Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 25 August-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: 25؍اگست ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پیاز کے مسئلے پرریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
٭ تاجروں کی جانب سے کم قیمتیں ملنے پر ناسک ضلعے میں پیاز کے کاشتکاروں کے مظاہرے۔
٭ ارکانِ اسمبلی کی نااہلی کے معاملے میں شیوسینا شندے گروپ کا چھ ہزار صفحاتپر مشتمل جواب جمع۔
٭ 69 ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان؛ اَلّو ارجن بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ و کِرِتی سینن بہترین اَداکارہ قرار۔
٭ بزرگ اداکارہ سیما دیو چل بسیں۔
اور۔۔ ٭ بارش کے مسلسل 21 دِن غیر حاضری والے محصول منڈلوںکے کسان 25 فیصد پیشگی بیمہ کے اہل ہوں گے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ نافیڑ کے 13 خریدی مراکز کی معرفت ریاست میں پیاز خریدنے کا عمل جاری ہے اور اس مسئلے پر ریاستی حکومت پیاز کے کاشتکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کسانوں کے پاس موجود پیاز کے ذخیرے کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیرِ زراعت اور مرکزی وزیرِ تجارت سے نافیڑ کے خریدی مراکز میں اضافے کی درخواست کی جاچکی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اب تک موجودہ مراکز پر 500 میٹرک ٹن پیاز خریدی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے وزیر عبدالستار نے کہا ہے کہ کسانوںکے مفادات کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے پیاز پر عائد برآمداتی ٹیکس میں اضافے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست مرکز سے کی ہے۔ کل زرعی بازار کمیٹی کے نمائندوں‘ تاجروں اور پیاز کے کاشتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسانوں کو انصاف دلانے کی حکومت پابند ہے اور مرکزی حکومت بازار کے موجودہ نرخ سے زائد قیمت سے پیاز خرید رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیاز خریدنے کے بعد دو ہزار 410 روپئے فی کوئنٹل کسانوں کے کھاتوں میں راست طورپر جمع کیے جائیں گے اور کسانوں کو نافیڑ سے بروقت پیسے مل سکیں ‘ اس کیلئے حکومت کوشش کررہی ہے۔
***** ***** *****
ناسک کے ضلع کلکٹر جلج شرما نے ضلع کی تمام بازار کمیٹیوں میں آج سے نافیڑ اور این سی سی ایف کی معرفت پیاز خریدنے کا حکم جاری کیا ہے۔ رابطہ وزیر دادا بھوسے کی ہدایت پر انھوں نے یہ احکامات جاری کیے۔ شرما نے انتباہ دیا کہ جو تاجر‘ بازار کمیٹی کے احاطے میں پیاز کے کاشتکاروںکی کمپنیوں سے پیاز نہیں خریدتے‘ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔ این سی سی ایف کے ذریعے دولاکھ میٹرک ٹن پیاز خریدی جائےگی اور اس کےلئے ناسک ضلع میں صرف ایک مرکز پمپل گائوں بسونت میں شروع کیا گیا ہے۔
اسی دوران ضلع کی بہت سی مارکیٹ کمیٹیوں میںقیمت کم ملنے کی شکایت پر کل بھی کاشتکاروں نے احتجاجاً نیلامی نہیں کی اور نافیڑ کے خریدی مراکز شروع کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میںکسانوں نے لاسل گائوں‘ پمپل گائوں بسونت اور سٹانہ میں ’’نیلامی بند‘‘ احتجاج‘ ییولا اور چاندوَڑ میں راستہ روکو احتجاج اور ناکوڑہ میں دھرنا دیا۔ چاندوَڑ میںٹریفک میں رخنہ اندازی پر پولس نے طاقت کا استعمال بھی کیا۔
دریںاثنا پیاز پر برآمداتی ٹیکس میں اضافے کے بعد نافیڑ اور این سی سی ایف کو فی کس ایک لاکھ ٹن پیاز خریدنے کا حکم مرکزی حکومت نے دیا ہے۔ جس کے بعد ناسک ڈویژن کے کُل 13 مراکز پر گذشتہ دو دِنوں میں ایک ہزار 340 میٹرک ٹن پیاز خریدی جاچکی ہے۔ یہ اطلاع این سی سی ایف کے صدر وِشال سنگھ نے کل ناسک میں ایک اخباری کانفرنس میں دی۔
***** ***** *****
شیوسینا ایکناتھ شندے گروپ کے 16 ارکانِ اسمبلی نے ریاست میں ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے سے متعلق چھ ہزار صفحات پر مشتمل اپنا جواب اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر کو پیش کیا ہے۔ اس ضمن میں راہل نارویکر نے مزید بحث نہ کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ شیوسینا میں بغاوت کے بعد ریاست میں گذشتہ سال ایکناتھ شندے اور دیویندر پھڑنویس کی حکومت برسرِ اقتدار آئی تھی۔ جسکے بعد اُدّھو ٹھاکرے گروپ نے عدالت ِ عظمیٰ میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت 16 اراکینِ اسمبلی کو نااہل قرار دینے کیلئے ایک درخواست داخل کی تھی۔ اس پر فیصلہ دیتے ہوئے عدالت ِ عظمیٰ نے اسمبلی اسپیکر کو اس معاملے کو فیصل کرنے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں گذشتہ ماہ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اُدّھو ٹھاکرے اور شندے گروپ کے ارکانِ اسمبلی کو اپنے اپنے جواب داخل کرنے کی نوٹس جاری کی تھی۔
***** ***** *****
ریاست میں بارش کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر مستقبل ِ قریب میں پانی کی ممکنہ قلّت سے نمٹنے کےلئے مناسب منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت آبرسانی اور صفائی محکمے کے ریاستی وزیر گلاب رائو پاٹل نے دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل پانی کی قلّت اور اس صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کیلئے منعقدہ جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ ریاست میں فی الحال ناسک‘ جلگائوں‘ احمد نگر‘ پونے‘ ستارا‘ سانگلی‘ شولاپور‘ اورنگ آباد‘ جالنہ اور بلڈانہ ان دس اضلاع کے 350 دیہاتوں کی ایک ہزار 319 بستیوں میں 369 ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے دیگر پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کیلئے مہاراشٹر پسماندہ طبقات مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے گروپ قرض پر سود کی واپسی کی اسکیم سے متعلق آن لائن پورٹل کا افتتاح کل منترالیہ میں پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے ترغیب دی کہ ریاست میں پسماندہ طبقات کے نوجوان فنکاروں اور خودانحصاری کے اُصول پر آگے آکر اس اسکیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں۔
***** ***** *****
منماڑ سے ناند گائوں ریلوے راستہ برقی کاری کے ساتھ شروع کرنے کا اعلان سینٹرل ریلوے نے کیا ہے۔ 183 کلو میٹر کا بھساول تا منماڑ ایک اہمیت کا حامل راستہ ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع میں جن محصول منڈلوں میںمسلسل 21 دِن سے زیادہ بارش نہیںہوئی ایسے محصول منڈلوں کے کسان وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت 25 فیصد پیشگی پانےکے اہل ہوں گے۔ یہ اطلاع عثمان آباد کے ضلع کلکٹر سچن اومباسے نے دی ہے۔ اس ضمن میں کسانوں کو 25 فیصد پیشگی ملنے سے متعلق کارروائیکرنے کیلئے ضلعی سطح کمیٹی نے احکامات دئیے ہیں۔ زرعی محکمے کے عہدیدار اور بیمہ کمپنی کے نمائندوںکی معرفت تمام زرعی رقبے کے پانچ فیصد رقبے کے سروے کرنے کا کام جاری ہے۔ اس کمیٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کی اطلاع ضلع کلکٹرنے دی ۔
***** ***** *****
69 ویں قومی فلم ایوارڈس کا کل اعلان کردیا گیا۔ آر مادھون کی ہدایت میں بنی فلم ’’راکیٹری ۔دَ نمبی اِفیکٹ‘‘ کو بہترین فلم‘ جبکہ ’’گوداوَری‘‘ فلم کے ہدایت کار نکھل مہاجن کو بہترین ہدایت کار ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ ڈاکٹر سلیل کلکرنی کی ہدایت کاری والی فلم ’’ایک دَا کائے جھالا‘‘ بہترین مراٹھی فلم قرار پائی۔ اَلّو اَرجن کو ’’پشپا دَ رائز‘‘ فلم کیلئے بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ کو ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ فلم میں اداکاری کیلئے جبکہ کِرِتی سینن ’’مِمِی‘‘ فلم کیلئے مشترکہ طورپر بہترین اداکارہ قرارپائیں۔ دستاویزی فلم کے زمرے میں ’’ایک تھا گائوں‘‘ بہترین فلم منتخب ہوئی۔ ’’دَ کشمیر فائلز‘‘ کی اداکارہ پلّوی جوشی کو بہترین معاون اداکارہ اور ’’مِمِی‘‘ فلم کیلئے پنکج ترپاٹھی بہترین معاون اداکار ایوارڈ کیلئے منتخب کیے گئے۔ جنوبی ہند کی فلم ''RRR'' کو سب سے مقبول فلم کا ایوارڈ دیا جائےگا‘ جبکہ ’’دَ کشمیر فائلز‘‘ فلم کو قومی یکجہتی پر مبنی فلم کے ایوارڈ کیلئے چنا گیاہے۔
سیاحت‘ درآمدات اور دستکاری کی تشہیر کے زمرے میں ہدایت کار ہیمنت ورما کی ہدایت کاری میں بنی ’’وارلی آرٹ‘‘ بہترین فلم قرارپائی۔ نیز پرتیما جوشی کی ہدایت کاری والی ’’چند سانسیں‘‘ فلم خاندانی روایات کی پاسداری کرنے والی فلم قرار دی گئی۔
***** ***** *****
بزرگ فلم اداکارہ سیما دیو کل ممبئی میں چل بسیں۔ وہ 81 برس کی تھیں۔ سیما دیو نے 1957 میں مراٹھی فیچر فلم ’’آلیا بھوگاسی‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی تھی۔ انھوںنے 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سیما دیو کے انتقال سے مراٹھی اورہندی فلموں کا ایک سنہرا دور ختم ہوگیا ہے۔ اسی طرح ریاستی وزیر چھگن بھجبل اور چندر کانت پاٹل نے بھی سیما دیو کے انتقال پر تعزیتی پیغامات جاری کیے۔ کل ممبئی میں سیما دیو کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
پولس انتظامیہ کے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے اور بغیر اجازت ڈی جے بجاکر ریلی نکالنے کی پاداش میں جالنہ ضلع دیہی سب ڈویژنل دفتر 3- کے معاون انجینئر پرکاش چوہان کو خدمات سے معطل کردیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ پرکاش چوہان کا رتناگیری مہاوِترن دفتر میں تبادلہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں چوہان کے تبادلے کے احکامات منسوخ کرکے انھیں جالنہ ضلع کے دیہی سب ڈویژنل دفترمیں خدمات پر مامور کیا گیا تھا۔ تبادلہ منسوخ کیے جانے پر پرکاش چوہان نے بغیر اجازت ڈی جے بجاکر ریلی نکالی تھی اور اس ریلی کا ویڈیو سماجی ذرائع ابلاغ پر بھی وائرل ہوا تھا۔پولس کے حکمِ امتناع کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں پرکاش چوہان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مہا وِترن کمپنی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پرکاش چوہان کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔
***** ***** *****
کُشتی کھیلنے والے ممالک کے عالمی ادارے یونائٹیڈ ورلڈ ریسلنگ اسوسی ایشن نے مقررہ معیاد میں انتخابات نہ کروانے کی پاداش میں انڈین ریسلنگ فیڈریشن کومعطل کردیا ہے۔ ورلڈ ریسلنگ اسوسی ایشن کے اس فیصلے کے بعد اب بھارت کے کشتی کھلاڑی عالمی مقابلوں میں ملکی شناخت کے ساتھ نہیں کھیل سکیں گے اور آئندہ 16 ستمبر سے شروع ہونے والے اولمپک مقابلوں کے کوالیفائنگ رائونڈ میں بھی بھارتیہ کھلاڑیوںکو غیر جانبدار رہ کر حصہ لینا ہوگا۔ خیال رہے کہ انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے گذشتہ اپریل میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی‘ جس کے تحت اندرونِ 45 یوم انتخابات کروانا لازمی تھا۔ تاہم مقررہ وقت میں انتخابات نہ کروانےپر عالمی ریسلنگ اسوسی ایشن کی جانب سے معطلی کی کارر وائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پیاز کے مسئلے پرریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
٭ تاجروں کی جانب سے کم قیمتیں ملنے پر ناسک ضلعے میں پیاز کے کاشتکاروں کے مظاہرے۔
٭ ارکانِ اسمبلی کی نااہلی کے معاملے میں شیوسینا شندے گروپ کا چھ ہزار صفحاتپر مشتمل جواب جمع۔
٭ 69 ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان؛ اَلّو ارجن بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ و کِرِتی سینن بہترین اَداکارہ قرار۔
٭ بزرگ اداکارہ سیما دیو چل بسیں۔
اور۔۔ ٭ بارش کے مسلسل 21 دِن غیر حاضری والے محصول منڈلوںکے کسان 25 فیصد پیشگی بیمہ کے اہل ہوں گے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment