Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ • تمام ادارےملک سب سے مقدم کے اصول کے مطابق قوم کی تعمیر کا ہدف رکھیں - صدرِ جمہوریہ کی ترغیب۔
٭ • ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے تحت اسکولی طلبہ کیلئے عنقریب ہیلپ لائن شروع کرنےکا وزیر حمل و نقل کا عندیہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر تا پربھنی ریلوے لائن کوڈبل ٹریک کرنے کیلئے ار اضی کے حصول کا آغاز۔
٭ • دھاراشیو ضلعے میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں چار افراد کی موت، پانچ مسافرین شدید زخمی۔
اور۔۔۔٭ آسٹریلین اوپن بیڈمنٹن کے فائنل مقابلے میں لکشیے سین کا جاپانی کھلاڑی سے مقابلہ ؛نابینا خواتین کے T20 کرکٹ عالمی کپ کے فانئل میں بھارت اور نیپال آمنے سامنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدر ِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے ملک سب سے مقدم کے اصول پر قوم کی تعمیر کو تمام اداروں کا مقصد بنانے پر زور دیا ہے۔ وہ کل آندھرا پردیش کے پٹّ پارتھی میں ستیہ سائی بابا کی صد سالہ پیدائش کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ صدرِ جمہوریہ نے روحانی تربیتی اداروں سے قوم کی تعمیر کے کام میں تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا…
Byte: President Droupadi Murmu
صدرِجمہور یہ مُرمو نے لوگوں سے انفرادی سطح سے لیکر معاشرے کے طور پر پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے عالمی امن کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کرنے کی بھی اپیل کی۔ اس موقعے پر آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو اور دیگر معززشخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے راجیہ سبھا کے میز چیرپرسن کے تقررات کا اعلان کیا ہے۔ اس میں رکنِ پارلیمان رجنی پاٹل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی اقلیتی امور محکمے کے سکریٹری چندر شیکھر کمار نے ہدایت دی ہے کہ حج سے متعلق تمام عمل میں انسانی مداخلت کو ختم کرکے اس عمل کو ڈیجیٹل کیا جائے ۔ وہ کل ممبئی میں منعقدہ حج کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے حج کیلئے درخواست دہی سے لے کر حج سے واپسی تک کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے تصور پر تاڑوبا اندھاری ٹائیگر ریزرو علاقے میں 800 ایکڑ اراضی پر ماحولیاتی احیاء کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔ زیرودھا کمپنی اور رین میٹر فاؤنڈیشن سماجی ذمہ داری کے تحت اس پروجیکٹ میں تعاون کریں گے۔ یہ مہاراشٹر کا پہلا پروجیکٹ ہے جسے تاڑوبا میں شروع کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
محنت کشوں سے متعلق نئے قوانین سے عام مزدوروں کے معیارِ زندگی پر مثبت اثر پڑنےکا یقین چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک نوجوان تاجرنیرج بورسے نے ظاہر کیا ہے۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان قو انین سے تنخو اہ اور بیمہ سمیت مزدورو ں کو ایک سال میں گریجویٹی کا فائدہ بھی مل سکے گا۔ بورسے نے قو انین میں ترمیم کرنے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکر یہ بھی ادا کیا۔
***** ***** *****
بزرگ ادیب ڈاکٹر راجن گَوَس نے کہا ہےکہ مراٹھی کو تعلیمی زبان بنانے کیلئے ادبی کانفرنسوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے حکومت کو دنیا بھر کی مختلف زبانوں کے معیاری اور نوبل انعام یافتہ شخصیات کے تخلیق کردہ ادب کا مراٹھی میں ترجمہ کرنے کیلئے امداد فراہم کرنےکی ضرورت ہے۔ وہ کل رتناگیری میں ایک روزہ ضلعی ادبی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے حکومت سے مراٹھی اسکولوں کو مضبوط او ر مستحکم کرنے کی اُمید بھی ظاہر کی۔
***** ***** *****
وزیرِ حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن عنقریب اسکولی طلبہ کیلئے ایک ہیلپ لائن شروع کر رہا ہے ۔ وہ گزشتہ روز دھاراشیو کے مرکزی بس اسٹینڈ کا دورہ کرنے کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکول اور گھر کے درمیان بس کے سفر میں کسی بھی قسم کی پریشانی یابس وقت پر نہ پہنچنے اور اچانک منسوخ ہونے کی صورت میں طلباء کو مناسب مدد فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے یہ ہیلپ لائن شروع کی جارہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہا کہ 31 ڈویژنوں کے تمام ڈویژن کنٹرولرز کے رابطہ نمبرز متعلقہ سکولوں اور کالجوں کو دئیے جائیں گے۔ سرنائیک نے کہا کہ بس کی تاخیر سے روانگی یا منسوخی کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہونے پر ڈپو منیجر اور سپروائزر ذمہ دارٹھہر ایا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گوا کے پنجی میں جاری56 ویں بھارتی بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں کل ’’ماسکیٹوز‘‘ ’’اِٹ واز جسٹ اِن ایکسیڈنٹ‘‘، سوریہ بالاکرشنن کی ’’دیپا دیدی‘‘ اور دیبانکر بورگوہائین کی ’’سِکار‘‘ فلموں کی نمائش کی گئی۔ نسوانی طاقت کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے اس فیسٹیول میں پہلی بار خواتین ہدایت کاروں کی 50 فلمیں نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہیں جن میں سمپل دُگار کی ’لوک ماتا دیوی اہلیا بائی‘ فلم بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ایکیم کانفرنس میں مختلف ممالک کے ثقافتی سفیروں نے کل بی بی کا مقبرہ، دولت آباد قلعہ اور غارہائے ایلورہ کا دورہ کیا۔ اس وفد نے پیٹھنی اور ہمرو کارخانوں کا دورہ کرکے یہاں تیار ہونے والی دستکاری مصنوعات کا بھی معا ئنہ کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر تا پربھنی ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک کرنے کیلئے اراضی کے حصول کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں ریلوے لائن کے قریب واقع تیس سے زیادہ دیہاتوں کے شہریوں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ انکائی سے چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی تک ریلوے لائن کو ڈبل ٹریک میں تبدیل کرنے کےکاموں میں تیزی آگئی ہے۔
دریں اثناء‘ سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ اس کام میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور شہریوں کا بھی کوئی نقصان نہ ہو‘ اس بات کا خیال رکھتے ہوئے راستہ ڈبل ٹریک کے کام کیے جائیں گے۔ ریلوے توسیع کاری سنگھرش کمیٹی کے عہدیداروں سے گفتگو کے دور ان انہوں نے یہ یقین دہانی کروائی۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کل لاتور ضلع کے اَوسا میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے امیدواروں کی تشہیری جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ الزامات کا جواب دینے کی بجائے ترقیاتی کاموں کو اہمیت دیتے ہیں۔ انھوں نے وضاحت کی کہ خواہشمند امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مہا یوتی کی تینوں حلیف جماعتوں نے ممکنہ حد تک انتخابی مفاہمت کی ہے‘ تاہم جہاں اتفاق رائے نہیں ہوسکا، وہاں اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے تلجا پور تعلقے کے اَندُور کے قریب چِیوری پاٹی میں کل صبح ایک کروزر گاڑی کا ٹائر پھٹ جانے سے پیش آئے حادثے میں چار افراد کی موت اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ متعلقہ خبروں کے مطابق یہ تمام مسافر شولاپور کے قریب کاسے گاؤں اُڑے کے ساکن ہیں۔
***** ***** *****
بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیے سین آسٹریلین اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سنگلز کے فائنل میں داخل ہو گئے ہیں۔ کل‘ کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں لکشیے سین نے چینی تئی پے یئ کے چاؤ ٹی این چین کو 17-21, 24-22, 21-16سے شکست دی۔ آج صبح ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں لکشیے کا مقابلہ جاپان کے یُوشی تناکا سے ہوگا۔
***** ***** *****
نابینا خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کا فائنل میچ آج بھارت اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کل کولمبو میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دی ‘ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں نیپال نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہر ایا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کی مردوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان گوہاٹی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا۔ کل دوپہر میں خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکے جا نے تک 82ویں اوور میں مہمان ٹیم نے چھ وکٹ پر 247 رنز بنائے تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل جلگائوں میں سب سے کم درجۂ حرارت 11ڈگری سیلیس درج کیاگیاجبکہ گوندیا میں ساڑھے بارہ ڈگری سیلسیئس درجۂ حرارت درج ہوا۔ اسی طرح اہلیا نگر میں 13ڈگری ، چھتر پتی سمبھاجی نگر دھاراشیوا ور پربھنی میں 14تا ساڑھے14 ڈگری در جۂ حرارت در ج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ • تمام ادارےملک سب سے مقدم کے اصول کے مطابق قوم کی تعمیر کا ہدف رکھیں - صدرِ جمہوریہ کی ترغیب۔
٭ • ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے تحت اسکولی طلبہ کیلئے عنقریب ہیلپ لائن شروع کرنےکا وزیر حمل و نقل کا عندیہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر تا پربھنی ریلوے لائن کوڈبل ٹریک کرنے کیلئے ار اضی کے حصول کا آغاز۔
٭ • دھاراشیو ضلعے میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں چار افراد کی موت، پانچ مسافرین شدید زخمی۔
اور۔۔۔٭ آسٹریلین اوپن بیڈمنٹن کے فائنل مقابلے میں لکشیے سین کا جاپانی کھلاڑی سے مقابلہ ؛نابینا خواتین کے T20 کرکٹ عالمی کپ کے فانئل میں بھارت اور نیپال آمنے سامنے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment