Monday, 2 November 2020

Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Dated : 02.11.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 November-2020

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۲؍ نومبر۔۲۰۲۰؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ ملکی معیشت اقتصادی بحالی کی جانب گامزن؛ اکتوبر کے مہینے میں GST وصولیابی میں ہوا قابلِ قدر اضافہ۔

٭ کرناٹک کے بیلگائوں اور دیگر سرحدی علاقوں کو مہاراشٹر میں شامل کرنے کے مطالبے پر کل ریاست میں منایا گیا کالا دِن؛ سبھی سیاسی 

جماعتوں نے کی حمایت۔

٭ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے قوتِ مدافعت بڑھانے کی ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کی اپیل۔

اور

٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 7 کورونا مریضوں کی موت؛ 364 نئے معاملوں کا انکشاف۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے۔۔۔

ملکی معیشت اقتصادی بحالی کی جانب گامزن ہے۔ اکتوبر میں ہوئی GST وصولیابی سے اس کے اشارے ملے ہیں۔ وزارتِ مالیات کے مطابق اس سال اکتوبر کے مہینے میں ایک لاکھ پانچ ہزار 155 کروڑ روپئے کی GST وصولیابی ہوئی ہے جو پچھلے سال اکتوبر کے مہینے میں ہوئی GST وصولیابی سے دس فیصد زیادہ ہے۔ وزارتِ مالیات کے سیکریٹری اے بی پانڈے نے بتایا کہ اس سال جمع ہوئے کُل GST محصول میں 19 ہزار 193 کروڑ روپئے مرکزی GST ہے جبکہ 25 ہزار 411 کروڑ روپئے ریاستی GST کے تحت جمع ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ 52 ہزار 540 کروڑ روپئے انٹیگریٹیڈ GST میں جمع ہوئے ہیں۔ گذشتہ کل تک اکتوبر مہینے کے 80 لاکھ RBP ریٹرن داخل ہوئے ہیں۔ پانڈے نے کہا کہ حکومت نے معیشت میں استحکام لانے اور کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔

***** ***** *****

کرناٹک کے بیلگائوں اور دیگر سرحدی علاقوں کو مہاراشٹر میں شامل کرنے کے مطالبے کی حمایت میں کل مہاراشٹر کی سبھی سیاسی جماعتوں نے کالا دِن منایا۔ ریاستی حکومت کے سبھی وزیروں نے کل کالے فیتے باندھ کر کام کیا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور آبی وسائل کے وزیر جینت پاٹل نے اُمید ظاہر کی کہ مراٹھی بولنے والوں کا سرحدی علاقہ جلد ہی مہاراشٹر میں شامل ہوگا۔ وہیں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ بیلگائوں‘ کاروار اور نپانی کو متحدہ مہاراشٹر میں شامل کرنے کیلئے وہ پُرعزم ہیں اور سرحدی علاقوں کے مراٹھی بولنے والے باشندوں کی جدوجہد کو مہاراشٹر سے ہر ایک کی حمایت حاصل ہے۔ ممبئی کی سیما سنگھرش سمنویہ سمیتی اور دیگر مراٹھی تنظیموں کی جانب سے کل ممبئی میں کالا دِن منایا گیا۔ ودھان پریشد کی ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر نیلم گورہے نے بھی بیلگائوں‘ کاروار اور نپانی کو متحدہ مہاراشٹر کا حصہ بنانے کی مانگ کی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی ان علاقوں کو مہاراشٹر میں شامل کرنے کی وکالت کی ہے۔ مہاراشٹر BJP کے صدر چندر کانت پاٹل نے کہا کہ بیلگائوں سمیت 800 گائوں ایسے ہیں جہاں مراٹھی زبان بولنے والوں کی تعداد زیادہ ہے، لیکن پھر بھی یہ گائوں کرناٹک ریاست میں شامل ہیں۔ پاٹل نے کہا کہ آج بھی ان گائووں کے باشندے مہاراشٹر میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور انہیں لسانی بنیادوں پر مہاراشٹر کو دے دیا جانا چاہیے۔

***** ***** *****

اس بیچ مہاراشٹر کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کہا ہیکہ کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ لکشمن سَودی کا بیان صرف اپنے رہنمائوں کو خوش کرنے کیلئے ہے اور وہ مہاراشٹر کے عوام کو چیلنج کرنے والی زبان کا استعمال نہ کریں۔ سامنت نے کل کولہا پور میں یہ بات کہی۔ اس سے پہلے کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ سَودی نے کہا تھا کہ بیلگائوں کرناٹک کا اَٹوٹ حصہ ہے اور جب تک سورج چاند رہے گا یہ علاقہ مہاراشٹر کو کبھی نہیں ملے گا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر ودھان پریشد میں اپوزیشن لیڈر پروین دریکر نے ریاستی حکومت پر کسی بھی معاملے میں سنجیدہ نہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ جاری کردہ بیان میں دریکر نے کہا کہ ریاست میں مندروں کو نہ کھولنا اسی غیر سنجیدگی کی علامت ہے۔ اُنھوںنے کہا کہ اگر ریاستی حکومت نے مندر نہیں کھولے اور اس کیلئے ریاست میں آندولن ہوتے ہیں تو BJP اُن کی حمایت کریگی۔ دریکر نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کو بیلگائوں کے لوگوں کو انصاف دلوانے والا مؤقف اپنانا چاہیے۔

***** ***** *****

مہاراشٹر میں سردی کا موسم دستک دینے لگا ہے۔ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ ضلعوں میں درجۂ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ ریاست میں کل سب سے کم 14 ڈگری سیلسیئس درجۂ حرارت چندر پور میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی کل سب سے ٹھنڈا مقام رہا، جہاں درجۂ حرارت 16.5 درجے ریکارڈ کیا گیا۔ اورنگ آباد اور بیڑ دونو ںضلعوں میں کل درجۂ حرارت 18 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے یہ جانکاری دی۔

***** ***** *****

خواتین پر بڑھتے مظالم کے واقعات کو روکنے کیلئے آنے والے اجلاس میں مہاراشٹر میں بھی تملناڈو کی طرز پر ’’دِشا قانون‘‘ منظور کیا جائیگا۔ ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے یہ اطلاع دی۔ دیشمکھ کل نندوربار ضلع کے شہادا میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ دِسمبر مہینے کے آخر تک مہاراشٹر حکومت گرجانے اور BJP کے اقتدار میں آجانے کی باتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انیل دیشمکھ نے کہا کہ مہاوِکاس آگھاڑی حکومت مضبوط ہے اور وہ اپنی پانچ سالہ معیاد مکمل کریگی۔

***** ***** *****

اچھی قوتِ مدافعت کی بدولت کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے اس لیے سبھی اپنی قوتِ مدافعت کو بڑھانے کی کوشش کریں۔ یہ اپیل مہاراشٹر کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کی ہے۔ ٹوپے نے کل جالنہ ضلعے کے عنبڑ میں قائم کیے گئے کووِڈ کیئر سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے یہ بات کہی۔ ٹوپے نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے عوام کی صحت کو اوّلین ترجیح قرار دیتے ہوئے کئی اہم فیصلے کیے ہیں جن میں پرائیویٹ لیباریٹریوں میں کورونا ٹسٹ کی فیس کم کرنا شامل ہے۔ ٹوپے نے بتایا کہ عنبڑ سرکاری اسپتال میں مزید پچاس بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

گذشتہ کل مہاراشٹر میں پانچ ہزار 369 کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اس طرح ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی مجموعی تعداد 16 لاکھ 83 ہزار 775 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل ایک دِن میں 113 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے مہاراشٹر میں جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد 44 ہزار 24 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب 3726 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد کل ریاست کے مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی گئی۔ اب تک مہاراشٹر میں 15 لاکھ 14 ہزار 79  افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ تعداد 25 ہزار 101 ہے جن کا ریاست کے مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔

