Tuesday, 9 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ عہدے کیلئے آج انتخاب؛ گورنر سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا آگھاڑی کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے مابین راست مقابلہ۔
٭ وین گنگا-نڑگنگا ندی جوڑ منصوبے کی مکمل پروجیکٹ رپورٹ 15 اکتوبر تک پیش کرنے کا وزیرِاعلیٰ کا حکم۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران بے گھر ہونے والے خاندانوں کو مفت مکان دینے کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن۔
٭ GST ترامیم کے نتیجے میں عوام کو بڑی راحت؛ مہلک عارضوں کی دوائیوں پر اب صفر ٹیکس۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز؛ بھارت کا پہلا میچ کل متحدہ عرب امارات سے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کیلئے آج رائے دہی ہوگی۔ قومی جمہوری اتحاد یعنی (NDA) کے امیدوار‘ مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا آگھاڑی کے امیدوار عدالت ِ عظمیٰ کے سابق جج جسٹس بی سدرشن ریڈی کے مابین اس عہدے کیلئے راست مقابلہ ہوگا۔ جس میں لوک سبھا کے 542 اور راجیہ سبھا کے 239 ارکان اس طرح مجموعی طورپر 781 ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس الیکشن میں جیت حاصل کرنے کیلئے 391 ووٹ درکار ہوں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ ویژن دستاویز 2047‘ مستقبل کیلئے رہنماء ضابطہ ہے‘ اور ریاست کی تمام پالیسیاں مستقبل میں اسی دستاویز کے تحت تیار کی جائیں۔ کل سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ترقی یافتہ مہاراشٹر ویژن دستاویز 2047 سے متعلق منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اسی دوران وین گنگا- نڑگنگا ندی جوڑ منصوبے کو تیز کرنے کیلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ 15 اکتوبر 2025 تک پیش کرنے کے احکامات بھی وزیرِ اعلیٰ نے جاری کیے۔ اس اہم منصوبے کے ذریعے ودربھ اور مراٹھواڑہ میں پانی کی قلّت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت کیلئے مستقل آبپاشی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مالی منصوبہ بندی کیلئے فنڈز کے حوالے سے مرکزی حکومت کو مکتوب ارسال کیاجائے اور بعد میں اس کی تفصیلات اور ردّ عمل سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جائیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تیقن دیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تجاوزات ہٹاؤ مہم کے دوران بے گھرہونے والے خاندانوں کو مفت مکان دئیے جائیں گے اور حکم دیا کہ اس خصوص میں مہاڈا سے مکانات کے حصول کے عمل کا آغاز کیا جائے۔ کل اس ضمن میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں انھوں نے یہ احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران خالی ہونے والی سڑکوں کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ شہر میں آبرسانی کے انتظام سے متعلق بھی کل نائب وزیرِاعلیٰ کے سامنے تفصیلات پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ روزانہ پانی کی فراہمی اور استعمال شدہ پانی کی صفائی کا بھی اس اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے کہا کہ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے پنچنامے کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جہاں پنچنامے نہیں ہوئے وہاں پنچنامے کیے جارہے ہیں انھوں نے تیقن دیا کہ کسانوں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔
***** ***** *****
جی ایس ٹی ترامیم حکومت نے طبّی شعبے میں استعمال ہونے والے آلات اور مہلک عارضوں کی ادویہ پر ٹیکس میں تخفیف کی ہے۔ اس فیصلے کے مطابق علاج و معالجے کیلئے استعمال ہونے والی کئی اشیاء‘ کیمیکلز اور آلات پر جی ایس ٹی پانچ فیصد کردیا گیا ہے۔ طبّی استعمال کی آکسیجن‘ امونیا اور سلفیورک و نائٹرک ایسڈ پر اس سے قبل جی ایس ٹی 18 فیصد تھا۔ ربڑ کے دستانے، مختلف تشخیصی آلات، عینک کی کانچ، کونٹیکٹ لینسس‘ گاگلز، مرہم پٹی کیلئے استعمال ہونے والی پٹی پر اب ٹیکس 12 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی مہلک بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویہ پر اب ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔
***** ***** *****
بصارت سے محرومی کے تدارک اور بینائی کنٹرول کے قومی پروگرام کے تحت عالمی تنظیمِ صحت کے ”اسپیکس 2030 ون سائٹ پروجیکٹ“ پر ریاست کے گڈچرولی ضلع سمیت ملک کے پانچ پسماندہ اضلاع میں عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت طبّی کارکنوں کی تربیت‘ عوامی بیداری‘ اسکولوں اور گرام پنچایت سطحوں پر صحت سے متعلق مباحث جیسے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
او بی سی رہنماؤں نے کہا ہے کہ او بی سی کوٹے سے مراٹھا ریزرویشن دیا جانا ناانصافی کے مترادف ہے۔ کل ریاست کی مختلف او بی سی تنظیموں کا ایک اجلاس منعقد ہوا‘ جس میں یہ موقف پیش کیا گیا۔ او بی سی رہنماء اور اسمبلی میں کانگریس کے رہنماء وجئے وڑیٹیوار بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں حکومتی فیصلے کے خلاف اکتوبر کے پہلے ہفتے میں او بی سی کا ایک بڑا جلوس نکالا جائے گا اور مختلف او بی سی تنظیمیں اسی ہفتے اس فیصلے کیخلاف عدالتوں سے رجوع کریں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندرشیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ دیگر پسماندہ طبقات یعنی او بی سی کو نقصان پہنچانے والا کوئی فیصلہ حکومت نے نہیں کیا۔ وہ کل ناگپور میں ذرائع ابلاغ سے مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ او بی سی کے مختلف مطالبات کے پس منظر میں آج کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
حیدرآباد گیزٹ کے مطابق ایس ٹی ریزرویشن بنجارا سماج کو شامل کرنے کے مطالبے پر آئندہ 15 تاریخ کو بیڑ ضلع کلکٹر دفتر پر ایک جلوس نکالا جائے گا۔درجِ فہرست جماعتوں کے ریزرویشن کیلئے کل بیڑ میں بنجارا سماج کا ایک اجلاس ہوا۔ جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناء‘ بنجارا سماج کے کارکنوں نے اس ضمن میں کل رکنِ اسمبلی وجئے سنگھ پنڈت کو ایک محضر پیش کیا۔ پنڈت نے اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ اس مطالبہ کو پورا کروانے کیلئے کوشش کریں گے۔
***** ***** *****
عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں جلوسِ محمدیﷺ نکالا گیا۔ نبیِ آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت باسعادت کے حوالے سے گذشتہ جمعہ کو یہ جلوس نکالا جانا تھا۔ تاہم گنیش اُتسو کے پیشِ نظر پولس انتظامیہ کی اپیل پر مثبت ردّ عمل دیتے ہوئے یہ جلوس کل نکالا گیا۔ پولس کمشنر نے اس جلوس کا سبز جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا۔ انھوں نے جلوس کے منتظمین کے کردار کی بھی ستائش کی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں وقف اراضی پر موجود تجاوزارت ہٹاکر قانونی طور پر تعمیر کردہ عمارتوں کو سہولیات فراہم کرنے کے احکامات ریاستی وقف بورڈ کے چیئرمین سمیر قاضی نے دئیے ہیں۔ اس خصوص میں سمیر قاضی نے کل ضلع کلکٹر دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ بالجبر زمین کا قبضہ حاصل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور ویجاپور شاہراہ پر کل صبح ایک ٹووہیلر اور ایک فور وہیلر کے مابین تصادم کے باعث ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں ایک‘ ایک سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں آج افتتاحی میچ ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے مابین کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں بھارت اپنا افتتاحی میچ کل دُبئی میں میزبان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھیلے گا اور 14 تاریخ کو بھارت کا مقابلہ پاکستان کے ساتھ ہوگا۔
***** ***** *****
خواتین ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے سنگاپورکے خلاف صفر کے مقابلے 12 گول سے فتح حاصل کرکے سپر فور مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ بھارت کا اگلا میچ کل جنوبی کوریا کے ساتھ ہوگا۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے میں فی الحال 34 ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے‘ جبکہ 37 ہزار 728 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
موسم: ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہئ موسمیات نے ان اضلاع میں تیز ہواؤں اور گھن گرج کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ مراٹھواڑہ کے اضلاع میں ہلکی تا درمیانی درجے کی بارش کے اندازبھی ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ عہدے کیلئے آج انتخاب؛ گورنر سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا آگھاڑی کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے مابین راست مقابلہ۔
٭ وین گنگا-نڑگنگا ندی جوڑ منصوبے کی مکمل پروجیکٹ رپورٹ 15 اکتوبر تک پیش کرنے کا وزیرِاعلیٰ کا حکم۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران بے گھر ہونے والے خاندانوں کو مفت مکان دینے کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تیقن۔
٭ GST ترامیم کے نتیجے میں عوام کو بڑی راحت؛ مہلک عارضوں کی دوائیوں پر اب صفر ٹیکس۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز؛ بھارت کا پہلا میچ کل متحدہ عرب امارات سے۔
***** ***** *****

No comments: