Monday, 24 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دنیا بھر میں اہم ٹکنالوجی کے فروغ کے طریقہئ کار میں بنیادی تبدیلی پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا زور۔
٭ 53 ویں چیف جسٹس کے عہدے پر آج جسٹس سوریہ کانت کی حلف برداری۔
٭ مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات کیلئے تشہیر میں تیزی؛ حکمراں جماعتوں اور حزبِ اختلاف کے ایک دوسرے پر الزامات۔
٭ شری گرو تیغ بہادر صاحب کی آج 350 ویں برسی؛ ناندیڑ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بصارت سے محروم خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت فاتح؛ بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیے سین نے آسٹریلین اوپن چمپئن شپ جیت لی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دنیا بھر میں اہم ٹکنالوجی کے فروغ کے طریقہئ کار میں بنیادی تبدیلی کرنے کی ضرورت پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے زور دیا ہے۔ وہ کل جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں جی ٹوئنٹی ممالک کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ”سب کیلئے مساوی مستقبل‘ ضروری معدنیات‘ معقول روزگار اور مصنوعی ذہانت“ کے عنوان سے کانفرنس کا یہ تیسرا سیشن منعقد کیا گیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ٹکنالوجی کا محور انسانی ہونا چاہیے اور اسے عالمی اور آزاد وسائل پر مبنی ہونا چاہیے۔ پائیدار ترقی‘ بااعتماد تجارت‘ غیر جانبدار مالی رسد اور ہر ایک کو خوشحال کرنے کی ضرورت پر بھی انھوں نے زور دیا۔ جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کل اختتام پذیر ہوئی۔
***** ***** *****
ملک کے 53 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس سوریہ کانت آج عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس بھوشن گوائی کل خدمات سے سبکدوش ہوگئے۔
ہریانہ کے حصار میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہونے والے جسٹس سوریہ کانت نے 2011 میں کروکشیتر یونیورسٹی سے قانون و انصاف میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ وہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹس میں بھی بحیثیت جج خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ عرصہ ہماچل پردیش عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس بھی رہے۔
عدالت ِ عظمیٰ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران دفعہ 370 کی منسوخی‘ انفرادی آزادی و شہری حقوق کا معاملہ، بہار میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرِ ثانی کے معاملے پر سماعت جیسے کئی ایک مقدمات کے فیصلوں میں وہ شامل رہے۔ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن سمیت دیگر بار میں خواتین کیلئے ایک تہائی نشستیں مختص کرنے میں جسٹس سوریہ کانت نے اہم کردار ادا کیا۔
***** ***** *****
وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ مقامی خود مختار اداروں کے آئندہ انتخابات میں مہایوتی کی ہی فتح ہوگی۔ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہایوتی کی رکن تینوں جماعتیں کہیں مشترکہ طور پر اور کہیں تنہا الیکشن لڑرہی ہیں‘ لیکن عوام مجموعی طور پر ان ہی تین جماعتوں کو ووٹ دیں گے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ مقامی بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم تیز ہوگئی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کل بسمت‘ بھوکر میونسپل انتخابات کیلئے تشہیری مہم میں حصہ لیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ چند لوگ سوال پوچھتے ہیں کہ 75 برسوں میں کانگریس نے کیا دیا تو کانگریس نے روزگار اور تعلیم سمیت لاتعداد کام کیے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ سیاسی جماعتوں کو توڑنے والا ایک ٹولہ بن گیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل‘ اکل کوٹ‘ موہوڑ اور سانگولا میں تشہیری جلسوں میں شرکت کی۔
***** ***** *****
گوا میں جاری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) میں کل ”اے گلوبل انڈیا تھرو انڈیپنڈنٹ سینما اے ویمنس پینل“ اس عنوان پر ایک مباحثہ منعقد کیا گیا۔ اس میں اداکارہ و ہدایت رجنی بسومتاری‘ سینموٹوگرافر فوزیہ فاطمہ‘ اداکارہ ریچیل گررفتھس اور اداکارہ و ہدایتکار میناکشی جین نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ فیسٹیول میں مختلف فنونِ لطیفہ بھی پیش کی گئیں۔ مرکزی مواصلاتی دفتر کی نمائندگی کرنے والی ملک بھر کی ٹیموں نے روایتی لوک رقص، علاقائی گیت اور داستان گوئی کا بھی مظاہرہ کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جنگی جہاز ”ماہے“ آج بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوگا۔ یہ ماہے کے زمرے کا پہلا آبدوز شکن جہاز ہے جو کوچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ملک میں ہی تیار ہونے والے 80 فیصد سے زائد کل پُرزے لگائے گئے ہیں۔ اس کا نام مالابار ساحل پر واقع گاؤں ماہے کے نام پر رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
سکھوں کے نوویں گرو‘ گرو تیغ بہادر صاحب جی کی 350 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ 1675 میں مغل فرمانروا کے حکم پر انھیں قتل کیا گیا تھا۔ اسے شہید دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ گرو تیغ بہادر نے ملک بھر میں گرونانک دیو جی کے پیغام کی تشہیرکی تھی۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے گرو تیغ بہادر صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گروجی نے مذہب، انسانیت اور سچائی کے تحفظ کیلئے اپنی جان دی۔ ان کی بہادری‘ قربانی اور بے لوث خدمات سب کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں گروتیغ بہادر کی 350 ویں برسی کے موقع پر کئی مذہبی و سماجی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ تخت سچکھنڈ صاحب میں خصوصی کیرتن دربار‘ ریلی، اور سرودھرم کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ خون کے عطیات‘ مفت میڈیکل کیمپ اور مفت ڈائیلیسس کیمپ بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔ اسی حوالے سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی ایک بڑی ریلی نکال کر گرو تیغ بہادر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
اقوامِ متحدہ کے 80 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ ایکیم 2025 کانفرنس کل اختتام پذیر ہوئی۔ غارہائے اجنتا و ایلورہ کے احاطے میں یونیسکو‘ ریاستی محکمہ سیاحت اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے کل ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ ہندوستانی ثقافت اور عالمی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے 30 سے زائد ممالک کے فنکاروں‘ ماہرین اور مندوبین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے مشہور تاجر وسماجی خدمت گار محمد صدیق موتی والا طویل علالت کے بعد آج علی الصبح انتقال کرگئے۔ وہ 81 برس کے تھے۔ ان کی سربراہی میں اورنگ آباد ہلائی میمن جماعت کے کاموں کے علاوہ تعلیمی ادارے بھی جاری ہیں۔ ساتھ ہی وہ سیاسی و سماجی کاموں میں بھی سرگرم رہے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج صبح گیارہ بجے قدیم مونڈھا میں واقع ہری مسجد میں ادا جائیگی اور تدفین درگاہ حضرت قادر اولیاء قبرستان میں عمل میں آئیگی۔
***** ***** *****
بھارت نے پہلا بصارت سے محروم خواتین کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیت لیا ہے۔ کل سری لنکا کے کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت نے نیپال کی ٹیم کو سات وِکٹ سے شکست دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے نیپال کی ٹیم نے بھارت کو 115 رنوں کا ہدف دیا جو بھارت نے 13 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
بھارت کے بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیے سین نے آسٹریلین اوپن چمپئن شپ جیت لی ہے۔ کل ٹورنامنٹ کے فائنل میں انھوں نے جاپان کے یوشی تاناکا کو 21-15 اور 21-11 سے راست سیٹوں میں شکست دے دی۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین گوہاٹی میں جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آج تیسرے دِن بھارت اپنی پہلی اننگ بغیر کسی نقصان کے 9 رن سے آگے شروع کررہا ہے۔ کل میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی پہلی اننگ 289 رنوں پر ختم ہوگئی۔ کلدیپ یادو نے چار‘ جسپریت بمراہ‘ رویندر جڈیجہ اورمحمد سراج نے جنوبی افریقہ کے دو-دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگ کی بنیاد پر بھارت ابھی 480 رن پیچھے ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے کبڈی کے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ایران کو شکست دیکر بھارت کی ٹیم فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارت نے ایران کو 33-21 سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دنیا بھر میں اہم ٹکنالوجی کے فروغ کے طریقہئ کار میں بنیادی تبدیلی پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا زور۔
٭ 53 ویں چیف جسٹس کے عہدے پر آج جسٹس سوریہ کانت کی حلف برداری۔
٭ مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات کیلئے تشہیر میں تیزی؛ حکمراں جماعتوں اور حزبِ اختلاف کے ایک دوسرے پر الزامات۔
٭ شری گرو تیغ بہادر صاحب کی آج 350 ویں برسی؛ ناندیڑ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بصارت سے محروم خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت فاتح؛ بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیے سین نے آسٹریلین اوپن چمپئن شپ جیت لی۔
***** ***** *****

No comments: