Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵؍ فروری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ مہاراشٹر ودھان سبھا اسپیکر نانا پٹولے کا استعفیٰ؛ کہا پارٹی صدر کی ہدایت ہوئے ہیں مستعفی‘ نئی ذمہ داری قبول کرنے ہیں تیار۔
٭ انگلینڈ اور برازیل میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے مزید احتیاط برتے جانے کی ضرورت؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا بیان۔
٭ بناء سبسیڈی والے گھریلو استعمال کے گیس سلنڈروں کی قیمت میں 25 روپئوں کا اضافہ؛ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ہوئی بڑھوتری۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل جالنہ میں ہوئی ایک کورونا مریض کی موت؛ اورنگ آباد میں کل پائے گئے 48 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
مہاراشٹر ودھان سبھاکے اسپیکر نانا پٹولے نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوںنے اپنا استعفیٰ ڈپٹی اسپیکر نرہری جھِروڑ کے سپرد کیا۔ استعفیٰ دینے سے پہلے پٹولے نے سہیادری گیسٹ ہائوس پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ اب اُن کی پارٹی کانگریس جو بھی ذمہ داری دیگی وہ اُسے قبول کریں گے اور اُس کے ساتھ پورا انصاف کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی صدر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انھوں نے استعفیٰ دیا ہے۔ پٹولے نے مزید کہا کہ ودھان سبھا کے نئے اسپیکر کا چنائو‘ مہاوِکاس آگھاڑی کی تینوں حلیف جماعتوں کے سربراہ مل کر کریں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ محصول بالا صاحب تھورات نے کہا ہیکہ ریاست کی جن نگر پالیکائوں یا نگر پنچایتوں کے پاس ٹھوس کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلئے خود کی جگہ نہیں ہے‘ ایسے شہروں کو ریاستی حکومت جگہ فراہم کرے گی۔ واضح ہوکہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے جگہ نہ ہونے سے کئی علاقائی خود مختار اداروں کو حکومت کی جانب سے مالی مدد حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، جس سے کئی ترقیاتی کام التواء میں پڑ گئے تھے۔ اسکے علاوہ کچرے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق کوئی منصوبہ نہ ہونے سے صحت اور آلودگی کے مسائل بھی سامنے آنے لگے تھے۔ بالا صاحب تھورات نے امید ظاہر کی کہ جگہ فراہم کرنے سے ان سبھی مسائل سے نجات ملے گی۔
***** ***** *****
انگلینڈ اور برازیل میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے لاپرواہی نہ کرتے ہوئے مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے یہ بات کہی۔ وزیرِ اعلیٰ کل ریاستی کابینہ اجلاس کے دوران کورونا پریزنٹیشن میں بول رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے خبردار کیا کہ اگر ہم یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہمارے یہاں سماجی قوتِ مدافعت یعنی Herd Immunity کے پیدا ہونے سے کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے تو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اس طرح کی قوتِ مدافعت پیدا ہونے کے باوجود بھی یوروپ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہے جو کہ زیادہ شدید ہے۔
محکمۂ صحت کے پرنسپل سیکریٹری پردیپ ویاس نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں بھلے ہی کمی ہورہی ہو لیکن امراوتی‘ ایوت محل‘ اکولہ، بھنڈارا‘ نندور بار‘ وردھا‘ رتناگری‘ گڈچرولی اور ناندیڑ ضلعوں میں ایک ہفتے کے دوران پائے جانے والے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کی شرح زیادہ ہے۔ ساتھ ہی کورونا ٹسٹ کا تناسب بھی کم ہے۔ انھوںنے کہا کہ ان شہروں پر زیادہ توجہ دئیے جانے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
ناسک میں 26 مارچ سے 28 مارچ کے درمیان ہونے والے اکھل بھارتیہ مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کیلئے آن لائن بکنگ شروع ہوچکی ہے۔ سمّیلن میں حصہ لینے والے مندوبین سے تین ہزار روپئے فیس لی جارہی ہے۔ ان میں باہر سے آنے والے مندوبین کی رہائش‘ ناشتہ اور کھانے کا انتظام شامل ہے۔ سمّیلن کی استقبالیہ کمیٹی کے صدر اور ناسک کے نگراں وزیر چھگن بھجبل نے یہ اطلاع دی۔ اس بیچ چھگن بھجبل نے کل پونے میں ساہتیہ سمّیلن کے صدر ڈاکٹر جینت نارڑیکر سے ملاقات کی اور انہیں ساہتیہ سمّیلن کا رسمی دعوت نامہ پیش کیا۔
***** ***** *****
بناء سبسیڈی والے گھریلو استعمال کے گیس سلنڈروں کی قیمت میں 25 روپئوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں بھی 35 پیسوں کی بڑھوتری کی گئی ہے۔ انڈین آئیل کارپوریشن کی جانب سے یہ جانکاری دی گئی ۔
***** ***** *****
اس بیچ پٹرول‘ ڈیزل اور گھریلو سلنڈروں کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مجلس اتحادالمسلمین‘ MIM کی جانب سے کل اورنگ آباد میں مظاہرے کیے گئے۔ MIM کے عہدیداران اور کارکنوں نے کل ڈویژنل کمشنر دفترکے روبرو دھرنا احتجاج کیا اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ایندھن اور گھریلو گیس کی قیمتیں فوری کم کرے اور عوام کو راحت پہنچائے۔ اس موقعے پر گیس سلنڈر کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے آج اورنگ آباد ضلعے کے دورے پر ہیں۔ اس دوران وزیرِ اعلیٰ پانی فراہمی اسکیم کے تحت دلّی گیٹ میں تعمیر کی جارہی پانی کی ٹنکی کے تعمیری کام کا معائنہ کریں گے اور شہر کے مختلف ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیں گے۔ اس سے پہلے وزیرِ اعلیٰ بلڈانہ ضلعے کی لونار جھیل پر جاری کام کی پیشِ رفت کا معائنہ کریں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت کے ٹوریزم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اورنگ آباد‘ کوکن‘ ناسک‘ پونے‘ امراوتی اور ناگپور ان چھ ڈویژنوں میں ٹوریزم فیسٹیول منعقد کیا جائیگا۔ سیاحت کو بڑھاوا دینے کے مقصد سے فروری اور مارچ کے مہینوں میں اس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا۔ اورنگ آباد ڈویژن نے کچھ مقبول فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں عثمان آباد ضلعے کا تیر فیسٹیول‘ بیڑ ضلعے کا کپل دھارا فیسٹیول اورناندیڑ ضلعے کا ہوٹل فیسٹیول شامل ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل دِن بھر میں 2736 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 36 ہزار 266 ہوگئی ہے۔ گذشتہ کل ریاست میں 46 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ مہاراشٹر میں اس بیماری کی شروعات کے بعد سے ا ب تک جان گنوانے والوں کی کُل تعداد 51 ہزار 215 تک جا پہنچی ہے۔
کووِڈ 19- سے ہونے والی اموات کی ریاستی شرح قریب تین فیصد ہے۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست میں 5339 افراد کوکورونا سے صحت یاب قرار دیکر اپنے گھر بھیجا گیا۔ کورونا وائرس سے اب تک مہاراشٹر میں کُل 19 لاکھ 38 ہزار 674 افراد ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قدرے بہتر ہوکر قریب 96% ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 34ہزار 862 ہے جو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں اپنا علاج کروارہے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل جالنہ ضلعے میں ایک کورونا مریض کی موت ہوگئی۔ جبکہ مراٹھواڑہ میں گذشتہ کل 174 نئے کورونا پازیٹو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ بیڑ ضلعے میں کل مراٹھواڑہ میں سب سے زیادہ 49 مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل 48 کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ لاتور میں 19‘ جالنہ اور ناندیڑ میں 17-17‘ عثمان آباد میں 15‘ پربھنی میں 8 اور ہنگولی ضلعے میں ایک شخص میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر پروین دریکر نے کہا ہیکہ بجلی بل ادا کرنے کے معاملے میں اگر ریاستی حکومت نے عوام اور کسانوں پر سختی کی تو بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں ’’جیل بھرو ‘‘آندلن کیے جائیں گے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت بجلی بل وصولی مہم فوراً روک دے۔ دریکر کل لاتور میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے بجلی بل وصولی سمیت مختلف مطالبات پر مبنی محضر لاتور کے ضلع کلکٹر BP پرتھوی راج کو پیش کیا۔ دریکر نے الزام لگایا کہ لاتور ضلعے میں پانی کا وافر ذخیرہ ہونے کے باوجود بار بار بجلی فراہمی مسدود کی جاتی ہے جس سے فصلوں کو پانی دینا مشکل ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں بجلی بورڈ بل وصول کرنے کی سختی کررہا ہے اور لوگوں کے بجلی کنکشن توڑے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء واجب الادا بجلی بل ادا نہ کرتے ہوئے دوسرے ناموں سے نئے بجلی کنکشن لینے والے گاہکوں کی جانب سے واجب الادا رقم وصول نہ ہونے کی صورت میں بجلی کنکشن کاٹ دینے کی ہدایت مہاوِترن اورنگ آباد کے ڈویژنل دفتر کے جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نگریش گیتے نے دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ میں مستقل طور پر بجلی کاٹ دئیے گئے گاہکوںکی جانب 1121 کروڑ روپئے کی رقم بقایہ ہے۔ لہٰذا جن گاہکوں نے بقایہ رقم ادا نہ کرتے ہوئے نئے کنکشن حاصل کرلیے ہیں ان کے موجودہ بلوں میں بقایہ رقم جوڑ کر واجب الادا رقم کی وصولی کی جائیگی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں 2020 سے 2025 کے دوران اپنی معیاد مکمل کررہی گرام پنچایتوں کے پچاس فیصد خواتین کیلئے مختص سرپنچ عہدوں کیلئے آج قرعہ اندازی ہوگی۔ یہ قرعہ اندازی جالنہ ضلعے کے سبھی 8 تحصیل دفتروں میں ہوگی۔ اس سے پہلے قرعہ اندازی کی تاریخ ایک فروری طئے کی گئی تھی، لیکن انتظامی وجوہات کی پر اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہوجانے کے بعد ضلعے میں نومنتخبہ 446 گرام پنچایتوں میں سرپنچ چننے کی راہ ہموار ہوجائیگی۔
***** ***** *****
پربھنی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کل شہر کے محکمۂ صحت کے افسران اور ملازمین اور نرسوں کو کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگائے گئے۔ میونسپل کمشنر دیوی داس پوار نے سب سے پہلے خود کو ٹیکہ لگواتے ہوئے اس مہم کی شروعات کی۔ انھوں نے سبھی سے بے خوف ہوکر کورونا وائرس مخالف ٹیکہ لگوانے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے بجٹ میں عوامی شعبے کی دو بینکوں کی نجی کاری کرنے کے اعلان کے بعد بینک ملازمین اور افسران کی تنظیم یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینس نے کل لاتور میں مظاہرے کیے۔ بینک ملازمین کی تنظیم کے رہنما سنجے کلکرنی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی نجی کاری نہیں بلکہ ان بینکوں کو ختم کرنے کی سازش ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے بیچ کھیلے جانے والے چار ٹسٹ مقابلو ںکی سیریز کا پہلا میچ آج سے چینئی میں کھیلا جائیگا۔ یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شرو ع ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھرسن لیجیے ۔۔
٭ مہاراشٹر ودھان سبھا اسپیکر نانا پٹولے کا استعفیٰ؛ کہا پارٹی صدر کی ہدایت ہوئے ہیں مستعفی‘ نئی ذمہ داری قبول کرنے ہیں تیار۔
٭ انگلینڈ اور برازیل میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے مزید احتیاط برتے جانے کی ضرورت؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا بیان۔
٭ بناء سبسیڈی والے گھریلو استعمال کے گیس سلنڈروں کی قیمت میں 25 روپئوں کا اضافہ؛ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ہوئی بڑھوتری۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل جالنہ میں ہوئی ایک کورونا مریض کی موت؛ اورنگ آباد میں کل پائے گئے 48 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment