Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 09 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/ ستمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر میں کم از کم ضمانتی نرخ پر سویا بیٖن خریداری مراکز شروع کرنے کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ مقامی زبانوں کے تحفظ کیلئے نئی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کے حصول پر زوردیا گیا۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا عندیہ۔
٭ ممبئی کے جی ایس ٹی سینٹرل سپرنٹنڈنٹ سمیت تین افراد 20 لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار۔
٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 98 فیصد سے متجاوز؛ شہریوں کو مستعد رہنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ پیرس پیرالمپک کھیل اختتام پذیر؛ 29 تمغوں کے ساتھ بھارت 16 ویں نمبرپر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے مہاراشٹر اور کرناٹک ان دو ریاستوں میں 90 دِنوں کیلئے کم از کم ضمانتی نرخ پر سویا بین خریداری مراکز شروع کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ زراعت دھننجے منڈے نے اس ضمن میں بارہا مرکزی حکومت سے رجوع کیا تھا۔ حکومت نے ان دونوں ریاستوں میں سویا بین کے کم از کم ضمانتی نرخ چار ہزار 892 روپئے مقرر کیے ہیں۔ مرکز کے اس فیصلے پر اپنے ردّ عمل میں دھننجئے منڈے نے کہا کہ اس سے سویا بین کی کاشت کرنے والے کسانوں کو اضافی مالی فائدہ ہوگا اور اس کی انھیں خوشی ہورہی ہے۔
دریں اثناء‘ اس سلسلے میں جاری کردہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سویابین اور کپاس کے کاشتکاروں کیلئے معلّنہ چار ہزار 200 کروڑ روپئے کی امداد آئندہ دو تا تین دِنوں میں کسانوں کے بچت کھاتوں میں راست طور پر جمع کردی جائے گی۔
***** ***** *****
حال ہی میں ہوئی موسلادھار بارش کے باعث ریاست کے 10 اضلاع میں تقریباً آٹھ لاکھ 48ہزار ہیکٹر رقبے پر خریف کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ اس خصوص میں محکمہئ زراعت نے رپورٹ جاری کی ہے۔ ریاست کے زرعی ڈائریکٹر ونئے کمار آوَٹے نے بتایا کہ ان نقصانات کے پنچنامے شروع کردئیے گئے ہیں۔ کپاس‘ سویا بین اور جوار کی فصلوں نیز پیاز اور سبزیوں کا بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا تذکرہ محکمہئ زراعت کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے مقامی زبانوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محض اسی لیے مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کے حصول کی حامی تعلیمی پالیسی لائی گئی ہے۔ گجراتی زبان کے اخبار ممبئی سماچار کی دو صد سالہ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس ضمن میں کل ممبئی میں ایک دستاویزی فلم کا اجراء بھی امیت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ انھوں نے درونِ خانہ بھی ایک دوسرے سے مادری زبان میں ہی بات چیت کرنے کی ترغیب دی۔ انھوں نے کہا:
”نئی جو شِکشا نیتی لیکر آئے ہیں‘ پراتھمِک شِکشا ماترُ بھاشا میں کمپلسری کرنے کا کام ہم نے کیا ہے۔ میں آپ سبھی سے اپیل کرنا چاہتا ہوں‘ نِویدن کرنا چاہتا ہوں کہ گھر میں کم سے کم اپنی بھاشا میں بولنا شروع کرو‘ بچے بھاشا کو آگے لے جائیں گے۔“
اسی دوران مرکزی وزیرِ داخلہ آج لال باغ کا راجہ اور بعد ازاں باندرہ ویسٹ میں عوامی گنیش اُتسو منڈل کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی رہائش گاہوں میں بٹھائے گئے گنپتی کا بھی امیت شاہ درشن کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ وارکری طبقے کا روحانی اور مذہبی رُتبہ سیاسی رُتبے سے بڑا ہے۔ وہ کل ”دیواچی آڑندی“ میں وارکری سنت پوجا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں حکومت کی جانب سے کیے گئے 600 فیصلے معاشرے کے تمام طبقات کیلئے تھے۔ تاہم ماجھی لاڈکی بہن اسکیم کے باعث ان میں سے چند ایک فیصلے کچھ حد تک متاثر ہوئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گھر کا بجٹ سنبھالنے والی خواتین سب سے زیادہ ہوشیار ہوتی ہیں اور اس اسکیم کی مخالفت کرنے والوں پر ایکناتھ شندے نے سخت تنقید کی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے اِسکل‘ ایمپلائمنٹ‘ انٹرپرینرشپ اور انوویشن ڈپارٹمنٹ کے تحت قائم کردہ مہاراشٹر اسٹیٹ انوویشن سوسائٹی کی جانب سے پنیہ شلوک اَہلیا دیوی ہولکر خواتین کے اسٹارٹ اَپ کیلئے 100 کروڑ روپئے کے فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے پانچ سو اسٹارٹ اَپس کو ایک لاکھ تا 25 لاکھ روپئے کی مالی اعانت دی جائیگی۔ اس اسکیم کی مزید معلومات ویب سائٹ ایم ایس آئی این ایس ڈاٹ اِن پر موجود ہے۔
***** ***** *****
مرکزی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے ممبئی میں مرکزی جی ایس ٹی کے سپرنٹنڈنٹ اور اس کے معاون سمیت تین افراد کو 20لاکھ روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔ ممبئی کے سانتا کروز کے سینٹرل جی ایس ٹی دفتر کے افسر اور دیگر آٹھ افراد کی جانب سے گرفتاری کو ٹالنے کیلئے 60 لاکھ روپئے رشوت طلب کیے جانے کی شکایت سی بی آئی کو موصول ہوئی تھی۔ اس کے بعد جال بچھاکر یہ کارروائی کی گئی۔ مانگی گئی رشوت میں سے 30 لاکھ روپئے حوالے کے ذریعے بھی قبول کیے جانے کی اطلاع سی بی آئی نے دی ہے۔
***** ***** *****
ملک میں منکی پاکس سے متاثرہ ایک مریض کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ اس عارضے سے متاثرہ ملک سے یہ مریض حال ہی میں بھارت لوٹا تھا۔ وزارتِ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس مریض کو ایک خصوصی اسپتال میں علیحدگی میں رکھا گیا ہے۔ مریض کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ محکمہئ صحت نے کہا ہے کہ اس طرح کے امراض سے نمٹنے کیلئے ملک پوری طرح تیار ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آئندہ 29 ستمبر کو آکاشوانی پر ’من کی بات‘پروگرام کے تحت عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 14 ویں قسط ہوگی۔ پروگرام کیلئے 27 تاریخ تک شہریوں سے اپنی تجاویز ٹول فری نمبر ایک آٹھ صفر صفر- ایک ایک- سا ت آٹھ صفر صفر پر نریندر مودی اَیپ پراور مائی جی او وی اوپن فورم پر ارسال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی آبی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ پشتے میں فی الحال 15 ہزار 144 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے‘ جبکہ دائیں کینال سے ماجل گاؤں ڈیم کیلئے 500 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ جائیکواڑی ڈیم سے کسی بھی وقت پانی کی نکاس شروع کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لیے ندی کے کناروں پر رہنے والے شہریوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ دو دِنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات‘ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے چند ایک مقامات پر اور وِدربھ کے کئی مقامات پر بارش کی پیش گوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔ اس دوران کوکن اور پہاڑی علاقوں میں زوردار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
گنیش اُتسو پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ مختلف گنیش منڈلوں کے مخصوص مورتیوں اور سماجی پیغام دینے والی جھانکیوں کو دیکھنے کیلئے شہریوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ اسی دوران ڈیڑھ دِن کے گنپتی کا کل وِسرجن عمل میں آیا۔ جگہ جگہ وِسرجن کیلئے میونسپل انتظامیہ نے بہترین انتظامات کیے تھے۔ ناندیڑ ضلع کے دیگلور میں بلدی انتظامیہ کی جانب سے مصنوعی تالاب تیار کیا گیا تھا۔ شہریوں نے ڈیڑھ دِن کے گنپتی کا یہاں وسرجن کیا۔
***** ***** *****
پیرس پیرالمپک کھیل کل اختتام پذیر ہوئے۔ اس موقع پر پیرس کی انتظامیہ کی جانب سے پیرالمپک کا پرچم‘ بین الاقوامی پیرالمپک کمیٹی کے سربراہ اینڈریو پارسن کے سپرد کیا گیا۔ انھوں نے یہ پرچم لاس اینجلس انتظامیہ کے حوالے کیا۔ 2028 کے پیرالمپک کھیل لاس اینجلس میں ہونے جارہے ہیں۔ اس اختتامی تقریب میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے نشانہ باز ہرویندر سنگھ اور ایتھیلیٹ پریتی پال ہندوستانی پرچم بردار تھے۔
ان کھیلوں میں 29 تمغے جیت کر بھارت تمغوں کی فہرست میں 16 ویں نمبرپر رہا۔بھارتی کھلاڑیوں نے سات طلائی‘ نو نقرئی اور 13 کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ یہ کسی بھی پیرالمپک مقابلوں میں بھارت کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر میں کم از کم ضمانتی نرخ پر سویا بیٖن خریداری مراکز شروع کرنے کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ مقامی زبانوں کے تحفظ کیلئے نئی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کے حصول پر زوردیا گیا۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا عندیہ۔
٭ ممبئی کے جی ایس ٹی سینٹرل سپرنٹنڈنٹ سمیت تین افراد 20 لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار۔
٭ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 98 فیصد سے متجاوز؛ شہریوں کو مستعد رہنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ پیرس پیرالمپک کھیل اختتام پذیر؛ 29 تمغوں کے ساتھ بھارت 16 ویں نمبرپر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment