Saturday, 15 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 15 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۵؍نومبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فہرست رائے دہندگان کی تصحیح کے کاموں میں سبھی سیاسی جماعتوں سے تعاون کرنے کی وزیراعظم کی اپیل۔
٭ بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی 202 نشستوں پر فتح؛عظیم اتحاد کی 35 نشستوں پر کامیابی۔
٭ میونسپل کائونسل اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کے کاغذاتِ نامزدگی آف لائن طریقے سے بھی داخل کیے جاسکیں گے۔
٭ مجسمہ ساز رام سُتار کو رواں سال کا مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ تفو یض۔
٭ معروف اداکارہ کامنی کوشل کا طویل العمری کے باعث انتقال۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کیلئے آئندہ دو دن تک سردی کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تمام سیاسی جماعتوں سے فہرست ِ رائے دہندگان کی تصحیح کے کاموں میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعظم کل بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر میں کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کی حکومت چھٹ پوجا کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس کا مقصد ملک سمیت پوری دنیا کو اس ثقافت کے بارے میں واقف کرو انا ہے۔ بہار کے نتائج کو عو امی رائے قرار د یتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس سے ہمیں عوام کی خدمت کرنے اور نئے عزائم کے ساتھ کام کرنے کی طاقت ملی ہے، وزیر اعظم نے بہار کی عو ام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
ان انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد-این ڈی اے نے 243 اسمبلی نشستوں میں سے 202 نشستوںپر کامیابی درج کرتے ہوئےزبردست اکثریت حاصل کی ہے۔ جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 89، متحدہ جنتا دل کو 85 اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی کو 19 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔جبکہ اس کے برعکس کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے عظیم اتحاد کو صرف 35 نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ جس میں آر جے ڈی کو 25 اور کانگریس کو چھ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
مرکزی وزیر جِیتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ کو پانچ اور جنتا دل یونائیٹڈ سے علیحدہ ہونے والی اپیندر کشواہ کے راشٹریہ لوک مورچہ کو چار نشستیں حاصل ہوئیں۔
دیگر جماعتوں میں، مجلس اتحاد المسلمین-ایم آئی ایم نے پانچ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے دو اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ، بھارتیہ شمولیت پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے ایک ایک نشست پر جیت حاصل کی۔ پرشانت کشور کی جن سوراجیہ پارٹی ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آٹھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا بھی کل اعلان کر دیا گیا۔ ان میں بی جے پی اور کانگریس نے دو‘ دو نشستوں پر فتح حاصل کی‘ جبکہ عام آدمی پارٹی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، میزو نیشنل فرنٹ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ایک ایک نشست جیتی ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے نے اس جیت پر این ڈی اے کی تمام حلیف جماعتوں کو مبارکباد دی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور لاتور میں بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے اس فتح کا زبردست جشن منایا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جموں و کشمیر کے سری نگر سے قریب واقع نو گائوں کے ایک پولس اسٹیشن میں کل ایک بڑا دھماکہ ہوا۔ ہریانہ کے فرید آباد میںضبط کی گئیں دھماکہ خیز اشیا کے نمونے حاصل کرنے کے دوران یہ دھماکہ ہونے کی اطلاع متعلقہ خبرو ں میں دی گئی ہے۔ دیر رات ہوئے اس حادثے میں متعدد پولس اہلکاروں سمیت ماہرین ِ قانون کے شدید زخمی ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
نگر پریشد اور نگر پنچایت کے انتخابات کیلئے امیدوار اپنے پرچۂ نامزدگی آن لائن کے علاوہ آف لائن طریقے سے بھی جمع کرا سکیں گے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے تمام انتخابی فیصلہ افسران کو آج سنیچر اور کل اتوار کو چھٹی کے دِن بھی کاغذات نامزدگی قبول کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے بہہ جانے والی زرعی زمینات کو قابلِ کاشت بنانےکیلئے مٹی، گال اور مُرم وغیرہ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ محصول نے گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا۔ متعلقہ خبر میں واضح کیا گیا ہے کہ پانچ براس کی معدنیات کو املاک ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
***** ***** *****
معروف مجسمہ ساز رام سُتار کو کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں ’’مہاراشٹر بھوشن‘‘ ایوارڈ تفو یض کیا گیا۔ یہ ایوارڈ ایک مومنٹو، سپاسنامہ اور 25 لاکھ روپے نقد انعام پر مشتمل ہے۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں سُتار کی رہائش گاہ پر یہ تقریب منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
ملک کے پہلے وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو کل ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس مناسبت سے گذشتہ روز’’یومِ اطفال‘‘ بھی منایا گیا، ممبئی کے راج بھون میں پنڈت نہرو کی شبیہہ پر پھول نچھاور کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی میونسپل کارپوریشن سمیت تعلیمی اداروں نے پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اننت راؤ بھالے راؤ کا یوم پیدائش بھی کل اننت بھالے رائو اسکول میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
معروف اداکارہ کامنی کوشل کل ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر طویل العمری اور علالت کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ 98 برس کی تھیں۔ 24 فروری 1927 کو لاہور میں پیدا ہونے والی کامنی کوشل نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1946 میں ریلیز ہونے والی فلم نیچا نگر سے کیا تھا۔یہ فلم کانز فلم فیسٹیول میں اس سال کی بہترین فلم قرار پائی تھی۔ اس کے بعد 1948 میں دلیپ کمار کے ساتھ فلم ندیا کے پار، راج کپور کے ساتھ آگ اور دیو آنند کے ساتھ شاعر سے لے کر 2022 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا تک کامنی کوشل نے مختلف کردار ادا کیے۔ کامنی کوشل کی موت سے اداکاری کے شعبے میں ایک عہد کا خاتمہ ہوجانے کے تاثرات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کل سے شروع ہوئے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 159 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا۔ تاہم‘ افریقی ٹیم کے بلے باز بھارتی گیند بازوں کے خلاف مزاحمت نہیں کر سکے۔ جسپریت بمراہ نے صرف 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں‘ جبکہ محمد سراج اور کلدیپ یادو نے دو ۔دو اور اکشر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
کل پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں ایک وکٹ پر 37 رنز بنائےتھے۔ یشسوی جیسوال 12 رن پر آئوٹ ہوگئے جبکہ کے ایل راہل 13 اور واشنگٹن سندر چھ رنز بناکرکریز پر موجود ہے۔
***** ***** *****
بھارت کے لکشئے سین جاپان میں کماموٹو ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہو گئے ہیں۔ لکشیئے سین نے کل گذشتہ عالمی چمپئن سنگاپور کے لوہ کین یو کو 21-13، 21-17 سے شکست دی۔ لکشیے سین کا مقابلہ آج سیمی فائنل میں جاپان کے کینتا نشیموتو سے ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میںکل سب سے کم درجہ حرارت کل جلگاؤں میں 9 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ گوندیا اور ناسک میں تقریباً 10 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 11 ڈگری، پربھنی میں 12 اعشاریہ پانچ ڈگری، چھترپتی سمبھاجی نگر 13 ڈگری اور دھاراشیو میں 14 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
دریں اثنا‘ مراٹھواڑہ میں، کل اور پرسوں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کیلئے سردی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ جالنہ اور بیڑ میں پرسوں کیلئےالرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ فہرست رائے دہندگان کی تصحیح کے کاموں میں سبھی سیاسی جماعتوں سے تعاون کرنے کی وزیراعظم کی اپیل۔
٭ بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی 202 نشستوں پر فتح؛عظیم اتحاد کی 35 نشستوں پر کامیابی۔
٭ میونسپل کائونسل اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کے کاغذاتِ نامزدگی آف لائن طریقے سے بھی داخل کیے جاسکیں گے۔
٭ مجسمہ ساز رام سُتار کو رواں سال کا مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ تفو یض۔
٭ معروف اداکارہ کامنی کوشل کا طویل العمری کے باعث انتقال۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کیلئے آئندہ دو دن تک سردی کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments: