Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۳؍ ستمبر ۲۰۲۴ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کینسر مون شاٹ پہل کیلئےبھارت کا تعاون، سیمی کنڈکٹر تیاری پروجیکٹ کیلئے بھارت اورامریکہ کے مابین تاریخی معاہدہ۔
٭ صفائی ہی خدمت مہم کے تحت مراٹھواڑہ بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں آج ناندیڑ اور لاتور میں سکل مراٹھا سماج کی جانب سے بند کااعلان۔
٭ شطرنج اولمپیاڈ مقابلوں میں بھارت کی تاریخی کامیابی، پہلی بار گولڈ میڈل حاصل۔
اور۔۔۔٭ چنئی ٹیسٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش پر 280 رنز سے فتح؛ سیریز میںایک صفر کی برتری ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت عارضۂ سرطان سے حفاظت کے ٹیکہ سازی و ٹیکہ کاری کے تحت کینسر مون شاٹ منصوبے میںساڑھے سات ملین ڈالر اور بچہ دانی کے سرطان کی روک تھام کیلئے 40 ملین ٹیکوں کی فراہمی میں تعاون کرے گا۔ وہ گزشتہ روز کواڈ چوٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ کے شہر ڈیلا ویئرمیں منعقدہ کینسر مون شاٹ پہل سے متعلق تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام آسانی سے فراہم ہونے والی اور معیاری طبّی خدمات فراہمی کے کواڈ گروپ کے ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پہل کے تحت عارضہ کی تشخیص کیلئے کٹ فراہم کرنے کا بھی اعلان وزیرِ اعظم نے اس موقعے پرکیا۔
دریں اثنا، کل، وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر جو بائیڈین کی موجودگی میں، بھارت اور امریکہ نے تاریخی سیمی کنڈکٹر سازی منصوبے کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ سیمی کنڈکٹر تیاری کا نیا منصوبہ مواصلات، فوجی اسلحہ جات اور سبز توانائی کی پیداوار کی تکمیل کرے گا اور اس منصوبے کی وجہ سے بھارت چپ تیار کرنے والا ملک بن جانے کی وضاحت وزارت خارجہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وضاحت کی ہے کہ صنعتی پروجیکٹوں میں روزگار فراہمی کیلئے مقامی افراد کو ترجیح دینا ہی ریاستی حکومت کا مؤقف ہے۔ وہ کل نئی ممبئی میں منعقدہ کوڑی بھون کے سنگ ِ بنیاد کے موقع پر مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ آج ریاست میں ترقی کا دور دورہ ہے۔ حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جارہا ہے اور مختلف فلاحی اسکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔ اس موقعے پر نائب وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے ’’واڑھون‘‘ بندرگاہ پروجیکٹ سے متاثرہ کوڑی برادری کے افراد کو ملک کا سب سے بڑا راحتی پیکیج دینے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر ِمملکت بر ائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ ہم دلت پینتھرس جیسی ناانصافی کے خلاف بے باکی اور جرا ٔت مندی کا موقف اختیار کرنے والے کارکنان کی ادبی تحریک سے آگے آئے ہیں ، اور ہم سماج میں امبیڈکر ازم کو عملی طور پر ابھارنا چاہتے ہیں۔ مارواڑی فاؤنڈیشن کی جانب سے بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یادگاری ایوارڈ کل ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ہاتھوں آٹھولے کو دیا گیا، اس موقعے پر آٹھولے خطاب کررہے تھے۔
دریں اثنا، ناگپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، آٹھولے نے مہایوتی کی تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کو ان کے متعلقہ کوٹے سے فی کس چار نشستیں اور مجموعی طور پر 12نشستیں ریپبلکن پارٹی آف انڈیا-آٹھولے گروپ کو دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے صنعتی پروجیکٹ رِنیو پاور لمیٹڈ کو گجرات منتقل کر نے کا الزام ریاست کی شبیہ کو خراب کرنے والا ہے۔ پھڑنویس گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے کسی بھی پروجیکٹ مہاراشٹر سے باہر منتقل نہ کرنے کی وضاحت کرتے ہو ئے بتایا کہ رِنیو کمپنی انتظامیہ نے بھی حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
***** ***** *****
ملک بھر میں جاری ’’صفائی ہی خدمت‘‘ مہم کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم میں شہریان سے بھرپور تعاون کرنے کی اپیل انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ناندیڑ میں بھی اس مہم کے تحت گوداوری ندی کی صفائی مہم چلائی گئی۔
***** ***** *****
قومی جمہوری اتحاد - این ڈی اے کی حکومت نے مرکز میںتیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد اپنے سو دن مکمل کر لیے ہیں۔ اس دوران حکومت نے بنیادی ڈھانچے، سماجی بہبود، کسانوں، متوسط طبقے، خواتین اور نوجوانوں سے متعلق اُمور پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 15 لاکھ کروڑ روپے کے فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں۔ شہروں میں درختوں کی تعداد میں اضافے کیلئے بھی حکومت کی جانب سے مختلف اقد امات کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل کی جانب سے آنتر والی سراٹی میں جاری بے مدت بھوک ہڑتال کی تائید میں کل مراٹھا سماج کی جانب سے جالنہ اور پربھنی اضلاع میں بند منایا گیا۔ جالنہ ضلعے میں اس بند کاملا جلا اثر دیکھا گیا۔ گھن ساونگی، عنبڑ، تیرتھ پوری، بھوکردن، منٹھا میں تاجروں نے اپنی دُکانیں بند رکھیں۔ پربھنی شہر اور شریکشتیر نوسنگھ پوکھرنی میں بھی بند منائے جانے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ۔ اس سلسلے میں سکل مراٹھا سماج کی جانب سے آج لاتور اور ناندیڑ ضلع بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دھنگر سما ج کو درجِ فہرست قبائل میں شامل کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کےمطالبہ کو لیکر دھنگر برادری کی جانب سے کل لاتور ضلع میں برسرِاقتدار جماعتوں کے ارکانِ اسمبلی کے گھروں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احمد پور اسمبلی حلقے کے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رُکن اسمبلی بابا صاحب پاٹل، اُدگیر میں وزیر کھیل سنجے بنسوڑے اور نلنگا میں بی جے پی کےرُکنِ اسمبلی و سابق وزیر سمبھاجی پاٹل نلنگیکر کے گھر کے رو برو احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
تلجاپور کے رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے ایک مطالباتی مکتوب کے ذریعے مراٹھا ریزرویشن معاملے میں کُنبی اندراج سے متعلق حیدرآباد گیزیٹ سمیت دستیاب دیگر اہم دستاویزات سے متعلق منوج جرانگے کے ذریعے طئے کردہ قا نونی مشیر و متعلقین کے ساتھ جائزاتی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے متعلقہ دستا ویزات کے سلسلے میں آئندہ ہفتےدھاراشیو کے ضلع کلکٹر کے ہمراہ ایک میٹنگ منعقد کرنے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
ہنگیری کے د ارالحکومت بوڈا پیسٹ میں جاری 45ویں شطرنج اولمپیاڈ مقابلوں میں بھارت نے اوپن اور خو اتین کے زمرے میں تاریخی کارکرد گی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ بھارت کے ڈی گُوکیش اور ارجن ایری گَیسی نے سلووینیا کے خلاف اپنے اپنے مقابلوں میں جیت درج کی، جبکہ خو اتین کے زمرے میں آذربائیجان کے خلاف مقا بلے میں دِیویا دیشمکھ نے اپنے حریف کو شکست دے دی۔
***** ***** *****
چینئی میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ مقابلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 280رنوں سے شکست دے دی۔ مقابلے کے چوتھے دِن بنگلہ دیش کی ٹیم نے 515 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتےہوئے صرف 234رنوں پر ہی اپنے تمام وِکٹ گنوادئیے۔ بھارت کی جانب سے رو ی چندرن اشون نے چھ، رویندر جڈیجہ نے تین اور جسپریت بمراہ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت کیلئے سنچری سمیت چھ وِکٹیں لینے والے اشون کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی دو میچوں کی سیر یز میں بھارت کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ سیریز کا دو سرا ٹیسٹ آئندہ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائےگا۔
***** ***** *****
لاتور ضـلعے کے اودگیر تعلقے کے آول کونڈا کے سارناتھ بودھ وِہار کا سنگ ِ بنیاد کھیل اور بہبودِ نوجواں محکمے کے وزیر سنجے بنسوڑے کے ہا تھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں اودگیر اور جلکوٹ تعلقوں میں تقریباً چھ تا ساڑھے چھ ہزار کروڑ رو پئوںکے ترقیاتی کا موں کو منظور کیا گیا اور بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کے کاموں میں تیزی لائی گئی۔اودگیر اور جلکوٹ تعلقوں کے مختلف راستوں کے تعمیری کاموں کا سنگ ِ بنیاد بنسوڑے کے ہاتھوں رکھا گیا۔
***** ***** *****
ناند یڑ میں شریکر پرتشٹھان کی جانب سے دی ۔ما ۔ دیشمکھ کی تصنیفات ’’گندھ ما تی چا ‘‘ شبد ہُنکار‘‘ اور شبد ویدھ‘‘ ان تین شعری مجموعوں کا کل بزرگ ادیب جگدیش کدم کے ہاتھوں اجراعمل میں آیا۔ اس پرو گرام میں عظیم تبصرہ نگار اور مصنف و ترجمان ڈاکٹر مارتنڈ کلکرنی بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ سا ہتیہ پریشد کی عاملہ کے انتخابات کیلئے چھان بین کے بعد 41 درخواستیں اہل پائی گئی ہیں۔ آج سے بدھ تک امید واری عریضے واپس لینے کی مہلت ہے، جبکہ جمعرات کو امیدو اروں کی حتمی فہرست شائع کیے جانے کی اطلاع انتخابی فیصلہ افسر ڈ اکٹر رام چوہان نے دی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کا جائیکواڑی آبی پشتہ پوری طرح بھر چکا ہے‘ ڈیم کی آبی سطح ساڑھے ننانوے فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ ڈ یم کے کیچمنٹ ایئریا میں ہوئی بارش کے پانی کی آمد اور بالائی آبی منصوبوں سے ہونے والی پانی کی آمد کو دیکھتے ہوئے جائیکواڑی ڈیم سے کسی بھی وقت گود اوری ندی میں پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔ جس کے پیشِ نظر آبپا شی محکمہ نے گودا وری ندی کے کنارے آباد د یہاتوں کے ساکنان سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کینسر مون شاٹ پہل کیلئےبھارت کا تعاون، سیمی کنڈکٹر تیاری پروجیکٹ کیلئے بھارت اورامریکہ کے مابین تاریخی معاہدہ۔
٭ صفائی ہی خدمت مہم کے تحت مراٹھواڑہ بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں آج ناندیڑ اور لاتور میں سکل مراٹھا سماج کی جانب سے بند کااعلان۔
٭ شطرنج اولمپیاڈ مقابلوں میں بھارت کی تاریخی کامیابی، پہلی بار گولڈ میڈل حاصل۔
اور۔۔۔٭ چنئی ٹیسٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش پر 280 رنز سے فتح؛ سیریز میںایک صفر کی برتری ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment