Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 23 November-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۳؍نومبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں
کی سرخیاں:
٭ کارتکی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور میں سرکاری
مہا پوجا کا اہتمام؛ ریاستی عوام کی خوشحالی اور ضروریات کی تکمیل کیلئے نائب
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی خصوصی پوجا۔
٭ ریاست کے سبھی بس اسٹینڈس پر خواتین بچت گروپ
کیلئے ایک اسٹال اور ضلع کے مرکزی بس اسٹینڈ پر ’’آپلا دواخانہ‘‘ قائم کرنے کی
وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ مجوزہ نئے زرعی قوانین کسانوں اور تاجروں کے
مفادات میں: وزیر زراعت دھننجے منڈے کا تیقن۔
اور ٭ دھارا شیو میں ترقی یافتہ سنکلپ بھارت یاترا کا
آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل
سے:
نائب وزیر اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ
انھوں نے ریاستی عوام کی ترقی و خوشحالی ‘ اطمینان اور خواہشات کی تکمیل کیلئے آج
خصوصی پوجا کی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس پربودھنی کارتکی ایکادشی کے موقع
پر آج صبح پنڈھر پور میں شری وٹھل اور رکمنی ماتا کی سرکاری مہاپوجا کے بعد بول
رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سماج سے نفرت اور خلیج کو مٹانے کیلئے ہمیں وارکری فرقہ
کی پیروی کرنا ہوگی۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ ایک طبقے کے مسائل کے بارے میں بات
کرتے ہوئے دوسرے طبقے سے متعلق غلط زبان استعمال کیے بغیر اپنی رائے کو بہتر انداز
میں پیش کرنا مناسب ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دو سماجوں کے ایک دوسرے کے مخالف ہوجانے
کے معاملات مہاراشٹر میں رونما نہ ہوں ۔ناسک ضلعے کے ببن گھُگے اور وتسلا گھُگے کو
آج نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ مہاپوجا کا اعزاز ملا۔ بعد ازاں وارکری طبقے کی جانب
سے نائب وزیر اعلیٰ پھڑنویس اور معزز وارکریوں کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر
پھڑنویس نے بتایا کہ وٹھل مندر کے تحفظ کے پہلے مرحلے کا کام شروع ہو گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پنڈھر پور کی ترقی کیلئے منصوبہ تیار کیا ہے، تاہم
اس سے پہلے مندر کے تحفظ کا کام شروع کیا جائےگا اور اس کیلئے حکومت نے تقریباً 75
کروڑ روپے کا فنڈ دستیاب کرایا ہے، جس سے مندر کے تحفظ کے پہلے مرحلے کا کام شروع
ہو گیا ہے۔ جلد ہی دوسرے مرحلے کا کام بھی شروع کرنے کا اعلان پھڑنویس نے کیا۔
اس موقع پر
شولاپور کے رابطہ وزیر چندرکانت پاٹل، وزیر صحت تانا جی ساونت، وزیر محنت سریش
کھاڑے موجود تھے۔پنڈھر پور یاترا کی مناسبت سے محکمہ صحت کی جانب سے عقیدت مندوں
کیلئے تین روزہ طبّی جانچ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ
ایکناتھ شندے نے ریاست کی عوام کو کارتکی ایکادشی کی مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ
ایکناتھ شندے نے ریاست کے ہر بس اسٹینڈ پر خواتین بچت گروپوں کیلئے ایک اسٹال شروع
کرنے اور ضلع کے مرکزی بس اسٹینڈ پر ’’آپلا دواخانہ‘‘ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کل ممبئی میں ریاستی شاہراہ کارپوریشن کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے وزیرِ اعلیٰ
خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بس اسٹینڈ پر 10 فیصدا سٹال فوجیوں کی بیواؤں اور معذور
افراد کو دینے کی بھی ہدایت کی ۔ اس موقعے پر نئے سال میںایس ٹی کارپوریشن میں
تقریباً ساڑھے تین ہزار نئی بسیں شامل کرنے کے فیصلے کو منظوری دی گئی ‘ جبکہ
آئندہ دو سالوں میں پانچ ہزار ای بسیں کرائے پر لی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع
اور تعلقوں میں چلائی جانے والی بسوں میں عام مسافروں کیلئے مناسب کرایہ رکھنے کی
ہدایت بھی کی۔
***** ***** *****
وزیر زراعت
دھننجے منڈے نے یقین دلایا ہے کہ مجوزہ نئے زرعی قوانین سے کسانوں کے ساتھ ساتھ
زرعی پیداواری اداروں اور تاجروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ منڈے نے کل منترالیہ میں
مجوزہ زرعی قوانین کے حوالے سے زرعی پیداواری اداروں اور تاجروں کی تنظیم کے
نمائندوں کے ہمراہ ایک میٹنگ کی ۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ زرعی مال فروخت
کرنے دُکانداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ نئے
قوانین کے تحت دکانداروں کو کسی معاملے میں بطور گواہ رکھا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی الیکشن
کمیشن نے حال ہی میں منعقدہ گرام پنچایت انتخابات میں منتخب ہونے والے تمام
امیدواروں کو اپنے خلاف نااہلی کی کارروائی ٹالنے کیلئے انتخابی اخراجات کا حساب
’’ٹُرو ووٹر ایپ‘‘ کے ذریعے پیش کرنے کی ہدا یت دی ہے۔گذشتہ چھ نومبر کو گرام
پنچایت انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا‘ اورانتخابی قوانین کے مطابق تمام
امیدواروں کو اندرونِ ایک ماہ یعنی 6 دسمبر 2023 تک انتخابی اخراجات کے حسابات جمع
کروانا لازمی ہے۔ ضمنی انتخابات کے تمام امیدوار اپنے انتخابی خرچ کا حساب روایتی
طریقے سے جمع کروا سکیں گے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ اور
نائب وزیر اعلیٰ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق اپنے وعدے پر 24 دسمبر سے قبل عمل کرتے
ہیں تومراٹھا سماج کو کسی قسم کی تحریک چلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مراٹھا
ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے یہ و ضاحت کی ۔ جرانگے پاٹل کل ناسک
ضلع کے اِگت پوری تعلقہ کے شینی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے
انتباہ دیا کہ پوری مراٹھا برادری ممبئی میں جمع ہوسکتی ہے، لیکن حکومت ایسا وقت
نہ آنے دے۔
***** ***** *****
اتراکھنڈ میں زیر
تعمیر سلکیارا سرنگ میں پھنسے اکتالیس مزدوروں کو آج بحفاظت باہر نکالے جانے کا
امکان ہے۔ سرنگ میں پھنسے مزدوروں تک پہنچنے کیلئے 10 میٹر کھدائی باقی ہے اور
مزدوروں کو بحفاظت باہر نکالنے کیلئے سرنگ میں 800 ایم ایم کا پائپ ڈالا گیا ہے۔
دریں اثنا سرنگ میں موجود مزدروںسے
بذریعۂ کیمرہ براہ راست رابطہ کیے جانے سے انہیں حوصلہ ملنے کی اطلاع خبر
رساںاداروں سے موصول ہوئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں
آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دھارا شیو میں کل
ترقی یافتہ بھارت یاترا کا ضلع کلکٹر دفتر احاطے سے آغاز ہوا۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر
سچن اومباسے اور ضلع پریشد سی ای او راہل گپتا کے ہاتھوں ایل ای ڈی مو بائل وین کو
ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا گیا۔ ضلعے میں بارہ ایل ای ڈی وین کے ذریعے روزانہ دو
گائوں میںسرکاری اسکیمات کی تشہیر اور ان سے استفادہ سے متعلق عوام میں بیداری
پیدا کی جائےگی۔
ناندیڑ ضلعے کے
دیہی علاقوں میں آج سے ترقی یافتہ بھارت یاترا میں مختلف سرکاری اسکیمات کی
معلوما ت شہریوںکو دی جائیں گی۔ ضلعے میں 15 نومبر سے آدیواسی اکثریتی علاقے کنوٹ
میں اسکیم کی معلومات فراہم کی جارہی ہے۔ کل اسلامپور اور اِیرے گائوں میں ترقی
یافتہ بھارت کے تشہیری رتھ کے ذریعہ آدیواسی افراد کو مختلف اسکیموں کی معلومات
فراہم کی گئیں۔
پربھنی ضلعے میں
کل سے‘ جبکہ چھترپتی سنبھاجی نگر ضلعے میں 28 نومبر سے ترقی یافتہ بھارت یاترا کی
شروعات ہوگی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ
پریشد کی نوویں مراٹھواڑہ مصنف ساہتیہ سمّیلن لاتور ضلعے کے احمد پور میںمنعقد
ہوگا۔ 20 اور 21 جنوری کو ہونے والے اس دو
روزہ سمّیلن کے صدر کےطورپر ترقی پسند
افکار کی حامل بزرگ مصنفہ ایڈوکیٹ اوشا دراڑے کا انتخاب عمل میں آیا۔ مراٹھوارہ
ساہتیہ پریشد کے صدر کوتک رائو ٹھالے پاٹل نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے ماجل
گائوں میں زرعی بازار کمیٹی میں 40 دِنوں میں 62 کروڑ تین لاکھ روپئوں کی سویا بین
خریدی گئی۔ زرعی بازار فیڈریشن کے چیئرمین جئے دت نروڑے نے اپیل کی ہے کہ کسان
اپنے زرعی مال نجی تاجروں کو نہ بیچتے ہوئے اُسے ماجل گائوں بازار کمیٹی میں ہی
لاکر فروخت کریں۔
***** ***** *****
دھارا شیو میں
مہا ریشم مہم 2024کے تحت کل ضلع کلکٹر دفتر میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر سچن اومباسے نے ریشم
رتھ کو ہری جھنڈی دکھاکر مہم کا آغاز کیا۔ ضلع میں ہوئی بارشوں کو مدِنظر رکھتے
ہوئے انھوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ اس مہم میں شہتوت کی کاشت
کیلئے اندراج کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع پریشد
کی مرکزی عمارت کو کل آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں عمارت کا مہمان خانہ اور ورچول
اجلاس کے آلات جل کر خاک ہوگئے۔ خوش قسمتی سے اس آتشزدگی میں کسی بھی طرح کا
جانی نقصان نہیں ہوا۔ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ آگ لگنے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔
فائر بریگیڈ عملے نے آدھے گھنٹے کی کوشش میں ہی آگ پر قابو پالیا تھا۔
دریںاثنا بسمت
تعلقے کے لوہ گائوںمیں کل صبح شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کھیت میں تیار شدہ گنے کو آگ
لگ گئی، جس میں پانچ ایکڑ رقبے پر محیط گنے کی فصل تباہ ہوگئی۔ بسمت تعلقے میں ہی
ٹریکٹر پلٹنے سے ہوئے حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی
نگر میںمراٹھواڑہ کے حق کے پانی کیلئے جائیکواڑی میں پانی چھوڑنے کے مطالبہ کو
لیکر مراٹھواڑہ بہوجن وِکاس آگھاڑی کی جانب سے گوداوری آبپاشی ترقیاتی بورڈ دفتر
کے روبرو احتجاج کیا گیا۔ اس دوران مظاہرین کی جانب سے دفتر کے داخلی حصے میں لگے ہوئے
بورڈ پر سیاہی لگا دی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن
کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کارتکی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور میں سرکاری
مہا پوجا کا اہتمام؛ ریاستی عوام کی خوشحالی اور ضروریات کی تکمیل کیلئے نائب
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی خصوصی پوجا۔
٭ ریاست کے سبھی بس اسٹینڈس پر خواتین بچت گروپ
کیلئے ایک اسٹال اور ضلع کے مرکزی بس اسٹینڈ پر ’’آپلا دواخانہ‘‘ قائم کرنے کی
وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ مجوزہ نئے زرعی قوانین کسانوں اور تاجروں کے
مفادات میں: وزیر زراعت دھننجے منڈے کا تیقن۔
اور ٭ دھارا شیو میں ترقی یافتہ سنکلپ بھارت یاترا کا
آغاز۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی
علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد
اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد
NEWS AIR پر دوبارہ کسی
بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment