Thursday, 2 November 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 نومبر 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 November-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲/نومبر  ۳۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    دیگر طبقات کے ساتھ ناانصافی کیے بغیر مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کی حکومت حامی؛ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی وضاحت۔
    ٭    اہل شہریوں میں کُنبی کاسٹ سرٹیفکیٹ کی تقسیم کا آغاز۔
    ٭    مکمل ریزرویشن کے حصول تک تحریک جاری رکھنے کا مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جرانگے پاٹل کا عزم۔
    ٭    ریزرویشن کے مطالبے پر مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری؛ بیڑ اور جالنہ کے بعد چھترپتی سنبھاجی نگر کے دیہی علاقوں میں بھی انٹرنیٹ خدمات بند۔
اور    ٭    ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے۔
***** ***** *****
    اب خبریں تفصیل سے:
    وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ دیگر طبقات و برادریوں کے ساتھ ناانصافی کیے بغیر ہی مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کی حکومت حامی ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے موضوع پر کل ممبئی میں منعقدہ کُل جماعتی اجلاس کے بعد وہ اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے اور وِجئے وڑیٹیوار سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء شریک تھے۔ تمام قانونی پہلوؤں پر غور کرکے دائمی ریزرویشن دئیے جانے کیلئے تمام پارٹیو ں کی جانب سے مشترکہ کوششوں پر اس اجلاس میں اتفاق ہوا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں امن و انتظام کی صورتحال برقرار رکھنے کی اپیل بھی تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے کی ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے موضوع پر حکومت دو سطحوں پر کام کررہی ہے۔ اس عمل کیلئے ضروری وقت دینے اور منوج جرانگے پاٹل سے بھوک ہڑتال واپس لینے کی اپیل بھی ایکناتھ شندے نے کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صدقِ دِل سے کی جارہی کوششوں پر اعتماد رکھیں اور ریزرویشن کیلئے جو کچھ بھی ضروری ہے وہ کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ تمام درج شدہ کُنبی شہریوں کو فی الفور صداقت نامے فراہم کرنے کی ہدایت تمام ضلع کلکٹرز اور تحصیلداروں کو دی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
    دریں اثناء اہل شہریوں کو کُنبی صداقت نامے تقسیم کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع میں اقامتی ڈپٹی کلکٹر جناردھن وِدھاتے کے ہاتھوں چار افراد کو کُنبی ذات سرٹیفکیٹ تفویض کیے گئے۔ پیٹھن اور پھلمبری تعلقوں میں بھی تین افراد کو یہ سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 1951 کے کھاسرا معائنہ مکتوب میں کُنبی - مراٹھا کی حیثیت سے اندراج کی بنیاد پر یہ صداقت نامے دئیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
    دوسری جانب ریزرویشن تحریک کے کارکن منوج جرانگے پاٹل نے واضح طورپر کہا ہے کہ مکمل ریزرویشن کے حصول تک یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔ کل انتروالی سراٹی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے دریافت کیا کہ حکومت کو اس کیلئے کتنا وقت درکار ہے اور اگر وقت دیا جائے تو کیا تمام مراٹھوں کو ریزرویشن دیا جائیگا؟ اس موقع پر انھوں نے تمام ہی مراٹھوں کیلئے ریزرویشن کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔
***** ***** *****
    اسی دوران مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں کل بھی ریاست کے مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ہنگولی ضلع کے کلمنوری کے کانہے گاؤں میں دیہی عوام نے کیادُھو ندی میں اُتر کر مظاہرہ کیا۔ کلمنوری تعلقے میں ریزرویشن کے مطالبے پر خود کشی کرنے والی دوشیزہ کی لاش کو تحصیل دفتر کے سامنے رکھ کر راستہ روکو ایجی ٹیشن کیا گیا۔
    لاتور ضلعے کے اوسہ شاہراہ پر واقع پیٹھ میں مظاہرین نے لاتور- تلجا پور- شولاپور اور لاتور- حیدرآباد شاہراہ پر ٹائر جلاکر احتجاج درج کیا۔ چھترپتی سنبھاجی نگر میں شہر کو چھوڑ کر مابقی پورے ضلعے میں جمعہ کی صبح شام چھ بجے تک ہر قسم کی انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں۔ ریاست کی اضافی چیف سیکریٹری سجاتا سونِک نے کل یہ احکامات جاری کیے۔ اس کے علاوہ ضلع کے دیہی علاقوں میں آئندہ 15 تاریخ تک اجتماع اور اسلحہ رکھنے پر حکمِ امتناع نافذ کردیا گیا ہے۔ عثمان آباد ضلع میں کرفیو میں رعایت کی گئی ہے تاہم امتناعی احکامات بدستور نافذ العمل ہیں۔ دریں اثناء ریزرویشن کے مطالبے پر ایجی ٹیشن کرنے کے سلسلے میں 141 مقدمات درج کیے گئے اور 168  افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس رجنیش سیٹھ نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریپڈ ایکشن فورس کا ایک دستہ بیڑ ضلع روانہ کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    مالی بدعنوانیوں کے معاملے میں جیٹ ایئرویز کی 538 کروڑ روپئے کی املاک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضبط کرلی ہے۔ جن میں 17 رہائشی عمارتیں اور مختلف افراد و اداروں کے نام سے ملک کے مختلف مقامات اور لندن و دُبئی میں موجود املاک شامل ہیں۔ کینیرا بینک کی شکایت پر سی بی آئی نے جیٹ ایئرویز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ جیٹ ایئرویز پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور پنجاب نیشنل بینک سے حاصل کیے گئے قرض واپس نہ کرنے کا بھی الزام ہے۔
***** ***** *****
    آشارضاکاروں کے مشاہرے میں سات ہزار روپئے اور تین ہزار 664 گروپ پروموٹرز کو فی کس چھ ہزار 200 روپئے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان دونوں زمروں میں آنے والے رضاکاروں کو فی کس 2000 روپئے روپئے دیوالی بونس دینے کا اعلان وزیر برائے صحت ِ عامہ تاناجی ساونت نے کیا ہے۔ وہ کل آشا سیویکاؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اعلان کے بعد اب آشا رضاکاروں کو ماہانہ 15 ہزار روپئے اور گروپ پروموٹرز کو 21 ہزار 175 روپئے مشاہرہ ملے گا۔
***** ***** *****
    چھترپتی سنبھاجی نگر کے انسدادِ رشوت ستانی محکمے کی جانب سے آئندہ 5 تاریخ تک خبرداری اور بیداری ہفتہ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بدعنوانی کے خلاف مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ چھترپتی سنبھاجی نگر‘ جالنہ، بیڑ اور عثمان آباد میں یہ مہم چلائی جارہی ہے۔ عوامی خدمت گذاروں کی جانب سے کسی بھی کام کیلئے رشوت مانگی جائے تو شہری بے خوف ہوکر ایک صفر چھ چار پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ یہ اپیل انسدادِ رشوت ستانی محکمے کی جانب سے کی گئی ہے۔
***** ***** *****
    ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھارت رَتن سچن ٹینڈولکر کے 22 فٹ اونچے قد ِ آدم مجسّمے کی کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں نقاب کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر سچن ٹینڈولکر‘ ان کے اہل ِخانہ اور کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ یہ مجسمہ احمد نگر کے مجسمہ ساز پرمود کامبڑے نے تیار کیا ہے۔
***** ***** *****
    ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم پر دوپہر دو بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 190 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50  اووروں میں چار وِکٹ کے نقصان پر 357 رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 167 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔
***** ***** *****
    گوا میں جاری 37 ویں قومی کھیلوں میں مہاراشٹر کی تیراک جوڑی ویر دھول کھاڑے اور رُتوجا کھاڑے نے تیز رفتار رترین تیراکی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ویردھول نے 50 میٹر تیراکی میں 22   اعشاریہ آٹھ دو سیکنڈ میں فاصلہ طئے کرکے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ خواتین تیراکی کے زمرے میں رُتوجا کھاڑے نے 50 میٹر تیراکی میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ان مقابلوں میں مہاراشٹر نے اب تک 55طلائی سمیت 133 تمغے حاصل کرکے میڈلز ٹیلی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
***** ***** *****
    کھیل اور نوجوانوں کی خدمات کے ڈائریکٹورٹ کی جانب سے بارامتی میں منعقدہ ریاستی سطح کے اسکولی کھیلوں کے مقابلوں میں دھارا شیو کی پورنیما کھرماٹے نے 65 کلو کے زمرے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر اس کا قومی کشتی مقابلوں کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے۔
***** ***** *****
    ہنگولی ضلع میں باڑا پور - وارنگا راستے پر داگی پھاٹہ سے قریب کل درمیانی شب ہوئے حادثے میں دو افراد ہلاک اور دیگر تین شدید زخمی ہوگئے۔ یہ زائرین ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں تعلقے کے مَرڈَگا گاؤں کے ساکن بتائے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    دیگر طبقات کے ساتھ ناانصافی کیے بغیر مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کی حکومت حامی؛ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی وضاحت۔
    ٭    اہل شہریوں میں کُنبی کاسٹ سرٹیفکیٹ کی تقسیم کا آغاز۔
    ٭    مکمل ریزرویشن کے حصول تک تحریک جاری رکھنے کا مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جرانگے پاٹل کا عزم۔
    ٭    ریزرویشن کے مطالبے پر مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری؛ بیڑ اور جالنہ کے بعد چھترپتی سنبھاجی نگر کے دیہی علاقوں میں بھی انٹرنیٹ خدمات بند۔
اور    ٭    ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 22.08.2025 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 22 August 2025 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...