Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۰؍ فروری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ ریاست میں ضلع امدادِ باہمی بینکو ںکے انتخابات ردّ کرنے کا مطالبہ کرنے والی درخواست ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے مسترد کردی۔
٭ کسانوں کو صفر شرح سود پر 3 لاکھ روپئے تک کا قرض فراہم کرنے کا فیصلہ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے گفتگو کے بعد: وزیرِ زراعت کا اعلان۔
٭ مبینہ خالصتانی انتہاء پسند ناندیڑ میں گرفتار۔
٭ معروف فلمساز و اداکار راجیو کپور چل بسے۔
٭ ریاست میں 2 ہزار 515 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 4 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ چنئی ٹیسٹ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 227 رنوں سے شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست میں مختلف ضلع مرکزی امدادِ باہمی بینکو ںکے انتخابات منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے سے متعلق عرضداشت ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے مسترد کردی۔ اس طرح اب ان بینکوں کے انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ کورونا وباء اور دیگر مختلف وجوہات کے سبب یہ انتخابات ایک برس کیلئے ملتوی کیے گئے تھے۔ عرضداشت میں استدعا کی گئی تھی کہ انتخابات کے التواء کے بعد فہرست رائے دہندگان کی اشاعت ضروری ہے، اس لیے یہ انتخابات ردّ کیے جائیں۔ تاہم عدالت نے یہ درخواست خارج کردی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے تیقن دیا ہے کہ ہافکن انسٹیٹیوٹ میں تمام سہولتوں سے آراستہ جدید طرز کے ویکسین ریسرچ سینٹر کے قیام کیلئے ریاستی حکومت ہر طرح سے تعاون کریگی۔ وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صداعرت کل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وزیرِ تعلیم برائے طبّی تعلیم امیت دیشمکھ اور ہافکن انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر سیما ویاس سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ڈاکٹر رگھو ناتھ ماشیلکر کی زیرِ قیادت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ ہافکن انسٹیٹیوٹ کے آئندہ پانچ منصوبوں کیلئے 11 سو کروڑ روپئے درکار ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس ضمن میں آئندہ 15 دِنوں میں مکمل رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت اسی اجلاس میں دی۔
***** ***** *****
وزیر برائے طبّی تعلیم امیت دیشمکھ نے ریاستی ملازمین کو خصوصی طبّی خدمات کے ساتھ تمام طبّی رعایتیں مہیا کرنے کیلئے کوشش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریاستی ملازمین کی بیمہ اسکیم کے تحت تمام اضلاع کو اس اسکیم میں شامل کرنے کی بھی انھوں نے ہدایت کی۔ یہ بیمہ اسکیم سرکاری اسپتالوں میں شروع کرنے سے متعلق اجلاس سے وزیرِ موصوف خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی ملازمین کی سوسائٹی اور مرکزی حکومت کی ملازمین بیمہ اسکیم سوسائٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے اور ملازمین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔
***** ***** *****
ایک تا تین لاکھ روپئے زرعی قرض حاصل کرنے والے کسانو ںکو بھی صفر فیصد شرح سود پر قرض دینے کی غرض سے پنجاب رائو دیشمکھ اسکیم کے تحت تین فیصد سود‘ امداد کی مد میں دینے سے متعلق پالیسی فیصلہ کیا جائیگا۔ یہ اعلان وزیرِ زراعت دادا بھوسے اور امدادِ باہمی کے وزیر باڑا صاحب پاٹل نے کیا۔ امدادِ باہمی اور زراعت کے محکموں کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس کے بعد یہ دونوں وزراء صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ دادا بھوسے نے بتایا کہ اس خصوص میں وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے تفصیلی تبادلۂ خیال کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست میں تعلقہ سطح پر ہر تین ماہ میں سرپنچ سبھا منعقد کی جائیگی۔ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف نے کل یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ دیہی عوام کے مسائل حل کرنے اور دیہاتوں میں تکمیل طلب کام تیزی سے پورے کرنے کی غرض سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ پنچایت سمیتی کے گٹ وکاس افسر یہ اجلاس طلب کریں اور سرپنچ سے عوام کی شکایات و مسائل جاننے کے بعد انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔
***** ***** *****
ایک خالصتان حامی مبینہ انتہاء پسند کو ناندیڑ میں گرفتار کرلیا گیا۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ سربجیت سنگھ کرٹ نامی یہ انتہاء پسند خالصتان زندہ باد تنظیم کا رُکن ہے اور دہشت پسندی کی کاروائیوں کیلئے اسے بلجیم سے رقم فراہم کی جاتی تھی۔ اس سلسلے میں پنجاب کے امرتسر ضلع میں 4 ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جن میں 3 افراد گرفتار کرلیے گئے تھے اور چوتھا سربجیت سنگھ ناندیڑ میں روپوش ہونے کی اطلاع پنجاب پولس کو ملی تھی۔ جس کے بعد پنجاب پولس خفیہ شعبے کی ایک ٹیم ناندیڑ پہنچی اور مقامی پولس کی مدد سے شکار گھاٹ علاقے سے سربجیت سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔
***** ***** *****
معروف فلمساز و اداکار راجیو کپور کل ممبئی میں قلبی حملے میں چل بسے۔ وہ 58 برس کے تھے۔ سپرہٹ فلم رام تیری گنگا میلی سے مقبولیت حاصل کرنے والے راجیو کپور نے ایک جان ہیں ہم، زلزلہ، لو میرج اور دیگر فلموں میں کردار ادا کیا۔ فلم پریم گرنتھ کی ہدایت کاری بھی راجیو کپور نے کی تھی۔ رِشی کپور کے بعد اندرون ایک برس راجیو کپور کا انتقال کپور خاندان کیلئے دوسرا صدمہ ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 2 ہزار 515 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 48 ہزار 802 ہوگئی ہے۔ کل اس وباء کے باعث 35 مریض چل بسے۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے ہونے والی اموات کی کُل تعداد 51 ہزار 360 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست میں 34 ہزار 640 مریض ہنوز زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل کوروناسے متاثرہ 4مریضوں کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ڈویژن میں217 نئے مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ مہلوکین میں پربھنی ضلع کے 2 اور جالنہ و لاتور اضلاع کا ایک ۔ ایک شخص شامل ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع اسپتال کے آفس سپرنٹنڈنٹ کے وظیفے کی رقم سے سوا تین لاکھ روپئے وضع کرنے کے معاملے میں 8 افسران کے خلاف ایٹراسٹی قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ضلع اسپتال کے آفس سپرنٹنڈنٹ وٹھل لوکھنڈے 2013 میں خدمات سے سبکدوش ہونے کے بعد ان کے دور میں 3 لاکھ 24 ہزار روپئے کا بجلی بل ادا نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ جس کے بعد ان کے وظیفے سے یہ رقم وضع کرلی گئی تھی۔ لوکھنڈے نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کیا، جس کے بعد عدالتی احکامات کے مطابق شعبہ کے کمشنر اور دو ڈائریکٹرز سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان نے کہا ہیکہ ناندیڑ۔ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں میں جدید طرز کی مشینیں و آلات سمیت تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اشوک چوہان کے ہاتھوں کل ناندیڑ میں میونسپل کارپوریشن اسپتال میں ایمبولنس‘ ایکسرے اور سونو گرافی مشینوں کا کل افتتاح عم میں آیا۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں انھوں نے سرکاری اسپتالوں کی طرز پر کارپوریشن اسپتالوں میں سہولیات مہا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
لاتور شہر میونسپل کارپوریشن کو-++ ODF کا درجہ دیا گیا ہے۔ یہ درجہ حاصل کرنے والا لاتور شہر ملک کے چند شہروں میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس اعزاز پر میئر وِکرانت گوجم گنڈے اور ڈپٹی میئر چندر کانت براجدار نے کارپوریشن کے افسران و ملازمین کا خیر مقدم کیا۔
***** ***** *****
’’ماجھی وسندھرا‘‘ مہم کے تحت پربھنی میں کل ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر سمیت اقامتی ڈپٹی کلکٹر مہیش وڑَدکر‘ ڈپٹی ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنجے کونڈیٹکر‘ میونسپل مشنر دیوی داس پوار اور دیگر افسران و ملازمین سائیکلوں پر سوار ہوکر اپنے دفتر پہنچے۔ اس مہم کے تحت اب ہر منگل کو یہ تمام افسران و ملازمین بذریعہ سائیکل ہی دفتر آئیں گے۔ ضلع کلکٹر نے ترغیب دی ہے کہ تمام افسران و ملازمین ماحولیات کے تحفظ کیلئے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
***** ***** *****
چنئی کرکٹ ٹیسٹ میچ میں کل انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کے خلاف 227 رنوں سے فتح حاصل کی۔ جیت کیلئے 420 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت کی دوسری اننگ محض 192 رنوں پر سمٹ گئی۔ بھارت کی جانب سے ویراٹ کوہلی کے 72 اور شبھ من گِل کے 50 رنو ںکے سوا کوئی بھی بلّے باز برطانوی ٹیم کے گیند بازوں کا مقابلہ نہیں کرسکا۔ اس طرح انگلینڈ نے اس سیریز میں ایک۔ صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 فروری سے چنئی ہی میں شروع ہورہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ ریاست میں ضلع امدادِ باہمی بینکو ںکے انتخابات ردّ کرنے کا مطالبہ کرنے والی درخواست ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے مسترد کردی۔
٭ کسانوں کو صفر شرح سود پر 3 لاکھ روپئے تک کا قرض فراہم کرنے کا فیصلہ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے گفتگو کے بعد: وزیرِ زراعت کا اعلان۔
٭ مبینہ خالصتانی انتہاء پسند ناندیڑ میں گرفتار۔
٭ معروف فلمساز و اداکار راجیو کپور چل بسے۔
٭ ریاست میں 2 ہزار 515 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 4 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ چنئی ٹیسٹ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 227 رنوں سے شکست۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment