Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad
Date : 31 August 2023
Time : 09.00 to 09.10 AM
آکاشوانی اَورنگ آ باد
علاقائی خبریں
تاریخ : ۳۱؍ اگست ۲۰۲۳ ء
وقت : صبح ۹.۰۰ سے ۹.۱۰ بجے
پہلے خاص خبروں کی سر خیاں ...
٭ آبی ذخیرے کے حامل علاقوں اور کاندل جنگلات کے تحفظ کے لیے فعال کارروائی کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت
٭ اِنڈیا اتحادکے 2؍ روزہ اجلاس کا آج سے ممبئی میں آغاز
٭ ریاست میں بارش کی صورتحال کے پیش نظر راشٹر وادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے قحط سالی کے
اعلان کرنے کا کیا مطالبہ
٭ لاتور سمیت عثمان آباد اور بیڑ اضلاع میں صنعتوں کے قیام کو رفتار دینے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنےکا وزیر صنعت کا تیقن
اور
٭ ایشیاء کپ کر کٹ مقابلوں کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238؍ رنوں سے دی شکست
اب خبریں تفصیل سے...
ٌٌ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست میں آ بی ذخیروں کی حامل زمین سمیت ساحل سمندر سے متصل کاندل جنگلات کے تحفظ کے لیے مزید فعال طریقے سےکارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ نیشنل ویٹ لینڈ ایٹلس کے مطا بق ریاست کے کم و بیش 23؍ ہزار ایسے علاقوں کا سر وے مرکزی حکو مت سے تسلیم شدہ اِداروں سے کرائے جائیں اور اِس خصوص کی رپورٹ برس بھر میں متعلقہ آتھا ریٹی کو پیش کی جائے ۔ وہ کل ممبئی میں مہاراشٹر ویٹ لینڈ اتھا ریٹی کے پانچویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں کُل 75؍ آبی ذخیروں کے حامل رامسر مقامات سے اِن میں ریاست کے ناندُر ‘ مدھمیشور ‘ لو نار جھیل او ر تھانے کی خلیج شامل ہے ۔وزیر اعلیٰ شندے نے ہدایت دی کہ اِن علاقوں کے ضلع کلکٹرس سر وے کو فوقیت دے کر سال بھرمیں اِن آ بی ذخیروں کے حامل علاقوں کی معلو مات جمع کریں ۔
***** ***** *****
غیر زرعی یو نیور سٹی سطح کے تعلیمی شعبے میں اعلیٰ تعلیم کی خاطر کالج اور اِدارے قائم کرنے کے لیے 2024ء تا 2029ء کے دوران
5؍ سالہ جامع منصوبےکو منظوری دی گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی زیر صدارت کل منعقدہ ریاست کے اعلیٰ تعلیم اور ڈیو لپمنٹ کمیشن کی میٹنگ میں یہ منظوری دی گئی ۔ اِس میٹنگ میں نائب وز یر اعلیٰ دیویندر پھڑ نویس ‘ قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما وِجئے وڈیٹی وار اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں ۔ اِس منصوبے کے مطا بق رواں برس ریاست میں ایک ہزار 499؍ مقامات پر نئے کالجیز شروع کیے جا سکتے ہیں ۔
***** ***** *****
شیو سینا ٹھا کرے گروپ کے سر براہ اُدھو ٹھا کرے نے کہا ہے کہ وہ ملک دستور کی حفاظت کے واحد مقصد کے لیے اِنڈیا اتحاد کے پر چم تلے جمع ہوئے ہیں ۔ اِنڈیا اتحاد کا 2؍ روزہ اجلاس آج سے ممبئی میں ہو رہا ہے ۔ ٹھا کرے اِس موقعے پر اخباری کانفرنس سے مخاطب تھے ۔ اِس منا سبت سے راشٹر وادی کانگریس کےقومی صدر شرد پوار ‘ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹو لے ‘ کانگریس قائد اشوک چو ہان سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اِس موقعے پرٹھا کرے نے پو چھا کہ مہا راشٹر میں قحط سالی ہے ریاستی او ر مرکزی حکو متیں کہا ں ہیں۔
اِسی بیچ این سی پی کے قو می صدر شرد پوا ر نے بتا یا کہ اِنڈیا اتحاد کے تحت نشستوں کی تقسیم سے متعلق بات چیت ابھی شروع نہیں ہوئی ہے ۔فی الحال اتحاد کے اجتماعی پروگرام سے متعلق ممبئی اجلاس میں تبا دلۂ خیال کیا جائے گا ۔
***** ***** *****
جنوب کی سیاسی جماعت بھارت راشٹر یہ سمتی مہا راشٹر میں کسی بھی پارٹی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی ۔ پارٹی سبھی انتخا بات اپنے بل بو تے پر لڑے گی ۔ تلنگا نہ کے وزیر خزا نہ ہریش رائو نے کل شو لا پور میں یہ اطلاع دی ۔ آئندہ ماہ شو لا پور میں بھارت راشٹریہ سمیتی کے سر براہ اور تیلنگا نہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر رائو کا جلسہ ہونے والا ہے ۔ اِس پس منظر میں ہریش رائو کل شو لا پور کے دورے پر تھے ۔
***** ***** *****
ریاست کے 17؍ قبائلی اکثر یتی اضلاع میں آئندہ مارچ کے مہینے سے ایک بینچ مار ک سر وے کیا جائے گا تا کہ قبا ئلیوں کی ترقی کی خا طر ایکشن پلان کی منصوبہ بندی کے لیے تازہ ترین شماریاتی معلو مات فراہم کی جا سکے ۔ قبائلی تر قی کےوزیر ڈاکٹر وجئے کمار گا وِت نے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے بتا یا کہ فی الحال ناندور بار ضلعے میں ایک بینچ مارک سر وے تجر با تی طو رپر شروع کیا جا رہا ہے ۔ جو 8؍ مہینوں میں مکمل کیا جائے گا ۔ اِس سر وے سے 1996 - 97ء کے بعد کی مدت میں قبائلیوں کے لیے نافذ کی گئی اسکیمات کے نتائج کی معلو مات ملے گی او ر پتہ چل سکے گا کہ قبائلیوں کے موجودہ تعلیمی ‘ سماجی ‘ مالی اور روز گار سے متعلق حالات کیسے ہیں ۔
***** ***** *****
راشٹر وادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے ریاست میں بارش کی موجود ہ صورت حال کے پیش نظر قحط سالی کے اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اِس خصوص میں انہوں نے وزیر اعلیٰ اور دو نوں نائب وزراء اعلیٰ کو خط لکھا ہے ۔ اپنے خط میں انہوں نے خریف کی کئی فصلوں سمیت چارے کے نقصان کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے ۔ پاٹل نے کہا کہ ریاست میں اِس مہینے کے اخیر تک منتخب مقامات پر مجموعی طور پر 29؍ فیصد بارش ہوئی ہے ۔ موجود صورتحال میں ریاست کی 329؍ تحصیلوں میں گزشتہ 23؍ دونوں سے بارش نہ ہونے کے سبب قحط جیسے حا لات بن گئے ہیں ۔ اِس لیے قحط سالی سمیت اُس کے تدا رک کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا اعلان کیا جائے ۔
***** ***** ***** ***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** ***** ***** ***** *****
روزگار ضمانت او ر باغبانی کے وزیر سندیپان بھومرے نے کہا ہے کہ ریاست کے نر سری ایکٹ میں تر میم زیر غور ہے ۔ وزیر موصوف کل محکمہ باغبانی کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ںنے بتا یا کہ پھلوں کے پو دے غیر قا نو نی طو رپر ریاست میں آ رہے ہیں جس پر قابو پا نا ضروری ہے ۔ انہوں نے ریاست کے عمر کھیڑ ‘ دھیور واڑی ‘ تلے گائوں ‘ ایثار واڑی اور ماسود میں سٹرس اسٹیٹ یعنی ترش پھلوں کا علاقہ قائم کرنے کی منطوری دی ہے ۔ بھُمرے نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سٹرس اسٹیٹ کے قیام کے لیے ضروری سامان اور افرادی قوت فوری دستیاب کرائی جائے او ر یہ کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔
***** ***** *****
صنعت و حرفت کے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے لاتور سمیت بیڑ اور عثمان آباد اضلاع میں صنعتوں کے قیام کو رفتار دینے کی خاطر ہر ممکن تعاون کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ سابق وزیر اور رکن اسمبلی امِت دیشمکھ نے کل اِس خصوص میںسامنت سے مل کر مختلف مطالبات پر تبا دلہ ٔ خیال کیا ۔ اِس موقعے پر سامنت نے یہ تیقن دیا ۔ وزیر موصوف نے بتا یا کہ لاتور ضلعے کی صنعتی ‘ تعلیمی اور زرعی ترقی کی خاطر ضرورتی ہوائی خدمات دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایئر پورٹ اتھا ریٹی سے اجازت نا مے کا حصول کے لیے زمین تحویل میں لی جائے گی اور لاتور طیران گاہ کا کام جلد از جلد مکمل کر وا یا جا ئے گا ۔
***** ***** *****
ریاستی حکو مت نے کل ممبئی عدالت عالیہ میں وضاحت کی کہ اورنگ آباد اور عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کے لیے آخری نوٹس اب تک جاری نہیں کی گئی ہے ۔ عدالت میں کل اِن شہروںکے ناموں کی تبدیلی کے خلاف دائر در خواستوں پر چیف جسٹِّس دیویندر کمار اُپا دھیائے او ر جسٹس عارف ڈاکٹر کی زیر صدارت سنوائی کی گئی ۔ اِس سماعت کے دوارن ریاستی حکو مت کی جانب سے عدالت کو بتا یا گیا کہ ضلع اور تحصیل سطح پر ناموں کی تبدیلی پر عمل آ وری کی خاطر اب تک نوٹس جاری نہیں کی گئی ہے ۔ اِس لیے نوٹس کے مسودے کو چیلنج کرنے والی در خواستیں بے معنی ہیں ۔اِس کے بعد عدالت نے ضلع سطح پر ناموں کی تبدیلی پر اعتراض کرنے والی در خواستوں سے متعلق فیصلہ سنا یا او ر شہرسطح پر ناموں کی تبدیلی کی مخالف در خواستوں پر سماعت آئندہ 4؍ او ر 5؍ اکتوبر کو طئے کر دی ۔
***** ***** *****
بہن -بھائی کے رشتے کو مزید مستحکم کرنے والا رکشا بندھن کا تہوار کل ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منا یا گیا ۔ اِس موقعے پر صدر جمہوریہ دروپدی مر مو اور نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے ملک کی عوام سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ نائب صدر دھنکھڑ نےکہا کہ رکشا بندھن کا یہ تہوار بہن-بھائی کو باندھنے والا ‘ ایک دوسرے پر بھروسے اور اخوت کو قائم رکھنے والا رشتہ ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اِس موقعے پر عوام کومبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے تمنّا کی کہ ہر ایک کی زندگی میں احساس مہر بانی اور ہم آہنگی کے جذبات اِس تہوار کی مناسبت سے تر قی پائیں ۔
***** ***** *****
وہیں لاتور میں کل در خت کو راکھی باندھ کر رکشا بندھن کا تہوار منا یا گیا ۔ اِس موقعے پر وسُندھرا فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں ضلع کلکٹر ورشا ٹھا کُر گھو گے نے پیپل کے در خت کو راکھی باند ھ کر درختوں کے تحفظ کا پیغام ضلعے کی عوام کو دیا ہے ۔ گھو گے نے کہا کہ انسان او ر فطرت کے در میان رشتے کو مستحکم کرنے کے لیے در ختوں کی حفاظت کا پروگرام وقت کی ضرورت ہے ۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کر کٹ مقابلوں میں کل کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238؍ رنو ں سے شکست دے دی ۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے 50؍ اورس میں 6؍ وکٹوں کے نقصان پر 342؍ رن بنائے ۔ جوابی کھیل کے دوران نیپال کی ٹیم 24؍ ویں اور میں 104؍ رنوں کے ساتھ آل آئوٹ ہو گئی ۔اِس ٹور نا منٹ میں بھارت کا پہلا مقابلہ پاکستان سے آئندہ سنیچر کو ہو گا ۔
***** ***** *****
آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے ...
٭ آبی ذخیرے کے حامل علاقوں اور کاندل جنگلات کے تحفظ کے لیے فعال
کارروائی کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت
٭ اِنڈیا اتحادکے 2؍ روزہ اجلاس کا آج سے ممبئی میں آغاز
٭ ریاست میں بارش کی صورتحال کے پیش نظر راشٹر وادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے قحط سالی کے
اعلان کرنے کا کیا مطالبہ
علاقائی خبریں ختم ہوئیں
آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد
Aurangabad AIR News پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
٭٭٭
No comments:
Post a Comment