***** ***** *****

مراٹھواڑہ میں کل 7 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 364 نئے معاملوں کا انکشاف ہوا۔ جالنہ ضلعے میں کل 3 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا اور 49 نئے مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد‘ عثمان آباد‘ ناندیڑ اور پربھنی اِن چاروں ضلعوں میں سے ہر ایک میں ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت کا اندراج ہوا۔ وہیں اورنگ آباد ضلعے میں کل ایک دِن میں 69‘ عثمان آباد ضلعے میں 49‘‘ ناندیڑ ضلعے میں 55‘ اور پربھنی ضلعے میں 25 مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح بیڑ ضلعے میں 74‘ لاتور ضلعے میں 29  اور ہنگولی ضلعے میں 14 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔

***** ***** *****

ممبئی میں کل 908 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 25 کورونا مریضوں کی موت درج کی گئی۔ پونے ضلعے میں کورونا وائرس کے کل 757 نئے مریض پائے گئے اور 25 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ناسک میں 244‘ ساتارا میں 221‘ شولا پور میں 180‘ احمد نگر میں 163‘ سانگلی میں 137‘ اور پال گھر میں 80  افراد میں کل کورونا وائرس کا انکشاف ہوا۔ اسی طرح گڈچرولی میں 137‘ بلڈانہ میں 67‘ ایوت محل میں 58‘ بھنڈارا میں 55‘ جلگائوں میں 38  اور دھولیہ میں 20 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔

***** ***** *****

لاتور BJP نے الزام لگایا ہیکہ لاتور شہر میں نو پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں سے جرمانہ وصول کرنے کے معاملے میں گتہ داروں کی طرف سے عوام کا استحصال کیا جارہا ہے۔ لاتور BJP کے شہر صدر گروناتھ مگے نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پارکنگ کیلئے جگہ فراہم کرنا متوقع ہے‘ لیکن ایسا نہ کرتے ہوئے عوام کو تنگ کرنے کیلئے نو پارکنگ پر جرمانہ وصول کیا جارہا ہے۔ مَگے نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن پہلے پارکنگ کیلئے جگہ فراہم کرے اور اُس کے بعد نوپارکنگ جرمانہ وصول کرے۔

***** ***** *****

ہنر مندی کے فروغ اور صنعتکاری کو بڑھاوا دینے کے محکمے کی جانب سے ناندیڑ ضلعے میں 7 نومبر کو مہاروزگار میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس روزگار میلے میں مختلف ہنر سے تعلق رکھنے والے 3653 عہدوں پر تقررات کیے جائیں گے۔ ہنرمندی کے فروغ اور صنعتکاری کے محکمے کی اسسٹنٹ کمشنر رینوکا تلّموارے نے یہ اطلاع دی۔

***** ***** *****

کورونا وائرس کے پھیلائو کے دوران ضرورت مندوں کو مدد فراہم کرنے والی مختلف شعبوں کی 45 شخصیات کا کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ممبئی میں خیر مقدم کیا۔ ان میں اداکار پرشانت داملے اور فلم ساز اور ہدایت کار سبھاش گھئی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹروں‘ نرسوں اور PPE کٹ فراہم کرنے والے مخیر افرادکا بھی گورنر نے استقبال کیا۔

***** ***** *****

بنجارہ سماج کے مذہبی رہنما ڈاکٹر رام رائو مہاراج کی آخری رسومات کل واشم ضلعے کے پوہرا دیوی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ اس موقعے پر پولس کی جانب سے 21 فائر کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے جنگلات کے وزیر سنجے راٹھوڑ نے ڈاکٹر رام رائو مہاراج کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ ملکی معیشت اقتصادی بحالی کی جانب گامزن؛ اکتوبر کے مہینے میں GST وصولیابی میں ہوا قابلِ قدر اضافہ۔

٭ کرناٹک کے بیلگائوں اور دیگر سرحدی علاقوں کو مہاراشٹر میں شامل کرنے کے مطالبے پر کل ریاست میں منایا گیا کالا دِن؛ سبھی سیاسی 

جماعتوں نے کی حمایت۔

٭ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے قوتِ مدافعت بڑھانے کی ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کی اپیل۔

اور

٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 7 کورونا مریضوں کی موت؛ 364 نئے معاملوں کا انکشاف۔

***** ***** *****


No comments: