Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 08.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸؍ فروری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ شیوسینا نے اقتدار کے حصول کیلئے کانگریس اور راشٹروادی کانگریس سے ہاتھ ملایا: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی تنقید۔
٭ مستقبل میں صرف پالیسی اور دفاعی شعبۂ جات میں ہی سرکاری صنعتیں قائم کی جائیں گی: مرکزی وزیرِ خزانہ۔
٭ آئندہ ریاستی بجٹ میں پٹرول پر عائد ٹیکس میں تخفیف کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا اشارہ۔
٭ نندوربار ضلع کے نووا پور تعلقے میں برڈ فلو سے متاثر 31 ہزار400 مرغیاں ضائع کردی گئیں۔
٭ ریاست میں 2 ہزار673 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 145 مریضوں کی جانچ مثبت۔
اور۔۔
٭ پربھنی کے سرکاری اسپتال کے ایمرجنسی شعبے میں آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ شیوسینا نے صرف اقتدار کے حصول کیلئے عوامی رائے کی توہین کرتے ہوئے کانگریس اور راشٹروادی کانگریس سے ہاتھ ملایا۔ سندھو دُرگ ضلع کے پڑوے میں رکنِ پارلیمان نارائن رانے کی قائم کردہ ایس ایس پی ایم میڈیکل کالج کا افتتاح کل امیت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ بی جے پی کی جانب سے شیوسینا کو وزارتِ اعلیٰ کا عہدہ دینے کا تیقن دیا گیا تھا اور کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی تیقن دینا ہی ہوتا تو اُس کا کھلے عام اعلان کیا جاتا۔ تشہیری مہم کے دوران بی جے پی کی جانب سے بارہا یہ کہا جاتا رہا کہ دیویندر پھڑنویس ہی دوبارہ وزیرِ اعلیٰ ہوں گے‘ تو اس وقت شیوسینا نے اعتراض کیوں نہیں کیا؟ اپنی تقریر میں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت طبّی میدان میں بہترین کارکردگی انجام دے رہی ہے۔ ریاست میں 22 ایمس اسپتال شروع کیے جارہے ہیں جن میں سے 18 کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں میڈیکل کالج میں طلبہ کی نشستوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور طلبہ مقامی زبانوںمیں امتحان دیکر میڈیکل کورسیز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے واضح طور پر کہا ہیکہ مستقبل میں صرف پالیسی اور دفاعی شعبوں میں ہی سرکاری صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ کل ممبئی میں مرکزی عام بجٹ کی تفہیم کیلئے ممبئی بی جے پی کی جانب سے منعقدہ ا یک تقریب سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ ماضی کی حکومتوں نے مختلف سرکاری کمپنیوں کی نجکاری کے فیصلے کیے تھے‘ لیکن ان میں کوئی شفافیت نہیں تھی۔ انھوںنے کہا کہ عوام کے پیسے سے نفع بخش سرمایہ کاری کیلئے موجودہ مرکزی حکومت نے عدم سرمایہ کاری کی واضح پالیسی اختیار کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ عام مالیاتی بجٹ کئی معنوں میں سمت متعین کرنے والا اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو بحال کرنے والا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے کہا ہیکہ حکومت ریاست میں پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کی خواہشمند ہے او راس ہدف کے حصول کیلئے آئندہ ریاستی بجٹ میں پٹرول پر عائد ٹیکس میں تخفیف کا اشارہ بھی انھوںنے دیا۔ وہ کل ناگپور میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس میں کٹوتی کا فیصلہ حلیف جماعتوں کے قائدین کے ساتھ گفت و شنید کے بعد ہی کیا جائیگا۔ تاہم کتنا ٹیکس کم ہوگا‘ ابھی یہ کہنا مناسب نہیں ۔ اجیت پوار نے کہا کہ ریاست میں اس برس کا بجٹ 75 ہزار کروڑ روپئے خسارے کا ہونے کا خدشہ ہے لیکن مرکزی حکومت کے ذمہ جی ایس ٹی کی مد میں واجب الادا 25 ہزار کروڑ روپئے کی عدم ادائیگی کے باعث یہ ریاستی بجٹ ایک لاکھ کروڑ روپئے خسارے کا بھی ہوسکتا ہے۔
***** ***** *****
انّا صاحب پاٹل اقتصادی بورڈ نے سابق صدر نریندر پاٹل نے کہا ہے کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کیلئے ریاستی حکومت وقت گذاری اور ٹال مٹول کررہی ہے۔ کل شولاپور میں مراٹھا سماج کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوںنے الزام عائد کیا کہ او بی سی اور مراٹھا تنازعہ کھڑا کرکے یہ سرکار اپنا اقتدار قائم رکھنا چاہتی ہے اور مراٹھا سماج ایک بار پھر متحد ہوکر حکومت پر دبائو بنائے بغیر یہ ریزرویشن حاصل نہیں کرسکتا۔ اس لیے ریاست کے ہر گائوں میں بھوک ہڑتال شروع کرنے کا انھوں نے انتباہ دیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے انّا صاحب پاٹل اقتصادی ترقیاتی بورڈ برخاست کرکے مراٹھا سماج کے ساتھ شدید ناانصافی کی ہے او راب سارتھی ادارہ بندکرنے کیلئے بھی حکومت کوششیں کررہی ہے۔
***** ***** *****
کانگریس کے رہنما اشوک چوہان نے کہا ہے کہ بی جے پی کی جانب سے کانگریس کے خلاف منظم طور پر غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔ وہ کل ناندیڑ میں کانگریس کے میڈیا سیل کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ ان غلط فہمیوں کا ازالہ کرکے بی جے پی کی پروپیگنڈہ مہم کا جواب دینے کی ذمہ داری کانگریس میڈیا سیل کارکنوں کی ہے۔
***** ***** *****
نندوربار ضلع کے نووا پور تعلقے میں اب تک برڈ فلو سے متاثرہ 31 ہزار 400 مرغیاں ضائع کی جاچکی ہیں۔ نووا پور تعلقے کے مختلف پولٹری فارمز میں 8 لاکھ 74 ہزار 598 مرغیاں ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق صرف برڈ فلو کی وباء سے متاثرہ مرغیاں ہی ختم کی جارہی ہیں۔ اس کام کیلئے ویٹرنری شعبے کی 12 ٹیمیںفعال ہیں۔ ہر ٹیم میں 5 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ مرکز سے ایک کلو میٹر نصف قطر کے دائرے میں آنے والے رقبے کو متاثرہ علاقہ اور 10 کلو میٹر دائرے میں آنے والے رقبے کو زیرِ نگرانی علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
دھولیہ ضلع کے مہر گائوںموضع میں بھی برڈ فلو سے کئی مرغیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔ دھولیہ کے ضلع کلکٹر نے مہر گائوں میں موجود متاثر مرغیوںکو سائنٹفک طرز پر ختم کرنے او ران کی باقیات کو محفوظ طور پر ضائع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
وزارتِ اطلاعات و نشریات‘ علاقائی عوامی رابطہ بیورو اور مہاراشٹر و گوا کی جانب سے کورونا ٹیکہ اندازی مہم و عوامی بیداری مہم ’’ووکل فار لوکل‘‘ کا کل سے آغاز ہوا۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے اس مہم کے تصویری رتھ کو کل ہری جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کورونا ٹیکہ اندازی سے متعلق عوام میں بڑے پیمانے پر غلط فہمیاں پائی جارہی ہیں‘ انھیں دور کرنے کیلئے اس نوعیت کے 16 بیداری رَتھ تیار کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 2 ہزار 673 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح اب ریاست میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 44 ہزار 71 ہوگئی ہے۔ کل 30 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح اب تک اس وباء کے باعث ریاست میں 51 ہزار 310 اموات ہوچکی ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل جالنہ اور ناندیڑ اضلاع میں ایک۔ ایک کورونا مریض چل بسا‘ جبکہ ڈویژن میں 145 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام انٹرنیشنل فائونڈیشن کے اسپیس ریسرچ پولوڈ کیوب چیلنج کے تحت اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن اسکول کے 10 طلبہ کا تیار کردہ مصنوعی سیاہ کل خلاء میں چھوڑا گیا۔ رامیشورم کے خلائی مرکز سے اسے داغا گیا۔ اورنگ آباد میں پریہ درشنی اندرا نگر میں واقع اسکول کے طلبہ نے اس کا راست نظارہ کیا۔ اس پروگرام میں شامل طلبہ کے نام مختلف ریکارڈس میں درج کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ گریجویٹس حلقے سے منتخب رکنِ اسمبلی ستیش چوہان کو مہاراشٹر اعلیٰ تعلیم و ترقیاتی کمیشن کے رُکن کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام راجے نائیک نمبالکر نے انہیں اس کمیشن کا رُکن نامزد کیا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے سرکاری اسپتال کے شعبۂ ایمرجنسی میں ہوئی آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے ایک جانچ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی اندرونِ 3 یوم اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ 6 فروری کو اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی اوپری منزل پر رکھے گئے لکڑی کے سامان میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔ اسی دوران کل شام اسی اسپتال کے لانڈری میں آگ لگ گئی۔ اس آگ میں شعبے کے کاغذات جل کر خاک ہوگئے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چنئی میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 578 رَن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں 6وِکٹ کے نقصان پر 257 رَن بنالیے تھے۔ جس میں رِشبھ پنت کے 91 رَن شامل ہیں۔ کل جب کھیل ختم ہوا تو واشنگٹن سندر 33 اور روی چندر اَشون 8 رَن بناکر کریز پر موجود تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ شیوسینا نے اقتدار کے حصول کیلئے کانگریس اور راشٹروادی کانگریس سے ہاتھ ملایا: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی تنقید۔
٭ مستقبل میں صرف پالیسی اور دفاعی شعبۂ جات میں ہی سرکاری صنعتیں قائم کی جائیں گی: مرکزی وزیرِ خزانہ۔
٭ آئندہ ریاستی بجٹ میں پٹرول پر عائد ٹیکس میں تخفیف کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا اشارہ۔
٭ نندوربار ضلع کے نووا پور تعلقے میں برڈ فلو سے متاثر 31 ہزار400 مرغیاں ضائع کردی گئیں۔
٭ ریاست میں 2 ہزار673 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 145 مریضوں کی جانچ مثبت۔
اور۔۔٭ پربھنی کے سرکاری اسپتال کے ایمرجنسی شعبے میں آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment