Tuesday, 3 January 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 03 جنوری 2023‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 03 January-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۳؍جنوری  ۲۰۲۳ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ مرکزی حکومت کا نوٹ بندی کا فیصلہ عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے درست قرار۔

٭ آن لائن گیمنگ کمپنیوں کیلئے مرکز کی جانب سے قواعد و ضوابط کا اعلان۔

٭ صدی کی آٹھویں انڈین سائنس کونسل کا آج سے ناگپورمیں آغاز۔

٭ سماج کے نچلے طبقے کے افراد کو بااختیار بنانا بی جے پی کا ہدف: پارٹی صدر جے پی نڈّا۔

٭ طبّی تعلیم کے وزیر کی درخواست کے باوجود اقامتی ڈاکٹروں کی تنظیم مارڈ کی ہڑتال جاری۔

اور۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئی ٹی پارک بڑھانے پر حکومت غور کرے: قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے کا مطالبہ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

عدالت ِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت کی جانب سے کیے گئے نوٹ بندی کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں داخل کردہ 58 درخواستوں پر پانچ ججوں پر مشتمل بینچ نے سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ کل سنایا ۔ جس میں عدالت نے تمام 58 درخواستیں مسترد کردیں۔ جسٹس ایس عبدالنظیر‘ جسٹس بی آر گوائی‘ ایس اے بوپنّا اور وی رام سبرامنیم نے نوٹ بندی کو درست قرار دیا، جبکہ جسٹس وی ناگ رتنا نے اس فیصلے کے خلاف اپنا اختلافی نوٹ لکھا۔ بینچ کی اکثریت کی رائے سے کیے گئے فیصلے کو سناتے ہوئے جسٹس گوائی نے کہا کہ بلیک مارکیٹ کو ختم کرنے اور دہشت پسندوں کو کی جانے والی مالی معاونت روکنے کیلئے نوٹ بندی کی گئی تھی۔ فیصلے سے قبل مرکزی حکومت نے RBI سے بات چیت بھی کی تھی۔ اس کے علاوہ نوٹ بندی کے سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن میں عدالت ِ عظمیٰ نے کوئی خامی نہیں پائی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ منسوخ شدہ کرنسی نوٹ‘ RBI دوبارہ بازار میں نہیں لاسکتی۔

***** ***** *****

مرکزی حکومت نے آن لائن گیمنگ کمپنیوں کیلئے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔ ان کمپنیوں کیلئے سیلف ریگولیٹری نظام‘ کھلاڑیوں کی تصدیق اور بھارت میں ان کا مستقل پتہ جاری کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کے مرکزی وزیرِ مملکت راجیو چندر شیکھر نے کل نئی دہلی میں یہ اطلاع دی۔

***** ***** *****

راشٹر سنت تکڑوجی مہاراج یونیورسٹی میں آج سے صدی کی آٹھویں ہندوستانی سائنس کانفرنس کا ناگپور میں آغاز ہورہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اب سے کچھ دیر بعد ساڑھے دس بجے ویڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے اس کا افتتاح کریں گے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کیلئے سائنس و ٹکنالوجی اس سال کی سائنس کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے۔ اس کانفرنس میں خواتین کی سائنس‘ ٹکنالوجی‘ انجینئرنگ اور ریاضی میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ذہن سازی کی جائیگی۔

***** ***** *****

بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت ملک کی ترقی کا نیا باب رقم کررہی ہے۔ لوک سبھا کے آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر جے پی نڈا نے کل اورنگ آباد سے پارٹی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ سماج کے نچلی سطح کی آخری سیڑھی پر کھڑے شخص کو بھی بااختیار بنانے کا پارٹی کا ہدف ہے۔ پردھان منتری غریب اَنّ کلیان یوجنا کے باعث نہایت غریب افراد کی تعداد ایک فیصد کم ہونے کا بھی انھوں نے دعویٰ کیا۔

مرکزی مملکتی وزیرِ مالیات ڈاکٹر بھاگوت کراڑ‘ مملکتی وزیرِ ریل رائو صاحب دانوے‘ بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کڑے‘ قومی سیکریٹری وجیا راہٹکر، قومی سیکریٹری پنکجا منڈے سمیت پارٹی کے مقامی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے قبل چندرپور میں بھی جے پی نڈا نے جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مندی کے اس دور میں بھی ہندوستانی معیشت نے برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا بھر میں پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ جے پی نڈا نے بتایا کہ ریاست میں نئی حکومت آنے کے بعد سے تین لاکھ کروڑ سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

***** ***** *****

چھترپتی سنبھاجی مہاراج سے متعلق قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار کے مبینہ قابلِ اعتراض بیان کی کل بی جے پی کی جانب سے ریاست بھر میں مذمت کی گئی۔ سندھو دُرگ‘ ساتارا‘ شولاپور‘ ناسک‘ پونا اور بارامتی میں بی جے پی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

***** ***** *****


اپنے مختلف مطالبات کو منوانے کیلئے رہائشی ڈاکٹروں کی تنظیم مارڈ کی جانب سے کل ہڑتال شروع کی گئی ہے۔ تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت کے ساتھ متعدد بار خط و کتابت کے باوجود مطالبات پورے نہیں کیے جارہے، اس لیے یہ ہڑتال کی گئی ہے۔ خستہ حال اقامت گاہوں کی مرمت‘ سینئر اقامتی ڈاکٹروں کی آسامیوں کو پُر کرنے اور مہنگائی بھتہ ادا کیے جانے اور دیگر مطالبات کو منوانے کیلئے مارڈ ہڑتال پر ہے۔ 

دریں اثناء طبّی تعلیم کے وزیر گریش مہاجن نے کہا ہے کہ تنظیم کے مختلف مطالبات پورا کرنے کیلئے حکومت آمادہ ہے اور بیشتر مطالبات فوری طور پر مان بھی لیے گئے ہیں۔ انھوں نے اپیل کی کہ مارڈ اپنے مطالبات پر بے لچک مؤقف اختیار نہ کرے۔ وزیرِ موصوف کی درخواست کے باوجود بھی مارڈ نے اپنی ہڑتال جاری رکھی ہے۔ کل شام جاری کردہ ایک مکتوب میں تنظیم نے وضاحت کی کہ تمام مطالبات پورے ہونے تک یہ ہڑتال جاری رہے گی۔

***** ***** *****

قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے نے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھواڑہ میں آئی ٹی پارکس کی تعداد میں اضافہ کرنے پر حکومت غور کرے۔ کل اورنگ آبادمیں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ چھوٹی‘ درمیانی اور بڑی صنعتوں کے میدان میں کافی پسماندہ ہے۔

***** ***** *****

مالیگائوں بم دھماکے کے مرکزی ملزم لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت کو باعزت بری کرنے سے متعلق عرضداشت ممبئی عدالت ِ عالیہ نے مسترد کردی۔ 2008 میں مالیگائوں میں ہوئے بم دھماکے میں 6  افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس پرکاش نائیک کی بینچ نے سماعت کے بعد یہ درخواست خارج کردی۔

***** ***** *****

کسان مزدور پارٹی کے قائد اور مجاہد ِ آزادی کیشو رائو دھونڈگے کی آخری رسومات کل ناندیڑ ضلع کے بہادر پور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے سرکار کی جانب سے جسد ِ خاکی پر پھول چڑھائے۔

***** ***** *****

ریاست میں پولس بھرتی کے عمل کا کل سے آغاز ہوا۔ دیہی اورنگ آباد پولس کی سپاہی بھرتی کا کل اورنگ آباد میں آغاز ہوا۔ 39 آسامیوں کیلئے 5 ہزار 725 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ کل 500  اُمیدواروں کو میدانی جانچ کیلئے بلایا گیا تھا، جس میں سے 137  اُمیدوار حاضر ہوئے۔ پربھنی میں 75 آسامیوں کیلئے 4 ہزار 900 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ ہنگولی ضلع میں بھی 21 جگہوں کیلئے یہ بھرتی کا عمل شروع ہوا ہے۔ 

***** ***** *****

بھارت اور سری لنکا کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ممبئی میں کھیلا جائیگا۔ شام 7 بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ مرکزی حکومت کا نوٹ بندی کا فیصلہ عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے درست قرار۔

٭ آن لائن گیمنگ کمپنیوں کیلئے مرکز کی جانب سے قواعد و ضوابط کا اعلان۔

٭ صدی کی آٹھویں انڈین سائنس کونسل کا آج سے ناگپورمیں آغاز۔

٭ سماج کے نچلے طبقے کے افراد کو بااختیار بنانا بی جے پی کا ہدف: پارٹی صدر جے پی نڈّا۔

٭ طبّی تعلیم کے وزیر کی درخواست کے باوجود اقامتی ڈاکٹروں کی تنظیم مارڈ کی ہڑتال جاری۔

اور۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آئی ٹی پارک بڑھانے پر حکومت غور کرے: قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے کا مطالبہ۔

***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 07 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...