Tuesday, 16 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 16 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سپریم کورٹ کا وقف ترمیمی قانون پر روک لگانے سے انکار؛ تاہم‘ قانون کی کچھ دفعات پر روک لگادی گئی۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی طبّی تعلیم اور فارماسیوٹیکل شعبے کو ہر ضلع میں کینسر کے علاج کیلئے جامع علاج کی خدمات فراہم کرنے کے احکامات۔
٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش؛ فوجی دستوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے راحت رسانی۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ؛ اکثر اضلاع میں ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سپریم کورٹ کا وقف ترمیمی قانون پر مکمل روک لگانے سے انکار کردیا ہے جبکہ کچھ دفعات پر روک لگادی ہے۔ چیف جسٹس بھوشن گوئی اور جسٹس اے جی مسیح کی بینچ نے کل یہ فیصلہ دیا۔ عدالت نے اس شق پر روک لگادی ہے کہ وقف کرنے والے شخص کو وقف کرنے سے پہلے کم از کم پانچ سال تک اسلام کا پیروکار ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے مقررہ کردہ انتظامی افسران کے اُس اختیار پر بھی روک لگادی ہے کہ وہ دیکھیں کہ وقف املاک نے سرکاری املاک پر قبضہ کیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ وقف بورڈ میں غیر مسلموں کی تقرری کا انتظام اس وقت تک معطل رہے گا جب تک ریاستی حکومتیں اس سلسلے میں ٹھوس اصول نہیں بناتیں۔ کل دیا گیا فیصلے پہلی نظر کے مشاہدات پر مبنی ہے اور عدالت نے کہا ہے کہ کیس کی تفصیلی سماعت بعد میں کی جائیگی۔
اس فیصلے کا مرکزی وزیر کیرین رِجیجو نے خیر مقدم کیا ہے۔ ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Kiren Rijiju
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے طبّی تعلیم اور فارماسیوٹیکل شعبے کو احکامات دئیے ہیں کہ وہ ریاست میں کینسر کی جامع خدمات کیلئے پالیسی تیار کریں۔ وہ کل ممبئی میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے یہ بھی تجویز دی کہ کینسر کے علاج کی جامع خدمات‘ بیماری کی تشخیص، ڈے کیئر، ریڈیو تھیراپی اور کیمو تھیراپی کے یونٹ ہر ضلعے میں قائم کیے جائیں۔
دریں اثناء‘ کل وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ اسکیم اور مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ اسکیم کے تحت ریاست میں دو ہزار 399 نئے علاج کو منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
اہلیانگر- بیڑ- پرلی ویجناتھ ریلوے لائن کیلئے کل اضافی 150 کروڑ روپئے جاری کیے گئے۔ اب تک حکومت نے اس منصوبے کیلئے دو ہزار 91 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ اس روٹ پر بیڑ- اہلیا نگر ریلوے خدمات کل 17 ستمبر سے شروع ہوں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت خدمت‘ بہتر حکمرانی کے نعرے کے ذریعے تبدیلی اور ترقی لانے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ سیوا پَرو کی مناسبت سے خصوصی سیریز کے آج کے ایپی سوڈ میں غیر مسدود اور صاف توانائی کے شعبے کے بارے میں ہم جانیں گے۔
Voice Cast
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی وجہ سے نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ بیڑ‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور اہلیا نگر اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال بن گئی ہے۔
بیڑ ضلعے کی کئی ندیو ں میں سیلاب آیا ہوئی ہے اور شہر سے بہنے والی بندوسرا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ آشٹی تعلقے کا کڑا‘ سلیمان دیوڑا‘ پمپر کھیڑا‘ دھانورا‘ شیراپور‘ ٹاکلی اُمیا اور ڈونگر گن ان گاؤں کا رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔ جبکہ سات گاؤں کے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے کیلئے فوجی دستوں کے ہیلی کاپٹر کو بلایا گیا ہے۔ سیلاب میں پھنسے تقریباً سو سے زائد لوگوں کو بچالیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ ایک شخص کے بہہ جانے کی اطلاع ہے اور اس کی تلاش جاری ہونے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔ بیڑ ضلع میں بارش کی صورتحال کے پیشِ نظر ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے آج تمام اسکول‘ کالجوں کیلئے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
جالنہ شہر سمیت ضلع میں رات بھر سے گھن گرج کے ساتھ بارش جاری ہے‘ جس کی وجہ سے اکثر علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے اور فصلوں میں پانی بھر گیا ہے۔ گھن ساونگی تعلقے میں مسلسل دوسرے دن بھی بادل پھٹنے جیسی بارش ہونے سے خریف کی فصلیں پانی کی زد میں آنے سے کئی گاؤں کا رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔ گھن ساونگی کا وَن گٹا پاجھر تالاب پھوٹنے سے آس پاس کے کھیتوں میں پانی بھرجانے سے فصلوں کا کافی نقصان ہوا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع کے پیٹھن‘ سلوڑ اور ویجاپور تعلقوں میں زوردار بارش ہوئی۔ سلوڑ تعلقے میں سیلاب میں پھنسے پانچ افراد کو فائر بریگیڈ دستے نے بچالیا ہے۔
لاتور ضلع میں گذشتہ تین دنوں سے شرور اننت پال، دیونی‘ اودگیر اور جلکوٹ تعلقوں میں شدید بارش ہوئی۔
دھاراشیو ضلع میں ہوئی شدید بارش سے کئی مقامات پر فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے گاؤں گاؤں جاکر متاثرہ فصلوں کا دورہ کیا اور کسانوں کو مدد کا یقین دلایا۔
***** ***** *****
ڈویژن میں ماجل گاؤں پشتے سے 56 ہزار 403 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ اور مانجرا پشتے سے 21 ہزار 750 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔ ناندیڑ میں وشنو پوری آبی منصوبے سے ایک لاکھ پانچ ہزار، یلدری پشتے سے تقریباً سات ہزار، عیسیٰ پور منصوبے سے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار، اور لوور تیرنا پشتے سے تقریباً ساڑھے چار ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
پیٹھن کے جائیکواڑی پشتے سے بھی پانی کے اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جائیکواڑی کے 18 دروازے تین فٹ کھول کر66 اعشاریہ 24 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
اہلیانگر ضلعے کے پاتھرڈی اور شیوگاؤں شاہراہوں پر واقع ندیوں میں طغیانی آجانے کی وجہ سے کئی دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ضلعے کی کئی شاہراہوں پر موجود پلوں کے اوپر سے پانی بہنے کے پیشِ نظر متعلقہ شاہراہوں کو کل ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک کوکن، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ساتھ ہی چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کیلئے آج آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ بقیہ اضلاع میں تقریباً 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر دیے جانے والے ’جیون سادھنا گوروایوارڈ‘ بزرگ ادیب اور نقاد شیش راؤ مورے کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے کل شہری اور دیہی مثالی کالج، مثالی پرنسپل، نوجوان ٹیچرز ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر گیانیشور پوار نے بتایا کہ یہ ایوارڈز آئندہ 19 ستمبر کو تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
حیدرآباد گزٹ کے مطابق بنجارہ برادری کو درجِ فہرست قبائل کے زمرے میں شامل کرنے کے مطالبے پرکل بیڑ اور جالنہ میں احتجاجی مورچہ نکالا گیا۔ بنجارہ برادری کے افراد روایتی لباس پہن کر احتجاجی جلوس میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سپریم کورٹ کا وقف ترمیمی قانون پر روک لگانے سے انکار؛ تاہم‘ قانون کی کچھ دفعات پر روک لگادی گئی۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی طبّی تعلیم اور فارماسیوٹیکل شعبے کو ہر ضلع میں کینسر کے علاج کیلئے جامع علاج کی خدمات فراہم کرنے کے احکامات۔
٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش؛ فوجی دستوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے راحت رسانی۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ؛ اکثر اضلاع میں ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments: