Friday, 12 February 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 12.February.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 February -2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲؍ فروری  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ عوام کیلئے رعایتی نرخوں پر کورونا جانچ کیلئے ریاست میں گشتی جانچ تجربہ گاہوں کی سہولت مہیا کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے۔
٭ سرکاری اجازت نہ ملنے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کا سرکاری طیارے کی بجائے خانگی طیارے سے اُترا کھنڈ کا سفر۔
٭ ریاست میں کورونا کے 3ہزار 297 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 7  افراد کی موت۔
٭ خصوصی ریل گاڑیوں کے قبل از وقت ٹکٹ ریزرویشن کیلئے مدت میں 120 دِنوں تک کا اضافہ۔ اتوار سے جالنہ۔ ممبئی۔ جالنہ خصوصی ٹرین کا آغاز۔
اور۔۔٭ انتخابی کمیشن کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے 2  افراد اورنگ آباد میں گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ریاست کی عوام کو رعایتی قیمت پر کورونا کی جانچ کیلئے گشتی تجربہ گاہوں کی سہولت مہیاکی جائیگی۔کل ممبئی میں ’’اسپائس ہیلتھ‘‘ کی تین گشتی جانچ تجربہ گاہوں کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کم ہورہی ہے۔ تاہم مریضوں کا پتہ لگانا اور ان کے رابطے میں آنے والے افراد کی جانچ اب بھی نہایت ضروری ہے۔ اس کے بعد ہی علاج اور دیگر احتیاطی اقدامات ممکن ہیں ۔ اس طرح کی کورونا جانچ کی فیس 499 روپئے ہے اور اندرونِ 24 گھنٹے رپورٹ موصول ہوجائیگی۔
***** ***** *****
کورونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ریاست کی تمام گرام پنچایتوں کو حسب ِ سابق گرام سبھائوں کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیر برائے دیہی ترقیات حسن مشرف نے یہ اطلاع دی۔ اس خصوص میں ایک سرکاری اعلامیہ بھی کل تمام متعلقہ افراد کو روانہ کردیا گیا۔ کورونا مریضوں کی تعدا دمیں کمی کے باعث ماہِ جنوری میں گرام سبھائوں کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی تاہم کورونا کی نئی قسم کے انکشاف کے بعد احتیاطی طور پر گرام سبھائوں کوملتوی کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریاست میں طبّی میدان اور صف ِ اوّل میں کام کرنے والے 5 لاکھ 73 ہزار سے زائد افسران و ملازمین کو کو رونا سے بچائو کے ٹیکے دئیے جاچکے ہیں۔ محکمۂ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ 5 ہزار 149  افراد کو ملک میں ہی تیار کردہ ویکسین کے ٹیکے دئیے گئے۔ ملک بھر میں جاری ٹیکہ اندازی میں اب تک 70 لاکھ 17ہزار 114  افراد کو ٹیکے دئیے گئے ہیں۔ یہ تفصیلات صحت ِ عامہ کی وزارت نے کل جاری کیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں کورونا کے تدارک کیلئے جاری ٹیکہ اندازی کے دوسرے مرحلے میں انتظامیہ کے صف ِ اول میں کام کرنے والے افسران و ملازمین کو کل یہ انجکشن دئیے گئے۔ اورنگ آباد میں ضلع کلکٹر سنیل چوہان‘ میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈیے اور ڈپٹی پولس کمشنر دیپک گرہے بھی ٹیکے لینے والوں میں شامل تھے۔ دیہی علاقوں میں بھی معینہ ٹیکہ اندازی مراکز پر تحصیلدار‘ افسران‘ تلاٹھی‘ منڈل آفیسر وغیرہ نے کورونا کے ٹیکے لیے۔
***** ***** *****
اُتراکھنڈ میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو سرکار ی طیارے سے سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس کے بعد سرکاری طیارے میں سوار ہونے کے بعد گورنر کو طیارے سے اُترکر خانگی طیارے کے ذریعے یہ سفر کرنا پڑا۔ اس پروگرام میں شرکت کیلئے روانگی کی اجازت گورنر دفتر نے 2 فروری کو طلب کی تھی۔ دریں اثناء ریاستی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ گورنر کو سرکاری طیارہ استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کے معاملے میں حکومت کی کوئی غلطی نہیں ہے اور راج بھون سیکریٹریٹ کو گورنر کے دورے سے قبل اس بات کو یقینی بنانا چاہیے تھا کہ سرکاری طیارہ استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہوئی ہے یا نہیں۔
اس معاملے میں حکومت نے بھی نوٹس لیا ہے اور راج بھون کے متعلقہ افسران کی ذمہ داری طئے کرکے کاروائی کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے دی ہے۔ دریں اثناء بی جے پی نے الزام عائد کیا ہیکہ ریاستی حکومت کی جانب سے جان بوجھ کر گورنر کو سرکاری طیارے سے سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔
***** ***** *****
ملک میں آج سے CNG پر چلنے والے ٹریکٹر دستیاب ہوں گے۔ مرکزی وزیر برائے حمل و نقل نتن گڈکری آج ملک کے پہلے CNG ٹریکٹر کا افتتاح کریں گے۔ اس ٹریکٹر کے باعث کسانوں کی ایندھن پر آنے والی لاگت میں سالانہ ایک لاکھ روپئے تک کی کمی آئیگی۔ وزارت برائے حمل و نقل نے بتایا ہے کہ CNG ٹریکٹر کے باعث کسانوں کو خرچ کم کرکے پیداوار میں اضافے میں مدد ملے گی اور ٹریکٹر کے ایندھن پر ہونے والے اخراجات میں50 فیصد کمی آئیگی۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان ادین راجے بھونسلے نے مراٹھا ریزرویشن کے معاملے میں کل نئی دہلی میں راشٹروادی کانگریس سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی۔ بھونسلے نے بتایا کہ ملاقات کے دوران انھوں نے شردپوار کو ترغیب دی کہ اس معاملے میں وہ مداخلت کریں ورنہ ریاست میں بڑے پیمانے پر بے چینی پیدا ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں کے تحت آنے والے تمام کالجوں میں مسابقتی امتحانات کیلئے رہنما مراکز قائم کرنے کا حکم اعلیٰ تعلیم کی وزارت نے دیا ہے۔ کالجو ںمیں ان مراکز کے قیام کے ساتھ ہی فوری رابطہ کار نامزد کیا جائیگا۔ اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے مددگار ڈائریکٹر ڈاکٹر دِگمبر گائیکواڑ نے اس خصوص میں کل ایک اعلامیہ جاری کیا۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان کے اس برس کے مختلف ایوارڈز کا کل اعلان کردیا گیا۔ ریاستی وزیر سبھاش دیسائی نے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ اس برس کا وندا کرندیکر ایوارڈ بزرگ مراٹھی ادیب رنگناتھ پٹھارے کو دیا جائیگا۔ اورنگ آباد کے تجزیہ نگار ڈاکٹر سدھیر رساڑ کو مراٹھی بھاشا ابھیاسک کا ایوارڈ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
آن لائن تجارت کرنے والی کمپنی فلپ کارٹ کا حکومت ِ مہاراشٹر کے چھوٹی صنعتوں کے کارپوریشن اور کھادی گرام اُدّیوگ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے کے باعث ریاست کے مقامی افراد‘ بنکروں‘ دست کاروں اور چھوٹی صنعتوں کی تیار کردہ مصنوعات کو ملک گیر منڈی دستیاب ہوگی۔ اس معاہدے کے بعد فلپ کارٹ نے اپنی ویب سائٹ اور ایپلیکیشن مراٹھی زبان میں تیار کرلی ہے۔ اس خصوص میں فلپ کارٹ کمپنی کی جانب سے دیہی مصنوعات کی مارکنگ اور پیکنگ کیلئے تربیت بھی دی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست کی تمام ضلع منصوبہ بندی کمیٹیوں کی کارکردگی مؤثر اور بہتر بنانے کیلئے آئندہ برس سے 300کروڑ روپئے کا خصوصی فنڈ مختص کا جائیگا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ اس کے علاوہ ان منصوبہ بندی کمیٹیوں میں ’’آئی پاس‘‘ کام کاج مکمل طور پر کمپیوٹرائز کرنے‘ فنڈز کا بروقت استعمال اور جائزہ اجلاس منعقدکرنے جیسے نکات پر بہترین قراردئیے جانے والے ڈویژن کے کسی ایک ضلع کو 50 کروڑ روپئے کا اضافی فنڈ جاری کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 3 ہزار 297 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 20 لاکھ 52 ہزار 905 ہوگئی ہے۔ کل 25 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس وباء کے باعث ریاست میں اب تک 51 ہزار 415 مریضوں کی جانیں جا چکی ہیں۔ فی الحال مختلف اسپتالوں میں 30 ہزار 265 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل 7 کورونا مریضوں کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ ڈویژن میں 246 نئے مریض پائے گئے۔ مہلوکین میں بیڑ ضلع کے 3‘ اورنگ آباد ضلع کے 2  اور جالنہ و ہنگولی ضلع کا ایک۔ ایک شخص شامل ہے۔
***** ***** *****
خصوصی ٹرینوں میں قبل از وقت ریزرویشن کی مدت 10 دِنوں سے بڑھا کر 120 دِن کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع محکمۂ ریلوے نے دی۔ معمول کی ٹرینیں شروع نہ ہونے کے باعث محکمے کی جانب سے خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ جن میں ریزرویشن کروانے کی مدت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تمام خصوصی ٹرینوں میں کمپیوٹرائز ریزرویشن سینٹرز اور ریلوے ویب سائٹ پر نشستیں قبل از وقت مختص کرنے کی سہولت بھی عنقریب شروع کی جائیگی۔
***** ***** *****
جالنہ۔ ممبئی۔ جالنہ شتابدی خصوصی ٹرین اتوار 14 فروری سے شروع کی جارہی ہے۔ یہ ٹرین جالنہ سے روزانہ صبح ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی اور سہ پہر 4 بجکر 20منٹ پر ممبئی کے CST اسٹیشن پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں ممبئی سے 12 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوگی اور رات 7 بجکر 45 منٹ پر جالنہ پہنچے گی۔ یہ اطلاع جنوب وسطی ریلوے کے ذرائع نے دی۔
***** ***** *****
قومی انتخابی کمیشن کے جعلی شناختی کارڈ تیار کرنے والے 2  افراد کو کل اورنگ آباد میں گرفتار کرلیا گیا۔ انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود معلومات حاصل کرکے ایک خانگی ویب سائٹ کی مدد سے جعلی شناختی کارڈ تیار کیے جارہے تھے۔ مہا۔ ای سیوامرکز کے ایک ملازم نوناتھ شندے اور ایک خانگی کمپیوٹر سینٹر کے ہریش واگھمارے کو کل پولس نے جال بچھا کر گرفتار کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ عوام کیلئے رعایتی نرخوں پر کورونا جانچ کیلئے ریاست میں گشتی جانچ تجربہ گاہوں کی سہولت مہیا کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے۔
٭ اجازت نہ ملنے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کا سرکاری طیارے کی بجائے خانگی طیارے سے اُترا کھنڈ کا سفر۔
٭ ریاست میں کورونا کے 3ہزار 297 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 7  افراد کی موت۔
٭ خصوصی ریل گاڑیوں کے قبل از وقت ٹکٹ ریزرویشن کیلئے مدت میں 120 دِنوں تک کا اضافہ۔ اتوار سے جالنہ۔ ممبئی۔ جالنہ خصوصی ٹرین کا آغاز۔
اور۔۔٭ انتخابی کمیشن کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے 2  افراد اورنگ آباد میں گرفتار۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 29.04.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 29 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...