Saturday, 22 January 2022

آکاشوانی اَورنگ آباد علاقائی خبریں تاریخ : 22 ؍ جنورئ 2022 وَقت : صبح 09.00 سے 09.10 ؍ بجے

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date : 22 January 2022

Time:  09 : 00 to 09: 10 AM

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۲ٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗ  ؍ جنوری۲۰۲۲ء؁

وَقت: صبح  ۰۰۔۹  سے  ۱۰۔۹؍ بجے 


سب سے پہلے اِس وقت کی سر خیاں...


٭ وزیر اعظم نریندر مودی کَل کریں گے نئی دِلّی کے اِنڈیا گیٹ پر نیتا جی سُبھاش چندر بوس کی 

تصویر کی نقب کشائی ‘ مودی نے اِنڈیا گیٹ میں نیتا جی کے مجسمے کو نصب کرنے کا کیا اعلان

٭   مہاراشٹر میں اسکو لوں کو دو بارہ شروع کرنے کے دوران طلبا کی صحت اور حفاظت کو اوّلین ترجیح دینے کی ریاستی وزیر تعلیم کی ہدایت‘ اورنگ آباد ‘ جالنہ  اور  بیڑ سمیت مراٹھواڑہ میں پیر سے شروع ہوں گے اسکول

اور

٭ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوںگے آف لائن ‘ مہاراشٹر ریاستی تعلیمی بورڈ کی 

وضاحت


  اب خبریں تفصیل سے....


وزیر اعظم نریندر مودی کَل نئی دِلّی میں اِنڈیا گیٹ پر مجا ہد آزادی نیتا جی سُبھاش چندر بوس کی ہو لو گرام تصویر کی نقب کشائی کریں گے ۔ مودی نے کَل ایک ٹوئیٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی ۔ کَل23؍ جنوری کو سُبھاش چندر بوس کی 125؍ ویں جینتی منائی جا ئے گی ۔ اِس پس منظر میں اِنڈیا گیٹ کے قریب چھتری میں سُبھاش چندر بوس کا مجسمہ نصب کر نے کا وزیر اعظم نے اعلان کیا ۔گرینائٹ سے تیار ہو رہے اِس مجسمے کے نصب ہونے تک اِس جگہ نیتا جی کی ہو لو گرام تصویر دکھائی جا ئے گی ۔ اپنے ٹوئیٹ میں مودی نے کہا کہ نیتا جی کا مجمسہ‘ ملک کی جانب سے اُن کے تئیں اظہار تشکرّ کی علا مت ہو گا ۔

دریں اثنااِنڈیا گیٹ کی چھتری کے سامنے جل رہی اَمر جوان جیو تی کو اِسی احا طے میں تعمیر کر دہ نیشنل وار میمو ریل میں منتقل کر دیا گیا ۔

***** ***** ***** 

مہاراشٹر کی اسکو لی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے ریاست میں اسکولوں کو دو بارہ شروع کرنے کے دوران طلبا کی صحت اور حفا ظت کو اوّلین تر جیح دینے اور سبھی کورونا مخالف ضابطوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ پیر سے ریاست میں اسکول شروع ہو رہے ہیں جس کی پیشگی تیا ریوں کا گائیکواڑ نے کَل جائزہ لیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسکولوں کو شروع کرنے سے پہلے سبھی تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی مکمل ٹیکہ اندازی کی جا ئے ۔

***** ***** ***** 

جالنہ ضلعے کے شہری علاقوں میں آٹھویں سے بار ہویں اور دیہی علاقوں میں پہلی سے با رہویںتک کی کلا سیز پیر سے شروع کی جا ئیں گی ۔ جالنہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِجئے راٹھوڑ نے اِس کی اجازت دیدی۔ اِس دوران سبھی کورونا مخالف ضابطوں پر سختی سے عمل کرنا ہو گا ۔ اِس بارے میں سبھی ایجو کیشن افسروں کو کَل ہدایت دیدی گئی ۔

***** ***** ***** 

دوسری جانب اورنگ آباد میں بھی پیر سے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے تحت آ نے والے سبھی میڈیم کے اسکولوں اور خانگی اسکولوں کو دو بارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اِس دوران دسویں اور بارہویں کی کلا سیز ہوں گی ۔ میونسپل کمشنر اور ایڈ منسٹریٹر آستِک کمار پانڈے نے اِس کی اجازت دی۔

کارپوریشن کی جانب سے جا ری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکو لوں کےشروع ہونے سے پہلے سبھی اسا تدہ کی ٹیکہ اندازی ہونی چا ہیے ‘ اِس کے علا وہ اُنہی طلبا کو کلا سیز میں آنے کی اجازت ہو گی جو کورونا وائرس سے بچائو کا پہلا ٹیکہ لگوا چکے ہوں۔ اِس بارے میں جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھیڑ جمع ہونے سے روکنے کے لیے سر پرستوں کو اسکولوں کے احا طے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی ۔

***** ***** ***** 

اورنگ آباد  اور  جالنہ کے علا وہ بیڑ ضلعے میں بھی صرف دسویں  اور  بارہویں کی کلا سیز پیر سے شروع کرنے کی اجازت ضلع کلکٹر رادھا بِنود شر ما نے دی ہے ۔ پرائمری ایجو کیشن کے ایجو کیشن افسر اجئے بہیرنے کَل آکاشوانی سے بات کر تے ہوئے یہ اطلاع دی ۔ اُنھوں نے بتا یا کہ اگلے جمعہ کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور  دوسری کلاسیز شروع کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ ہو گا ۔

***** ***** ***** 

مہاراشٹر تعلیمی بورڈ کے دسویں  اور  بارہویں جماعت کے امتحا نات آف لائن طرز پر ہی ہوں گے ۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے یہ وضاحت کی گئی ہے ۔ بورڈ کے صدر شردگو سا وی نے کَل یہ جا نکا ری دی ۔ دسویں جماعت کے امتحانات15؍ مارچ سے جبکہ بارہویں کے امتحانات 4؍ مارچ سے شروع ہو نےہیں۔ اِس سے پہلے 14؍ فروری سے4؍ مارچ تک بارہویں کے پریکٹیکل امتحانات ہوں گے ۔ وہیں25؍ فروری سے14؍ مارچ تک دسویں کے پریکٹیکل امتحانات منعقد ہوں گے ۔

***** ***** ***** 

مہاراشٹر حکو مت نے محکمہ سماجی انصاف کے ہوسٹلوں کو دو بارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِن ہوسٹلیس کو  کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کوروکنے کے لیے بند کر دیا گیا تھا ۔ محکمہ سماجی انصاف کے وزیر دھننجئے منڈے نے ٹوئیٹ کر تے ہوئے کہا ہے کہ محکمے کو متعلقہ ضلعے میں کورونا وائر س کی موجود ہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور سبھی کورونا مخالف ضابطوں پر عمل کر تے ہوئے ہوسٹلس شروع کرنے کو کہا گیا ہے ۔ مُنڈے نے بتا یا کہ ہوسٹلس بند ہونے کی وجہ سے طلباکو پیش آ رہی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔


***** ***** ***** 

 یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں

***** ***** ***** 


مہاراشٹر میں کَل ایک دِن میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومیکرون سے متاثرہ144؍ نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ۔ اِن میں130؍ مریض پونے ضلعے سے ہیں جبکہ 8؍ مریضوں کا تعلق شو لا پور سے ہے ۔ اِس کے علا وہ بیڑ‘ پر بھنی ‘ جلگائوں‘ رائے گڑھ ‘ سا تا را  اور  ممبئی میں ایک-ایک اومیکرون پا زیٹیو مریض پا یا گیا۔ اِس اضا فے کے بعد اب تک مہاراشٹر میں او میکرون پا زیٹیو پائے گئے مریضوں کی کُل تعداد2343؍ ہو گئی ہے ۔ اِس تعداد میں سے1171؍ مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔

***** ***** ***** 

مہاراشٹر میں گزشتہ روز48,270؍ نئے کورونا پا زیٹیو مریضوں کا اضا فہ درج کیا گیا ۔ اِس انکشاف کے بعد ریاست میں اَب تک کورونا پا زیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74؍ لاکھ20؍ ہزار27؍ تک جا پہنچی ہے ۔ وہیں کَل ریاست بھر میں 52؍ کورونا مریضوں نے دوران علاج دَم توڑ دیا ۔ اِن اموات کو ملا کر مہا راشٹر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوا نے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ42؍ ہزار23؍ ہو گئی ہے ۔ ریاستی شرح اموات لگ بھگ 2؍ فیصد رہی ۔

دوسری جانب کَل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے کُل42,291؍ افراد کو  کورونا وائرس سے صحت یاب قرار دے کر گھروں کو رخصت کیا گیا ۔ اِس طرح مہاراشٹر میں اِس بیما ری سے نجات پا نے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر70؍ لاکھ9؍ ہزار823؍ ہو گئی ہے ۔ کووِڈ19- سے صحت یابی کا ریاستی تنا سب قریب95؍ فیصد رہا ۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا پا زیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 2؍ لاکھ64؍ ہزار388؍ ہے اور اِن سبھی کا علاج جا ری ہے ۔

***** ***** ***** 

مراٹھواڑہ میں بھی کورونا پا زیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضا فہ جا ری ہے۔ کَل ایک دِن میں مراٹھواڑہ میں4051؍ کورونا پا زیٹیو مریضوں کا اضا فہ درج کیا گیا اور 4؍ مریضوں کی موت ہو گئی ۔ مرنےوالوں میں اورنگ آباد ضلعے سے3؍  اور  ناندیڑ ضلعے سےایک مریض شامل ہے ۔ اورنگ آ باد ضلعے میں کَل ایک دِن میں1149؍  افراد کو  کورونا پا زیٹیو پا یا گیا ۔ اِس تعداد میں758؍ مریض اورنگ آباد شہر سے ہیں جبکہ 391؍ مریضوں کا تعلق ضلعے کے دیہی علاقوں سے ہے۔

مراٹھواڑہ کے دوسرے شہروں میں بھی کورونا پازیٹیو افراد کی تعداد میں اضا فہ درج کیا جا رہا ہے۔ لاتور ضلعے میں771؍ ناندیڑ میں719؍ پر بھنی میں373؍  اور  عثمان آباد میں323؍ لوگوں کو کَل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا ۔ بیڑضلعے میں295؍ جالنہ میں284؍  اور  ہنگولی ضلعے میں137؍ افراد میں کَل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔

***** ***** ***** 

معروف صحا فی دِنکر رائیکر کا کَل ممبئی میں انتقال ہو گیا ۔ وہ81؍ برس کے تھے ۔ ڈینگو  اور  کورونا وائر س سے متاثرہ دِنکر رائیکر کا گزشتہ کئی دِنوں سےممبئی کے نا نا وَتی اسپتال میں علاج جاری تھا۔ علاج کے بعد وہ ڈینگو سے ٹھیک ہو چکے تھے  اور  جمعرات کی رات اُن کاRT-PCR ٹیسٹ بھی نِگیٹیو آ یا تھا ۔ تاہم کَل علی الصبح اُنھیں سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی اور اِس دوران ہی وہ چل بسے ۔

اِنڈین ایکسپریس گروپ سے لمبے وقت تک جُڑے دِنکر رائیکر نے کئی سالوں تک لوکمت گروپ میں مدیر کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے ۔ اُنھیں مختلف  انعامات  اور اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے ‘ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار  او ر  گور نر بھگت سنگھ کوشیاری نے دِنکر رائیکر کی موت پر گہرےدُکھ کا اظہار کیا ہے ۔

***** ***** ***** 

نیشنل گرین ٹریبونل ‘ NGT نے چندر پور میں واقع حرارتی بجلی مرکز پر 5؍ کروڑ روپیوں کا جُر مانہ عائد کیا ہے ۔ چندر پور کے سما جی کار کن مدھو سُدَن رُنگٹھا نے حرارتی بجلی مرکز کے خلاف ایک عرضی داخل کی تھی ۔ حرارتی بجلی مرکزی کی جانب سے آلود گی پر قا بو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو نا کا فی بتا تے ہوئے NGT   نے یہ کار وائی کی ہے ۔NGT نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے ایک مشتر کہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ۔

***** ***** ***** 

میڈیکل دوائیں فروخت کرنے والوں کی ریاستی تنظیم نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ریاستی حکو مت کی جانب سے میڈیکل دکانداروں پر عائد کی گئی پا بندیاں نہیں ہٹائی گئی تو وہ کوروناسے بچائو کی دوائوں کی فروخت بند کردیں گے ۔ ریاستی حکو مت نے ہوم کورنٹائن کورونا مریضوں کے لیے فروخت کی جا رہی سیلف ٹیسٹِنگ کِٹ خرید نے والوں کی مکمل تفصیلات جمع کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔میڈیکل دکانداروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ کِٹ آن لائن بڑے پیما نے پر فروخت ہو رہی  ہے ۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ جب آن لائن فروخت پر کوئی پا بندی نہیں ہے تو حکو مت میڈیکل دکانداروں پر معلو مات جمع کرنے کی سختی کیوں کر رہی ہے ۔

***** ***** ***** 

کرکٹ :

بھارت  اور  جنوبی افریقہ کے در میان کَل پارل میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کر کٹ مقابلے میں جنو بی افریقہ نے بھارت کو 7؍ وکٹ سے ہرادیا ۔ اِس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے 3؍ ایک روزہ کر کٹ مقابلوں کی سیریز میںدو-صفر  کی بر تری حاصل کر لی ہے ۔ 


کَل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا  اور مقررہ اووروں میں

287؍ رن بنائے ۔جواب میںجنوبی افریقی ٹیم نے یہ نشا نہ 49؍ ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کَل کیپ ٹائون میں کھیلا جا ئے گا ۔ 

***** ***** ***** 


اورآخر میں اہم خبریں ایک بارپھر سن لیجیے ... 


٭ وزیر اعظم نریندر مودی کَل کریں گے نئی دِلّی کے اِنڈیا گیٹ پر نیتا جی سُبھاش چندر بوس کی

  تصویر کی نقب کشائی ‘ مودی نے اِنڈیا گیٹ میں نیتا جی کے مجسمے کو نصب کرنے کا کیا اعلان

٭  

 مہاراشٹر میں اسکو لوں کو دو بارہ شروع کرنے کے دوران طلبا کی صحت اور

  حفاظت کو اوّلین ترجیح دینے کی ریاستی وزیر تعلیم کی ہدایت‘ اورنگ آباد ‘ 

جالنہ  اور  بیڑ سمیت مراٹھواڑہ میں پیر سے شروع ہوں گے اسکول

اور

٭ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوںگے آف لائن ‘ مہاراشٹر ریاستی تعلیمی بورڈ کی

  وضاحت


علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

٭٭٭٭٭


No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 23.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 23 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...