Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ فروری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ ترمیم شدہ زرعی قوانین سے متعلق احتجاج کرنے والے گفت و شنید کیلئے آگے آئیں۔ حکومت بات چیت کیلئے تیار۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اپیل۔
٭ دِلّی کے کسان آندولن کے بارے میں Tweet پیغامات کی خفیہ محکمے کی جانب سے جانچ کیلئے ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کی ہدایت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 216 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 4کورونا مریضوں کی موت۔
٭ ریاست میں سردی کی شدت میں اضافہ۔
اور۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چنئی ٹسٹ کرکٹ مقابلہ میں دلچسپ صورتحال۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ترمیم شدہ زرعی قوانین کیخلاف دِلّی سرحد پر احتجاج کرنے والے کسانوں سے گفت و شنید کیلئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت آج بھی بات چیت کیلئے تیار ہے۔ وہ کل راجیہ سبھا میں شکریے کی تحریک پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں کسانوں کی تحریک پر خوب بحث کی گئی، تاہم یہ آندولن کس مسئلے کیخلاف ہے اس پر سب خاموش ہیں۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کسان تحریک کے بنیادی مسئلے پر اگر تبادلۂ خیال کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت بازار کمیٹی نظام کو زیادہ مضبوط اور جدید بنانے کی کوشش کررہی ہے اور کم از کم ضمانتی قیمت MSP کو بھی قائم رکھا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ترمیم شدہ زرعی قوانین چھوٹے کسانو ںکی ترقی کا آغاز کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ان قوانین کا مقصد 12 کروڑ سے زائد کم قطعۂ اراضی کے حامل کسانوں کی خواہشات کو پور اکرنا ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا وباء سے مقابلے میں بھارت نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس مشکل وقت میں بھی ملک متحد نظر آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ملک میں اناج کی تقسیم کے انتظام، وزیرِ اعظم بیمہ اسکیم‘ کسان ریلوے‘ کسان اُڑان اسکیم سمیت مرکزی حکومت کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے کہا ہیکہ ملک میں کورونا کے پھیلائو کے دوران ایک بھی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہا۔ وزیرِ موصوف کل لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران طلبہ کو آن لائن تعلیم دی گئی۔ ملک میں تعلیم سے متعلق ٹی وی چینلز کی تعداد 34 ہوچکی ہے اور سوشل ریڈیو بھی تعلیم کیلئے استعمال کیا گیا ۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے دلّی سرحد پر جاری کسان تحریک سے متعلق مرکزی حکومت کی حمایت میں کیے جانے والے Tweet پیغامات کی خفیہ محکمے کی جانب سے تفتیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ متعدد غیر ملکی فنکاروں نے کسان تحریک کی حمایت میں Tweet کیا تھا جس کے جواب میں لتا منگیشکر‘ سچن تنڈولکر‘ سائنا نہوال‘ اکشے کمار‘ وغیرہ نے Tweet کے ذریعے اسے بھارت کا اندرونی معاملہ بتایا تھا۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان سچن ساونت نے اس معاملے میں ایک ہی وقت ان سب کی جان سے کیے گئے Tweet کی وجوہات جاننا چاہی۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا ان بھارتی فنکاروں نے کسی دبائو کے تحت یہ twwets کیے ۔ ساونت نے اس معاملے کی مکمل جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی مہاوِکاس آگھاڑی حکومت نے Integrated Development Control Regulations کا مسودہ تیار کیا ہے۔ جس کا اطلاق ریاست میں اونچی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دینے پر نہیں ہوگا۔ ان ضوابط کے مطابق اب 120 میٹر سے زیادہ اونچی عمارتوں کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی منظوری کی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔ تاہم ممبئی کیلئے یہ پابندی برقرار رہے گی۔ نئے ضوابط کے تحت کارپٹ ایئریے پر پابندی میں نرمی لائی گئی ہے اور اونچی عمارتوں کی تعمیر کی راہ ہموار کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری سماعت کے دوران ریاستی حکومت مضبوطی سے اپنا مدعا پیش کرے۔ اس مطالبے کی یکسوئی کیلئے آئندہ بدھ سے ریاست کے تمام دیہاتوں میں زنجیری بھوک ہڑتال کی جائیگی۔ انا صاحب پاٹل مالی ترقیاتی کارپوریشن کے سابق صدر نریندر پاٹل نے کل شولا پور میں صحیفہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ انھوں نے اس خصوص میں مراٹھا سماج کی اہم شخصیات کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے خطاب کیا۔ انھوںنے موجودہ ریاستی حکومت پر انا صاحب پاٹل مالی ترقیاتی کارپوریشن اور سارتھی نامی ادارے سے متعلق مراٹھا سماج کیلئے پھڑنویس حکومت کے ذریعے شروع کی گئی اسکیمات بند کرنے کا الزام عائد کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے متعدد علاقو ںسمیت وسطی مہاراشٹر کے کچھ مقامات پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ناسک ضلع کے درجۂ حرارت میں کافی کمی درج کی گئی ہے۔ پربھنی میں کل درجۂ حرارت 8.7c ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
ناگپور میں کورونا سے شرحِ اموات میں اضافے کی وجوہات جاننے کے لیے مرکزی حکومت کی ایک سہ رُکنی ٹیم کل ناگپور پہنچی۔ ریاست میں کورونا سے شرحِ اموات فی الحال 2.50 فی صد ہے، جبکہ ناگپور میں یہ شرح 3% سے زیادہ ہے۔ ناگپور میں آج کل روزانہ 250 سے 300 کے قریب کورونا کے نئے مریض پائے جارہے ہیں۔ اسی تناظر میں اس ٹیم نے کل صبح ناگپور کے ڈویژنل کمشنر اور ضلع کلکٹر سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس ٹیم نے علاقے کے محکمۂ صحت کے افسران سے بھی اس خصوص میں گفت و شنید کی۔ اس مرکزی ٹیم نے کل امراوتی‘ آکولہ اور ایوت محل میں بھی کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی مرکزی ٹیم کے افسران سے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کی۔ جس میں مرکزی حکومت کی ٹیم نے وزیرِ اعلیٰ کو ودربھ کے 4 اضلاع میں اُن کے ذریعے کیے گئے مشاہدے سے متعلق بتایا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ناگپور ڈویژن اور امراوتی کی حکومتی مشنری کو زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 2 ہزار 216 نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست بھر میں اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 20 لاکھ 46 ہزار 287 ہوچکی ہے۔ ریاست میں کل 15 مریض اس بیماری سے ہلاک ہوگئے۔ ریاست میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 51 ہزار 325 ہوچکی ہے۔ سرِدست اس بیماری سے شرحِ اموات 2.51 فیصد ہے۔ ساتھ ہی کل 3 ہزار 423 کورونا مریض شفاء یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 19 لاکھ 58 ہزار 971 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں 34 ہزار 720 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل کورونا سے 4 مریض فوت ہوگئے۔ ساتھ ہی کل ڈویژن میں کورونا کے 135 نئے معاملات درج کیے گئے۔ اس بیماری سے کل لاتور ضلع میں 2‘ جالنہ اور ناندیڑمیں ایک۔ ایک مریض کی جان گئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے 43 نئے مریض سامنے آئے۔ لاتور ضلع میں 23‘ جالنہ 20‘ بیڑ 18‘ ناندیڑ 14‘ پربھنی 7‘ عثمان آباد 6 اور ہنگولی ضلع میں کل کورونا کے 4 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا کہ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی شریکِ حیات ماتا رَمائی امبیڈکر کی ایک عالیشان یادگار ممبئی کے ورلی میں تعمیر کی جائیگی۔ ماتا رَمائی امبیڈکر کے 123 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر وزیرِ موصوف کل ممبئی کے سانتا کروز میں تقسیمِ انعامات کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھو ںنے کہا کہ ماتا رَمائی نے بہت دُکھ اور تکالیف برداشت کرکے ایک بڑی قربانی دی ہے۔ ان کی یاد امبیڈکری تحریک کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں کل گرام پنچایتوں کے سرپنچ اور نائب سرپنچ عہدوں کیلئے انتخابات عمل میں آئے۔ ضلع کی متعدد گرام پنچایتوں میں اتفاقِ رائے سے سرپنچ اور نائب سرپنچ منتخب کیے گئے، جبکہ کئی گرام پنچایتوں میں کانٹے کا مقابلہ رہا۔ ضلع کی سب سے بڑی گرام پنچایت رانجن گائوں شین پونجی میں سرپنچ عہدے پر شکنتلا بائی کسورے اور نائب سرپنچ عہدے پر ناگیش کٹھارے فائز ہوئے۔ ایلورہ گرام پنچایت سرپنچ کے طور پر کسم بائی مساڑ کو جبکہ نائب سرپنچ کیلئے وجئے راٹھوڑ کو چنا گیا۔ اسی طرح جوگیشوری گروپ گرام پنچایت کے سرپنچ عہدے پر گجانن بومبلے جبکہ نائب سرپنچ عہدے پر پروین دُبیلے کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔
***** ***** *****
چنئی میں بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جارہے پہلے کرکٹ ٹسٹ میچ میں مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ انگلینڈ کو یہ ٹسٹ میچ جیتنے کیلئے آج آخری دِن بھارت کے 9 کھلاڑی آئوٹ کرنے کی ضرورت ہے‘ جبکہ بھارت کو جیتنے کیلئے مزید 381 رَن درکار ہے۔ انگلینڈ کی دوسری اننگ 178 رَنو ںکے ساتھ ختم ہوگئی۔ روی چندرن اشون نے 61 رَن دیکر 6‘ شہباز ندیم نے 2‘ ایشانت شرما اور جسپریت بھمرا نے ایک ۔ ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے دوسری اننگ میں 39 رَن بن چکے ہیں۔ روہت شرما 12 رَن بناکر آئوٹ ہوچکے ہیں۔ کل چوتھے دِن کا کھیل ختم ہونے تک شبھ من گِل 15‘ جبکہ چیتیشور پجارا 12 رَنو ں پر کھیل رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ ترمیم شدہ زرعی قوانین سے متعلق احتجاج کرنے والے گفت و شنید کیلئے آگے آئیں۔ حکومت بات چیت کیلئے تیار۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اپیل۔
٭ دِلّی کے کسان آندولن کے بارے میں Tweet پیغامات کی خفیہ محکمے کی جانب سے جانچ کیلئے ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کی ہدایت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 216 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 4کورونا مریضوں کی موت۔
٭ ریاست میں سردی کی شدت میں اضافہ۔
اور۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چنئی ٹسٹ کرکٹ مقابلہ میں دلچسپ صورتحال۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment