Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 03 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ستمبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھا رت کی مائیکرو چپ مستقبل میں دنیا کی رہنمائی کرے گی - سیمی کان انڈیا 2025کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حیدرآباد گزیٹیرپر عمل درآمد کرنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ جاری۔
٭ ناگپور کے ساڑھے پانچ کلومیٹر طویل دو منزلہ فلائی اوور پُل کا گنیز ریکارڈ میں اندراج۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میںشاعر بی رگھوناتھ کی یاد میں فیسٹیولس کے انعقاد کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر ِاعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سیمی کنڈکٹرز میں دنیا کو ترقی دینے کی طاقت ہے اور بھارت کی مائیکرو چپس مستقبل میں دنیا کو سمت دیں گی۔ وزیر اعظم ‘ کل نئی دہلی کے یشو بھومی میں سیمی کان انڈیا 2025 کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے عالمی چپ مارکیٹ میں بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ 21ویں صدی میں یہ چھوٹے چپس بڑی طاقت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس موقعے پر الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں پانچ سیمی کنڈکٹر یونٹس کے قیام کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور چند ماہ میں مزید دو یونٹس سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔
***** ***** *****
اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل کے 56ویں اجلاس کا آج سے نئی دہلی میں آغاز ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس میں گڈز اینڈ سروسیز ٹیکس (جی ایس ٹی) اصلاحات اور ٹیکس کی شرحوں کو معقول و سہل بنانے پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے پر یوم آزادی کی تقریر میں اس سے متعلق وعدہ کیا تھا، ان اصلاحات کو دیوالی کے دوران نافذ کرنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حیدرآباد گیزٹ کو نافذ کرنے کا سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ جس کے بعد مراٹھا رہنما منوج جرانگے پاٹل نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر کے احتجاج واپس لے لیا۔
بعد ازاں‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس بات چیت کے ذریعے مراٹھا برادری کے مفاد میں ایک حل نکالا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس فیصلے سے مر اٹھواڑہ میں رہنے والے مراٹھا سماج کے افراد کو کنبی صداقت نامے دینے کا عمل آسان ہوجائے گا اور حیدرآباد گیزیٹیر کی مدد سے کنبی اندراجات کی تلاش بھی آسان ہوجائے گی۔
متعلقہ حکومتی فیصلے کے مطابق، مراٹھا برادری کے اہل افراد کو کنبی، مراٹھا کنبی یا کنبی مراٹھا ذات کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے مجاز اتھارٹی کی تحقیقات اور مدد کرنے کیلئے دیہی سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کمیٹی میں دیہی محصول آفیسر، گرام پنچایت آفیسر اور معاون زرعی آفیسر شامل ہوں گے۔
***** ***** *****
مراٹھا مظاہرین کے خلاف درج شدہ مقدمات کو رواں ماہ کے اواخر تک واپس لینے، احتجاج کے دوران جان گنوانے والے مظاہرین کے اہلِ خانہ کو اندرونِ ایک ہفتہ مالی امداد دینے اور ان کے ورثاء کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینے سے متعلق سرکاری فیصلہ بھی کل جاری کیا گیا۔
اسی بیچ آزاد میدان پر جا ری احتجاج کی کامیابی کے بعد ہر طرف مراٹھا سماج کے لوگوں نے جشن منایا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور لاتور سمیت مراٹھواڑہ میں ہر جگہ رنگ اُڑاتے ہوئے آتش بازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کہا ہے کہ حکومت کو ممبئی کے آزاد میدان میں مراٹھا ریزرویشن کیلئے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو ہٹانے کیلئے طاقت کا استعمال کرنا چاہیے تھا۔ گزشتہ روز اس احتجاج سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنے سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کے د ور ان عدالت نے سوال کیا کہ حکومت عدالت کے احکامات کی تعمیل کیوں نہیں کر سکی؟ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ حکومت نے عدالت کے علم میں کیوں نہیں لایا کہ پانچ ہزار مظاہرین کو احتجاج کی اجازت دینے کے بعد مظاہرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز ہوچکی ہے ۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناگپور میں کامٹھی شاہرا ہ پر تعمیر شدہ ساڑھے پانچ کلومیٹر سے زیادہ طویل سب سے بڑے دو منزلہ فلائی اوور کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا گیا ہے۔ اس کا سرٹیفکیٹ کل وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ذریعہ مہامیٹرو کو تفویض کیا گیا۔ یہ چار لین فلائی اوور، سنگل کالم پیئر پر بنایا گیا ہے، جس کے پہلے منزلے پر ایک شا ہراہ اور دوسری منزل پر میٹرو ٹریفک کا نظام ہے۔
***** ***** *****
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی ملکی پیداوار یعنی (جی ڈی پی) میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اُمیش شرما نے کہا کہ اس اضافے سے مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ‘ جس سے عام شہریوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی معلومات رکھنے والے افراد کیلئے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔
اس حوالے سے اُمیش شرما کا تفصیلی تجزیہ ہمارے مرکز سے آج نشر ہونے والے ’’پر اسنگِک‘‘ پروگرام میں سنا جاسکتا ہے۔ یہ پروگرام آج صبح دس بجکر پینتالیس منٹ پر ہمارے مرکز سے نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر اور ضلعے کے 250 عوامی گنیش منڈلوں نے ڈی جے نہ بجانے سے متعلق حکومت کو حلف نامہ دیا ہے ۔ ان تمام گنیش منڈلوں کے عہدیداروں کا کل ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور پولس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کے ہاتھوں توصیف نامے دیکر استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
بال رنگ بھومی پریشد کی بیڑ شاخ کی جانب سے گنیش اُتسو کی مناسبت سے کل اَتھروشیرش پڑھنے کے اقد ام پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ تقریب کے ایس کے کالج کے اجلاس گا ہ میں صبح 11 بجے منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
شاعر بی رگھوناتھ کی برسی کے موقعے پر چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں ایک یادگاری تقریب اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیاجارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 7 تاریخ کو منعقد ہونے والے پر وگرام میں 'مصنف پرساد کُمٹھیکر کو ان کے کہانیوں کے مجموعے ’اِتر گوشٹی‘ پربی۔ رگھوناتھ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ جبکہ پربھنی میں 14 ستمبر سے 17 ستمبر کے درمیان یہ پروگرام منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
پربھنی میں کل’’پنڈت دین دیال اپادھیائے روزگار میلہ منعقد ہوا۔اس د وران مختلف شعبوں میں خالی 300 آسامیوں کیلئے 351 امیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے اور 87 امیدواروں کاابتدائی طور پر انتخاب کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور کے چیتنیہ پرائمری اسکول کو گذشتہ رو ز محکمۂ تعلیم نے سیٖل کر دیا۔ منظوری کے بغیر چلائے جانے والے اس اسکول میں سرپرستوںکو گمراہ کر کے متعدد طلباء کو داخلے دئیے گئے تھے۔ اس حوالے سے شکایت موصول ہونے کے بعد یہ کارروائی کرنے کی وضاحت تعلیمی افسر دیپک مٹھ پتی نے دی ہے۔
***** ***** *****
ڈویژن میں فی الحال پیٹھن کے جائیکواڑی اور سدھیشور آبی پشتوں سے تقریباً ساڑھے چودہ ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جا ری ہے۔ عیسیٰ پور آبی پشتے سے 15 ہزار کیوبک فٹ اور ییلدری پشتے سے تقریباً 15 ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
کوکن، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ حصوں میں محکمہ موسمیات نے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ لاتور اور دھاراشیو کو چھوڑ کر مراٹھواڑہ کے دیگر اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ کوکن، خاندیش اور ودربھ کے کچھ اضلاع میں آج بارش کا آرینج الرٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھا رت کی مائیکرو چپ مستقبل میں دنیا کی رہنمائی کرے گی - سیمی کان انڈیا 2025کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حیدرآباد گزیٹیرپر عمل درآمد کرنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ جاری۔
٭ ناگپور کے ساڑھے پانچ کلومیٹر طویل دو منزلہ فلائی اوور پُل کا گنیز ریکارڈ میں اندراج۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میںشاعر بی رگھوناتھ کی یاد میں فیسٹیولس کے انعقاد کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment