 15 خاندانوں سے ملاقات کرکے‘ جن افراد تک یہ اسکیم نہیں پہنچی انھیں اسکیم میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایاکہ اس مہم سے متعلق ایپ کا بھی آج افتتاح کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف علاقوں میں بجلی تقسیم کار‘ ترسیل اور بجلی ساز کمپنیوں میں کام کرنے والے کانٹریکٹ ملازمین کی بنیای تنخواہوں میں 11 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ وزیرِ توانائی اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل یہ اعلان کیا۔ مارچ 2024 سے مؤثر بہ ماضی کی بنیاد پر اس اضافے کا اطلاق ہوگا۔ مہانِرمتی یعنی بجلی ساز کمپنی کے ملازمین نے ای آئی ایس سی کی حد پار کرلی ہے، اس لیے اب محکمہئ توانائی تمام کمپنیوں کے کانٹریکٹ ملازمین کو پانچ لاکھ تک طبّی بیمہ فراہم کیا جائیگا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ پروجیکٹ متاثرین کیلئے ملازمتوں میں منظور شدہ کوٹے کی 50 فیصد آسامیاں ملیں گی۔ وزیرِ زراعت اور بیڑ کے رابطہ وزیر دھننجے منڈے کے اس مطالبے کو کل منعقدہ اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔ پھڑنویس نے تیقن دیا کہ پرلی کے پروجیکٹ متاثرین کے مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ناسک میں قبائلی یونیورسٹی شروع کی جائیگی۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل ناسک میں ضلع کے عوامی نمائندوں سے گفت و شنید کے بعد یہ اطلاع دی۔ اس مجوزہ یونیورسٹی میں 80 فیصد قبائلی طلبہ اور 20 فیصد دیگر طلبہ کو جگہ دی جائیگی۔
گورنر سی پی رادھا کرشنن آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر آرہے ہیں۔ وہ شہر میں عوامی نمائندوں‘ صحافیوں‘ کاروباری شخصیات اور انتظامی افسران سے تبادلہئ خیال کریں گے۔ سیاسی جماعتوں کے ضلعی صدور‘ شہر صدور اور دیگر کو بھی اس ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ آج دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب گورنر شہر پہنچیں گے۔
***** ***** *****
کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین AIMIM کے سربراہ رکنِ پارلیمان اسدالدین اویسی نے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ریاست میں پارٹی کے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ان میں پارٹی کے ریاستی صدر امتیاز جلیل‘ دھولیہ کے رکنِ اسمبلی فاروق شاہ‘ مالیگاؤں کے رکنِ اسمبلی مفتی محمد اسمٰعیل‘ شولاپور سے فاروق شاہ آبادی اور ممبئی سے رئیس لشکریہ کو پارٹی کی جانب سے امیدواری دینے کا اعلان اسدالدین اویسی نے کیا۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی کے قومی صدر اور ماہرِ قانون پرکاش امبیڈکر نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی تمام قبائلی تنظیموں کو ساتھ لیکر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ وہ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل کی متحدہ حکمت ِ عملی کے پیشِ نظر ریاست کے جلگاؤں‘ منماڑ اور ناگپور میں جلسہئ عام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
نندور بار میں کل کمسن شہید شریش کمار مہتا سمیت اُن کے کمسن معاونین کے 82 ویں میموریل ڈے کے سلسلے میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ضلع انتظامیہ‘ بزرگ شہریوں اور اسکولی طلبہ نے شہیدوں کی یادگار پر جاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آئندہ 29 ستمبر کو آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے ذریعے ملک اور بیرون ملک کے سامعین سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 114 ویں قسط ہے۔
***** ***** *****
گنیش اُتسو میں آج گھر گھرمیں گوری کی آمد ہوئی۔ مختلف روایات کے مطابق آج گوری کی مورتیاں بٹھائی جائیں گی۔ تین دِن چلنے والے اس اُتسو کیلئے بازاروں میں خریداری جاری ہے۔ اسی دوران وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ میں بٹھائی گئی گنیش کی مورتی کی آرتی کسان‘ پولس اور صفائی ملازمین کے ہاتھوں کی گئی۔ ممبئی دورے پر آئے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی رہائش گاہوں پر موجود گنیش کی مورتیوں کے درشن کیے‘ ممبئی کے مشہور لال باغ کا راجہ اور دیگر گنیش منڈلوں کا بھی انھوں نے دورہ کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے کے 12 دروازے نصف فٹ کھول کر گوداوری ندی میں چھ ہزار 288 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی شرح سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ فی الحال اس پشتے میں 15 ہزار 460 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی شرح سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور پانی کا ذخیرہ ساڑھے 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اگر پانی کی آمد میں اضافہ ہوتا ہے تو نکاسی بھی بڑھادی جائیگی۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے ندی کے کناروں پر رہنے والے افرادکو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
امبہ جوگائی کے نارائن دادا کالداتے میموریل ٹرسٹ کی جانب سے نارائن دادا کالداتے میموریل ایوارڈ کل پروفیسر ڈاکٹر تسنیم پٹیل کو سماجی کارکن انجلی امبیڈکر کے ہاتھوں تفویض کیا گیا۔ یہ ایوارڈ 21 ہزار روپئے نقد اور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔ اس پروگرام میں ضرورت مند اور ہونہار طلبہ میں نارائن دادا کالداتے اعلیٰ تعلیمی امدادی فنڈ بھی تقسیم کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کینسر کی ادویہ پر جی ایس ٹی میں سات فیصد تخفیف؛ منکی پاکس کی تمام مشتبہ اقسام کی جانچ کا مرکزی حکومت کا حکم۔
٭ ریاست میں آج سے مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن خاندان سے ملاقات کی مہم۔
٭ مہاوِترن‘ مہاپاریشن اور مہانِرمتی کمپنیوں کے کانٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 11 فیصد اضافہ۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے 12 دروازوں سے چھ ہزار 288 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment