Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 05 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مستقبل میں بھارت دنیا کی سمندری معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا:-2 JNPT کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ GST ٹیکس اصلاحات کا شعبہئ صنعت سمیت سماج کے تمام طبقات نے کیا خیر مقدم۔
٭ مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے رگھوناتھ شیورام بورسے بچوں کے پہلے خصوصی ادبی ایوارڈ کیلئے صحافی سنجئے ایلواڈ کے نام کا اعلان۔
٭ یومِ اساتذہ کے موقع پر آج دِلّی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں قومی اساتذہ انعامات کیے جائیں گے تقسیم۔
٭ عیدمیلادالنبیﷺ کی مناسبت سے آج ہر طرف مختلف مذہبی تقاریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مردوں کے ایشیاء کپ ہاکی مقابلوں میں بھارت کی ملیشیاء پر 4-1 سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھارت دنیا کی سمندری معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سفر کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور سنگاپور کے وزیرِ اعظم لارینس وونگ نے نئی ممبئی کے اُرَن میں واقع جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ کے ٹرمینل 2- کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا۔ اس موقع پر بندرگاہوں اور جہاز رانی کے مرکزی وزیر سربانند سونووال‘ جہاز رانی کے مرکزی وزیرِ مملکت شانتنو ٹھاکر اور دیگر معززین موجود تھے۔ یہ بندرگاہ مکمل طور پر شمسی توانائی پر چلے گی اور خصوصی راستے والی بندرگاہوں میں یہ ملک کا سب سے بڑا کنٹینر ٹرمینل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ یہ ٹرمینل مہاراشٹر کی معیشت کو فروغ دے گا۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس (GST) کے ٹیکس ڈھانچے میں اصلاحات کا تمام شعبوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ سڑک اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ GST میں اصلاحات ایک تبدیلی کا قدم ہے اور کسانوں‘ MSMES‘ خواتین‘ نوجوانوں اور متوسط طبقے کیلئے راحت ہے۔ 36 جان بچانے والی دواؤں میں جن میں کینسر اور دیگر جان لیوا بیماریوں کی ادویات شامل ہیں کو GST سے باہر رکھا گیاہے۔ مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا نے اس یقین کا اظہارکیا ہے کہ اس سے عام آدمی کی صحت کی دیکھ بھال کی لاگت میں کمی آئے گی۔ وہیں‘ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ GST ٹیکس ڈھانچے میں اصلاحات سے ملک کے ہر خاندان کو مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ GST اصلاحات نے بہت سے مقاصد حاصل کیے ہیں، جیسے عام آدمی کو راحت فراہم کرنا‘ مہنگائی کنٹرول کرنا اور چھوٹی صنعتوں کو مضبوط کرنا۔ سابق مرکزی وزیرِ خزانہ پی چدمبرم نے بھی ان اصلاحات کا خیر مقدم کیا ہے۔ وہیں کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی طویل عرصے سے ان اصلاحات کی مانگ کررہی تھی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے GST اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ٹیکس میں اصلاحات نہیں ہے بلکہ معیارِ زندگی میں بہتری ہے۔ وہیں خواتین اور بچوں کی ترقی کی ریاستی وزیر ادیتی تٹکرے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ان اصلاحات کے فوائد کو عام آدمی تک مؤثر طریقے سے پہنچانے کیلئے مکمل طور پر عہد کی پابند ہے۔
***** ***** *****
بی جے پی کے دھاراشیو ضلع صدر دتا کلکرنی نے کہا ہے کہ GST اصلاحات سے کسانوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ کسانوں پر مرکوز پالیسیوں کی واضح مثال ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے جسٹس شری چندر شیکھر کی بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تقرری کو منظوری دی ہے۔ قانون و انصاف کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ سپریم کورٹ کی بینچ نے گذشتہ 24 اگست کو ان کے نام کی سفارش کی تھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج یومِ اساتذہ منایا جارہاہے۔ ملک کے دوسرے صدر ِجمہوریہ سروپلّی رادھاکرشنن کے یومِ پیدائش کو اساتذہ دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یومِ اساتذہ کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے آج دلّی میں قومی اساتذہ انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ اس موقع پر ریاست کے تین اساتذہ کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ان میں ناندیڑ کے ڈاکٹر شیخ محمد وقیع الدین حمید الدین‘ لاتور کے ڈاکٹر سندیپان جگدالے اور ممبئی کی سونیا کپور شامل ہیں۔
اسی بیچ وزیرِ اعظم مودی نے کل قومی انعام یافتہ اساتذہ سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انھوں نے ملک بھر کے تمام اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ طلبہ میں خودانحصاری کے بیج بوئیں اور مقامی زبان میں اس کی اہمیت کو بیان کریں۔
***** ***** *****
پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا یومِ ولادت‘ عید میلادالنبیؐ آج منایا جارہا ہے۔ صدر دروپدی مُرمو نے عید کے موقع پر سبھی کو مبارکباد دی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے خلدآباد میں آج آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیرہنِ مبارک اور موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام کیا گیا ہے‘ جس میں شرکت کیلئے عقیدت مند بڑی تعداد میں یہاں پہنچ رہے ہیں۔ کثیر تعداد میں لوگوں کی آمدکے پیشِ نظر خلدآباد جانے والے راستے پر ٹریفک روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
عیدمیلاد کے موقع پر ریاستی حکومت نے آج کی تعطیل منسوخ کرتے ہوئے آئندہ 8 ستمبر کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ ریزروبینک آف انڈیا نے بھی تمام مالی لین دین آج جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ 8 ستمبر کو تمام لین دین بند رہے گا۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ 8 ستمبر پیر کو ہونے والے تمام لین دین منگل کو کیے جائیں گے۔
عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے لاتور کے ولاس راؤ دیشمکھ سرکاری میڈیکل کالج اسپتال کا او پی ڈی آج بند رہے گا۔ یہ شعبہ کل حسب ِ معمول جاری رہے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشدکے رگھوناتھ شیورام بورسے بچوں کے خصوصی ادبی ایوارڈ کیلئے کیسری اخبار کے صحافی سنجئے ایلواڈ کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ انعام ان کے مجموعی ”ژِبراچیا کتھا“ کیلئے دیا جارہا ہے۔ یہ ایوارڈ 11 ہزار روپئے نقد اور توصیفی سند پر مشتمل ہے۔ انھیں آئندہ 27 ستمبر کو اس انعام سے نوازا جائے گا۔ اودگیر تعلقے کے ایکُرکا روڈ کے رہائشی ایلواڈ نے مختصر کہانیوں کے دو مجموعے، بچوں کی کہانیوں کے تین مجموعوں سمیت کُل 12 کتابیں شائع کی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے صدر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ حیدرآباد- ستارا گیزیٹیئر کا مطالعہ کرکے مراٹھی کُنبی ذات کے صداقت نامے مقررہ مدت میں جاری کریں۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مراٹھا آندولن کے روحِ رواں منوج جرانگے پاٹل سے ملاقات کے بعد بول رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے ریزرویشن سے متعلق غلط فہمیاں پھیلانے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر اتل ساوے نے کل ناگپور میں او بی سی فیڈریشن کی جانب سے کیے جارہے احتجاج کے مقام کا دورہ کیا اور آندولن کرنے والوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس چھ روزہ بھوک ہڑتال کے دوران دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کے 12مطالبات کو منظور کیا گیا ہے اور آئندہ مہینے بھر میں 12 دیگر مسائل پر وضاحت کی جائیگی۔ انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ مراٹھا ریزرویشن کی وجہ سے او بی سی ریزرویشن متاثر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کے ارکان نے کل بیڑ ضلع کے ماجل گاؤں میں تحصیل دفترکے روبرو ریزرویشن کے تحفظ کیلئے احتجاج کیا۔ اس موقع پر حیدرآباد گیزیٹیئر سرکاری حکم نامے کی نقلوں کو جلایا گیا۔
***** ***** *****
بہار کے راجگیر میں جاری ایشیاء کپ ہاکی مقابلے میں کل‘ بھارت نے ملیشیاء کو 4-1 سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ بھارت ”سپر فور“ گروپ میں پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت کا آئندہ کا مقابلہ کل چین سے ہوگا۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
محکمہئ موسمیات نے آج ریاست کوکن کے کچھ حصوں‘ پونے ضلع کے پہاڑی علاقوں‘ پال گھر اور نندوربار اضلاع کے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، جلگاؤں، دھولیہ اورناسک کے چند علاقوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مستقبل میں بھارت دنیا کی سمندری معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا:-2 JNPT کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ GST ٹیکس اصلاحات کا شعبہئ صنعت سمیت سماج کے تمام طبقات نے کیا خیر مقدم۔
٭ مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے رگھوناتھ شیورام بورسے بچوں کے پہلے خصوصی ادبی ایوارڈ کیلئے صحافی سنجئے ایلواڈ کے نام کا اعلان۔
٭ یومِ اساتذہ کے موقع پر آج دِلّی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں قومی اساتذہ انعامات کیے جائیں گے تقسیم۔
٭ عیدمیلادالنبیﷺ کی مناسبت سے آج ہر طرف مختلف مذہبی تقاریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مردوں کے ایشیاء کپ ہاکی مقابلوں میں بھارت کی ملیشیاء پر 4-1 سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment