Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 21 August-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: 21اگست ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر ملک کی اقتصادی ترقی کی علامت: اُدّیوگ ایوارڈ تقسیم کے پروگرام میں گورنر رمیش بئیس کا عندیہ۔
٭ پیاز کی ذخیرہ اندوزی کی حد پانچ لاکھ ٹن تک بڑھانے کا مرکز کا فیصلہ۔ برآمداتی ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کا کاشتکاروںکی تنظیم کی جانب سے مطالبہ۔
٭ عالمی فلکیاتی اولمپیاڈ مقابلوں میں چار طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ حاصل کرکے بھارت دوسرے نمبرپر۔
اور۔۔ ٭ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف بھارت کی فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گورنر رمیش بئیس نےکہا ہے کہ مہاراشٹر ملک کی اقتصادی ترقی کی علامت ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پہلے صنعتی ایوارڈز کل ممبئی میں پُروقار تقریب میں تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بھارت کوترقی یافتہ ملک بنانےکےلئے مہاراشٹر کو نہایت اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ ریاست میں کووڈ ٹیکے تیار کرنے والے سیرم انسٹیٹیوٹ کے آدر پونا والا کو ’’اُدّیوگ مِتر‘‘ ایوارڈ‘ کِرلوسکر گروپ کی گوری کِرلوسکر کو ’’اُدّیوگنی‘‘ ایوارڈ اور ولاس شندےکومراٹھی صنعتکار ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ نقد رقم‘ مومنٹو اور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔ پرسوں ہفتےکے دِن وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں صنعت کار رتن ٹاٹا کو اُن کی رہائش گاہ پر جاکر ریاست کے اوّلین اُدّیوگ رَتن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ٹاٹا گروپ کے صدر چندرشیکھرن نے آج معززین کے ہاتھوں اُدّیوگ رَتن ایوارڈکا مومنٹو قبول کیا۔
مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ کی طرز پر اس سال سے ریاستی حکومت نے یہ صنعتی ایوارڈ شروع کیے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں صنعتوں کا بہت اہم کردار ہے اور اس ایوارڈکے ذریعے حکومت کو صنعتکاروں کی خدمات کا اعتراف کرنےکا موقع ملا ہے۔ ریاست میں صنعتی پیداوار میں اضافے کے عزم کا اظہار بھی وزیرِ اعلیٰ شندے نے اس موقع پر کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے تقسیمِ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُمید ظاہرکی کہ حکومت کی کوششوں کے سبب راست سرمایہ کاری میں مہاراشٹر ملک کی سرِفہرست ریاست قرارپائے گی۔
وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے بھی اس موقع پر اپنے خطاب میں صنعتوںکی تیز رفتار ترقی کا ذکر کرتے ہوئے اب تک ایک لاکھ 37 ہزار کروڑروپئےکے معاہدے کرنے کی اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ ان میں سے 77 فیصدمعاہدوں پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت کا چندریان آئندہ 23 اگست کو شام چھ بجکر چارمنٹ پرقطبِ جنوبی پر اُترے گا۔ اس تاریخی واقعے کو بھارتی خلائی ادارے (اِسرو) کی ویب سائٹ سمیت فیس بُک پیج‘ یوٹیوب چینل اور دور درشن کے ڈی ڈی نیشنل پر راست نشر کیا جائےگا۔ فی الحال اس خلائی جہاز اور چاند کے درمیان اوسطاً 25 کلو میٹر اور زیادہ سے زیادہ 134 کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ اس خلائی جہاز کے چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والا بھارت دُنیا کا پہلا ملک بن جائےگا۔ اب تک چاند کے جنوبی قطب پر کوئی بھی ملک پہنچ نہیں پایا ہے۔ دریں اثنا رشیا کا لونا۔ 25 خلائی جہاز چاند کے قطب ِ جنوبی پر اُترنےکے دوران حادثے کا شکارہوگیا۔ جسکے باعث رشیا کا یہ خلائی مشن ادھورا رہ گیا۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے پارٹی کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ 39 رُکنی ایکزیکٹیو کمیٹی میں سابق وزیرِ اعظم من موہن سنگھ‘ پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی‘ راہل گاندھی‘ پرینکا گاندھی‘ ادھیر رنجن چودھری‘ اے کے انتونی‘ دِگوجئے سنگھ‘ ششی تھرور اور مہاراشٹر سے مُکُل واسنک اور سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان کے نام شامل ہیں۔ اسی طرح 18 مستقل مہمان اراکین میں چندرکانت ہنڈورے اور خصوصی مدعوئین میں یشومتی ٹھاکر اور پرینتی شندے کے نام شامل ہیں۔ نئی مجلس ِ عاملہ میں 14 ریاستی مبصرین کو بھی نامزد کیا گیا ہے‘ جن میں مانک رائو ٹھاکرے اور رجنی پاٹل کے نام شامل ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پیاز کو ذخیرہ کرنے کی حد میں پانچ لاکھ میٹرک ٹن تک کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال حکومت نے تین لاکھ میٹرک ٹن پیاز کی خرید کا ابتدائی ہدف مقرر کیا تھا اوراس ہدف کو حاصل کرنےکے بعد پیاز کی ذخیرہ اندوزی کی حد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے وزارتِ اُمورِ صارفین‘ قومی امدادِ باہمی صارفین ادارہ اور قومی زرعی فیڈریشن یعنی نافیڑ کو فی کس ایک لاکھ ٹن پیاز خریدنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی پیاز کے خریدے گئے ذخیرے کو خریدی مراکز تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی دونوںاداروں کو دی گئی ہے۔
دریں اثنا پیاز پر 40 فیصد برآمداتی ٹیکس عائدکیے جانے کے فیصلے کےخلاف ناسک کی بازارکمیٹیوں میں آج علامتی بند کا اعلان کیا گیا ہے اور ناسک کے پیاز کے کاشتکاروں کی تنظیم کے اجلاس میں آج پیاز کی نیلامی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ناسک سمیت ریاست کے دیگر مقامات سے پیاز کے کنٹینر برآمد کی جانے والی پیاز لیکر روانہ ہوچکے ہیں۔ اُن پر برآمداتی ٹیکس سے متعلق کیا فیصلہ ہوگا‘ نیز دیگر ٹیکسوں پر وضاحت کیلئے اس بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی دوران پیاز کے کاشتکاروں کی تنظیم کے سربراہ بھرت دِیگھوڑے نے پیاز پر برآمداتی ٹیکس میںاضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور انتباہ دیا کہ اگر یہ فیصلہ فی الفور واپس نہیںلیا گیا تو ریاست بھر میں تحریک چلائی جائےگی۔
دوسری جانب مرکزی مملکتی وزیرِ صحت ڈاکٹر بھارتی پوار نے کہا ہےکہ ملک میں پیاز کی طلب و رسد کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے برآمداتی ٹیکس میںاضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے قومی گرین ہائیڈروجن مہم کی ترقی کیلئے گرین ہائیڈروجن سے متعلق معیار متعین کیے ہیں ۔ اس سے متعلق حکمنامہ محکمہ جدید و قابلِ تجدید توانائی کی وزارت نے جاری کیا ہے‘ جسکے مطابق پیداہونے والی ہائیڈروجن کو گرین ہائیڈروجن کے درجے میں لانے کیلئے خارج ہونے والے مادّے اور اس کی مقدار کیا ہو اس کی سطح جاری کی گئی ہے۔ دونوں زمرے شامل ہونے والے مادّوںکا ہائیڈروجن پیداوار میں شمولیت کی جائےگی۔ اس حکمنامہ کی وجہ سے بھارت گرین ہائیڈروجن سے متعلق اپنی شناخت اور عزائم کا اظہار کرنے والے دنیا کے چند ممالک میں سے ایک بن گیا ہے۔
***** ***** *****
رُکنِ پارلیمان راجندر گاوِت کے جعلی دستخط کرنےکے معاملے میں راشٹروادی کانگریس کے پال گھر ضلع پریشد کے رُکن حبیب شیخ کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ حبیب شیخ پر راجندر گاوِت کا جعلی لیٹر پیڈ تیارکرکے جعلی دستخط کے ذریعے حکومت کے ساتھ دس کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کرنےکا الزام ہے۔ راجندر گاوت کی شکایت پر حبیب شیخ پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارت کے شطرنج گرینڈ ماسٹر آرپرگیانند نے آذربائیجان کے باکومیں جاری فیڈے عالمی شطرنج مقابلے کے سیمی فائنل مقابلہ برابری پر ختم کردیا ہے۔ گرینڈ ماسٹر وشوناتھن آنند کے بعد وہ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والا دوسرا بھارتی ہے۔ بھارت کے جملہ چار کھلاڑی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخل ہوئے تھے۔ اس میں سے صرف آر پرگیانند کا ٹورنامنٹ میں چیلنج اب بھی برقرار ہے۔
***** ***** *****
ڈبلن میں کل ہوئے دوسرے ٹی 20 کرکٹ مقابلے میں بھارت نے آئرلینڈ کے خلاف 33 رنوں سے جیت درج کی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورس میں 185 رنز بنائے‘ اسکے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم نے 20 اووروں میں آٹھ وِکٹوں کے نقصان پر 152 رن بنائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
چین کے ڈالیان میں ہوئے انڈر 17 ایشیائی جونیئر اسکواش کے انفرادی مقابلہ میں بھارتکے اناہَت سنگھ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ 15 سالہ اناہت نے آخری مرحلے میںہانگ کانگ کے کُونگ کو تین۔ ایک سے شکست دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر ملک کی اقتصادی ترقی کی علامت: اُدّیوگ ایوارڈ تقسیم کے پروگرام میں گورنر رمیش بئیس کا عندیہ۔
٭ پیاز کی ذخیرہ اندوزی کی حد پانچ لاکھ ٹن تک بڑھانے کا مرکز کا فیصلہ۔ برآمداتی ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کا کاشتکاروںکی تنظیم کی جانب سے مطالبہ۔
٭ عالمی فلکیاتی اولمپیاڈ مقابلوں میں چار طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ حاصل کرکے بھارت دوسرے نمبرپر۔
اور۔۔ ٭ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف بھارت کی فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment