Date: 04 August-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ اگست ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔
ملک بھر میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کووِڈ 19- کے تدارک کے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ یہ ٹیکے ضرور لگوائیں اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی میں مدد کریں۔ کورونا کا خطرہ ہنوز برقرار ہے‘ اس لیے احتیاط اب بھی لازمی ہے۔ سامعین سے گذارش ہے کہ نہایت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ناک اور منہ پر ماسک اچھی طرح لگائیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں اور ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔
کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے 011-23 97 80 46 یا 1075 پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروںکی سرخیاں۔
٭ سیلاب زدگان کو معاوضے کی ادائیگی اور درستی کامو ںکیلئے ساڑھے گیارہ ہزار کروڑ روپئے کے
فنڈز کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ جالنہ میں نفسیاتی مریضوں کے 365 پلنگوںکے اسپتال کی تعمیر کو منظوری۔
٭ شکر کی کم از کم بنیادی قیمت میں اضافے کا NCP سربراہ شرد پوار کا مطالبہ۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے اور CBSE کے جماعت دہم کے نتائج کا اعلان۔
٭ ریاست میں 6 ہزار 5 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 6 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ ٹوکیو اولمپکس میں خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کا سیمی فائنل میں آج ارجنٹائنا سے مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست میں حال ہی میں ہوئی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد‘ درستی کے کاموں اور دیگر اقدامات کیلئے 11 ہزار 500 کروڑ روپئے کے فنڈز ریاستی کابینہ نے منظور کرلیے۔ کل ہوئے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے سیلاب کی تباہ کاریوں اور زمین کھسکنے کے نقصانات سے بچنے کیلئے فوری کاروائی کے احکامات ریاستی انتظامیہ کو دئیے۔ آفت زدہ شہریوں کو ریاستی ہنگامی فنڈز کی متعین کردہ شرح سے زائد امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان فنڈز میں سے راست امداد کیلئے 1500 کروڑ روپئے‘ تعمیرات کی درستی کیلئے 3 ہزار کروڑ اور متاثرہ علاقوں میں فلاحی منصوبوں کیلئے 7 ہزار کروڑ روپئے خرچ کیے جائیں گے۔ امدادی رقومات کی تفصیلات بھی ریاستی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردی گئی ہیں۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ کپڑوں کے نقصان کیلئے فی خاندان 5 ہزار روپئے اور برتنوں کیلئے 5 ہزار روپئے معاوضہ دیا جائیگا۔ دودھ دینے والے مویشیوں کیلئے 40 ہزار روپئے فی جانور‘ بوجھ ڈھونے والے مویشیوں کیلئے فی جانور 30 ہزار روپئے‘ چھوٹے جانوروں کیلئے 20ہزار روپئے‘ مینڈھا اور بکری کیلئے 4 ہزار روپئے‘ مرغی کیلئے 50 روپئے فی مرغی اور ہر متاثرہ خاندان کو کم از کم 5 ہزار روپئے معاوضہ ادا کیا جائیگا۔ مکمل طورپر تباہ ہوجانے والے مکانات کیلئے دیڑھ لاکھ روپئے اور جزوی طور پر متاثرہ مکانات کیلئے 15 ہزار تا 50 ہزار روپئے تک کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ۔
جالنہ میں نفسیاتی مریضوں کے علاج کیلئے 365 پلنگوں کے علاقائی اسپتال کی تعمیر کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی۔ اس اسپتال میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے نفسیاتی مریضوں کی باز آبادکاری اور علاج ممکن ہوسکے گا۔ اسپتال کی عمارت کی تعمیر‘ ادویہ و آلات‘ ایمبولنس اور انسانی وسائل کیلئے 104 کروڑ 44 لاکھ روپئے مصارف کا اندازہ پیش کیا گیا ہے۔
ریاست کی زرعی یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک زرعی کالجوں کے تدریسی عملے کیلئے UGC کے ترمیم شدہ اُجرتی تنخواہ نظام کا نفاذ یکم جنوری 2016 سے تصور کیا جائیگا۔
***** ***** *****
شکر کی کم از کم طئے کردہ قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کیا ہے۔ اس ضمن میں انھوں نے کل دہلی میں مرکزی وزیرِ داخلہ اَمت شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امدادِ باہمی شکر کارخانوں کے مسائل سے متعلق اَمت شاہ کو آگاہ کرتے ہوئے قومی امدادِ باہمی شکر کارخانوں کی تنظیم کا ایک مکتوب بھی ان کے سپرد کیا گیا۔ اس مکتوب میں بتایا گیا کہ امدادِ باہمی شکر کارخانے مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور مطالبہ کیا گیا کہ موجودہ شکر کارخانوں کے احاطے ہی میں ایتھینال سازی کی منظوری دی جائے۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے بارہویں جماعت کے نتائج کا کل دوپہر اعلان کردیا گیا۔ اس بار 99 اعشاریہ چھ تین فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ۔ کامرس کے شعبے میں سب سے زیادہ 99 اعشاریہ نو ایک فیصد‘ آرٹس کے شعبے میں 99 اعشاریہ آٹھ تین اور سائنس کے طلبہ کا نتیجہ 99 اعشاریہ چار پانچ فیصد رہا۔ اس بار بھی طالبات کی کامیابی کا فیصد لڑکوں سے زیادہ رہا۔ کوکن ڈویژن میں سب سے زیادہ 99 اعشاریہ آٹھ ایک فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔
مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE کے تحت جماعت دہم کے نتائج بھی کل ظاہر کردئیے گئے۔ اس بار 99.4 فیصد طلبہ کامیاب قرار پائے۔ کامیاب ہونے والی طالبات کا فیصد 99 اعشاریہ دو چار رہا، جبکہ 98 اعشاریہ آٹھ نو فیصد لڑکے کامیاب ہوئے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 6 ہزار 5 نئے کورونا مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا متاثرین کی کُل تعداد 63 لاکھ 21 ہزار 68 ہوگئی ہے۔ کل 177 مریض مختلف اسپتالوں میں دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح ریاست بھر میں اس وباء کے باعث مجموعی طورپر ایک لاکھ 33 ہزار 215 اموات ہوچکی ہیں۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 74 ہزار 318 مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 310 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 6 مریض انتقال کرگئے۔ جن میں اورنگ آباد ضلع کے 2‘ جالنہ، لاتور، ہنگولی اور بیڑ اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ مراٹھواڑہ میں کل سب سے زیادہ بیڑ ضلع میں 124 نئے مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ عثمان آباد میں 105‘ لاتور 35‘ اورنگ آباد 30‘ جالنہ 12‘ ناندیڑ 3 اور پربھنی ضلع میں ایک نئے مریض کی موجودگی سامنے آئی۔ ہنگولی ضلع میں کل بھی کوئی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
ٹوکیو اولمپکس میں بھالا پھینک مقابلو ںمیں بھارت کے نیرج چوپڑا آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ آج صبح کوالیفائنگ رائونڈ میں وہ پہلے نمبر پر رہے۔ خواتین کے باکسنگ مقابلوں کے ویلٹر ویٹ زمرے میں آج سیمی فائنل میں بھارت کی لولینا بارگوہین ترک کھلاڑی سے مقابلہ کریں گی۔ خواتین کے ہاکی سیمی فائنل میں آج بھارتی ٹیم کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔
اسی دوران کل کھیلے گئے مردوں کے سیمی فائنل میں بھارت کو بلجیم کے ہاتھوں 2کے مقابلے میں5 گول سے شکست ہوئی۔ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیاء نے جرمنی کو 3-1 سے شکست دی۔ اب برانز میڈل کیلئے بھارت کا مقابلہ جرمنی سے جمعرات کو ہوگا۔
خواتین کے بھالاپھینک مقابلوں میں بھارت کی انّو رانی اور مردوں کے شاٹ پُٹ مقابلوں میں تیجندر سنگھ کوالیفائنگ رائونڈ میں ہی مقابلے سے باہر ہوگئے۔
***** ***** *****
آنچل گوئل نے کل پربھنی کے ضلع کلکٹر کی حیثیت سے عہدے کا جائزہ لیا۔ ریاست کے عوامی انتظامی اُمور کے اَپّر چیف سیکریٹری نے 13 جولائی کو اس خصوص میں احکامات جاری کیے تھے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر سے قریب واقع گھانے واڑی تالاب میں ڈوب کر 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر پھسلنے سے تالاب میں گرنے والے ایک شخص کو بچانے کیلئے پرمیشور کھنڈاگڑے اور ان کا بھتیجا روہت کھنڈاگڑے نے تالاب میں کود پڑے۔ تاہم یہ دونوں غرق ہوگئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھرسن لیجیے۔۔
٭ سیلاب زدگان کی امداد و درستی کامو ںکیلئے ساڑھے گیارہ ہزار کروڑ روپئے کے فنڈز کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ جالنہ میں نفسیاتی مریضوں کیلئے 365 پلنگوںکے اسپتال کی تعمیر کو بھی منظوری۔
٭ شکر کی کم از کم بنیادی قیمت میں اضافے کا NCP سربراہ شرد پوار کا مطالبہ۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے اور CBSE کے جماعت دہم کے نتائج کا اعلان۔
٭ ریاست میں 6 ہزار 5 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 6 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ ٹوکیو اولمپکس میں خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کا سیمی فائنل میں ارجنٹینا سے مقابلہ آج۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔
No comments:
Post a Comment