Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 18 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین کی طاقت ملک کی ترقی کی بنیاد ہے، وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔ ’’صحت مند خو اتین‘ مضبوط خاند ان‘‘ مہم اور آٹھویں قومی غذائیت مہینے کا آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے: حیدرآباد مکتی دن پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا تیقن۔
٭ وزیر اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج ابھیان کا آغاز، ضلع بینکوں کی معرفت لاڈلی بہنوں کوایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض فراہم کرنے کا اعلان۔
٭ بزرگ تاریخی محقق اور شیو سوانح نگار گجانن میہیندڑے کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ خواتین کی طاقت ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔ وہ کل مدھیہ پردیش کے دھار میں ’’صحت مند خاتون‘ مضبوط خاندان‘‘مہم اور آٹھویں قومی غذائیت مہینے کے آغاز کے موقعے پر خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم مو دی نے کہا کہ اگر خاندان میں ماں صحت مند رہے تو پورا خاندان صحت مند رہتا ہے۔
اس مہم کے تحت آیوشمان صحت مراکز اور صحت عامہ کے مراکز میں ایک لاکھ سے زیادہ طبّی کیمپ لگائے جائیں گے۔ ان کیمپوں میں خواتین میں پائے جانے والی اینیمیا، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور سرطان جیسی بیماریوں کی جانچ اور تشخیص کی جائے گی، ساتھ ہی اس مہم کا مقصد ماں اور بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے ویکسینیشن اور غذائیت پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
ریاست میں اس مہم کا آغاز صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیرِ مملکت پرتاپ راؤ جادھو کی موجودگی میں ممبئی کے یشونت راؤ چوان سینٹر میں کیا گیا۔
***** ***** *****
حیدرآباد سے آزادی کا دن کل منایا گیا۔ اس موقعے پر جگہ جگہ پرچم کشائی سمیت مختلف تقریبات منعقد ہوئیں۔ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں اس وقت کے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اس دن کو منانے کے مؤقف کی وضاحت کی۔ انھوں نے کہا..
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کے صدر دفاترمیں بھی مر اٹھواڑہ مکتی دن کے موقعے پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ پرچم کشائی کی مرکزی سرکاری تقریب چھترپتی سمبھاجی نگر کے سدھارتھ گارڈن احاطے میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ گوداوری ندی میں پانی کی قلّت کو دور کیا جائے گا اور مراٹھواڑہ کے ہر کسان کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی مختلف ندیوں میں بہہ جانے والے پانی کو گوداوری ندی کی طرف موڑا جائے گا، اور یہ کام آئندہ چھ ماہ میں شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ کو قحط سالی سے نجات دلانے کا جو خواب ہم نے دیکھا ہے اسے اس منصوبے کے ذریعے شرمندۂ تعبیر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مراٹھواڑہ میں صنعت، آبرسانی، راستوں کی تعمیر وغیرہ کے شعبوں میں کیے جا رہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقعے پر ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ، رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے، ڈاکٹر کلیان کاڑے، ریاستی وقف بورڈ کے چیرمین سمیر قاضی سمیت ضلعے بھر کے عوامی نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔
بیڑ میں ضلعے کے رابطہ وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی،جبکہ جالنہ میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے ، پربھنی میں رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر ، ہنگولی میں رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ، لاتور میں رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے ، ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتول ساوے اور دھارا شیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
تاریخ کے بزرگ محقق گجانن مہیندڑے کل شدید قلبی حملے کے باعث پونے میں انتقال کرگئے۔ وہ 78 برس کے تھے۔
میہیندڑے نے گزشتہ 50 سالوں سے خود کو تاریخ کی تحقیق کیلئے وقف کر رکھا تھا۔ وہ شیو سوانح نگاری اور جنگی تاریخ کے گہرے مطالعہ نگار تھے۔ انہوں نے شیو سوانح پر مراٹھی اور انگریزی میں بڑی کتابیں لکھی ہیں جو آج تاریخ کے شعبے میں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ مہیندڑے کو فارسی، موڑی، انگریزی، فرانسیسی، جرمن جیسی مختلف زبانوں پر عبور حاصل تھااو ر فی الحال وہ اسلام کی شناخت اور اورنگ زیب کے موضوع پر تحقیق و تصنیف کر رہے تھے۔ انھیں1971 کی جنگ کے دوران بنگلہ دیش اور پاکستان کی سرحدوں پر بحیثیت ِ صحافی موجود رہنے کا موقع بھی ملااور انہوں نے اس کا مطالعہ بھی کیا۔ انہوں نے ’’ شیواجی جھالا نستا، ٹیپو ایز ا َوار، شیواجی لائف اینڈ ٹائم، شیو چرتر، مراٹھا آرمار جیسی کئی کتابیں لکھیں۔ مہیندڑے کا جسدِ خاکی آج آخری دیدار کیلئے بھارتی تاریخ و تحقیق بورڈ کے احاطے میں رکھا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
طویل عرصے سے مجوزہ بیڑ - اہلیانگر ریلوے خدمات کل سے شروع ہوگئیں۔ بیڑ ریلوے اسٹیشن سے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر معززین نے سبز جھنڈی دکھاکر ریلوے گاڑی کو اہلیا نگر کیلئے روانہ کیا۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ نے اس روٹ کی برقی کاری کا کام آئندہ تین سے چار ماہ میں مکمل کر لیے جانے کے یقین کا بھی اظہار کیا ۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس احساس کا اظہار کیا کہ یہ ریلوے خدمات آنجہانی مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی کوششوں کا نتیجہ ہے، انھوں نے ریلوے خدمات کو آنجہانی گوپی ناتھ منڈے سے موسوم کیا۔
اسی طرح نائب وزیر اعلی اور بیرکے رابطہ وزیر اجیت پوار نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دن بیڑ اور اہلیانگر دونوں کے شہریوں کیلئے ایک خواب کو پورا کرنے والا ہے۔ جبکہ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے اپنے خطاب میں کریڈٹ کی سیاست سے بچنے کی اپیل کی۔
اس موقعے پر بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے، رجنی پاٹل، ارکانِ اسمبلی دھننجے منڈے، نمیتا مندڑا، سندیپ شرساگر اور ضلعے کے شہری کثیر تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
جی ایس ٹی کونسل نے حال ہی میں اشیا اور خدمات ٹیکس کے ڈھانچے میں کچھ اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ یہ تبدیلیاں ابتدائی سطح سےلیکر مالیاتی اور بینکنگ شعبوں تک کی گئی ہیں۔ اس کا ذکر انہوں نے دوردرشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے کہا۔۔۔
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ سمردھ پنچایت راج مہم کا کل سے آغا ز ہوگیا ۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پھلمبری تعلقے کے کِن گائوں میں ریاستی سطح پر اس مہم کا آغاز کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ حکومت ہر گاؤں کے ضلع بینک کے ذریعے لاڈلی بہنوں کو ایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض فراہم کرکے ان کی مالی اعانت کرے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس مالی امداد سے صنعتیں اور کاروبار شروع کرکے خواتین خود کفیل ہوسکیں گی۔
پربھنی ضلعے کے جنتور تعلقے کے کوک میںاس مہم کا آغاز رابطہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے ‘ جبکہ ناندیڑ ضلعے کے پمپل گاؤں میں رابطہ وزیر اتل ساوے نے اس مہم کا آغاز کیا۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کے 75 ویں یوم پیدائش کے موقعے پر ریاست کے پانچ مقامات پر ’’نمو سیاحت اسکل پروگرام‘‘ اور ’’نمو سیاحت معلوماتی وسہولیاتی مرکز‘‘ قائم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ سیاحت شمبھوراج دیسائی نے یہ اطلاع دی۔
دریں اثنا، فروغِ ہنرمندی محکمے کی جانب سے کل ریاست کے سرکاری اور خانگی صنعتی تربیتی اداروں میں صفائی مہم بھی چلائی گئی۔
***** ***** *****
ڈیویژن میں جاری بارشوں کے باعث کئی آبی پشتوں سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج ہو رہا ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی سے فی سیکنڈ نو ہزار کیوبک فٹ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ عیسیٰ پور سے 15 ہزار، ماجلگاؤں پشتے سے دس ہزار اور وشنو پوری آبی منصوبے سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آج خاندیش کے علاوہ ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جالنہ، پربھنی اور ہنگولی کو چھوڑ کر آج مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ خواتین کی طاقت ملک کی ترقی کی بنیاد ہے، وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔ ’’صحت مند خو اتین‘ مضبوط خاند ان‘‘ مہم اور آٹھویں قومی غذائیت مہینے کا آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے: حیدرآباد مکتی دن پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا تیقن۔
٭ وزیر اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج ابھیان کا آغاز، ضلع بینکوں کی معرفت لاڈلی بہنوں کوایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض فراہم کرنے کا اعلان۔
٭ بزرگ تاریخی محقق اور شیو سوانح نگار گجانن میہیندڑے کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment