Wednesday, 24 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 24 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۴؍ستمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو حکومت کی جانب سے امداد فر اہمی کا اعلان، 70 لاکھ ایکڑکی فصلوں کو نقصان کا اندازہ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا آج لاتور اور دھاراشیو کا دورہ ؛ بیشتر مقامات پر سیلاب سے متاثرہ شہریوں کیلئے راحت اور بچاؤ کے کام جاری۔
٭ صدرِ جمہوریہ کے ہا تھوں71 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقسیم۔
ریاست کی 32 ضلع پریشدوں اور 336 پنچایت سمیتیوں کی فہرست رائے دہندگان سے متعلق شیڈول کا اعلان۔ اور۔۔۔٭
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ حکومت نے موسلادھار بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے اور اب تک ایک ہزار 829 کروڑ روپئے کی امداد کسانوں تک پہنچائی جا چکی ہے۔ وہ کل ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بقیہ امدادی رقم آئندہ دس دنوں میں کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ اب تک 975 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے جو کہ اوسط سے 102 فیصد زیادہ ہے‘ جبکہ سیلاب کی زد میں آکر آٹھ افراد ہلاک اور دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس دستوں کی 17 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، وزیرِ اعلیٰ نےکہا کہ وزراء اور رابطہ وزیروں کو متعلقہ علاقوں کا جائزہ لینے کی ہد ایت کی گئی ہے۔
دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس آج لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں بارش کے سبب ہوئے نقصانات کا معائنہ کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے ‘ نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ 70 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو شدید بارشوں سے نقصان پہنچا ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں میڈیا نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے دیوالی سے قبل متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں موسلادھار بارش سے نظامِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور انتظامیہ کی جانب سے راحت رسانی کے کام کیے جارہے ہیں۔
لاتور ضلعے کے اوسا تعلقے کے اُجنی گاؤں میں تیرنا ندی میں طغیانی آجانے سے کئی گھروں میں پانی دَر آیا ہے۔ ضلعے میں سالانہ اوسط بارش کا 111 فیصد اندراج کیا گیا۔ لاتور تعلقے کے جَوَڑا میں واقع مانجرا ندی میں طغیانی کے باعث ندی کے قریب سکونت پذیر 25 شہریوں کو گرام پنچایت دفتر کے ہال میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ احمد پور، جلکوٹ اور اوسا تعلقوں کے بعض مقامات سے مویشی بہہ جانے کی اطلاع بھی ہمارے نمائندے نے دی ہے۔ ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے پلوں کے اوپر سے پانی بہنے کے صورت میں پلوں پر سے گذرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
پربھنی ضلعے میںگوداوری اور دودھنا ندیوں میں طغیانی کے باعث ہنگامی حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے 36 دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور فوج اور ریاستی ہنگامی حالات دستوں کی مدد سے578 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ رکنِ پارلیمان سنجے جادھو نے متاثرہ علاقوں کا دو رہ کرکے شہریوں کو مدد کرنے کا یقین دلایا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کےپیٹھن میں جائیکواڑی آبی منصوبے کے سبھی 27 دروازے کھول کر تقریباً 75 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔ جس کے سبب پیٹھن میں گوداوری ندی کے کناروں پر واقع تمام گھاٹ زیرِ آب آگئے ہیں اور ندی کا پانی نشیبی علاقوں تک پہنچ گیا ہے۔
ویجا پور تعلقے میں بھی نارنگی آبی منصوبہ تقریباً 85 فیصد بھر گیا ہے اور پانی کو ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔ ضلعے کے ویجا پور اور کنڑ تعلقہ جات میں فی کس ایک ایک شخص سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
ناندیڑ کے وشنوپوری پشتے سے ایک لاکھ81ہزار 691 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی خارج کیا جا رہا ہے۔ پانی کے اخراج میں اضافہ کے امکان کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے ندی کے کنارے واقع دیہاتوں کے ساکنان سے خبردار رہنے کی اپیل کی ہے۔

دھاراشیو ضلعے کے 21 محصول ڈویژنوں میں بھاری بارش کا اندراج کیا گیا ہے۔ آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن نے کل بھوم تعلقہ اور بیڑ ضلعے کے کچھ دیہاتوں میں سیلاب کی صورتحال کا معائنہ کیا۔
بیڑ ضلعے کےبھی 57 محصول ڈویژنوں میں موسلادھار بارش ہوئی ‘ جس کے پیشِ نظر کیج، ماجل گاؤں، گیورائی اور بیڑ تعلقہ جات کے کئی مقامات پر سیلاب میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ہنگولی اور جالنہ اضلاع کے کچھ حصوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے اور کئی دیہاتوں میں ندی کا پانی داخل ہونے سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
71 ویں نیشنل فلم ایوارڈز صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں کل نئی دہلی میں ایک پُروقار تقریب میںتقسیم کیے گئے۔ اس موقعے پر جنوبی ہند کے تجربہ کار اداکار موہن لال کو فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا‘ شاہ رخ خان اور وکرانت میسی بہترین اداکار کے ایو ارڈ کے حقدار قرار پائے، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ رانی مکھرجی کو حاصل ہوا ‘ جبکہ ٹویلتھ فیل کو بہترین فلم کا ایو ارڈ دیا گیا۔ اس موقعے پر فلم ناڑ دون کے اداکاروں سمیت چھ چائلڈ آرٹسٹوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
تقسیمِ ایوارڈ تقریب میں مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے فلموں سے متعلق ضابطوں کو مزید لچکدار بنانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا...
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے کل ریاست کی 32 ضلع پریشدوں اور 336 پنچایت سمیتیوں کی فہرست ِ رائے دہندگان کے شیڈول کا اعلان کیا۔ اس کے مطابق 8 سے 14 اکتوبر تک ڈرافٹ ووٹرس لسٹ پر اعتراضات اور مشورے داخل کیے جاسکیں گے‘ جبکہ حتمی ووٹر لسٹ اور رائے دہی مرکز کی سطح کی ووٹر لسٹ 27 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔
***** ***** *****
وزیر ِاعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت خدمت اور بہتر حکمرا نی کے اُصول پر کاربند رہتے ہوئے تبدیلی اور ترقی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ خدمات پندھر واڑہ یعنی سیوا پَرو کے موقع پر ان اقد امات سے متعلق خصوصی نشریاتی سیریز میں آج ہم‘ ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ - WAVES کے ذریعے حکومت کی جانب سے تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال اور میڈیا و تفریحی شعبے میں ملک کو عالمی مرکز بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے بارے جانکاری دے رہے ہیں:
Byte: Voice Cast
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ٭ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو حکومت کی جانب سے امداد فر اہمی کا اعلان، 70 لاکھ ایکڑکی فصلوں کو نقصان کا اندازہ۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا آج لاتور اور دھاراشیو کا دورہ ؛ بیشتر مقامات پر سیلاب سے متاثرہ شہریوں کیلئے راحت اور بچاؤ کے کام جاری۔
٭ صدرِ جمہوریہ کے ہا تھوں71 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقسیم۔
ریاست کی 32 ضلع پریشدوں اور 336 پنچایت سمیتیوں کی فہرست رائے دہندگان سے متعلق شیڈول کا اعلان۔ اور۔۔۔٭
***** ***** *****

No comments: