Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 01.January.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 January-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم؍ جنوری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ کورونا وباء کے پیشِ نظر نئے سال کا سادگی کے ساتھ استقبال۔
٭ ملک بھر میں کل سے کووِڈ تدارک کیلئے ٹیکہ اندازی کی فرضی مشق‘ جالنہ ضلع کے تین مراکز شامل۔
٭ ریاست میں کورونا سے صحت یابی کی شرح 94 اعشاریہ چھ چار فیصد۔ مراٹھواڑہ میں 241 نئے مریض۔
٭ CBSC کی دسویں اور بارہویں کے امتحانات 4 مئی سے؛ 15 جولائی کو نتائج۔
٭ ٹول ٹیکس ادائیگی کیلئے فور وہیل گاڑیو ںپر فاسٹ ٹیگ لگانے کی مدت میں 15 فروری تک توسیع۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد شہر کے تبدیلیِ نام کی کانگریس مکمل طور پر مخالف۔ باڑا صاحب تھورات ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
کورونا وباء کے پیشِ نظر ملک بھر میں نہایت سادگی کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا جارہا ہے۔ وباء کے پیشِ نظر ریاست بھر میں شب گیارہ بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ ہونے کے سبب بیشتر شہریوں نے کل شب اپنے گھروں میں رہتے ہوئے اپنے عزیز و اقارب اور رفقاء کے ساتھ 2020 کو الوداع کیا اور نئے برس کا استقبال کیا۔
صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند‘ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے نئے سال کے موقع پر عوام کو نیک خواہشات پیش کیں۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کووِڈ19- کے باعث گذشتہ برس دنیا بھر کیلئے ایک چیلنج درپیش رہا۔ تاہم انسانی اقدار‘ وباء سے لڑنے والے جانبازوں کی جدوجہد اور باہمی بھائی چارے کے ساتھ ملک کی عوام نے اس چیلنج کا مقابلہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے نئے برس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انفرادی صحت کے ساتھ دیگر افراد کی صحت کا بھی خیال رکھنے کی تلقین کی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور تحفظِ صارفین کے وزیر چھگن بھجبل نے بھی نئے سال کی مبارکباد پیش کی ۔
***** ***** *****
ملک بھر میں کووِڈ ٹیکہ اندازی کی فرضی مشق کا کل 2 جنوری سے آغاز ہورہا ہے۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیش بھوشن نے کل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ اس مشق کیلئے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو خاطر خواہ تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ریاستوں کے اہم شہروں میں ٹیکہ اندازی کی مشق کی جائیگی۔ اس مقصد سے مہاراشٹر کے پونا‘ ناگپور‘ نندور بار اور جالنہ ان چار اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں تین مراکز پر 25 افراد کو ٹیکے لگانے کے انتظامات کا اہتمام کیا جائیگا۔ کل سے ہونے والی اس فرضی مشق میں باضابطہ ٹیکے نہیں لگائے جائیں گے لیکن بقیہ تمام طریقۂ کار کی مشق کی جائیگی۔
سیکریٹری برائے صحت ِ عامہ نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کے دوران ممکنہ دشواریوں اور مسائل کو حل کرنے نیز مہم میں شامل ہونے والے افراد کو تربیت دینا اس مشق کا مقصد ہے۔
اس فرضی مشق کیلئے منتخب کردہ جالنہ ضلع میں جالنہ شہر کے ضلعی اسپتال‘ عنبڑ کے ثانوی ضلع اسپتال اور بدنا پور تعلقے کے شیڑ گائوں ابتدائی طبّی مرکز میں یہ تربیت دی جائیگی۔ یہ اطلاع وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے دی۔
***** ***** *****
اسی دوران وزیر برائے صحت ِ عامہ راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ ریاست میں کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد قابو میں آرہی ہے۔ اس لیے صحت ِ عامہ کی مشنری اب دیگر امراض سے متاثرین کی صحت یابی کی طرف بھی توجہ دے۔ محکمۂ صحت میں ملازمین کی بھرتی میں تیزی لانے سے متعلق کل ایک اجلاس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وہ خطاب کررہے تھے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے ملازمین کی بھرتی جنور ی کے اواخر تک مکمل کرنے‘ موبائل مراکزِ جراحی کے آغاز اور صحت ِ عامہ کے قومی پروگراموں کیلئے کمپیوٹرائزڈ طریقۂ کار شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ CBSC کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات آئندہ 4 مئی تا 10 جون کے درمیان ہوں گے۔ مرکزی وزیرِ تعلیم رمیش پوکھریال نِشنک نے کل یہ اطلاع دی۔ ان دونوں جماعتوں کے پریکٹیکل امتحانات یکم مارچ سے ہوں گے، جبکہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 جولائی کو کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ملک بھر میں موٹر گاڑیوں اور تمام فور وہیل گاڑیوں کو فاسٹ ٹیگ لگانے کیلئے دی گئی مدت میں 15 فروری تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ 15 فروری کے بعد فاسٹ ٹیگ نہ لگانے والی گاڑیوں کو نقد کی شکل میں دوگنا ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس کیلئے ہر ٹول ناکے پر 2 راستے رکھے جائیں گے۔ مرکزی وزارتِ مواصلات نے گذشتہ ماہ ایک حکمنامہ جاری کرکے یکم دسمبر 2017 سے پہلے خریدی گئی گاڑیو ںکیلئے بھی فاسٹ ٹیگ لازمی قرار دیا تھا۔ وزارت کے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک ملک بھر میں 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد فاسٹ ٹیگ جاری کیے جاچکے ہیں اور تقریباً 80 فیصد ٹول ٹیکس‘ فاسٹ ٹیگ کے ذریعے ہی وصول کیا جارہا ہے۔ ملک میں تمام ٹول ناکوں اور دیگر 3 ہزار سے زائد مقامات پر فاسٹ ٹیگ کی فروخت جاری ہے۔ اس کے علاوہ امیزان‘ فلپ کارٹ اور اسنیپ ڈیل کے ذریعے بھی فاسٹ ٹیگ خریدا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے آج شام ماحولیات اور ماحولیاتی تغیر کے شعبے کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کریں گے۔ محکمے کی جانب سے ترغیب دی گئی ہے کہ نئے سال میں عوام‘ ماحولیاتی بقاء کیلئے حلف اٹھائیں۔ اس کیلئے ’’ماجھی وَسُندھرا ڈاٹ اِن‘‘ ویب سائٹ پر جاکر حلف لیا جاسکتا ہے۔ حلف اٹھانے والے ہر شخص کو فوری صداقت نامہ جاری کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے کہا ہیکہ شہرِ اورنگ آباد کے تبدیلیِ نام کی کانگریس پارٹی مکمل طور پر مخالفت کرتی ہے۔ کل اورنگ آباد میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تبدیلیِ نام کا ہدف کبھی بھی کانگریس کے زیرِ غور نہیں رہا۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ قانون ساز کونسل میں 12 نامزد ارکان کے ناموں کا اعلان کرنے سے متعلق ریاستی گورنر کا کردار جمہوری اقدار کے منافی رہا۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس پارٹی اپنی پوری طاقت سے اُترے گی۔ انھوں نے پارٹی کارکنوں کو تلقین کی کہ کانگریس پارٹی کا میئر بنانے کیلئے کارکن کام میں جٹ جائیں۔ تمام 115 نشستوں پر اُمیدوار کھڑا کرنے کیلئے تیار رہنے کی بھی انھوں نے کارکنوں کو ترغیب دی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 3 ہزار 509 کورونا کے نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح اب ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 32 ہزار 112 ہوگئی ہے۔ کل 58 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں وباء سے اب تک 49 ہزار 521 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ کورونا کے باعث شرح اموات 2 اعشاریہ 56 ہے۔ ریاست میں اب تک 18 لاکھ 28 ہزار 546 مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں‘ اس طرح صحت یاب ہونے کی شرح 94 اعشاریہ 64 ہوگئی ہے۔ ریاست میں سرِ دست 52 ہزار 902 افراد زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 10 کووِڈ متاثرین کی موت واقع ہوئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 5‘ جالنہ میں 3‘ پربھنی اور لاتور اضلاع میں ایک۔ ایک مریض دورانِ علاج چل بسے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں چائنیز نائلون مانجھے کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اورنگ آباد کمشنریٹ کے تحت آنے والے علاقوں میں اب چائنیز نائلون مانجھا فروخت نہیں کیا جاسکے گا۔ پولس کمشنر نکھل گپتا نے احکامات جاری کیے ہیں کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ پتنگ بازی کے شوق میں مانجھے کے باعث ہونے والے حادثات کو روکنے کیلئے یہ احکامات جاری کیے گئے ۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں بجلی چوروں کیخلاف بجلی بورڈ کی کاروائی جاری ہے۔ کل مسلسل دوسرے دِن مہاوِترن کی جانب سے 54 صارفین کے خلاف کاروائی کی گئی اور ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ان صارفین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
::::: سرخیاں::::::
٭ کورونا وباء کے پیشِ نظر نئے سال کا سادگی کے ساتھ استقبال۔
٭ ملک بھر میں کل سے کووِڈ تدارک کیلئے ٹیکہ اندازی کی فرضی مشق کل سے‘ جالنہ ضلع کے تین مراکز شامل۔
٭ ریاست میں کورونا سے صحت یابی کی شرح 94 اعشاریہ 64 فیصد۔ مراٹھواڑہ میں 241 نئے مریض۔
٭ CBSC کی دسویں اور بارہویں کے امتحانات 4 مئی سے؛ 15 جولائی کو نتائج۔
٭ ٹول ٹیکس ادائیگی کیلئے فور وہیل گاڑیو ںپر فاسٹ ٹیگ لگانے کی مدت میں 15 فروری تک توسیع۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد شہر کے تبدیلیِ نام کی کانگریس مکمل طور پر مخالف۔ باڑا صاحب تھورات کی وضاحت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment