Thursday, 25 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارشوں کے متاثرین کی مجموعی امداد کی جائے گی: نقصان زدہ علاقوں کے معائنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت مختلف ریاستی وزراء کی جانب سے مراٹھواڑہ میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے معائنے۔
٭ ناندیڑ کے وشنوپوری آبی منصوبے سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج؛ شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر فائنل میں کیا داخلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شدید بارشوں سے متاثرین کی مجموعی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل لاتور اور شولاپور میں متاثرہ علاقوں کے معائنے کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت بحران کی اس گھڑی میں سیلاب کے متاثرین کے ساتھ ہے اور انھیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ضروری اشیاء کی قلّت کے وقت کیے جانے والے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ جن علاقوں میں پنچ نامے کرنے کی خاطر پہنچنا ناممکن ہے وہاں ڈرون کے ذریعے کیے گئے پنچ ناموں کو قبول کیا جائے گا۔ ساتھ ہی موبائل فون سے لی گئیں تصاویر کو بھی متاثرہ علاقہ ہونے کے ثبوت کے طور پر مانا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ قدرتی آفات میں متاثرین کی مدد کرنے والی ٹیموں NDRF نے سیلاب میں پھنسے شہریان کی مدد کیلئے اچھا کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت بارشوں سے متاثر ہونے والے ان کسانوں اور شہریان کی بغیر کوئی اضافی ضابطہ لگائے مدد کرے گی‘ جن کے مکانات میں پانی داخل ہونے سے نقصان ہو اہے۔
اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے تیرنا اور مانجرا ندیوں کے سنگم پر واقع اوراد شاہجنی میں نقصان زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے وعدہ کیا کہ یہاں سیلاب سے بچاؤ کی خاطر دیوار تعمیر کی جائیگی اور پرانے بیریجوں میں جدید دروازے لگائے جائیں گے۔
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ ساتھ نائب وزرائے اعلیٰ اور دیگر وزراء نے ریاست میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ مراٹھواڑہ، شولاپور اور اہلیا نگر میں چند دنوں سے جاری موسلادھار بارش نے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دھاراشیو ضلع کے بھوم تعلقے میں نقصانات کا معائنہ کیا۔ انھوں نے انتظامیہ کو فوری پنچنامے کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے شولاپور ضلع کے کرمالا، ماڑھا، موہول علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ صورتحال کا معائنہ کیا۔ پوار نے کرمالا میں قائم کیے گئے عارضی بحالی مرکز کا دورہ کیا اور وہاں موجود شہریان سے بات چیت کی۔
اسی طرح نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل دھاراشیو ضلع کے پرانڈہ تعلقے کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کرنجا گاؤں کے شندے وستی اور کیرلے وستی کا دورہ کیا اور شدید بارش سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ انھوں نے شہریان کو مدد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مصیبت زدہ لوگوں میں ضروری سامان اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔
زراعت کے ریاستی وزیر دتاتریہ بھرنے نے کل جالنہ ضلع میں شدید بارش سے متاثرہ علاقو ں میں کھیتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تیقن دیا کہ ایک بھی کسان سرکاری امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ کو نقصانات کے فوری پنچنامے کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
ریاستی وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے کل بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقے میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا معائنہ کیا اور متاثرین کو فوری امداد کا یقین دلایا۔ پربھنی کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے بھی ضلع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مصیبت زدہ لوگوں کو تسلی دی۔
وہیں دیگر پسماندہ طبقات‘ او بی سی کے وزیر اتل ساوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ویجاپور تعلقے میں اور رکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے گنگاپور اور خلدآباد تعلقہ جات میں نقصان زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کو تسلی دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے تمام اراکینِ اسمبلی نے مراٹھواڑہ میں شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے کسانوں کی مدد کیلئے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ وزیرِ اعلیٰ فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے وشنوپوری آبی منصوبے سے بڑے پیمانے پر پانی کے اخراج کے سبب گوداوری ندی میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ وشنو پوری ڈیم کے 16 دروازوں سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ فی الحال تقریباً ڈھائی لاکھ مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ندی میں پانی کی نکاسی کی جارہی ہے، جس سے شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ اس میں ڈوب کر شیخ منہاج شیخ ساجد نامی 16 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی۔
***** ***** *****
لاتور تعلقے کے سارسا گاؤں میں مانجرا ندی کے سیلابی پانی کے سبب مختلف مقامات پر پھنسے 25 شہریان کو بچایا گیا ہے۔ راحت رسانی اور بچاؤ کی مقامی ٹیم نے یہ مہم سرانجام دی۔ اسی طرح لاتور تعلقے کے ہی مہاپور میں سیلابی صورتحال کے سبب ایک بزرگ شخص بھی پھنسے ہوئے تھے۔ انھیں بھی بچالیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سینئر ادیب پدم بھوشن ایس ایل بھیرپا کا کل میسور میں ضعیفی کے سبب انتقال ہوگیا۔ وہ 94 برس کے تھے۔ انھیں ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ اوشر فیلو شپ سمیت مختلف انعامات سے نوازا گیا تھا۔ ان کی وفات پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت‘ خدمت اور گڈ گورننس کے ذریعے ملک میں تبدیلی اور ترقی لانے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ سیوا پرو کے اس موقع پر خصوصی سیریز کی آج کی قسط میں آئیے جانتے ہیں حکومت کی جانب سے دفاعی سازو سامان کے ایکسپورٹ میں اضافے کے بارے میں:
Voice Cast
وزیر ِاعظم نریندر مودی کی قیادت میں دفاع اور داخلی سلامتی کیلئے حکومت کا نقطہ نظرطاقت، قوت ِ فیصلہ اور خود انحصاری کی طرف فیصلہ کن تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ دفاعی شعبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری، ملکی پیداوار میں تیز رفتار ترقی، جرأت مندانہ اصلاحات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے سبب بھارت ایک بڑے درآمد کنندہ سے دفاعی سازوسامان کے بڑھتے ہوئے عالمی برآمد کنندہ ملک میں تبدیل ہو گیا ہے۔ گزشتہ دہائی میں دفاعی برآمدات میں چونتیس گنا اضافہ ہوا ہے۔ بھارت اب امریکہ، فرانس اور آرمینیا سمیت 100 سے زیادہ ممالک کو دفاعی ساز و سامان فراہم کرتا ہے۔ اس میں بلٹ پروف جیکٹس، گشتی کشتیاں، ہیلی کاپٹرس، رڈار اور ٹارپیڈو جیسے جدید دفاعی سازو سامان شامل ہیں۔
اس سال 6 جون کو جموں و کشمیر کے کٹرا میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ بھارت پچھلے دس سالوں میں ایک بڑا دفاعی برآمد کنندہ بن گیا ہے اور اب ہمارا مقصد بھارت کا نام دنیا کے اعلیٰ دفاعی برآمد کنندگان میں شامل کرنا ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک کی دفاعی پالیسی خود انحصاری کے اصول پر پیش رفت کررہی ہے۔ یہ پالیسی مقامی ڈیزائن، ترقی اور پیداوار پر زیادہ سے زیادہ انحصار کو یقینی بناتے ہوئے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ ملکی پیداوار کی خرید کو ترجیح دیتی ہے۔ یہ تبدیلی آنے والے وقت میں بھارت کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ بنانے کے حکومت کے عزم کی عکاس ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے گذشتہ گیارہ برسوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے شعبے میں کافی ترقی کی ہے۔ سینئر صنعت کار رام بھوگلے نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے اقدامات سے عام شہریان کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انھوں نے کہا حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی نقل و حمل کی سہولیات چاہے وہ روڈ ٹرانسپورٹ ہو، ریل گاڑیاں ہوں یا ہوائی خدمات، عام لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سیوا پرو کی مناسبت سے اس موضوع پر بھوگلے کی تفصیلی وضاحت آج صبح گیارہ بجکر پانچ منٹ پر آکاشوانی کے خصوصی پروگرام وِشیش پراسنگک میں آپ سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنوں سے شکست دیکر فائنل مقابلے میں داخلہ حاصل کرلیا۔ کل کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم صرف 127 رنز ہی بناپائی۔ 75 رنز بنانے والے ابھیشیک شرما کو ”مین آف دی میچ“ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں آج بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان میچ ہوگا اور فاتح ٹیم بھارت کے خلاف فائنل میں کھیلے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شدید بارشوں کے متاثرین کی مجموعی امداد کی جائے گی: نقصان زدہ علاقوں کے معائنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت مختلف ریاستی وزراء کی جانب سے مراٹھواڑہ میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے معائنے۔
٭ ناندیڑ کے وشنوپوری آبی منصوبے سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج؛ شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر فائنل میں کیا داخلہ۔
***** ***** *****

No comments: