Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بلدیاتی انتخابات کے لیے مہایوتی کی نشستوں کی تقسیم کی تصویر دودنوں میں ہوگی صاف۔ وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ اسکول و کالج کی تعلیمی سیر کے لیے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن STکی جانب سے ملے گی نئی بسیں۔
٭ بہار میں حکومت سازی کے لیے کوششیں تیز۔
٭ جنوبی افریقہ نے کولکتہ ٹیسٹ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی حاصل کی برتری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ودربھ میں آج اور کل سردی کی لہر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مہا یوتی کی نشستوں کی تقسیم کی تصویر اگلے دو دنوں میں واضح ہو جائے گی۔ وہ کل چھتر پتی سمبھاجی نگر میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ بلدیاتی انتخابات جہاں بھی ممکن ہو مہا یوتی کے ذریعے لڑے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح کے انتخابات سے متعلق تمام فیصلے مقامی سطح پر لیے جاتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں کل چھتر پتی سمبھاجی نگر میں سابق وزیر اعلیٰ وسنت راؤ نائیک اور مراٹھواڑہ مکتی سنگرام کے محرک سوامی رامانند تیرتھ کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی۔ سوامی راما نند نے نوجوانوں میں حب الوطنی پیدا کرنے کے لیے کام کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کل کرنتی چوک علاقے میں قائم حیدرآباد مکتی سنگرام محرک سوامی رامانند تیرتھ کے آدھے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سوامی رامانند کے کاموں پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعلیٰ نے کل سڈکو بس اسٹینڈ چوک پر قائم کئے گئے سبز انقلاب کے علمبردار سابق وزیر اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کے قد آدم مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ پھڑنویس نے تعلیمی، سماجی اور زرعی شعبوں میں نائیک کے تعاون کا ذکر کیا۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایس ٹی کی نئی بسیں ریاست کے اسکولوں اورکالجوں کو اسکولی سیر کے لیے دستیاب کرائی جائیں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئر مین پر تاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے مقصد یہ ہے کہ تعلیمی ادارے اور طلباء سستے اورمحفوظ سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔اسکولوں اور کالجوں کو بسیں فراہم کرکے کارپوریشن کے گذشتہ برس 92/کروڑ روپیؤں کی آمدنی کی تھی۔ سر نائیک نے کہا کہ اس مناسبت سے ان اسکولوں اورکالجوں کو اس سال بھی اس خدمت کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔
***** ***** *****
گورنر اچاریہ دیو ورت نے کہا ہے کہ کیمیکرز کے زیادہ استعمال نے کھیتی باڑی کو بنجر بنادیا ہے۔ اور زہر سے پاک خوراک پیدا کرنے کے لیے قدرتی کاشتکاری کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ وہ کل ممبئی کے راج بھون میں سنکلپ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قدرتی زراعت ایک منفرد ورثے کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطا ب کر رہے تھے۔ گورنر نے انتظامی حکام سے قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔
***** ***** *****
وزیر نرہری ژروال اور سابق رکن اسمبلی جے پی گاوت کی قیادت میں پینل نے ریاستی قبائلی ترقیاتی کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کارپوریشن کی سترہ نشستوں کے لیے چودہ نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔
***** ***** *****
بہار میں حکومت سازی کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ متحدہ جنتادل جے ڈی یو پارٹی کی میٹنگ آج ہوگی اور اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ پارٹی صدر نتیش کمار کو لیجسلیٹر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا جائے گا۔NDAکی تمام پانچوں پارٹیاں اپنے متعلقہ مقننہ پارٹی لیڈروں کے انتخاب کے لیے الگ الگ میٹنگ کریں گے جس کے بعد مشترکہ میٹنگ میں NDAلیڈر کاانتخاب کیا جائے گا۔اس کے بعد اراکین اسمبلی کی حمایت کا خط گورنر کو پیش کیا جائے گا اورحکومت بنانے کا دعویٰ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمارکی سبکدوش ہونے والی کابینہ کا اجلاس آج ان کی صدارت میں ہوگا۔ جس میں کابینہ کو برطرف کرنے کی تجویز دی جائیگی۔
***** ***** *****
کل قومی صحافتی دن منایاگیا۔ 1966میں اس دن پریس کونسل آف اندیا کا قیام عمل میں آیا۔ یہ تنظیم اخبارات اور میڈیا کی اخلاقیات کی نگرانی کے لیے کام کرتی ہے۔ قومی یوم صحافت کے موقع پر نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو، وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن اورپریس کاونسل کی چیئر پرسن رنجنا پرکاش دیسائی موجود تھے۔ اس موقع پر اشونی ویشنو نے کہا کہ جمہوریت میں صحافت کا کردار اہم ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں کل سیکورٹی فورسیز کے ساتھ تصادم میں دو خواتین سمیت تین نکسلی مارے گئے۔ تینوں پر 15/لاکھ روپیوں کا انعام تھا۔پولس نے علاقے سے رائفلیں دیگر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیاہے۔
***** ***** *****
قومی تحقیقاتی ایجنسی NIA نے کل دہلی میں لال قلعے کے قریب کا ر بم دھماکے کے سلسلے میں کشمیر کے رہنے والے عامر رشید علی کو گرفتارکیا۔ تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ عامر نے عمر نبی کے ساتھ مل کر دھماکے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی عامر کے نام پر رجسٹرڈتھی۔
***** ***** *****
ممبئی پولیس نے مبینہ طورپر نیول ڈاکیارڈ پر دہشت گردانہ حملے کی فون کال وارننگ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتا رکیا ہے۔ گودی کے دو کارکنوں میں سے ایک نے شراب کے نشے میں پولس کنٹرول روم کو فون کیا اور کہا کہ اسے کسی اورسے اطلاع ملی تھی کہ ڈاک یارڈ پر حملہ ہونے والا ہے۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ نے کولکتہ ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت کو 30رنوں سے شکست دے کر دو مقابلوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ نے کل اپنی دوسرے اننگ 93رنوز اور ۷ /وکٹوں پر شروع کی۔ کپتان ٹیمبا باوُما اور کاربن نے آٹھویں وکٹ کے لیے 44رنوں کی شراکت داری کی۔ مہمانوں کی دوسری اننگز 153رنوں پر ختم ہو گئی۔پہلی اننگ میں 30رنوں کی برتری کے ساتھ بھارت کو دوسری اننگ میں جیت کے لیے 124رن درکارتھے۔ تاہم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ٹیم صرف 93رنوں پر آل آوٹ ہو گئی۔جنوبی افریقی اسپنر سائمن ہارمر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسرا اور آخری مقابلہ 22تاریخ کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
نابینا خواتین ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت نے کل پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ بھارت نے یہ ہدف صرف 10اوورس میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ 64رنز بنانے والی انیکھا دیوی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
تیر انداز کشل دلال نے لگزمبرگ کے اسٹرسن میں منعقدہ مردوں کے کمپاؤنڈ مقابلے میں GTاوپن ورلڈ سیریز کا خطاب جیت لیا ہے۔ کشل نے شوٹ آف میں سابق عالمی نمبر ون امریکہ کے اسٹیفن ہیز کو شکست دے کرطلاعی تمغہ جیتا۔ گنیش تیرومورو نے مردوں کے انڈر 21کمپاؤنڈ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
بھگوان برسامنڈا کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر جن جاتی چیتنا پریشد کا کل دیو گری کالج چھتر پتی سمبھاجی نگر میں پرجوش ماحول میں انعقاد عمل میں آیا۔اس کانفرنس کا انعقاد جن جاتی چیتنا پریشد، مراٹھواڑہ شکشن پرسارک منڈل اوردتاجی بھالے میموریل کمیٹی نے مشترکہ طور پر کیاتھا۔ اس موقع پر برسامنڈا کے کاموں پر روشنی ڈالی گئی۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں میونسپل کارپورشن کے تحت آج سے دو دسمبر تک جذام کا پتہ لگانے کی مہم چلائی جائے گی۔ اس میں بنیادی طورپر شہر کے 30ہزارگھروں میں ایک سروے کیاجائیگا۔اور ایک لاکھ پچاس ہزار لوگوں کا برائے راست معائنہ کیا جائیگا۔لاتورمیونسپل کارپوریشن نے اپنے گھروں میں آنے والے رضاکاروں سے مناسب تعاون کرنے اورضرورت کے مطابق بروقت تشخیص اورعلاج کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
محکمہ ئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اورکل مراٹھواڑہ اور ودربھ میں سردی کی لہر جاری رہے گی۔لاتور اوردھاراشیو کو چھوڑ کرمراٹھواڑہ کے باقی اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیاہے۔ دریں اثناء ناسک ضلعے کے نپھاڑ میں کل آٹھ ڈگری سلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بلدیاتی انتخابات کے لیے مہایوتی کی نشستوں کی تقسیم کی تصویر دودنوں میں ہوگی صاف۔ وزیر اعلیٰ کی اطلاع۔
٭ اسکول و کالج کی تعلیمی سیر کے لیے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن STکی جانب سے ملے گی نئی بسیں۔
٭ بہار میں حکومت سازی کے لیے کوششیں تیز۔
٭ جنوبی افریقہ نے کولکتہ ٹیسٹ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی حاصل کی برتری۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ودربھ میں آج اور کل سردی کی لہر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment