Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام کے سلسلے میں مراٹھواڑہ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد؛ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں پرچم کشائی۔
٭ اہلیانگر-بیڑ-پرلی ریلوے لائن کے بیڑ تا اہلیا نگر مرحلے کا آج سے آغاز۔
٭ ریاست کے تمام مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات 31 جنوری 2026 تک کروانے کی عدالت ِ عظمیٰ کی ہدایت۔
٭ ”صحت مند خواتین‘ مضبوط خاندان“ قومی مہم کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ ممبئی میں ریاستی سطح کی تقریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ شدید بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے فوری پنچنامے کرنے کی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ آج بھی مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں بارش کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
حیدرآباد مکتی سنگرام دن آج منایا جارہا ہے۔ برطانوی سامراج سے حصولِ آزادی کے 13 مہینے اور دو دِنوں کے بعد یعنی 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد صوبہ آزاد ہوا۔ رضاکاروں کے خلاف عسکری مہم اور اس وقت کے وزیرِ داخلہ ولبھ بھائی پٹیل کے چلائے گئے ”آپریشن پولو“ یا پولس ایکشن کے بعد حیدرآباد کو نظام حکومت سے حاصل کرکے ہندوستانی وفاق میں شامل کیا گیا اور مراٹھواڑہ علاقے کو لسانی بنیاد پر مہاراشٹر میں شامل کرلیا گیا۔
مراٹھواڑہ بھر میں آج مختلف تقاریب کے ذریعے حیدرآباد مکتی سنگرام منایا جارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں اب سے کچھ دیر قبل سدھارتھ گارڈن میں واقع یادگار کے احاطے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ انھوں نے ستونِ یادگار پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بیڑ میں رابطہ وزیر اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں‘ جالنہ میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے‘ پربھنی میں رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر‘ ہنگولی رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ‘ ناندیڑ رابطہ وزیر اتل ساوے‘ لاتور رابطہ وزیر شیویندر راجے بھونسلے اور دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آرہی ہے۔ مکتی سنگرام دن کے حوالے سے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے کرانتی چوک میں پرم وِیر چکر گیلری تیار کی گئی ہے۔
دریں اثناء‘ بزرگ ماہرِ قانون اَننت اُمریکر نے کہا ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد بھی حیدرآباد صوبہ علیحدہ صوبہ برقرار رہا اور اس کے اثرات ہنوز سامنے نہیں آسکے۔ حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے حوالے سے انھوں نے کہا:
Byte: Anant Umrikar
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء امباداس دانوے نے الزام عائد کیا ہے کہ مرٹھواڑہ کی ترقی سے متعلق کابینی اجلاس میں کیے گئے اعلانات کو ریاستی حکومت نظر انداز کررہی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
کافی عرصے سے انتظار میں رہنے والی اہلیانگر- بیڑ- پرلی ریلوے لائن کے بیڑ تا اہلیا نگر حصے کی ریلوے خدمات کا آج افتتاح ہوگا۔ اس ضمن میں بیڑ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ایک خصوصی پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے کی موجودگی میں املنیر تا بیڑ نئی ریلوے لائن کا افتتاح ہوگا‘ اور بیڑ - اہلیا نگر ٹرین کو سبز جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پھلمبری میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں مکھیہ منتری سمردّھ پنچایت راج مہم کا افتتاح بھی آج عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات 31 جنوری 2026 تک کروانے کا حکم عدالت ِ عظمیٰ نے دیا ہے۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی کی بینچ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ان انتخابات کے انعقاد کیلئے اب مزید مدت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ عدالت ِ عظمیٰ نے اس سے قبل کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر ریاستی حکومت کی سرزنش کی۔ اس کے علاوہ عدالت ِ عظمیٰ نے ہدایت کی کہ وارڈز کی تشکیل کا عمل اسی برس 31 اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اینیمیشن‘ ویژول ایفیکٹس‘ گیمنگ‘ کامکس اینڈ ایکسٹینڈرڈ رئیلٹی پالیسی کا کل ریاستی کابینی اجلاس میں اعلان کردیا گیا۔ ریاست کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ذیلی کمیٹی کو کابینی کمیٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ بھی کابینہ کے اس اجلاس میں کیا گیا۔ مستقبل میں یہ کمیٹی اب کابینی کمیٹی کی حیثیت سے کام کرے گی۔ سرکاری اقامت گاہوں کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے و الے طلبہ کے گذارہ بھتے اور طالبات کے سینیٹری بھتے کو دوگنا کرنے اور راشٹرسنت تکڑوجی مہاراج شیتکری بھون اسکیم کی معیاد مزید دو برس بڑھانے کو اس موقع پر منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے آج سے سیوا پندھرواڑے کا آغاز ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں ریاست میں بی جے پی کی جانب سے مختلف مقامات پر ایک لاکھ موتیا بین کی عملِ جراحی‘ عطیہئ خون کیمپ‘ طبّی کیمپ اور مودی وکاس میراتھان جیسے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘وزیرِِ اعظم کی یومِ پیدائش کے سلسلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے گذشتہ ایک دہائی میں ان کی کارگزاری کی ستائش کرتے ہوئے انھیں نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ معروف بھجن و غزل گلوکار انوپ جلوٹا نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا:
Byte: Anup Jalota
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
صحت ِ عامہ اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت کی جانب سے ”صحت مند خواتین‘ مضبوط خاندان“ نامی خصوصی مہم کا آج اندور میں وزیرِ اعظم مودی کے ہاتھوں افتتاح کیا جارہاہے۔ ممبئی میں یشونت راؤ چوہان سینٹر میں اس مہم کا ریاستی سطح کا آغاز ہوگا۔ دو اکتوبر تک چلنے والی اس مہم میں تمام خواتین اور بچوں سے شرکت کرنے کی اپیل انتظامیہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
جی ایس ٹی کونسل نے حال ہی میں ٹیکس نظام میں اصلاحات کی ہیں۔ اشیاء و خدمات ٹیکس سے متعلق کونسل نے قابلِ تجدید توانائی آلات پر جی ایس ٹی میں تخفیف کی ہے۔ مرکزی حکومتی کی شفاف توانائی کی پالیسی کو مضبوط بنانے کی غرض سے جی ایس ٹی شرح میں کمی کی گئی ہے۔ اس میں شمسی کوکر، بائیو گیس پلانٹ‘ شمسی توانائی کی پیداوار کے آلات، بجلی جنریٹر، شمسی پمپ پر جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کردی گئی ہے۔ اس سے ان آلات پر خرچ کم ہوگا اور بجلی کی نرخوں میں بھی کمی آئیگی۔
***** ***** *****
بنجارا سماج کو درجِ فہرست جماعت کے زمرے میں شامل کرکے ریزرویشن دینے کے مطالبے پر کل ہنگولی میں راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ جبکہ لاتور ضلع کے اودگیر میں ڈپٹی کلکٹر دفتر پر مورچہ نکالا گیا اور ایک محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا رابطہ وزیر اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو فوری طور پر پنچنامے کرکے امداد پہنچانے کا حکم دیا۔ رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ ضلع میں گیلا قحط ظاہر کرکے ہر خاندان کو پچاس ہزار روپئے امداد دی جائے۔ دھاراشیو تعلقے کے وڑگاؤں میں متاثرہ فصلوں کا رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے معائنہ کیا اور تیقن دیا کہ ہر متاثرہ خاندان کو امداد دی جائیگی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں جاری موسلادھار بارش کے باعث مختلف آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج جاری ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے 18 دروازے دو فٹ کھول کر 37 ہزار 728 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہاہے۔ عیسیٰ پور ڈیم سے 15 ہزار کیوبک فٹ‘ ماجل گاؤں ڈیم سے آٹھ ہزار‘ نمن تیرنا ڈیم سے نو ہزار اور وشنو پوری پشتے سے ایک لاکھ 38 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ودربھ اور خاندیش کے سوا ریاست کے تمام اضلاع میں آج محکمہئ موسمیات نے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام کے سلسلے میں مراٹھواڑہ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد؛ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں پرچم کشائی۔
٭ اہلیانگر-بیڑ-پرلی ریلوے لائن کے بیڑ تا اہلیا نگر مرحلے کا آج سے آغاز۔
٭ ریاست کے تمام مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات 31 جنوری 2026 تک کروانے کی عدالت ِ عظمیٰ کی ہدایت۔
٭ ”صحت مند خواتین‘ مضبوط خاندان“ قومی مہم کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ ممبئی میں ریاستی سطح کی تقریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ شدید بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے فوری پنچنامے کرنے کی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ آج بھی مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں بارش کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment