Friday, 13 September 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 ستمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 13 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/ ستمبر ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فضائی حمل و نقل کے شعبہ میں اہم تبدیلیاں سفر کو مزید آرام دِہ بنائیں گی: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ممبئی کو عالمی معاشی مرکز کے طورپر ترقی دینے کیلئے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ۔
٭ ماہِ اگست میں ایس ٹی کاپوریشن کو 16 کروڑ 86 لاکھ 61 ہزار روپئے کا منافع۔
٭ مارکسٹ کمیونسٹ پارٹی کے رہنماء سابق ممبرِ پارلیمنٹ سیتا رام یچوری کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی آبی پشتے سے پانی کے اخراج میں کمی؛ مانجرا آبی پشتے میں آبی ذخیرہ 75 فیصد سے متجاوز؛ شہریو ں کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی حمل و نقل کے شعبہ میں ایک اہم تبدیلی آئی ہے، جس کی وجہ سے سفر زیادہ آرام دہ ہورہا ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں شہری فضائی حمل و نقل کے موضوع پر دوسری ایشیائی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس کانفرنس میں دہلی معاہدہ کا اعلان کیا گیا۔ اسے تمام رُکن ممالک نے قبول کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دفاعی شعبہ میں بھارت خود مختاری کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ترنگ شکتی 24 اس جنگی مشق سمیت بھارت کی فضائی نمائش کا راجستھان کے جودھپور میں کل سے آغاز ہوا۔ ان کے افتتاح کے موقع پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ فضائیہ نے ہمیشہ بھارت کا سر دنیامیں اونچا کیا ہے۔
14 تاریخ تک جاری رہنے والی اس نمائش میں طیارہ سے متعلق اشیاء ساز کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ کئی چیزیں اور منتخب تکنیکی اشیاء اس نمائش میں دیکھی جاسکتی ہیں۔ ترنگ شکتی مشق کا یہ دوسرا مرحلہ ہے اور اس میں دس ممالک شرکت کررہے ہیں‘ جبکہ 18 ممالک مشاہدہ کیلئے شریک ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
اُڈیسہ کے بالاسور ضلع کے چندی پور میں کل زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ کم فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائیل تمام معیارات سے گذر چکا ہے۔ دفاعی تحقیق و ترقی تنظیم DRDO کی جانب سے تیار کردہ یہ میزائیل جنگی جہازوں پر استعمال کیا جائیگا۔
***** ***** *****
نیتی آیوگ کی رپورٹ جس کا عنوان ”ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن‘ ایک عالمی معاشی مرکز کے طور پر ترقی“ کل ممبئی میں جاری کی گئی۔ اس موقع پر MMRDA یعنی ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور ورلڈ اکنامک فورم کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے آنے والے سالوں میں ممبئی کی جی ڈی پی دوگنی ہوجائے گی۔
دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ممبئی کوسٹل روڈ اور باندرہ- ورلی سی لنک کو جوڑنے والے کنکٹر کا افتتاح کیا۔ اس کی وجہ سے اب مرین ڈرائیو سے باندرہ کا سفر صرف دس منٹ میں طئے کیا جاسکے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ یہ منصوبہ ورسووا سے وِرار تک لاگو کیا جارہا ہے۔ اس لیے مرین ڈرائیو سے ورسووا کا فاصلہ صرف 40 منٹ میں مکمل کیا جاسکے گا۔
***** ***** *****
ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ ST نے اگست مہینے میں 16 کروڑ 86 لاکھ 61 ہزار روپئے کا منافع کمایا ہے۔ ریاستی حکومت نے 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے تمام قسم کی بسوں میں مفت سفر اور تمام خواتین کیلئے ایس ٹی بسوں کے ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت نامی دو اسکیمیں شروع کی ہیں، جس سے ایس ٹی مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ کارپوریشن نے بتایا کہ فی الحال اوسطاً 54 لاکھ مسافر روزانہ ایس ٹی بسوں سے سفر کرتے ہیں۔
***** ***** *****
مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کے قائد سابق رُکنِ پارلیمان سیتا رام یچوری کا کل دلّی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 72برس کے تھے۔ سانس کی نلی میں انفیکشن کی وجہ سے وہ گذشتہ کچھ دِنوں سے دہلی کے ایمس اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ یچوری کے جسد ِ خاکی کو مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کے دلّی کے دفتر میں کل صبح گیارہ تا دوپہر تین بجے تک آخری دیدار کیلئے رکھا جائیگا۔ اسکے بعد ان کا جسد ِ خاکی اسپتال کو عطیہ کردیا جائیگا۔
یچوری کے انتقال پر صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے گہرے رنج و غم میں اظہار کیا ہے۔ بھارتی کمیونسٹ پارٹی کے قومی سیکریٹری ڈاکٹر بھالچندر کانگو نے یچوری کے انتقال پر کہا کہ بائیں بازو کی تحریک کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی کمیونسٹ پارٹی کے ریاستی جوائنٹ سیکریٹری رام باہیتی نے کہا ہے کہ یچوری کا انتقال کمیونسٹ تحریک کیلئے بڑا نقصان ہے، جبکہ کُل ہند بھارتیہ کسان سبھا کے قومی صدر راجن شرساگر نے کہا کہ کمیونسٹ تحریک نے ایک ممتاز ستارہ کو کھودیا ہے۔ ایڈوکیٹ ابھئے ٹاکسال ممبر CPI ریاستی عاملہ نے اپنے جذبات کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ یچوری کی متاثر کُن آواز برموقع پرزنٹیشن کو ملک ہمیشہ یاد کرے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے مراٹھواڑہ مکتی سنگرام تحریک کے بزرگ مجاہد ِ پوربھاجی سکھارام ہیندرے کل طویل العمری کے باعث چل بسے۔ وہ 87 برس کے تھے۔ آج آکھاڑا بالاپور میں انکی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
لاتور- دھارا شیو ضلع کی سرحد پر واقع ماکنتی کے نِمن- تیرنا آبی پشتے کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور فی الحال ڈیم میں پانی کی سطح 603 اعشاریہ پانچ پانچ میٹر ہے۔ ڈیم کے کیچمنٹ ایئریا سے پانی کی آمد کے پیشِ نظر ڈیم سے پانی چھوڑا جاسکتا ہے، جس سے نلنگہ تعلقہ کی تیرنا ندی کے کنارے واقع گاؤں میں سیلاب آسکتا ہے۔ اس لیے ساکنان کو خبردار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے کیج تعلقہ کے دھنے گاؤں مانجرا آبی پشتہ کی آبی سطح 75 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔ کیچمنٹ ایئریا میں پانی کی آمد زیادہ ہونے کی صورت میں کسی بھی وقت ڈیم کے دروازے کھول کر مانجرا ندی میں پانی چھوڑدیا جائیگا۔ اس لیے محکمہ آبی وسائل کی جانب سے متعلقہ دیہاتوں اور کاشتکاروں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے کے بارہ دروازے بند کردئیے گئے ہیں۔ فی الحال جائیکواڑی کے چھ دروازے آدھے فٹ کھول کر ان سے فی سیکنڈ ساڑھے تین ہزار فی مکعب کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
منماڑ- کاچی گوڑہ اجنتا ایکسپریس اب منماڑ ریلوے اسٹیشن سے روزانہ آٹھ بجکر 40منٹ یعنی فی الحال کے اوقات سے دس منٹ جلدی روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقہ میں مختلف پروگراموں میں استعمال ہونے والی لیزر لائٹ‘ بیم لائٹ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ آئندہ 11 نومبر تک پابندی رہنے کے احکامات پولس کمشنر پروین پوار نے جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
17 ستمبر مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دِن کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی جائیگی۔ اس ضمن میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے نے جائزہ میٹنگ لی۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی سمیت کئی افسران اس میٹنگ میں شریک تھے۔ اس پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں بائیو میڈیکل ویسٹ منصوبہ کا سنگ ِ بنیاد‘ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر گارڈن کے صحن کا افتتاح‘ مختلف راستے اور ڈی سینٹرلائزڈ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ ای طریقہئ کار سے کریں گے۔
***** ***** *****
کانگریس رہنماء و لوک سبھا کے قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے تبصرے کے خلاف بی جے پی درجِ فہرست ذات مورچہ کی جانب سے کل ناگپور کے سنویدھان چوک پر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی کے علامتی پتلے کو نذرِ آتش کیا گیا۔ گاندھی کے مبینہ متنازعہ بیان کیخلاف بی جے پی آج ریاست بھر میں احتجاج کرے گی۔
دریں اثناء سمبھاجی بریگیڈ کنونشن میں گیانیش مہاراؤ کے مبینہ متنازعہ بیان کو لیکر بیڑ ضلع کے پرلی اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
شیوسینا کے رہنماء و قانون ساز کونسل کے حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے کہا ہے کہ شیوسینا ذات کے نام پر اُمیدواروں کی جانچ نہیں کرتی ہے اور نہ کرے گی۔ وہ بیڑ میں پارٹی کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ دریں اثناء دانوے نے کل دھاراشیو لوک سبھا حلقہ کے چھ اسمبلی حلقوں میں شیوسینا کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ لی۔ انھوں نے کل گاؤں کی سطح تک شیوسینکوں سے بات چیت کی۔
***** ***** *****
تین روزہ مہالکشمی تہوار کل اختتام پذیر ہوا۔ گنیش اُتسو 17 تاریخ کو اختتام پذیر ہوگا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے گنیش وِسرجن کیلئے شہر میں 46 مقامات پر مورتی جمع کرنے کے مراکز قائم کیے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کو دل کھول کر عطیات دینے والے شہریوں کو آدھا کلو کھاد کا ایک پیکٹ بطورِ تحفہ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں گنپتی اور گوری کے سامنے مختلف مناظر پیش کیے گئے۔ سابق کارپوریٹر چندو لوہانے کی رہائش گاہ پر مہالکشمی کی پُرکشش رنگولی کے ذریعے خواتین بیداری کا پیغام دیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت نے کل ایشیائی مردوں کے ہاکی ٹورنامنٹ میں جنوبی کوریا کو ایک- تین سے شکست دے دی۔ چین میں جاری اس ٹورنامنٹ میں اوّل مقام پر فائز بھارت اس سے قبل ہی سیمی فائنل میں داخل ہوچکا ہے۔ پرسوں 16 ستمبر کو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے اور بھارت کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔فائنل مقابلہ منگل 17 تاریخ کو ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فضائی حمل و نقل کے شعبہ میں اہم تبدیلیاں سفر کو مزید آرام دِہ بنائیں گی: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ممبئی کو عالمی معاشی مرکز کے طورپر ترقی دینے کیلئے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ۔
٭ ماہِ اگست میں ایس ٹی کاپوریشن کو 16 کروڑ 86 لاکھ 61 ہزار روپئے کا منافع۔
٭ مارکسٹ کمیونسٹ پارٹی کے رہنماء سابق ممبرِ پارلیمنٹ سیتا رام یچوری کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی آبی پشتے سے پانی کے اخراج میں کمی؛ مانجرا آبی پشتے میں آبی ذخیرہ 75 فیصد سے متجاوز؛ شہریو ں کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 03.07.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 03 July 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...